رویے پر ”سوچ“ کی حکمرانی: نفسیاتی تحقیق
اردو ادب اور اسلامی تاریخ کے دو عظیم مفکرین، مولانا ابوالکلام آزاد اور مولانا وحید الدین خان کی تحریروں میں انسانی سوچ کے زاویے کو سمجھانے کے لیے ایک انتہائی خوبصورت اور سبق آموز تاریخی واقعہ ملتا ہے۔ یہ واقعہ دو مشہور صوفی بزرگوں، حضرت شقیق بلخیؒ اور حضرت ابراہیم بن ادھمؒ کے درمیان پیش آیا۔
ہوا یوں کہ حضرت شقیق بلخیؒ ایک مرتبہ تجارت کے غرض سے ایک طویل سفر پر روانہ ہوئے۔ لیکن ابھی کچھ ہی دن گزرے تھے کہ وہ اچانک اپنا تجارتی سفر ادھورا چھوڑ کر واپس گھر لوٹ آئے۔ جب ان کے قریبی دوست حضرت ابراہیم بن ادھمؒ نے انہیں دیکھا تو بہت حیران ہوئے اور پوچھا، ”شقیق! تم تو ایک طویل تجارتی سفر پر گئے تھے، پھر اتنی جلدی واپس کیوں آ گئے؟“
حضرت شقیق بلخیؒ نے جواب دیا، ”سفر کے دوران میں ایک ویران اور چٹیل میدان میں آرام کے لیے رکا۔ وہاں میری نظر ایک ایسی چڑیا پر پڑی جو اندھی اور معذور تھی اور اڑنے سے بالکل قاصر تھی۔ میں نے سوچا کہ یہ بے چاری اس سنسان جنگل میں کیسے زندہ رہے گی اور اسے خوراک کون دے گا؟“
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا، ”میں ابھی یہ سوچ ہی رہا تھا کہ اچانک ایک دوسری تندرست چڑیا اڑتی ہوئی آئی، جس کی چونچ میں خوراک تھی۔ اس نے بڑی محبت سے اس معذور چڑیا کے منہ میں دانہ ڈالا اور اڑ گئی۔ یہ منظر دیکھ کر میری آنکھیں کھل گئیں اور میں نے سوچا کہ جو پروردگار اس اندھی اور اپاہج چڑیا کو اس ویران جنگل میں بیٹھے بٹھائے رزق دے سکتا ہے، وہ مجھے بھی گھر بیٹھے دے گا۔ بس یہی سوچ کر میں نے محنت اور سفر کا ارادہ ترک کر دیا اور توکل کر کے واپس آ گیا۔“
یہ سن کر حضرت ابراہیم بن ادھمؒ نے ایک ٹھنڈی سانس بھری اور بڑے حکیمانہ انداز میں فرمایا، ”شقیق! تم نے اس واقعے سے لالچ اور سستی کا سبق کیوں لیا؟ تم نے خود کو اس اندھی اور معذور چڑیا کی طرح کیوں فرض کر لیا جو دوسروں کے رحم و کرم پر جی رہی ہے؟ تم نے اس دوسری صحت مند چڑیا کی مانند بننے کا کیوں نہیں سوچا، جو خود بھی اڑتی ہے، محنت کرتی ہے اور اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کا پیٹ بھی بھرتی ہے؟“
شقیق بلخیؒ نے یہ سنا تو تڑپ اٹھے اور انہوں نے آگے بڑھ کر ابراہیم بن ادھمؒ کا ہاتھ چوم لیا اور کہا، ”ابو اسحاق! تم نے میری آنکھ کا پردہ ہٹا دیا، وہی بات صحیح ہے جو تم نے کہی ہے۔“
حقیقت یہ ہے کہ ہر واقعے میں بیک وقت دو پہلو موجود ہوتے ہیں، ایک مثبت اور ایک منفی۔ یہ انسان کا اپنا امتحان ہے کہ وہ کس پہلو کو چنتا ہے۔ اگر ہم اس واقعے کا گہرا تجزیہ کریں تو یہ جدید نفسیات کے وقوفی نظریے Cognitive Theory یعنی جو سوچ کا انسانی رویے پر مطالعہ کرتا ہے کی ایک بہترین عملی مثال ہے۔ جدید نفسیات کہتی ہے کہ انسان کے ساتھ دنیا میں کیا ہو رہا ہے، اس سے اس کا رویہ طے نہیں ہوتا، بلکہ انسان ان واقعات کو اپنے دماغ میں کیا معنی دیتا ہے اور دنیا کو کس عینک سے دیکھتا ہے وہ چیز اس کے رویے کو چلاتی ہے۔
اس واقعے میں دو مختلف سوچیں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے دو مختلف رویے واضح طور پر موجود ہیں۔
آج کی جدید نفسیات بھی اسی بات پر تحقیق کر رہی ہے کہ انسان کا رویہ اس کی سوچ کے تابع ہوتا ہے اور اس میں زیادہ تر حصہ اس کی اپنی سوچوں کا ہوتا ہے جیسے اگر انسان کسی بھی صورتحال کو کس قدر منفی انداز میں پرکھتا اور دیکھتا ہے، یہی چیز اس کے اعصاب پر اثر انداز ہوتی ہے۔ چنانچہ نفسیاتی بیماریوں کی ایک بڑی وجہ بیرونی حالات نہیں، بلکہ ہماری سوچ کی یہی خرابی اور منفی زاویہ ہے۔
جدید نفسیات کے بانیوں میں سے ایک، البرٹ ایلس نے انسان کی سوچ اور رویے کے اس تعلق کو ایک بہت سادہ مثال سے واضح کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ فرض کریں اگر ایک طالب علم کا کوئی امتحان یا ٹیسٹ اچھا نہیں ہوتا۔ اب یہاں سے دو راستے نکلتے ہیں جو انسان کی سوچ طے کرتی ہے۔ وہ طالب علم اگر یہ سوچ اپنا لے کہ ”میں تو ہوں ہی ناکارہ، مجھ سے کبھی کچھ نہیں ہو سکتا، میں ایک ہارا ہوا انسان ہوں“ ۔ تو یہ منفی سوچ اسے شدید مایوسی، ڈپریشن اور عملی سستی کی طرف دھکیل دے گی۔ وہ آگے بڑھنا ہی چھوڑ دے گا۔
جب ایسا شخص کسی تھراپسٹ کے پاس جاتا ہے، تو تھراپسٹ اس کے حالات نہیں بدلتا، بلکہ اس کی سوچ کو بدلتا ہے جسے نفسیات کی زبان میں کوگنیٹیو ری فریمنگ کہا جاتا ہے۔ تھراپسٹ اس طالب علم کے سامنے یہ سوال رکھتا ہے کہ ”کیا صرف اس ایک ٹیسٹ کے اچھے نہ ہونے سے واقعی آپ کی پوری زندگی ناکارہ ہو گئی؟ کیا ایک ناکامی آپ کی پوری زندگی کا فیصلہ کر سکتی ہے؟ جب طالب علم اس واقعے کو ایک نئے زاویے سے دیکھتا ہے کہ یہ محض ایک عارضی دھچکا تھا نہ کہ مستقل ناکامی، تو اس کی سوچ بدلتی ہے اور وہ دوبارہ محنت کے لیے کھڑا ہو جاتا ہے۔ یعنی سوچ بدلنے سے اس کا پورا رویہ بدل جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جدید نفسیات کا یہی اصول ہمیں صدیوں پہلے صوفیائے کرام کی زندگیوں سے بھی ملتا ہے بالکل اسی طرح کی کوگنیٹیو ری فریمنگ حضرت ابراہیم بن ادھمؒ نے حضرت شفیق بلخیؒ کے واقعے میں استعمال کی ہے۔

