سوچ کی غلطیاں اور درستگی کرتے سائنسی اور عقلی سوالات: نفسیاتی تحقیق
کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ اکثر ہماری اداسی مایوسی یا غصے کی وجہ بیرونی حالات نہیں ہوتے، بلکہ ہمارے اپنے ہی دماغ میں اٹھنے والے وہ خیالات ہوتے ہیں جو ہمارے ساتھ کھیل کھیلتے ہیں اور ہمیں ٹیڑھی میڑھی پگڈنڈیوں میں الجھا کر کسی انجان راہوں کا مسافر بنا دیتے ہیں جس کا اصل راستے سے کچھ لینا دینا نہیں ہوتا جدید نفسیات کی زبان میں ہماری سوچ کے اسی ٹیڑھے پن کو کوجنیٹو ڈسٹورشنز Cognitive Distortions یعنی ”سوچ کا بگاڑ یا ذہنی مغالطے“ کہا جاتا ہے۔ یہ ایسی فکری غلطیاں ہیں جو انسان کو حقیقت کا چہرہ غلط یا یک طرفہ دیکھنے پر مجبور کرتی ہیں۔
نفسیاتی تحقیق کے مطابق ان فکری مغالطوں کی باقاعدہ سائنسی شناخت بیسویں صدی میں ماہر نفسیات ڈاکٹر البرٹ ایلس اور ڈاکٹر آرون بیک کے کام سے ہوئی۔ بعد میں آرون بیک کے شاگرد ڈاکٹر ڈیوڈ برنز نے اپنی مشہور زمانہ کتاب ”Feeling Good“ میں ان کی واضح درجہ بندی کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی طریقہ صدیوں پہلے صوفیا کرام بھی لوگوں کی اصلاح کے لیے استعمال کرتے رہے۔ وہ طویل نصیحتیں کرنے کی بجائے بجائے محض چند گہرے سوالات سے انسان کی سوچ کا رخ بدل دیتے تھے۔
تصوف کی تاریخ میں حضرت ذوالنون مصری کا ایک مستند واقعہ ملتا ہے کہ ایک شخص نے آ کر یہ دعویٰ کیا کہ ساری دنیا ہی بری ہے اور میرا سب سے اعتبار اٹھ گیا ہے۔ نفسیات کی زبان میں اسے اوور جنرلازیش کہتے ہیں یعنی اپنے چند برے تجربات کی وجہ سے پوری کائنات کو ہی برا سمجھ لینا۔ آپ نے اس کی سوچ درست کرنے کے لیے اسے انگوٹھی دے کر پہلے عام بازار بھیجا جہاں دکانداروں نے اس کی قیمت محض ایک درہم لگائی، پھر جوہری کے پاس بھیجا جس نے اس کی حقیقی قیمت پہچان کر ہزاروں دینار لگائی۔ جب وہ واپس آیا تو آپ نے کوئی لمبا لیکچر نہیں دیا، بس ایک سادہ سا سوال پوچھا ”تم دنیا سے گلہ کر رہے ہو، لیکن کیا تم خود لوگوں کو پرکھنے کے لیے سبزی والے بن رہے ہو یا جوہری“ ؟
یعنی یہ دنیا اتنی بری نہیں ہے، بلکہ تمہاری اپنی سوچ کی عینک سبزی والے جیسی ہے جو صرف سامنے کی چیزیں دیکھتی ہے جس دن تم جوہری بن کر دیکھو گے، تمہیں اسی دنیا میں اچھائی اور مخلص لوگ بھی نظر آنے لگیں گے۔ اس ایک سوال نے اس کا پورا رویہ بدل دیا۔
