کالم۔

نئیں باجی! ایتھے نہیں رہنا

جو لڑکا کبھی اپنے شہر سے نہ نکلا ہو، زندگی کی سختیوں کا محض ذکر ہی سنا ہو۔ اس کا جسم دن رات بھوکا رہ کر بغیر سوئے مسلسل چلتے رہنا کب تک برداشت کر سکتا ہے

جب ہوش سنبھالا تو یہی دیکھا کہ ابا چاولوں کی ایکسپورٹ کے ساتھ ساتھ انسانوں کو یورپ روانہ کرنے کا کام بھی کرتے تھے۔ سو، میں نے اکثر گھر کی بیٹھک کو باہر جانے کے خواہش مند نوجوانوں سے بھرا دیکھا۔ ابا میز پر نقشہ بچھائے ان سب کو اٹلی، یونان، چیکو سلوواکیہ، ایسٹونیا، بوسنیا، رومانیہ تک پہنچنے کا روٹ سمجھا رہے ہوتے۔

ایران کا ویزہ کیسے ملے گا؟ ترکی میں کیسے داخل ہونا ہے؟ کون سا بارڈر کس وقت کراس کرنا ہے؟ کون سا فوجی ایجنٹ کتنے پیسے لے کر اپنے ملک میں داخلے کی راہ ہموار کرے گا؟ نقلی ویزہ اور جعلی دستاویزات کیسے بنوانے ہیں؟ اور پکڑے جانے کی صورت میں نکلنا کیسے ہے؟

ابا کو پاکستان سے یورپ کا پورا روٹ ایسے ازبر تھا جیسے اپنے گاؤں کی گلیاں۔ ہاں، مگر کشتی کے ذریعے سمندر پار کرنے کے سخت خلاف تھے۔ ابا کے خیال میں سمندر میں تو ڈوبنے والے کی لاش بھی نہ مل سکتی تھی۔

ابا عموماً سردیوں میں قافلہ لے کر روانہ ہوتے۔ سردیوں ہی میں کیوں؟ کیونکہ شدید برفباری کے سبب ان راستوں کی نگرانی کم ہو جاتی۔ اور بارڈر کراس کرنا نسبتاً ’آسان‘ ہو جاتا۔

میں آسان کا لفظ آپ کی آسانی کے لیے لکھ رہی ہوں۔ درحقیقت جو لڑکا کبھی اپنے شہر سے نہ نکلا ہو، زندگی کی سختیوں کا محض ذکر ہی سنا ہو۔ اس کا جسم دن رات بھوکا رہ کر بغیر سوئے مسلسل چلتے رہنا کب تک برداشت کر سکتا ہے۔ سو، جن کے حوصلے پست ہو جاتے۔ وہ انہی ویرانوں میں ڈھیر ہو جاتے۔ یا پھر کوئی آندھی طوفان خود ہی انہیں آ لیتا۔

میں نئی نئی اردو پڑھنا سیکھ رہی تھی۔ سویرے ہی اخبار لے کر بیٹھ جاتی اور پہلے صفحے سے آخر تک چھان مارتی کہ کہیں ’یونان میں شدید برفباری سے اتنے افراد جاں بحق ہو گئے‘ ٹائپ کوئی سُرخی لگی ہو اور اس میں میرے باپ کا نام بھی ہو۔ (اللہ نہ کرے ) یہ خبری تلاش اس وقت تک جاری رہتی جب تک ابا واپس کراچی پہنچ کر ہمیں اپنی خیریت کی اطلاع نہ دے دیتے۔

پھر انتظار کا اگلا مرحلہ شروع ہوتا۔ میں اور مجھ سے دو سال چھوٹا میرا بھائی روزانہ اسکول سے آنے کے بعد منہ ہاتھ دھو کر، کھانا کھا کے دروازے کے آگے دہلیز پر بیٹھ جاتے اور ابا جی کے انتظار میں گلی سے گزرنے والے ہر رکشے کو تکتے رہتے۔

کسی دن اتفاقاً کوئی رکشہ ہمارے سامنے رُک جاتا اور ابا جی پر نظر پڑ جاتی تو ہم چلاتے ہوئے گھر کے اندر کی طرف بھاگتے۔ ’بابا آ گئے! بابا آ گئے! ‘ ۔ میں صحن میں بچھی چارپائی پر کھڑی ہو جاتی تاکہ ابا کے قد کے برابر آ کر گلے مل سکوں۔

