مولانا کی سیاست: تضادات یا حکمت عملی؟
مولانا ایک بار پھر ”ملک کو بچانے“ نکلے ہیں۔ ان کے سیاسی مخالفین بھی ان کی سیاسی ذہانت اور فصاحت و بلاغت کے قائل ہیں۔ وہ دلیل کے بادشاہ ہیں اور صحیح وقت پر صحیح فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ؛ یہی ان کی کامیاب سیاست کا اصل راز ہے۔ وہ ایک طویل عرصے سے پاکستان کی سیاسی اپوزیشن کی قیادت کرتے آ رہے ہیں۔
ان کی سیاسی مہارت کا کمال دیکھیے کہ جب تحریک انصاف اقتدار میں تھی، تو وہ اس کے خلاف محاذ کی قیادت کر رہے تھے اور اب موجودہ حکومت کے خلاف اسی تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کو ساتھ ملا کر تحریک چلا رہے ہیں۔ سیاست محض ووٹ بینک کا نام نہیں، بلکہ یہ عوامی اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہنے کا فن اور مولانا اپنے ارد گرد پھیلی سیاسی مایوسیوں کا فائدہ اٹھا کر یہ کام بخوبی کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف اپنی عوامی مقبولیت کے باوجود جب پارلیمان میں موثر نمائندگی سے قاصر نظر آئی، تو مولانا نے اس خالی جگہ کو پُر کیا۔ وہ خوب جانتے ہیں کہ عوامی امنگوں کی ترجمانی کی آڑ میں اپنی سیاست کیسے چمکانی ہے۔
موجودہ سیاسی حکمت عملی مولانا کی ضرورت بھی ہے اور اپوزیشن کی مجبوری بھی۔ اس اتحاد کے فوائد فی الحال مولانا ہی کے حق میں جاتے دکھائی دیتے ہیں ؛ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے انہیں سیاسی پروٹوکول مل رہا ہے، تنقید کا رخ اپوزیشن کے دیگر اتحاد کی طرف ہے، اور مولانا کو اپنی الیکشن مہم کی تیاری کا پورا موقع مل رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے حامیوں کو مولانا ایک متبادل امید کے طور پر قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لیکن اس تمام صورتحال میں، ایک عام شہری کے ذہن میں کچھ بنیادی سوالات جنم لیتے ہیں :
پالیسیوں کا تضاد: اگر 2022 ء میں مولانا، عمران خان کی پالیسیوں سے سخت اختلاف رکھتے تھے اور ان کی حکومت کو نا اہل سمجھتے تھے، تو اب اچانک ان میں کیا اہلیت نظر آ گئی؟ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کا یہ تیسرا دورِ حکومت ہے، یعنی وہ پچھلے 14 سال سے وہاں حکمران ہیں۔ اگر مولانا کی نظر میں موجودہ وفاقی حکومت ملک کے تمام مسائل کی ذمہ دار ہے اور کے پی کے ایک کامیاب ماڈل ہے، تو پھر ماضی میں اسی ماڈل پر 14 سال سخت تنقید کرنے کے بعد اب اسے قبول کرنا فکری تضاد نہیں؟
اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر سوال: اگر مولانا سیاست میں فوجی مداخلت کے خلاف ہیں، تو انہیں اپنے اتحادیوں سے پوچھنا چاہیے کہ 2022 ء کی جس تحریک کی وہ قیادت کر رہے تھے، کیا اسے اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل نہیں تھی؟ اور اگر ان کے اتحادی آج بھی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ کو ٹھہراتے ہیں، تو مولانا کی موجودہ تحریک کا بیانیہ کس بنیاد پر کھڑا ہے؟
بیانیے کی یکسانیت:اگر یہ مان لیا جائے کہ موجودہ حکومت اسٹیبلشمنٹ کی مرہونِ منت ہے، تو پھر یہ کیسی حمایت ہے کہ مرکز میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کو اقتدار ملا جبکہ کے پی کے میں تحریک انصاف حکومت میں ہے؟ مزید یہ کہ اگر سیاست میں مداخلت کا بیانیہ سچ ہے، تو جب ماضی میں ایم ایم اے کو حکومت ملی تھی، اس وقت مولانا کا دل کیا گواہی دیتا تھا؟
احتساب کا معیار: اگر مولانا اور ان کے اتحادی واقعی سیاست میں مداخلت کے خلاف ہیں اور اس کا ساتھ دینے والے سیاست دانوں کو آئینی طور پر مجرم سمجھتے ہیں، تو کیا وہ اتنی ہمت رکھتے ہیں کہ ایسے تمام سیاست دانوں اور جرنیلوں کے بلا تفریق احتساب کا مطالبہ کریں؟
اگر مولانا واقعی آئین اور ملک کو بچانے کے لیے نکلے ہیں، تو انہیں سب سے پہلے اپنے بیانیے کو اپنے اور اپنے اتحادیوں کے کردار کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہو گا۔ قول و فعل کا یہ تضاد ختم کیے بغیر کسی واضح راہ کا تعین ممکن نہیں۔
وگرنہ قرآن کا ایک آفاقی اصول یاد رکھنا چاہیے کہ حق قائم ہونے کے لیے ہے اور باطل مٹنے کے لیے۔ حق کبھی قول و فعل کے تضاد کے ساتھ سمجھوتہ کرتا ہے اور نہ ہی مصلحت پسندی کا گٹھ جوڑ بناتا ہے۔ سیاستدان اگر واقعی مداخلت کے خلاف ہیں تو پھر عملی طور پر اپنے کردار کو اس کا پابند بنانا ہو گا وگرنہ اسٹیبلشمنٹ کے ناموافق رویے پر مخالفت کے بیانیے پر سیاست کو آئین کا تقدس نہیں مانا جا سکتا اور نہ ہی جمہوریت کی خدمت۔