اسی طرح کا ایک واقعہ امام غزالی کی خانقاہ سے ملتا ہے جہاں ایک شخص اپنے گناہوں کے بوجھ تلے مایوس ہو کر سب کچھ یا کچھ بھی نہیں والی سوچ اور غلط لیبل کا شکار ہو گیا اور کہنے لگا کہ ”میں تو پکا ناکام ہوں، خدا مجھے کبھی معاف نہیں کرے گا اور میرا ٹھکانہ صرف جہنم ہے۔ امام صاحب نے اسے ڈانٹنے کے بجائے پوچھا: یہ بتاؤ کہ خدا کی رحمت بڑی ہے یا تمہارے گناہ بڑے ہیں؟“ اس نے کہا: ”یقیناً خدا کی رحمت بہت بڑی ہے“ ! آپ نے فرمایا ”تو پھر تم اپنی سوچ سے خدا کی رحمانیت کو چھوٹا اور اپنے گناہوں کو اس سے بڑا ثابت کرنے کی ضد کیوں کر رہے ہو؟“
اس منطقی سوال نے اس کی مایوسی دھو ڈالی اور اس کا ذہنی سوچ کا بگاڑ دور ہو گیا۔
صوفیاء کرام کے اس انداز تربیت سے صدیوں پہلے یونان کی گلیوں میں فلاسفر سقراط کا بھی یہی طریقہ کار تھا، جس کا ثبوت افلاطون کی کتاب ”Symposium“ میں ملتا ہے۔ جب ایک نوجوان اگاتھن نے دعویٰ کیا کہ محبت دنیا کی سب سے مکمل اور خوبصورت چیز ہے، تو سقراط نے پوچھا: ”انسان کس چیز کی خواہش کرتا ہے؟ جو اس کے پاس ہو یا جو نہ ہو؟ اگاتھن نے کہا: جو اس کے پاس نہ ہو۔ سقراط نے مسکرا کر کہا: اگر محبت خوبصورتی کو پانے کی خواہش کرتی ہے، تو اس کا مطلب ہے اس کے پاس وہ خوبصورتی فی الحال موجود نہیں؟ اگاتھن لاجواب ہو گیا اور اس کی ادھوری سوچ کا وہم ٹوٹ گیا۔
آج یہی طریقہ جدید تھراپسٹ اپنے کلائنٹس کی سوچ کو بدلنے اور ان کے رویوں کو درست کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ نیچے ان 8 بڑے ذہنی مغالطوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کی درستگی کے لیے وہی سادہ سوالات دیے گئے ہیں جو آپ خود اپنے دل سے پوچھ سکتے ہیں
( 1 ) سب یا کچھ نہیں والی سوچ
اس طرح کی سوچ کا حامل انسان چیزوں کو صرف دو انتہاؤں یعنی سیاہ یا سفید میں دیکھتا ہے جیسے گھر میں اتنے اچھے کھانے بنائے مگر ایک ڈش میں نمک تیز ہونے پر انسان پکار اٹھے : ”لو! سارا کھانا ہی برباد ہو گیا۔ وہ ایک کمی کی وجہ سے پوری محنت کو صفر کر دیتا ہے۔
خود سے پوچھے جانے والے سوالات
کیا سچ مچ زندگی میں سب کچھ یا تو بالکل ٹھیک ہوتا ہے یا بالکل خراب؟
مجھ سے ایک چھوٹی سی غلطی کیا ہوئی، میں نے باقی ساری اچھائیوں پر پانی پھیر دیا
اگر کسی کام میں تھوڑی سی کمی رہ جائے، تو کیا وہ کام پورا کا پورا ناکام ہو جاتا ہے؟
( 2 ) اوور جنرلازیش / ضرورت سے زیادہ عمومیت پیدا کرنا
کسی ایک منفی واقعے کو بنیاد بنا کر اسے پوری زندگی کا مستقل اصول سمجھ لینا اور سوچ میں ”ہمیشہ“ یا ”کبھی نہیں“ جیسے الفاظ لانا۔ جیسے ایک انٹرویو میں سلیکٹ نہ ہونے پر کہنا: ”میری تو قسمت ہی خراب ہے، مجھے کبھی نوکری نہیں ملے گی۔
خود سے پوچھے جانے والے سوالات
میرے پاس کیا پکا ثبوت ہے کہ اگر آج ایک کام خراب ہوا ہے، تو اب زندگی بھر ایسا ہی ہو گا؟
میں کیوں اپنی سوچ میں ہمیشہ میرے ساتھ ایسا ہوتا ہے ”جیسے سخت الفاظ استعمال کر رہا ہوں