اکثر سفر سے واپسی پر ابا کے ہاتھوں، پیروں کی انگلیاں اور ناخن نیلے پڑے ہوتے۔ جسم کمزور ہوتا۔ ابا کی ایسی حالت دیکھتے ہی اماں یخنی چڑھا دیتیں۔

ابا کے سامان میں ایک بھاری سا اونی کوٹ بھی ہوتا۔ اس وزنی کوٹ کو پہن کر میں سارا سارا دن چلنے کی کوشش میں گرتی پڑتی رہتی اور ابا یہ منظر دیکھ کر ہنستے رہتے۔

انہی دنوں ہمارے دور پار کے کسی رشتہ دار کے بیٹے کی یونان سے لاش پہنچی تھی۔ پتہ چلا کہ وہ لڑکا ایک گروپ کے ساتھ ترکی سے خالی آئل ٹینکر میں چُھپ کر یونان جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ سانس گُھٹنے سے سب ختم ہو گئے۔ جانے کتنی دیر سرد خانے میں اس کی لاش پڑی رہی۔ چنانچہ چہرے کے نقوش بگڑ گئے تھے۔ ماں باپ نے اپنے ہی بیٹے کی شکل پہچاننے سے انکار کر دیا۔

ابا نے اگرچہ لاش کے پیر پہچان لیے تھے مگر وہ اس کے گھر والوں کو قائل نہ کر سکے لہٰذا انہوں نے زِچ ہو کر کہا کہ یہ کسی کا تو بیٹا ہو گا۔ سو، لاش کی عزت و تکریم کی خاطر سب نے مل کر غیروں کی طرح اپنے ہی بیٹے کو دفنا دیا۔

ہیومن ٹریفکنگ کے اس کاروبار میں رسک بہت تھا۔ کبھی منافع تو کبھی نقصان۔ کبھی چھاپے تو کبھی روپوشی۔ کبھی دعائیں تو کبھی کوسنے۔ ایک بار تو اتنا گھاٹا ہوا کہ ابا کی کلائی سے راڈو گھڑی بھی اتر گئی۔ امی نے تنگ آ کر ابا کے ضروری کاغذات سے بھرا بریف کیس ہی جلا دیا۔

ڈپریشن، شکست، مایوسی، بے بسی اور غربت ایک ساتھ ہمارے گھر آ کر بس گئے۔ ابا کی طبیعت میں چڑچڑاپن بڑھتا چلا گیا۔ اکثر لیٹے لیٹے کچھ نہ کچھ سوچتے رہتے۔ بات کرنا بھی کم کر دیا۔ پھر بھی رات کو ہم ان سے کہانی سُنے بغیر نہ سوتے تھے۔

جس پارٹنر کے ساتھ ابا کاروبار کرتے تھے، اسی سے ایک دن آٹے کے لیے پیسے ادھار مانگ لیے تو اُسے حالات کی سنگینی کا احساس ہوا اور ابا کو کسی طرح سے اٹلی بھجوا دیا۔

ابا کے اچانک اٹلی منتقل ہو جانے سے میری چھوٹی سی دنیا ویران ہو گئی۔ جب وہ یہاں تھے تو روزانہ سکول چھوڑنے اور لینے آتے۔ ہمارے لیے دوپہر کا کھانا بھی خود بناتے۔ ان کے بعد بھاری بھر کم بستہ خود اٹھانا پڑ رہا تھا۔ سال دو سال میں جب وہ اٹلی سے کچھ دنوں کے لیے آتے تو اسی لمحے سے ان کی واپسی کا خوف سر پہ سوار ہونے لگتا۔

انتظار اور خوف کے درمیان جھولتے جھولتے ہم بچے بڑے ہوتے چلے گئے۔ بھائی نے انٹر کے بعد آگے پڑھنے سے انکار کر دیا۔ ایک ہی رٹ؛ ’میں تے یورپ جا ساں۔ ایتھے نہ رہ ساں۔ ‘ (میں تو یورپ ہی جاؤں گا۔ یہاں نہیں رہوں گا۔)

ہم سب یہ سمجھاتے رہ جاتے کہ نہیں پڑھنا تو ادھر ہی چھوٹا موٹا کاروبار کر لو۔ جو پیسے لگا کر یورپ جانا ہے، وہ اِدھر انویسٹ کر لو۔ ابا بھی نہیں چاہتے تھے کہ ان کی اولاد ان کے نقشِ قدم پر چلے اور جلاوطنی کاٹے۔ پر کیا ہو سکتا تھا۔

