شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس : ترقی پذیر ملکوں کے لیے سنہری موقع
امریکہ کی جانب سے دنیا کے ملکوں پر بھاری درآمدی ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے نے ہر اس ملک کو زیادہ متاثر کیا ہے جسے امریکہ سے تجارت میں زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ اس کے تمام بڑے تجارتی پارٹنرز سخت بے یقینی کی کیفیت سے دوچار ہیں اور اپنی برآمدات کو بچانے کے لیے نئی منڈیوں اور متبادل ذرائع کی تلاش میں ہیں۔ شدید عالمی سیاسی تناؤ کے اس تناظر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا 25 واں سربراہی اجلاس غیرمعمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ تنظیم کا بانی ملک چین اس اہم سربراہی اجلاس کا میزبان ہے۔
موجودہ عالمی تناؤ کے ماحول میں چین کے صدر شی جن پنگ نے اس سربراہی اجلاس کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ تنظیم کے باضابطہ ارکان کی تعداد 10 ہے جبکہ صدر شی نے کل 23 ممالک اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت ایک درجن بین الاقوامی اداروں کے سربراہوں کو بھی اجلاس مدعو کیا ہے۔ سربراہی اجلاس میں شریک ملک دنیا کی 50 فیصد آبادی نمائندگی کرتے ہیں، ان کے پاس دنیا کا ایک چوتھائی رقبہ اور عالمی جی ڈی پی میں 25 فیصد حصہ ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے امریکہ کی تشویش کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ مذکورہ اجلاس سے صرف چھ دن قبل صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اگر چین نے امریکہ کو نایاب زمینی میگنٹس کی برآمد روک دی تو اس پر 200 فیصد ٹیرف لگا دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بوئنگ کمپنی اور چین کے درمیان 500 بوئنگ طیاروں کی فراہمی کے معاہدے پر بات جاری ہے، نایاب میگنٹس کی عدم دست یابی سے مجوزہ سودے کے لیے مسائل پیدا ہو جائیں گے۔ صدر نے چین کو متنبہ کیا کہ چین نے میگنٹس نہ دیے تو امریکہ، چین کو بوئنگ جہازوں کے پارٹس دینے بند کر دے گا جس سے چین میں موجود 200 جہاز پرواز کے قابل نہیں رہیں گے۔ یہ بیان اس امر کے باوجود دیا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ٹیرف کا اطلاق وسط نومبر تک موخر ہے۔ اس وقت نہ صرف امریکہ کو ان نایاب دھاتوں کی فراہمی جاری ہے بلکہ اس میں 7 گنا اضافہ بھی ہوا ہے۔
چین پر ٹیرف کا فوری اطلاق نہ کرنے کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ 90 فیصد نایاب زمینی معدنیات اور میگنٹس پر چین کی اجارہ داری ہے۔ امریکہ کو ان نایاب معدنی اجزاء کی سخت ضرورت ہے کیونکہ ان کے بغیر الیکٹرانکس، الیکٹرک گاڑیوں، قابل تجدید توانائی، لڑاکا جیٹ طیاروں، ریڈار، میزائل، موبائل فونز سمیت اعلیٰ ٹیکنالوجی کی حامل دیگر مصنوعات تیار نہیں کی جا سکتیں۔ چین پر ٹیرف کے فوری اطلاق سے ان دھاتوں کی درآمد بند ہو سکتی تھی لہٰذا ایسا نہیں کیا گیا۔ تاہم، اب امریکہ کو یہ خدشہ ہے کہ شنگھائی سربراہی کانفرنس کی کامیابی کے بعد چین کسی مرحلے پر ان دھاتوں کی برآمد روک سکتا ہے لہٰذا اسے خبردار کرنے کے لیے 200 فیصد ٹیرف کی دھمکی سامنے آئی ہے۔
