مغرب کی اندھی تقلید، قابلیت کا پیمانہ نہیں
بعض بیماریوں کے علاج کے لئے بندہ ڈاکٹر کے پاس جاتا ہے اور ڈھیر ساری ادویات دے کر ٹھیک ہو جاتا ہے بشرط یہ کہ بیماری سیاسی نہ ہو لیکن بعض بیماریاں ایسی بھی ہوتی ہیں جو لاعلاج ہوتی ہیں۔ جیسے ہمارے ہاں بہت سے لوگ اردو نما انگریزی بولتے ہیں اور یہ بھی ایک بیماری ہی ہے جس کا علاج ناممکن ہے۔ یہ وہ بیماری ہے جس میں بندہ خود کو بیمار نہیں شکسپیئر ہی سمجھتا ہے۔
یہ ہماری بدقسمتی ہی ہے کہ قابلیت کے پیمانے کو انگریزی سے ناپا جاتا ہے جو انگریزی نہ بولے جو ٹائی کوٹ نہ پہنے تو اسے نظر انداز کیا جاتا ہے۔ جب ہم وزیرستان کے پہاڑوں سے نکل کر شہر وارد ہوئے اور یونیورسٹی کی کلاس میں بیٹھ کر اپنے چاروں طرف پینٹ شرٹوں کا ایک جم غفیر دیکھا اور ان کی اردو نما انگریزی سنی تو خود کو بڑی مشکل میں پایا کہ یہاں تو قابلیت آسمانوں کو چھو رہی ہے لیکن ان کی حقیقت اس وقت کھلی جب استاد محترم نے پوچھا کہ پاکستان کا آئین نو سال بعد بنا اس سے پہلے ملک کس قانون کے تحت چل رہا تھا تو ایک ٹائی سوٹ والے نے کھڑے ہو کر جواب داغ دیا کہ قائداعظم کے چودہ نکات کے تحت۔ اس کا جواب سن کر ہماری بے اختیار ہنسی نے اس کا سارا پینٹ کیا ہوا چہرہ اتار دیا۔
گوروں سے آزاد ہوئے ہمیں ستر سال ہوچکے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہم آج بھی ذہنی غلامی سے نہ نکلسکے۔ آج بھی ہم اردو کی بجائے انگریزی بولنے کو نہ صرف ترجیح دیتے ہیں بلکہ اس کے بولنے پر فخر بھی کرتے ہیں۔ بلا ضرورت ہر کوئی انگریزی کے پیچھے خوار ہو رہا ہے۔ کوئی انگریزی کے پیچھے خوار ہو رہا ہے تو کوئی انگریزی کے ہاتھوں خوار ہو رہا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق سب سے زیادہ طلباء انگریزی کے پرچے میں فیل ہوتے ہیں اور پھر بہت سے بچے سکول کو خیرباد کہہ دیتے ہیں۔ انگریزی کے رٹے لگا لگا کر ہاتھ کچھ بھی آنے والا نہیں۔
معاملہ صرف انگریزی بولنے تک محدود نہیں بلکہ ہم ہر مغربی چیز کو فالو کرنے میں دیر نہیں لگاتے۔ ان کی ہر ادا کو ترقی، خوشحالی اور تہذیب یافتہ ہونے کی علامت سمجھتے ہیں۔ اہل مغرب نے اپنے مردوں کی یاد میں موم بتیاں جلانا شروع کیں تو ہم نے بھی اپنے مردوں کی یاد میں دعا تلاوت کرنے کی بجائے موم بتیاں جلانا شروع کر دیں۔ انہوں نے ٹوٹی پھوٹی پینٹ شرٹ پہننا شروع کر دیا تو ہم نے بھی اسے پہننے میں دیر نہیں کی۔ انہوں نے کھڑے ہو کر کھانا نوش کرنا شروع کر دیا تو ہم نے بھی کھڑے ہو کر کھانا شروع کر دیا اور ثابت کر دیا کہ ہم بھی کھڑے ہو کر کھانا کھا سکتے ہیں۔ کانٹے چھری سے اہل مغرب نے لیس ہو کر کھانا کھایا تو ہم نے بھی کانٹے چھرے سنبھال لیے۔ ڈرنکس کو کھانے کا لازمی جز بنا لیا حالانکہ ہماری روایتی لسی چائے کا مزہ ان سے دوبالا ہے لیکن ہم نے خود کو ہر صورت میں ماڈریٹ ثابت کرنے کے لئے اپنے روایتی کھانوں کو چھوڑ دیا ہے۔ اکبر الہٰ آبادی نے کیا خوب فرمایا:
تھے کیک کی فکر میں سو روٹی بھی گئی
چائے تھی شے بڑی سو چھوٹی بھی گئی
واعظ کی نصیحت نہ مانی آخر
پتلون کی تاک میں لنگوٹی بھی گئی
اپنے پیاروں کی یاد میں اور ان کی قبروں کے سامنے پھول رکھنا اور موم بتیاں جلانے سے کیا ان کی روحوں کو تسکین پہنچتی ہے ہمارے دین کی تعلیمات تو یہ ہیں کہ مردے کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خانی کی جائے ان کی مغفرت کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعائیں مانگی جائیں لیکن افسوس کہ ہم نے بھی مغرب کی تقلید کرتے ہوئے موم بتیاں جلانے اور پھول رکھنے پر اکتفا کیا ہوا ہے۔ ایک منٹ کی خاموشی، دو منٹ کی خاموشی یہ سب کیا ہیں۔
نوبل انعام کو خدا کا انعام سمجھ بیٹھے ہیں۔ جسے نوبل انعام ملا ہم نے اسے انسانوں کے لئے ابنِ مریم سمجھا۔ طاغوتی قوتیں نوبل انعام کن لوگوں کو دیتی ہیں سب اچھی طرح جانتے ہیں لیکن چپ سادھ لینے میں ہی سب نے عافیت سمجھی ہیں۔ نوبل انعام کو جاری کرنے والے نے خود دنیا کو بارود کی نظر کیا تھا اور پھر اسی بارود سے جمع کی گئی رقم سے دنیا میں امن کے لئے کام کرنے والوں کو انعامات دینے لگے۔ امریکہ بہادر کے سابق صدر کے ہاتھوں کتنے مسلمانوں کا خون ہوا اسے بھی نوبل پرائز دیا گیا۔ میانمار کے انگ سان سوچی کو بھی نوبل انعام سے نوازا گیا جس کے ہاتھوں ہزاروں مسلمانوں کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔
ہم ہیں کہ ان کے پیچھے اندھی تقلید کرتے ہوئے جا رہے ہیں۔ اور اس کے بھیانک نتائج ہم روز خبروں اور اخباروں میں دیکھتے اور پڑھتے ہیں۔ اور اب تو وہاں ہراساں کرنا ایک کھیل اور فیشن بن چکا ہے لیکن مجال ہے کہ میڈیا ان چیزوں کے بارے میں لب کشائی کرے، آخر کیوں؟
مغربی اقدار نے ہمارے معاشرے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے لیکن ہمیں احساس ہی نہیں۔ قوموں کی ترقی میں نوجوانوں کی اخلاقی، فکری اور نظریاتی نشو و نما کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے لیکن ہم نے اپنی تمام تر روایات کو پس پشت ڈال کے رکھ دیا ہے۔ معاشرے میں بڑھتے ہوئے مغربی کلچر کو اگر نہ روکا گیا تو اس کے بھیانک نتائج ہمارے معاشرے کو اس طرح بے چین کردیں گے جس بے چینی کا شکار اس وقت مغربی معاشرہ ہے۔