بھائی کو جب اٹلی کی کسی یونیورسٹی میں داخلہ نہ ملا تو وہ بے چارا اتاولا ہو کر غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے کے بارے میں سوچنے لگا۔ پر ابا نے فوراً ہی اس منصوبے کو ویٹو کر دیا۔

اللہ اللہ کر کے پانچ سال بعد بھائی کا فن لینڈ کا تعلیمی ویزہ لگ گیا۔ وہ لڑکا جو کبھی کسی سے بحث نہیں کر سکتا تھا۔ لڑ نہیں سکتا تھا۔ نماز نہیں چھوڑ سکتا تھا۔ کرکٹ کھیل لیتا یا پھر گھر پہ لیٹے لیٹے فلمیں دیکھتا رہتا۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور سے آگے ککھ نہ جانتا تھا۔ وہی لڑکا لاہور ائر پورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج کے شیشوں کے پیچھے گُم ہوتے ہوئے ایک دم بڑا بڑا لگنے لگا۔

اگلے دن، میں اپنے بھائی سے الگ ہونے کی اداسی چھپائے کالج جانے کے لیے رکشے میں بیٹھی تو بے خیالی میں رکشہ ڈرائیور سے پوچھ لیا؛

’وے علی! توں تے نہیں نا باہر جانا؟‘ (علی! تم تو باہر نہیں جانا چاہتے نا؟ )
علی نے بیک مرر سیٹ کر کے میری طرف حیرت سے دیکھا؛

’باجی! تہانوں کداں پتہ؟ میرے کول یورپ جان دے پیسے تے نہیں ہیگے۔ پر میں سوچ رہیاں کہ ایہہ رکشہ ویچ کے دبئی ٹر جاواں۔ ‘

(باجی! آپ کو کیسے پتہ؟ میرے پاس یورپ جانے کے پیسے تو نہیں ہیں مگر سوچ رہا ہوں کہ رکشہ بیچ کر دبئی چلا جاؤں۔)

’ہائے وے علی! اوتھے جا کے کیہہ کریں گا؟ ایتھے بال بچیاں وچ بیٹھا چنگا بھلا تے کما رہیا ایں ایس رکشے توں۔‘

(ہائے علی! باہر جا کر کیا کرو گے۔ اِدھر بال بچوں میں رہ کے (اچھا بھلا تو کما رہے ہو اس رکشے سے۔
’نئیں باجی! ایتھے نہیں رہنا۔‘ (نہیں باجی! یہاں نہیں رہنا۔)

لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پر بورڈنگ کے بعد جب میں اپنی سیٹ پر خود کو ایڈجسٹ کر رہی تھی کہ میرے برابر ایک لڑکا آ کر بیٹھ گیا۔ اس نے کلف زدہ آسمانی شلوار قمیض پہنا ہوا تھا۔ بال تیل سے جمائے ہوئے تھے اور آنکھیں انجانے خوف، تھکن، حیرت اور سرمے سے بھری ہوئی تھیں۔ جانے کیوں لگا کہ یہ لڑکا پہلی بار گھر سے اکیلا نکلا ہے اور جہاز کا سفر بھی اس کے لیے نیا ہے۔

وہ کبھی آتی جاتی ائر ہوسٹس کو تکتا۔ کبھی مجھے دیکھتا تو کبھی کھڑکی سے باہر جھانکتا۔

کھانے کی ٹرالی آئی۔ ائر ہوسٹس نے ٹرے بڑھائی تو اس نے پکڑ کر گود میں رکھ لی اور سوالیہ نگاہوں سے مجھے دیکھنے لگا۔ میں نے اپنے سامنے کی ٹرے کھولی اور اس پر کھانا رکھ دیا۔ اس نے بھی ایسا ہی کیا۔ اس کی الجھن بھانپتے ہوئے میں نے اس کے سامنے پڑی بریانی کا ڈبہ کھولنے میں مدد کی۔

کچھ دیر بعد ائر ہوسٹس ٹریش سمیٹ کر لے گئی اور پھر اس کی آنکھ لگ گئی۔ اونگھتے اونگھتے اس کی گردن بار بار جھٹک جاتی۔ سو، میں نے دھیرے سے اپنے کندھے پر اس کا سر اٹکا لیا۔ جانے کب سے نہیں سویا ہو گا۔

لینڈنگ کے بعد ہم لوگ ارائیول لاؤنج پہنچے۔ جب میں نے اپنا سامان بیلٹ سے اٹھا لیا تو اس لڑکے نے مجھے آواز دی۔ ہم دونوں کے بیچ یہ پہلی گفتگو تھی۔ اس نے اپنی ٹکٹ دکھاتے ہوئے کہا؛ ’مجھے اب کہاں جانا ہے؟‘ میرا اندازہ بالکل درست تھا۔ یہ لڑکا بھی باہر جا رہا تھا۔ کویت۔

ڈومیسٹک لاؤنج سے باہر نکل کر میں اسے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج کی طرف لے گئی اور بتایا کہ اب اس دروازے سے تمہیں خود ہی اندر جانا ہو گا۔ کسی سے پوچھ لینا کہ تمہاری ائر لائن کا کاؤنٹر کہاں ہے۔ وہ تمہیں کویت کا بورڈنگ پاس جاری کر دیں گے۔ اس نے مسکراتے ہوئے کہا؛ ’عورت کے بالوں کا ایسا اسٹائل میں نے آج تک نہیں دیکھا۔‘ میرے منہ سے برجستہ نکلا؛ ’ایہہ تہاڈے پنڈ دے نائی دا کم نہیں۔‘ (یہ تمہارے گاؤں کے نائی کا کام نہیں۔) اس نے کھلکھلاتے ہوئے رخصت چاہی۔

انٹرنیشنل لاؤنج کے دروازوں کے پیچھے وہ ایسے ہی گُم ہو گیا جیسے میں نے چھ مہینے پہلے اپنے بھائی کو رخصت کیا تھا۔

بقول محمود شام؛ ’ان بچوں نے عشق کرنے کی عمریں سفارت خانوں کے باہر ویزے کی لائنوں میں کھڑے کھڑے گزار دیں۔ ‘

یہ لڑکے یورپ جا کر آخر کیا کرتے ہوں گے؟ ہائی فائی نوکریاں کتنوں کا مقدر ہوتی ہیں؟ ریسٹورنٹ میں برتن دھو لیے۔ ویٹر بن گئے۔ واش روم کی صفائی پر لگ گئے۔ باغ میں پھل چُن لیے۔ گھاس کاٹ لی۔ اِن ڈرائیو چلا لی۔ ڈلیوری بوائے بن گئے۔ کسی مارٹ میں گھنٹہ وار دیہاڑی لگا لی۔ مساج سینٹر میں کام کر لیا یا پھر کتوں، بلیوں، بچوں کی بے بی سٹنگ کر لی۔

وہاں سب کر لیتے ہیں۔ کوالٹی آف لائف یہ ہے کہ ایک کمرے میں کئی کئی لڑکے شیئرنگ پر رہتے ہیں۔ جس ریسٹورنٹ میں کام کرتے ہیں۔ اس کی کافی تک نہیں پی سکتے۔ پیسے بچانے کے لیے انڈر وئیر سے لے کر مٹھائی تک وطن سے منگواتے ہیں۔ مگر اس سے آدھی محنت اپنے ہی ملک میں نہیں کرتے۔

پھر بھی ان لڑکوں کی اتنی مانگ ہے کہ برادری میں ہر کوئی رشتہ دینا چاہتا ہے۔ اگر خاندان سے باہر رشتہ کرنا ہی پڑ جائے تو لڑکی والے بھی پہلا سوال یہی کرتے ہیں۔

’منڈا کتھے ہوندا؟‘ (لڑکا کہاں ہوتا ہے؟)
’ جرمنی ہوندا جی۔ گرین کارڈ ہولڈر اے اپنا منڈا۔‘ (اپنا لڑکا جرمنی کا گرین کارڈ ہولڈر ہے۔)

’اچھا! فیر تسیں ایداں کرو۔ پہلے نکاح کر لینا۔ رخصتی بعد وچ ہو جاؤ گی۔ پیپر وی تے پروسس ہوندے رہن ناں نال نال۔‘

(اچھا! پھر آپ ایسے کریں۔ پہلے نکاح کر لیں۔ رخصتی تو بعد میں ہو جائے گی۔ پیپر بھی تو پروسس ہوتے رہیں نا ساتھ ساتھ۔)

’منہ مٹھا کرو سارے۔ مبارکاں جی مبارکاں‘ (مبارکباد کا منہ میٹھا کرو جی سارے۔)

کوئی نہیں پوچھتا کہ لڑکے کا مزاج کیسا ہے؟ عادات کیا ہیں؟ وہاں کرتا کیا ہے؟ پسند نا پسند؟ نا جی نا۔ بس جرمنی میں ہونا کافی ہے۔

