جسم فروشی کا ارتقا تاریخ کے آئینہ میں

حکیم سولن کا یہ خیال تھا کہ اس سے عادی قبائل چل پھر کر یہ دھندا نہیں کریں گے ان کے لیے ایک جگہ مخصوص کر دی جائے تاکہ باقی معاشرہ ان برائیوں سے بچا رہے۔ لیکن اس کو اس مقصد میں کوئی خاص کامیابی نہیں ملی تھی۔ یونان کے امرا اور کاروباری افراد نے حکیم سولن کے مقصد کو پس پشت ڈال دیا اور عصمت فروشی کو ایک منافع بخش کاروبار کے طور پر منظم کر کے آمدنی کا ذریعہ بنا لیا۔ یونان میں کوچہ گرد کسبیاں تھی جو چل پھر کر دھندا کرتی تھی۔
ان سے بہتر پورنائی کسبیاں تھیں جو اپنے گھروں میں دھندا کرتی تھی۔ پورنائی سے بہتر طوائفوں کا آل ٹرائڈ طبقہ تھا جو جسم فروشی کے ساتھ ناچ گانا کر کے گاہکوں کا دل لبھاتی تھی۔ آل ٹرائڈ سے بہتر ہٹیرا نام کا طوائفوں کا گروہ تھا جس کے معنی خاتون دوست تھے جو عام طور پر شہری ہوتی تھی اور اپنے گھروں میں دھندا کرتی تھی۔ یہ تعلیم یافتہ ہوتی تھی علمی مباحثوں میں حصہ لیتی تھی اور بڑے بڑے فلاسفروں کو لاجواب کر دیتی تھی۔
مشہور فلسفی سقراط ایک ہٹیرا کو استاد مانتا تھا۔ برصغیر میں جسم فروشی کی روایت بہت قدیم ہے۔ جسم فروش عورتوں کو روپا، جیوا یا کلوٹا کے نام سے پکارا جاتا رہا ہے اونچے طبقہ ویشیا اور نرتکی عورتوں کا تھا۔ پڑھی لکھی مہذب طوائفوں کو گنیکا بھی کہا جاتا تھا۔ کوتلیہ چانکیہ مشہور ارتھ شاستر میں ہدایت کی گئی کہ راجے، مہاراجے اپنے محلوں اور درباروں میں مختلف حسین طوائفیں رکھیں۔ برصغیر میں باقاعدہ جسم فروشی کا اڈا مسلمان بادشاہ محمد تغلق نے قائم کیا۔
اس نے اپنے دارالحکومت دولت آباد کے مضافات میں طرب آباد کے نام سے یہ اڈا قائم کیا۔ جہاں جنگوں کی وجہ سے ہونے والی بیوائیں، نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے غیر مسلم عورتیں تھیں۔ برصغیر میں مغل بادشاہوں کے دور حکومت میں طوائفوں، کوٹھوں اور جسم فروشی کے اڈوں کو بہت عروج ملا۔ یہ پیشہ مغل عہد حکومت میں اپنے اپ کو بہت منظم کرتا ہوا ملتا ہے اور مغل بادشاہوں نے بھی اپنے درباروں میں طوائفوں کو ایک اعلی مقام دیا۔
ہندوستان کی اشرافیہ کی کئی نسلوں کو طوائفوں کے ہاں تعلیم و تربیت حاصل کرنے کا موقع ملا۔ کئی شہزادے اور حکمران طوائفوں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد تخت نشین ہوئے۔ لہذا انہوں نے اپنے ادوار میں ان طوائفوں کو انعام و اکرام سے نوازا۔ محلوں کے اندر ان کو اختیارات دیے۔ محلاتی سازشوں میں بھی طوائفوں کا بہت زیادہ کردار رہا ہے۔ یہ اڈے دارالحکومت اور شاہی عمارتوں کے قریب قائم رہے۔ مغل بادشاہ جہاں بھی اپنی راجدھانی قائم کرتے وہاں کوٹھا/چکلہ لازمی بناتے۔
جلال الدین اکبر نے آگرہ میں فتح پور سیکری کے پاس بطور خاص طوائفوں کے لیے ایک وسیع علاقہ شیطان پورہ کے نام سے آباد کیا۔ مغلیہ دور حکومت میں اس پیشے کو ثقافتی ورثے کا درجہ دیا گیا اور ان کے ساتھ نہایت فیاضانہ سلوک کیا گیا۔ سلطان علا الدین خلجی نے تو باقاعدہ طوائفوں کے نرخ مقرر کیے ہوئے تھے۔ عمر، حسن و جمال کے لحاظ سے مختلف گروہوں میں تقسیم کر کے نرخ مقرر کر دیے گئے۔ نواب شجاع الدولہ طوائفوں کا بہت زیادہ دلدادہ تھا۔
جسم فروشی کے اڈوں کی ابتدا کو تو حکیم سولن کی تاریخ سے شروع کیا جا سکتا ہے لیکن جسم فروشی کا کاروبار غیر منظم انداز میں اس سے کئی صدیوں قبل سے شروع ہو چکا تھا۔ تاریخی حقائق یہ بھی بتاتے ہیں کہ جسم فروشی باقاعدہ مذہب کے زیر سایہ پروان چڑھ گئی۔ ہیرو ڈوٹس کے مطابق بابلیوں ایک رسم تھی کہ ہر جوان عورت اپنی عمر میں ایک مرتبہ مندر میں جا کر کسی نہ کسی یاتری سے مقاربت لازمی کرتی۔ عورتیں جا کر مندر میں بیٹھ جاتی اور یاتری چاندی کا سکہ پھینک کر اپنی من پسند عورت کو چن لیتے۔
عورتیں قدیم یونان میں افرودیتی کے معبووں میں مقدس کسبیاں پجاریوں اور یاتریوں کی جنسی پیاس بجھاتی رہی ہیں۔ قدیم ہندوستان کی عبادت گاہوں میں سینکڑوں داسیاں قیام پذیر رہتی جنہیں گانے بجانے اور ناچنے کی تعلیم دی جاتی۔ پنڈت اور پجاری داسیوں سے جنسی ملاپ کرتے سومنات کے مندر میں پانچ سو سے زائد دیوداسیاں موجود تھیں۔ برصغیر میں انگریزوں کی آمد کے بعد جسم فروشی کے پیشے نے خاطر خواہ ترقی کی۔ طوائفوں کے بازاروں کے باقاعدہ اوقات مقرر کر دیے گئے۔
معاشی حالات کے پیش نظر طوائفوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا اور یہ کاروبار روایتی بازاروں کی حدود سے باہر نکلنے لگا۔ زمانہ قدیم میں جسم فروش عورتیں اپنے مالک کے رحم و کرم پر ہوتی اور 30 سے 40 سال کی عمر میں مر جاتی تھی کیونکہ اس وقت اسقاط حمل کا کوئی موثر طریقہ نہ تھا اور جسم فروشی کے اڈوں پر بھی پیشہ ور عورتوں کے لیے کافی مسائل تھے۔ دنیا کی تاریخ جسم فروشی سے بھری پڑی ہے دنیا کا کوئی بھی ممالک قدیم یا جدید اس سے انکار نہیں کر سکتا۔
امریکہ، برطانیہ، یورپ، آسٹریلیا دنیا کے ہر ملک میں جسم فروشی کو عروج رہا ہے۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پچھلے 100 سال سے دنیا جسم فروشی کے خلاف اور عورتوں کے تحفظ کے لیے قوانین پاس کر رہی ہے۔ اگرچہ زمانہ جدید میں طوائف گیری کے انداز بدل چکے ہیں۔ لیکن نچلے درجے کی طوائفیں آج بھی شدید ترین مسائل اور اذیت کا شکار ہیں۔ گھروں سے بھاگی ہوئی لڑکیاں اغوا شدہ عورتیں زیادہ تر چکلوں میں پہنچا دی جاتی ہیں جہاں وہ ساری زندگی اذیت سہتی ہیں۔
اگر حالات کا جائزہ لیا جائے تو یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ پیشہ زوال پذیر ہے۔ لندن، نیویارک، پیرس، امریکہ اور دوسرے بڑے ممالک میں گزشتہ 50 برسوں کے مقابلے میں بہت کم طوائفیں موجود ہیں۔ طوائفوں میں کمی کا قطعاً یہ مطلب نہیں کہ دنیا بہت زیادہ با اخلاق اور باکردار ہو گئی ہے بس طوائف گیری کے طریقے بدل گئے ہیں۔ عورت ہر دور میں مظلوم رہی ہے اور امرا کا طبقہ ان کا جنسی استحصال کرتا رہا ہے۔


بہت ہی شاندار انداز میں تاریخ بیان کی ہے