کالم۔

بانجھ پن کا ویکسینی خوف

 

warda shehzadi

بیگم سعیدہ وحید پاکستان میں پہلی شخصیت تھیں جنہوں نے سن پچاس کی دہائی میں برتھ کنٹرول اور خاندانی منصوبہ بندی کا موضوع پہلی بار سنجیدگی سے اٹھایا۔ ان کا تعلق لاہور کے ایک متمول گھرانے سے تھا اور وہ آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن ’اپوا‘ کی سرگرم رکن تھیں۔

ہوا کچھ یوں کہ ان کی گھریلو ملازمہ جب چوتھی بار حاملہ ہوئی تو اسقاطِ حمل کی کوشش میں وہ لڑکی اللہ کو پیاری ہو گئی۔ یعنی اُس زمانے میں کسی عورت کا اپنی تولیدی صلاحیتوں کو ریگولیٹ کرنا زندگی داؤ پر لگانے جیسا تھا۔ اس بابت عورتوں میں معلومات کی کمی کو محسوس کرتے ہوئے بیگم سعیدہ نے 1952 ء میں ’فیملی پلاننگ ایسوسی ایشن‘ کی بنیاد رکھی۔ فیلڈ مارشل ایوب خاں کا معاشی ترقی کے نام پر اس پروجیکٹ کو سرکاری سرپرستی میں لینا اور بیرونی امداد بعد کی باتیں ہیں۔

پاکستان خطے میں فیملی پلاننگ کے مسئلے پر باقاعدہ لائحہ عمل تیار کرنے والا پہلا ملک تھا۔ صدرِ پاکستان خود اس پراجیکٹ کی نگرانی کر رہے تھے۔ حتیٰ کہ اورل پلز یعنی مانع حمل گولیوں کی فنڈنگ کے حصول کے لیے خود امریکہ گئے تھے۔ مگر فیملی پلاننگ کا یہ پروجیکٹ خطیر رقم لگانے کے باوجود ابھی تک مطلوبہ نتائج پیدا نہ کر سکا۔ 1965 ء کی فیملی پلاننگ پالیسی میں برتھ ریٹ میں کمی کا ٹارگٹ 50 / 1000 درج تھا جو ہر پانچ سال میں مسلسل کم ہوتا ہوا 2023 ء میں عملی طور پر 25 / 1000 تک آ گیا۔ یعنی ہم اپنے ہی طے کردہ ٹارگٹ کا 58 برس بعد بھی آدھا ہی حاصل کر پائے۔

لوگ خوفزدہ رہنے لگے کہ سرکار امریکی ایجنڈے کے تحت ہم سے ہماری تولیدی صلاحیتیں چھین لینا چاہتی ہے۔ آٹھ آٹھ، دس دس بچے اللہ کی دین ہیں۔ سرکار خدائی معاملات میں دخل کیوں دے رہی ہے! ریاست کو تو خوش ہونا چاہیے کہ کفار کے مقابلے میں مسلم امہ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

فیملی پلاننگ کے اس پروجیکٹ کے تحت متحدہ پاکستان کے دونوں حصوں میں کلینک کھولے گئے۔ جہاں خواتین کو مفت مشورے اور علاج کی سہولتیں دی گئیں۔ اخبارات، ریڈیو اور بعد ازاں ٹی وی پر ’کم بچے، خوشحال گھرانا‘ ، ’بچے دو ہی اچھے‘ جیسے نعروں پر مبنی اشتہاراتی مہم شروع ہوئی۔ فیملی پلاننگ کے عملے نے گھر گھر جا کر بلا معاوضہ کنڈوم، سپرماسائیڈ فومنگ کریمیں اور عورتوں کو مانع حمل گولیاں تقسیم کرنے کی مہم چلائی۔

مجھے یقین ہے کہ اکثر عورتوں نے وہ گولیاں ضرور کھائی ہوں گی۔ مگر کنڈوم سے وہ وہ کام لیے گئے کہ اس کا موجد بھی قبر میں اٹھ بیٹھا ہو گا۔ بچے ان کے غبارے بنا کر گلیوں میں اڑانے لگے۔ پائیداری کا یہ عالم تھا کہ پانی کا کوئی پائپ لیک ہو جاتا تو سوراخ کے عین اوپر کنڈوم باندھ دیا جاتا۔ سپرماسائیڈ فومنگ کریمیں شیونگ کے کام آنے لگیں۔

گویا یہ پروگرام امتِ مسلمہ کے خلاف غیر ملکی سازش، فحاشی اور جنسی آزادی جیسے نعروں کی لپیٹ میں آ گیا اور دباؤ اتنا بڑھا کہ جنرل ضیاءالحق کے دور میں خاندانی منصوبہ بندی کا نام بدل کے ’آبادی منصوبہ بندی‘ رکھنا پڑا۔

لگ بھگ سات برس پہلے آزاد کشمیر کے علاقے تاؤبٹ میں سیاحت کی غرض سے کچھ روز میرا قیام ہوا۔ ایک مقامی گھر میں میری رہائش تھی۔ گھر کی عورت جو بمشکل پینتیس برس کی ہو گی سے باتیں کرتے کرتے جب میری دوستی بڑھی تو بازوؤں اور جسم کے لٹکتے گوشت کی وجہ پوچھ بیٹھی کہ بھری جوانی میں ایسا کیوں! پہلے تو وہ مسکرائی، اِدھر اُدھر دیکھا اور پھر سرگوشی میں کہنے لگی: آٹھ بچوں کی ماں ہوں۔ مزید پیدا نہیں کر سکتی۔ اس لیے ہر تین ماہ بعد شوہر سے چوری چوری بچوں کی خریداری کے بہانے گھر سے شہر جاتی ہوں اور انجیکشن لگوا لیتی ہوں۔ اس ٹیکے کی زیادتی نے موڈ سے لے کر جسم کا ستیاناس کر دیا ہے۔