پھر ان سے منسوب لڑکیاں ایک خوابناک زندگی کا تصور کرتے ہوئے یورپ سُدھار جاتی ہیں۔ مگر وہاں ایک نئی قید ان کی منتظر ہوتی ہے۔

آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یورپ کی آزادی میں قید کہاں سے آ گئی۔ میں اپنے ابا کے ایسے کئی دوستوں کو جانتی ہوں جو گھروں میں اپنی بیویوں کو مقفل کر کے جاتے ہیں اور رات کو کام سے واپسی پر ہی تالا کُھولتے ہیں۔

ایسی ہی ایک دلہن رخصتی کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ اٹلی چلی گئی۔ لڑکا کام پر جاتا اور دروازے پر تالا پڑا رہتا۔ ایک بار کیا ہوا۔ لڑکا کام پر دو دن سے نہیں پہنچا۔ ساتھی ورکروں کو فکر لاحق ہوئی اور وہ خیریت معلوم کرنے گھر آ گئے۔ بیل بجائی۔ دروازہ نہیں کُھلا۔ بارہا کھٹکھٹایا مگر کوئی آواز نہ آئی۔ پولیس نے دروازہ توڑا تو سامنے آٹھ مہینے کی حاملہ عورت یعنی اس کی بیوی کی لاش پڑی تھی اور لڑکا گُم صُم بیٹھا تھا۔

لڑکی کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے۔ لڑکے کو جیل ہو گئی۔ وہ اپنی صفائی میں کچھ نہ بولا۔ اٹلی کی حکومت نے سرکاری خرچ پر لڑکی کی فیملی کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا۔ عدالتی شنوائی کے بعد والدین تو واپس چلے گئے مگر ان کے ساتھ گئے دونوں بیٹے اٹلی میں سلِپ ہو گئے۔

وسطی پنجاب میں ایک ٹرینڈ یہ بھی ہے کہ فرض کریں اگر ایک بھائی دس پندرہ برس پہلے بال بچوں سمیت اسپین منتقل ہو گیا ہے اور اپنے بھانجوں، بھتیجوں کو بھی اپنے پاس بلانا چاہتا ہے تو وہ اسپین کے ماحول میں پلنے بڑھنے والی اپنی بیٹیاں ان سے بیاہ دے گا۔

ایسی ہی دو بہنوں کا گجرات کے ایک گاؤں میں رہنے والے اپنے چچا زاد بھائیوں سے فون پر نکاح کر دیا گیا۔ تاکہ پیپر پراسس ہونے پر ان کے شوہر بھی اسپین آ سکیں۔

نکاح کے کچھ عرصے بعد ان دونوں لڑکیوں کو احساس ہوا کہ وہ یہ شادی نہیں چاہتیں اور وہ اس کا برملا اظہار کر بیٹھیں۔ بڑوں نے سمجھایا کہ ایسے معاملات فون پر توڑے نہیں جاتے۔ پاکستان آ جاؤ۔ آمنے سامنے بیٹھ کر بات کرتے ہیں۔ دونوں لڑکیاں آ گئیں اور اسی رات انہیں گاؤں میں ابدی نیند سُلا دیا گیا۔

ہمارے سیالکوٹ میں تو شاید ہی کوئی گاؤں ایسا ہو جہاں آپ کو جوان مرد دکھائی دے جائیں۔ بڑی بڑی حویلیوں میں صرف عورتیں، بچے اور بوڑھے نظر آئیں گے۔

شوہروں کے گرین گارڈ کا فخر ان عورتوں کی چال ڈھال، بیگ، ہیل، جیکٹ سمیت ہر شے پر حاوی ہے۔

بندہ بے شک سویڈن کے کسی ہوٹل میں صفائی کا کام کرتا ہو مگر وطن واپسی پر اس کا سامان دیکھنے کے لیے پورا گاؤں اُمڈ آتا ہے۔

ہر شے کا یورو میں ریٹ بتا کر اس کی نمائش کی جاتی ہے۔ دو چار پرفیوم، شیمپو پھوپھیوں، چاچیوں کو بھی مل جاتے ہیں۔ بارات میں یورو اور پاؤنڈ کی ویلیں لٹائی جاتی ہیں۔

ایسی ہی ایک عالی شان شادی کی تیاریاں ہمارے پڑوس میں جاری تھیں۔ لڑکا ایسٹونیا پڑھنے کے لیے گیا تھا۔ پھر وہاں سے بھاگ کر اٹلی پہنچ گیا۔ چوری چھپے کام کرتا رہا اور پناہ کی درخواست بھی جمع کرا دی۔

کہیں دس سال بعد اسے مستقل سکونت کا پروانہ جاری ہو گیا۔ گھر والوں نے فوراً رشتہ دیکھ، چٹ منگنی، پٹ بیاہ کی تاریخ ڈال دی۔ لڑکے نے کمایا تو کافی تھا۔ سو، تیاریاں عروج پر تھیں۔ مگر ’ریذیڈینشیا‘ ملنے کے ٹھیک دو دن بعد لڑکا اپنے کمرے میں مردہ پایا گیا۔

ایسا کیوں ہوا؟ غالباً پہلی دفعہ ہجرت کے کرب سے تنِ تنہا گزرنے والے اور ہر روز زندگی سے لڑنے والے یہ بچے بے پناہ اعصابی دباؤ کی جان لیوا قیمت ادا کرتے ہیں۔

یہ نسل کبھی بھی مقامی لوگوں میں جذب نہیں ہو پاتی۔ زندگی اتنی سفاک ہوتی ہے کہ انہیں نئے دوست بنانے کی مہلت نہیں دیتی۔ نئی زبان سیکھنے کے عمل سے بھی لڑتے رہتے ہیں۔ پیچھے رہ جانے والے خاندان کی خواہشیں مسلسل تعاقب کرتی ہیں مگر خود اتنے تنہا ہوتے ہیں کہ کُھل کے رونے کے لیے کوئی کندھا بھی میسر نہیں ہوتا۔

ہم ماتم کرتے ہیں کہ پنجاب کی سونا اگلتی زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا قبضہ ہو رہا ہے۔ مگر ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ یہ وہی زمین ہے جسے نئی نسل کو باہر دھکیلنے کے لیے فروخت کیا جا رہا ہے۔ مربع بیچ کر بھی کیا ہوتا ہے، لڑکا پرتگال پہنچ کر بار ٹینڈر بن جاتا ہے۔ ڈاکٹر، انجینئیر، نکمے، نکھٹو سب باہر جانے کی لائن میں لگے ہوئے ہیں۔

گورنمنٹ کالج لاہور میں میرے ساتھ گریجویشن کرنے والوں میں دو ہی طرح کے لڑکے، لڑکیاں دیکھے؛ وہ جو یورپ چلے گئے، وہ جو یورپ نہ جا سکے۔

آخر ایسی کیا مصیبت ہے کہ ویزہ نہ بھی لگے تو ایک ٹھیک ٹھاک سمجھدار آدمی کشتی پر بیٹھ کر سمندر کو اپنی تقدیر سونپ دیتا ہے۔

میری نانو اپنے بڑے بیٹے کی راہ تکتے تکتے دنیا سے چلی گئیں۔ چوبیس سال میں ماموں ایک بار بھی گھر نہ لوٹ سکے۔ بس یونان کے ہو کر رہ گئے۔ دوسرے ماموں نے یورپ جانے کی آس میں بیشتر زندگی گزار دی۔ خراد مشین پر دیہاڑی لگا لیتے، ایمبیسیوں کے چکر کاٹ لیتے یا پھر ایک دو بار بیچ سفر سے ناکام لوٹ آئے۔ چھوٹے ماموں سعودی عرب کے زیرِ تعمیر شہر نیوم میں مزدوری کر رہے ہیں۔

ایک کزن، جو اپنے شہر میں تحریکِ انصاف کا پُرجوش ورکر تھا، نو مئی کے بعد روپوش ہو گیا اور اب لندن میں پیزا ڈلیور کرتا ہے۔

میرا سب سے چھوٹا بھائی (جس نے حال ہی میں میٹرک کیا ہے۔) ابھی پورے پَر بھی نہیں نکلے کہ اُڑ جانے کے خواب دیکھ رہا ہے۔ مجھے لگ رہا ہے کہ اگلے دو سال میں امی اپنا باقی ماندہ زیور بیچ دیں گی، جو بڑے بھائی کے فن لینڈ روانگی کے خرچے سے بچ گیا ہے۔ گھر میں رہ جانے والی چار عورتیں ایک بار پھر ائر پورٹ پر اپنے ایک اور بچے کو اَن دیکھی منزل کے لیے رخصت کر رہی ہوں گی۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW