پاکستانی سیاست میں نوجوانوں کا کردار اور چیلنجز
پاکستان کی سیاست کا منظرنامہ ہمیشہ پیچیدہ اور متضاد رویوں کا عکاس رہا ہے۔ جاگیردارانہ ذہنیت، سرمایہ دارانہ سوچ اور طاقت کے زور پر سیاست میں داخل ہونا ایک عام روایت بن چکی ہے۔ ایسے میں نوجوانوں کے لیے یہ سوال نہایت اہم ہے کہ آیا وہ اس نظام کا حصہ بن کر اس کے رنگ میں رنگ جائیں یا سماجی شعور کی بنیاد پر ایک نئی راہ تراشیں۔
ہمارے دیہات میں اب بھی ذات پات کا نظام گہری جڑیں رکھتا ہے۔ الیکشن کا وقت آتا ہے تو اکثر ووٹ امیدوار کی کارکردگی کے بجائے اس کی برادری، خاندان یا ذات کو دیکھ کر دیا جاتا ہے۔ یوں اصل مسائل پسِ پشت ڈال دیے جاتے ہیں اور عوام کا شعور ایک محدود دائرے میں قید ہو کر رہ جاتا ہے۔ یہ رویہ نہ صرف جمہوریت کے اصولوں کی نفی کرتا ہے بلکہ نوجوان نسل کے اعتماد کو بھی مجروح کرتا ہے۔
بدقسمتی سے پاکستانی سیاست میں سچائی اور اصولوں کی بجائے جھوٹ، دھاندلی اور دھونس کو کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔ الیکشن کے دن خرید و فروخت، دھاندلی اور طاقت کے استعمال کی خبریں کسی سے پوشیدہ نہیں رہتیں۔ ایسے ماحول میں وہ نوجوان جو خواب دیکھتے ہیں کہ سیاست کے ذریعے تبدیلی لائی جا سکتی ہے، مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ لیکن یہی وہ موقع ہے جہاں شعور کی شروعات ہونی چاہیے۔
نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی قوت ہیں۔ آبادی کا بیشتر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، مگر سیاسی جماعتیں اکثر انہیں صرف ریلیاں بھرنے یا نعرے لگانے تک محدود رکھتی ہیں۔ انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل نہیں کیا جاتا۔ یہ رویہ نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کے ساتھ نا انصافی ہے بلکہ ملک کی ترقی کے لیے بھی رکاوٹ ہے۔ جب تک نوجوان خود آگے بڑھ کر سوال نہیں کریں گے، جاگیردار اور سرمایہ دار اپنی اجارہ داری قائم رکھیں گے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان سیاست کو محض اقتدار کا کھیل نہ سمجھیں بلکہ اسے عوامی خدمت کا ذریعہ بنائیں۔ انہیں ذات پات کی زنجیروں کو توڑنا ہو گا، جاگیردارانہ و سرمایہ دارانہ نظام کے آگے سر نہیں جھکانا ہو گا اور سچائی و شفافیت کے ساتھ آگے بڑھنے کی جرات کرنی ہوگی۔ دیہات میں نوجوان اگر اپنے بڑوں کو باور کروا سکیں کہ ووٹ ضمیر کی امانت ہے اور اسے ذات پات یا لالچ کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر دینا چاہیے، تو یہ تبدیلی کی سب سے بڑی شروعات ہوگی۔
پاکستان کی بقا اور ترقی اس بات پر منحصر ہے کہ ہم نوجوانوں کو کتنا با اختیار بناتے ہیں۔ یہ نسل اگر شعور کے ساتھ آگے بڑھی تو جھوٹ اور دھاندلی کا نظام زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکے گا۔ سماجی انصاف اور برابری کا خواب اسی وقت حقیقت بنے گا جب نوجوان ذات پات اور سرمائے کی بنیاد پر چلنے والی سیاست کو مسترد کر کے اصول، دیانت اور خدمت پر مبنی سیاست کی بنیاد رکھیں گے۔
یاد رکھنا چاہیے کہ سیاست صرف پارلیمان یا اقتدار کے ایوانوں کا نام نہیں، بلکہ یہ روزمرہ زندگی میں انصاف، دیانت اور حق گوئی کو اپنانے کا نام ہے۔ اگر نوجوان یہ رویہ اپنی ذات اور اپنے حلقے میں پیدا کر لیں تو ملک میں وہ انقلاب آ سکتا ہے جس کی ضرورت آج پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