کیا ایک بار کی عارضی ٹھوکر میرا پورا مستقبل ختم کر سکتی ہے؟ ”
( 3 ) ذہنی چھلنی یا یک طرفہ سوچ
ذہن کا ایسی چھلنی بن جانا جو زندگی کی تمام اچھائیوں اور کامیابیوں کو چھان کر باہر پھینک دے اور صرف ایک دکھ یا تنقید کو اپنے اندر اکٹھی کرے۔ جیسے کہیں گئے اور نو لوگ آپ کے سوٹ کی تعریف کریں اور ایک شخص اس پر تنقید کر دے تو انسان صرف اس ایک تنقید پر کڑھتا رہے۔
خود سے پوچھے جانے والے سوالات
میں ان نو لوگوں کی تعریفوں کو کیوں بھول گیا ہوں اور میرا دھیان صرف اسی ایک تنقید پر کیوں اٹکا ہوا ہے؟
اگر میں غصہ اور اداسی چھوڑ کر دیکھوں تو اس صورتحال میں بہت کچھ اچھا بھی موجود ہے؟
اگر میری جگہ میرا کوئی پیارا دوست ہوتا، تو کیا وہ بھی ان نو محبتوں کو چھوڑ کر اسی ایک بری بات پر آنسو بہاتا۔
( 4 ) بغیر سوچے سمجھے اپنی مرضی سے نتیجہ نکالنا
بغیر کسی ٹھوس دلیل کے پہلے سے ہی کسی بات کا منفی نتیجہ نکال لینا۔ اس میں یا تو انسان دوسروں کے دل کا حال جاننے کا دعویٰ کرتا ہے یا مستقبل کی اندھیری پیشن گوئی۔ جیسے دوست کسی سوچ میں گم تھا اور اس کی آپ پر نظر بھی نہیں پڑی اور گزر گیا تو خود ہی یہ مان لینا کہ وہ بدل گیا ہے اور مجھ سے نفرت کرتا ہے ”۔
خود سے پوچھے جانے والے سوالات
میرے پاس اس بات کا کیا پکا ثبوت ہے کہ جو میں سوچ رہا ہوں وہی سچ ہے؟ ”
کیا میں حقیقت کا پتا لگائے بغیر خود سے ہی دوسروں کے دل کی باتیں یا پیشن گوئیاں کر رہا ہوں؟
”جو“ برا نتیجہ میں نے نکالا ہے، کیا اس کے علاوہ کوئی اور عام اور سیدھی وجہ نہیں ہو سکتی؟
( 5 ) بات کا بتنگڑ بنانا یا اہمیت گھٹانا
اپنی کسی معمولی سی غلطی یا بھول کو بہت بڑا اور ہولناک بنا کر دیکھنا۔ دوسری طرف اپنی بڑی بڑی خوبیوں یا کامیابیوں کو بالکل معمولی اور صفر سمجھنا۔
خود سے پوچھے جانے والے سوالات
کیا میں واقعی ایک معمولی سی بات کو ضرورت سے زیادہ بڑا دیکھ کر رائی کا پہاڑ بنا رہا ہوں؟
آج سے چھ مہینے یا ایک سال بعد کیا یہ چھوٹی سی غلطی سچ مچ میں اتنی ہی قیامت ہو گی؟
میں کیوں اپنی چھوٹی خامیوں کو بڑا کر کے دیکھتا ہوں لیکن اپنی اتنی بڑی کامیابیوں کو معمولی سمجھتا ہوں؟
( 6 ) ہر بات کو اپنے سر لینا یا خود کو الزام دینا
کسی ایسے برے واقعے کا ذمہ دار خود کو ٹھہرانا جو آپ کے کنٹرول میں نہیں تھا، جیسے بچے کے اسکول میں اچھے نمبر نہ لینے پر ماں کا کہنا کہ میں ہی نا اہل ماں ہوں۔ یا پھر اپنی کوتاہی کا ذمہ دار دوسروں کو قرار دینا جیسی خود دیر سے اٹھنے پر گھر والوں پر چیخنا کہ تم نے مجھے جلدی کیوں نہیں جگایا خود سے پوچھے جانے والے سوالات
کیا میں ایک ایسی صورتحال کی پوری ذمہ داری اکیلا اپنے سر لے رہا ہوں جس کا اصل قصوروار میں تھا ہی نہیں؟
میرے علاوہ وہ کون سے بیرونی حالات مجبوریاں یا دوسرے لوگ تھے جن کی وجہ سے یہ نتیجہ نکلا؟
کیا میں مسئلے کو حل کرنے پر دھیان دینے کے بجائے، بلاوجہ خود کو ایک مظلوم بنا کر پیش کر رہا ہوں؟
( 7 ) ہر حال میں ایسا ہی ہونا چاہیے
خود پر یا دوسروں پر ایسا ہونا چاہیے یا یہ تو لازمی ہے کے سخت اصول لاگو کرنا۔ جب ہم ان پر پورا نہیں اترتے تو شدید دباؤ اور بے چینی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جیسے اتوار کو شدید تھکن کے باوجود خود کو کوسنا کہ مجھے اس وقت آرام نہیں کرنا چاہیے تھا، بلکہ کام کرنا چاہیے تھا۔
خود سے پوچھے جانے والے سوالات
جس بات پر میں اصرار کر رہا ہوں کہ ایسا ہی ہونا چاہیے، کیا یہ کائنات کا کوئی اٹل قانون ہے یا بس میری خواہش ہے؟
خود کو بار بار یہ کہنا کہ مجھے یہ لازمی کرنا چاہیے کیا اس سے میرا کام آسان ہو رہا ہے یا یہ صرف ذہنی دباؤ بڑھا رہا ہے؟
کیا میں خود پر یہ سختی کرنے کے بجائے نرمی سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ اگر آج یہ کام ہو جاتا تو اچھا ہوتا، لیکن اگر نہیں ہوا تو بھی کوئی بات نہیں۔
( 8 ) لیبل لگانا یا غلط نام دینا
یہ سوچ کے بگاڑ کی آخری اور سب سے خطرناک انتہا ہے۔ کسی ایک عارضی عمل یا بھول کی وجہ سے پورے وجود پر ”لوزر“ یا ”ناکام“ کا مستقل ٹھپا لگا دینا۔ انسان بھول جاتا ہے کہ ”شخصیت کسی جامد پتھر کی طرح نہیں بلکہ ایک بہتے ہوئے دریا کی طرح پیچیدہ اور ہر پل بدلنے والی ہوتی ہے۔“ کسی ایک گندے قطرے کو دیکھ کر پورے دریا کو گندا قرار نہیں دیا جا سکتا۔
خود سے پوچھے جانے والے سوالات
کیا کائنات میں اس بات کا کوئی ثبوت موجود ہے کہ کوئی انسان پورا کا پورا ہی بیکار یا نا اہل ہو سکتا ہے؟
زندگی کے کسی ایک کام میں مجھ سے غلطی ہوئی تو میں اس چھوٹے سے حصے کی وجہ سے اپنی پوری شخصیت کو ناکام کیسے کہہ سکتا ہوں؟
اگر یہی غلطی میرے کسی پیارے دوست سے ہوئی ہوتی تو کیا میں اسے بھی اتنے ہی برے نام دیتا؟ میں خود اپنے ساتھ اتنی سختی کیوں کر رہا ہوں؟
نفسیاتی تحقیق اور تاریخی شواہد یہ ثابت کرتے ہیں کہ انسانی دماغ جب بھی وہم مایوسی یا غلط سوچ کے بگاڑ میں پھنستا ہے، تو اسے کسی بیرونی لیکچر یا نصیحت سے زیادہ چند ایسے حکمت آمیز سوالات کی ضرورت ہوتی ہے جو اسے جھنجھوڑ کر حقیقت کا آئینہ دکھا سکیں۔ اپنے رویوں اور جذبات کو متوازن اور مثبت بنانے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے اندر کو جگائے اور خود سے حقائق پر مبنی سچے سوالات پوچھے۔