پچھلے ایک ماہ کے دوران رونما ہونے والی چند اہم تبدیلیوں کے باعث شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ روس سے خام تیل خریدنے پر امریکہ نے بھارت پر جس 25 فیصد مزید اضافی ٹیرف کی سزا کا اعلان کیا تھا اسے بھارت مسترد کر چکا ہے۔ 27 اگست سے اس اضافی ٹیرف کے نفاذ کے بعد اب امریکہ کو برآمدات پر بھارت کو 50 فیصد ٹیرف ادا کرنا پڑے گا۔ چین اور روس کی جانب سے بھارت کے خلاف اس امریکی اقدام کی سخت مذمت اور مخالفت کی گئی جس کے بعد ان تین بڑے ملکوں کے تعلقات میں ڈرامائی تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ روس نے تیل کی فروخت میں بھارت کو مزید 5 فیصد رعایت دینے کا اعلان کر دیا۔ اس نے پیشکش کی کہ بھارت کا جو مال امریکہ نہ جا سکے اسے روس درآمد کرنے پر تیار ہے۔
سب سے اہم پیش رفت چین بھارت تعلقات میں ہوئی ہے۔ 2020 میں دونوں ملکوں کے درمیان خوں ریز سرحدی تصادم کے بعد کوئی تصور نہیں کر سکتا تھا کہ ٹیرف کو 50 فیصد تک بڑھانے کا ایک اعلان، چند دنوں میں ان دو حریف ملکوں کو اچانک اتنا قریب لے آئے گا۔ دونوں ملک کے وزرا اور اعلیٰ عہدیداروں کی ملاقاتوں سے پورا سیاسی منظر نامہ بدل گیا ہے۔ صدر شی نے وزیر اعظم مودی کو سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جسے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا گیا۔ چین اور بھارت نے سرحدی تنازعات کے حل کے لیے دو ورکنگ گروپ بنا دیے، دو طرفہ سرحدی تجارت اور براہ راست پروازوں کی فوری بحالی پر اتفاق ہو گیا۔ ویزا شرائط میں نرمی کے ذریعے لوگوں کی آمد و رفت کو فروغ دینے کا فیصلہ ہوا۔ بھارت، کو الیکٹرک وہیکلز، الیکٹرانک اور موبائل انڈسٹری کے لیے نایاب معدنی اجزا کی ضرورت ہے جو چین اسے دینے پر تیار ہو گیا ہے۔ اسی طرح چین نے سرنگ کی بورنگ مشین، فرٹیلائیزر اور دواؤں کا خام مال بھی دینے کی پیش کش کی ہے۔
پچھلے چند ماہ کے دوران چین کو بھارتی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے، ان میں زیادہ تر وہ مصنوعات ہیں جو امریکہ برآمد کی جاتیں ہیں۔ امریکہ کی پانچ سابقہ حکومتوں جن میں صدر ٹرمپ کی پچھلی حکومت بھی شامل تھی نے، 25 سال کی محنت کے بعد بھارت کو چین کے خلاف اپنا اسٹراٹیجک پارٹنر بنا لیا تھا جس پر 50 فیصد اضافی ٹیرف کے ایک فیصلے نے پانی پھیر دیا ہے۔ چین نے کچھ کیے بغیر اتنی بڑی سیاسی فتح حاصل کر لی ہے۔ آج چین اور بھارت ساتھ کھڑے ہیں۔ چین کو علم ہے کہ کوئی ملک تنہا ٹیرف کے دباؤ کا سامنا نہیں کر سکتا لہٰذا وہ شنگھائی تعاون تنظیم کو زیادہ وسیع اور موثر بنانا چاہتا ہے۔
دنیا کے ترقی پذیر ملک طویل مدت تک مخصوص نوعیت کی سیاسی، معاشی، تجارتی، علاقائی اور بین الاقوامی خارجہ پالیسیوں پر کاربند رہے ہیں۔ پہلے وہ سرد جنگ کی دو قطبی (Bipolar) دنیا میں مغرب یا سوویت بلاک سے وابستہ رہ کر ان کے مفادات پورے کرتے تھے۔ سوویت یونین کے انہدام کے بعد انہیں یک قطبی (Unipolar) عالمی نظام میں امریکہ کے تابع رہنا پڑا۔ اس نظام کی کی جگہ اب باہمی تعاون اور اشتراک کے اصولوں پر قائم ایک کثیر قطبی ( Multi polar) عالمی نظام جنم لے رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر ترقی پذیر ملک جن میں ہم بھی شامل ہیں ماضی کی نفسیات سے باہر نکل کر اس نئے نظام سے ہم آہنگ ہونے میں مشکل محسوس کر رہے ہیں۔ تاہم، شنگھائی تعاون تنظیم جیسی تنظیمیں انہیں اس مشکل سے نکلنے کا راستہ فراہم کر رہی ہیں۔ ان تنظیموں میں مثبت اور فعال کردار ادا کر کے یہ ملک ابھرتے ہوئے نئے عالمی نظام کا حصہ بن سکتے ہیں۔ انہیں یہ سنہری موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