یہ وہ زمانہ تھا جب کیل سے تاؤبٹ تک پیدل پتھریلا ٹریک تھا۔ میں سوچ رہی تھی کہ اگر یہی مانع حمل ادویات مردوں کو استعمال کرنی پڑ جائیں تو؟

شہریوں کی ریاست کے بارے میں یہ غلط فہمی کسی ایک تجربے یا ویکسین تک محدود نہیں۔ 1972 ء میں ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت نے پکی پکائی تازہ روٹی کا منصوبہ شروع کیا۔ اس منصوبے کے تحت روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کی چھتری تلے پورے پاکستان میں روٹی کے پلانٹس لگ گئے۔ ان پلانٹس کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ عورتوں کو تازہ روٹیوں کے جھنجھٹ سے نکال کر معاشی دھارے میں لایا جائے۔

یورپ سے لے کر سینٹرل ایشیا، حتیٰ کہ حجازِ مقدس تک مشینی تندور کی روٹی کا رواج عام ہے۔ گھروں میں آٹا گوندھ کر گول روٹی پکانے کی تگ و دو بہت وقت لے لیتی ہے۔ بھٹو کا ویژن تھا کہ سستی روٹی کے پلانٹس لگا کر عورتوں کو سکھ کا سانس لینے دیا جائے مگر بھٹو کے پھانسی چڑھتے ہی یہ پلانٹس بھی پھانسی چڑھ گئے۔

بچوں کی ویکسینوں کے ساتھ بھی یہی مسئلہ رہا۔ ریاست جب بھی اپنے بچوں کو کوئی نئی ویکسین لگوانے کا کہتی۔ عوام الناس کو شک ہو جاتا کہ مانو یا نہ مانو، پر ہمیں تو یہ برتھ کنٹرول کا نیا ہتھکنڈہ لاگے ہے۔

1994 ء میں پاکستان میں پولیو کے حفاظتی قطرے گھر گھر جا کر بچوں کو پلائے جانے کی مہم شروع ہوئی۔ مگر زبردست منفی پروپیگنڈے کے سبب بہت سے لوگوں نے اپنے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کر دیا۔ پولیو حفاظتی مہم کے عملے کے آنے سے پہلے لوگ اپنے بچوں کو چھپا دیتے، سکول سے چھٹی کروا لیتے، جعلی انٹریاں ڈلوا دیتے، پولیو اہلکاروں کو پیٹتے یا مار ڈالتے۔ الزام یہی کہ پولیو کے حفاظتی قطروں میں ہمارے بچوں کو بے اولاد کرنے کا پورا سامان موجود ہے۔

حکومت صفائیاں دیتی رہ گئی مگر ککھ فائدہ نہ ہوا۔ آج اکتیس سال بعد پاکستان اور افغانستان دو ہی ملک بچ گئے ہیں جہاں پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔ بچہ لنگڑا ہوتا ہے تو ہو جائے مگر ایستادگی کے بحران سے دوچار نہ ہو۔

کورونا وائرس کی ویکسین تو چھوٹوں، بڑوں سب کو لگوانی تھی۔ ایک ستر سالہ بابا جی سے کسی ٹی وی چینل کے رپورٹر نے ویکیسن کی بابت دریافت کیا تو انہوں نے بھرپور احتجاج کیا کہ میں کورونا کی ویکسین نہیں لگواؤں گا۔ یہ مجھے نامرد کر دے گی۔

اب پندرہ برس سے کم عمر بچیوں کو سروائیکل کینسر کی ویکسین لگانے کا مرحلہ آیا تو حکومت نے آگہی مہم کے تحت ٹی وی اور سوشل میڈیا پر اشتہارات کی بھرمار کر دی۔ مگر پھر وہی مسئلہ۔ ہو نہ ہو، ہماری بچیوں کو بانجھ کرنے کے لیے سرکار ایک بار پھر سازش رچا رہی ہے۔

منڈی بہاؤالدین کے علاقے چک 38 میں واقع ایک سرکاری اسکول میں لیڈی ہیلتھ ورکر بچیوں کو ویکسین لگانے پہنچیں تو علاقہ مکین خواتین نے ان پر حملہ کر دیا۔ لیڈی ہیلتھ ورکروں کو تھپڑوں، مکوں اور ٹھڈوں سے مارا، پیٹا اور زمین پر گرا کر ٹھیک ٹھاک تشدد کا نشانہ بنایا۔

منڈی بہاؤالدین ہی میں اب تک دو بار علاقے کی عورتیں لیڈی ہیلتھ ورکروں کو پیٹ چکی ہیں اور انہیں خبردار بھی کر چکی ہیں کہ ہماری بچیوں کو یہ ویکسین لگانے سے باز رہیں۔ جس کے باعث ایچ پی وی ویکسینیشن مہم تعطل کا شکار ہے اور ابھی یہ صرف ابتدا ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW