بلاگ

چمبڑ مدرسے میں زیادتی کے بعد جاں بحق ہونے والے معصوم عمران کا نوحہ

Ashfaq Laghari

چمبڑ سے سنجر چانگ کی جانب کچھ فاصلے پر زرداری روڈ واقع ہے۔ اس سڑک پر نیو دمبالو سے کچھ پہلے گشکوری برادری کے دیہات آتے ہیں، جہاں سے ایک لنک روڈ نکلتا ہے جس کے دونوں اطراف مرچ اور کپاس کی فصلیں لہلہا رہی ہیں۔ اسی علاقے سے تعلق رکھنے والا عمران کورائی مدرسے کے ساتھی طالب علم کے ہاتھوں مسلسل زیادتی کا شکار ہوا اور 15 جولائی کو چمبڑ کے بنیادی صحت مرکز میں وحشتوں بھرا یہ جہاں چھوڑ گیا۔

یہ وہ علاقہ ہے جہاں سڑکوں پر جام عبدالواحد ہالیپوٹو کے تصویری بورڈ نمایاں نظر آتے ہیں۔ فوت ہونے والے بچے کے گاؤں سونو خان کورائی جانے والے راستے پر جام کی اوطاق کا بورڈ بھی دکھائی دیتا ہے۔ یہ عبدالواحد ہالیپوٹو وہی ہیں جن کے ہاں بلاول بھٹو زرداری نے مارچ کے دوران قیام کیا تھا۔ وہ سندھ حکومت میں وزیرِ اعلیٰ کے معاونِ خصوصی بھی ہیں۔

میڈیکل رپورٹ اور اسپتال کی ڈاکٹر رانو کے مطابق متوفی بچے کے جسم پر موجود نشان بولتی گواہی ہے کہ معصوم کسی درندہ صفت شخص کے ظلم کا نشانہ بنا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم نور علی ببّر مدرسے میں عمران کا ساتھی طالب علم تھا اور اس نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گزشتہ پندرہ دنوں سے عمران کے ساتھ زیادتی کرتا رہا۔

ٹنڈو الہ یار میں 2023 کے دوران نریش کمار کے ساتھ زیادتی اور قتل کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس مقدمے میں بھی ملزمان نے جرم چھپانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ عمران کے مقدمے میں مدرسے کے منتظم مولانا ریاض کاریو پر الزام ہے کہ انہیں واقعے کا علم ہونے کے باوجود انہوں نے اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی، مرکزی ملزم نور علی واردات چھپانے کے لیے لاتعلق بنا پھرتا تھا۔ تاہم ایس ایس پی ٹنڈو الہ یار سید سلیم شاہ نے مدرسے کے ہر بچے سے خود ملاقات کی اور مرکزی ملزم کے خلاف مزید شکایات بھی موصول ہونے کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ یہ 18 سالہ ملزم رات کے وقت بچوں کے بستروں میں داخل ہو کر اپنی کارروائی کرتا تھا۔ مدرسے کے بچوں کو کہتا تھا عمران میرا گاؤں کا پڑوسی ہے اس کے والد نے مجھے عمران کا خیال رکھنے کا کہا تھا میں عمران کا خیال رکھوں گا اور اس طرح عمران وحشتوں سے گزر گیا۔

دو دن تک مرکزی ملزم تفتیشی عمل کے دوران باقی طلباء کے ساتھ معمول کے مطابق گھومتا رہا۔

عمران کے والد، مویشی پالنے والے علی نواز کورائی، آنکھوں سے آنسو پونچھتے ہوئے شکوہ کرتے ہیں کہ اب تک نہ تو علاقے کے منتخب نمائندوں اور نہ ہی سندھ حکومت کے کسی نمائندے نے ان کے دکھ میں شریک ہونے کی زحمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”جو مشکل وقت میں ساتھ نہ دیں، ان سے ہمارا کیا تعلق؟“

بچوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ساحل کے مطابق، گزشتہ سال پاکستان میں 3,036 بچے زیادتی کا شکار ہوئے ہیں۔

گھر میں عمران کی تین بہنوں اور ایک چھوٹے بھائی کے ساتھ بیٹھی، زار و قطار روتی ہوئی والدہ زیب النساء کہتی ہیں : ”میرا پیارا مور چلا گیا۔ وہ کہتا تھا کہ میں حافظِ قرآن بنوں گا اور پڑھوں گا۔ وہ بالکل ٹھیک حالت میں پیر کے روز مدرسے گیا تھا، مگر تین دن بعد نہ جانے اسے کیا ہو گیا۔ میرا بچہ مجھ سے چھن گیا۔“

انصاف اور قانون کی اپنی ترجیحات اور لوازمات ہیں، لیکن دکھی ماں کی آہیں اور فریاد ظالم اور مجرم کو سکون سے جینے نہیں دیں گی۔

یہ مقدمہ کسان ہلچل کے تعارف طور پر جانے والے علاقے چمبڑ، ٹنڈو الہ یار میں ایک نہایت سنگین جرم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ قانون کے مطابق مجرموں کو سزا ملنی چاہیے۔ متاثرہ خاندان کی معاشرے کے باشعور افراد کو مدد کرنی چاہیے۔ وہ مدد قانونی معاونت فراہم کرنے کی صورت میں ہو یا متاثرہ خاندان کی مالی مدد کے ذریعے، تاکہ وہ اس مقدمے کی موثر پیروی کر سکیں۔

عمران کے والد علی نواز کورائی کی مالی حالت اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ وہ شہر نیو دمبالو بدین سے ٹنڈو الہ یار آ کر ہر پیشی پر عدالت میں حاضر ہو سکیں۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW