
اردو نثری نظم پر ہونے والی بحث محض ایک شعری صنف کی تعریف و تحدید کا مسئلہ نہیں بلکہ جدید شعری شعور، زبان کے برتاؤ، اظہار کی ماہیت، قرات کے طریقِ کار، صفحے کی جمالیات، آہنگ کی نوعیت اور معنی کی تشکیل جیسے پیچیدہ سوالات سے جڑی ہوئی بحث ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نثری نظم پر ہر سنجیدہ گفتگو دراصل شاعری کے تصور پر گفتگو بن جاتی ہے۔ اردو میں نثری نظم کی روایت اگرچہ اب ساٹھ ستر برسوں کے تخلیقی تجربات کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے، مگر اس کے باوجود اس صنف کی نظری تفہیم ابھی تک بعض بنیادی ابہامات کا شکار ہے۔
فیس بک وال پر پیش کردہ یاسر اقبال کے حالیہ دو مضامین اس بحث کو ایک نظریاتی فریم دینے کی کوشش کرتے ہیں، جہاں نثری نظم کو محض آزاد یا غیر عروضی اظہار کے طور پر ہی نہیں، ایک مخصوص شعری منطق اور داخلی ساخت کے حامل متن کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ پہلا مضمون نثری نظم اور آہنگ کے مسئلے کو مرکز بناتا ہے، جہاں آہنگ کی نوعیت، اس کی وسعت اور اس کے حاوی تصور پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔ جبکہ اس سلسلۂ فکر کا دوسرا مضمون اس مباحثے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے نثری نظم کی شعریات، اس کے تمثالی نظام، بیانیہ کی تحلیل اور معنیاتی حرکت جیسے بنیادی تصورات کو بھی زیرِ بحث لاتا ہے۔ تاہم ان دونوں مطالعات میں یہ محسوس ہوتا ہے کہ آہنگ اور داخلی شعری ساخت کے یہ تصورات بعض مقامات پر اتنی وسعت اختیار کر لیتے ہیں کہ ساخت اور تجربے کے دیگر امکانات کی توضیح ثانوی سطح پر چلی جاتی ہے۔
سب سے پہلا مسئلہ فرانسیسی نثری نظم کو ایک طرح کے معیاری اور اصل ماڈل کے طور پر برتنے کا ہے۔ اس زاویۂ نظر میں یہ مفروضہ شامل ہے کہ نثری نظم کی ایک ”مستند“ اور طے شدہ صورت پہلے سے موجود ہے اور دیگر تمام تجربات اسی معیار پر پرکھے جا سکتے ہیں۔ لیکن ادبی اصناف کی تاریخ یہ واضح کرتی ہے کہ کوئی بھی صنف ایک جامد اور واحد شکل میں برقرار نہیں رہتی۔ جب کوئی شعری یا نثری فارم مختلف زبانوں اور تہذیبی سیاق میں داخل ہوتی ہے تو وہ محض نقل نہیں رہتی، ایک نئی ادبی تشکیل اختیار کر لیتی ہے۔ اس لیے اردو نثری نظم کو فرانسیسی ماڈل کے انحراف کے طور پر دیکھنا اس کی مقامی شعری منطق کو ثانوی بنا دیتا ہے اور تخلیقی تبدیلی کو کمی یا انحراف کے زمرے میں محدود کر دیتا ہے۔
دوسرا مسئلہ نثری نظم اور شاعرانہ نثر کے درمیان ایک سخت اور غیر متزلزل حد قائم کرنے کا ہے۔ عملی سطح پر دیکھا جائے تو جدید ادب میں ایسی متعدد تحریریں موجود ہیں جو ان دونوں دائروں کے بیچ واقع ہوتی ہیں۔ ان کی شعریت نہ تو صرف سطری تقسیم سے متعین ہوتی ہے اور نہ ہی محض نثری بہاؤ سے خارج ہو جاتی ہے۔ اس لیے ایک قطعی حد کھینچ کر ان کے درمیان موجود ادبی تسلسل کو نظرانداز کرنا متن کی تخلیقی روانی کو محدود کر دیتا ہے۔ اصناف اپنی داخلی حرکیات میں ایک دوسرے میں داخل ہوتی رہتی ہیں اور نئی صورتیں پیدا کرتی رہتی ہیں، اس لیے انہیں سخت خانوں میں قید کرنا ان کی فطری وسعت کے خلاف ہے۔
تیسرا اہم مسئلہ نثری نظم کے آہنگ کو خطابت اور الہامی متون کے آہنگ سے شناخت کرنے کا ہے۔ بلاشبہ یاسر اقبال کا مقصد نثری نظم کو خطابت میں تحلیل کرنا نہیں بلکہ اس کے غیر عروضی آہنگ کی نوعیت کو واضح کرنا ہے، لیکن اس تقابل میں خطابت آہنگ کے ایک مثالی نمونے یعنی ردمک ماڈل کی حیثیت اختیار کر لیتی ہے۔ نتیجتاً وہ شعری متون نسبتاً زیادہ نمایاں ہو جاتے ہیں جن میں تموّج، تکرار اور خطابی شدت موجود ہو، جبکہ وہ متون پس منظر میں چلے جاتے ہیں جو اپنی تاثیر خاموشی، انقطاع، ابہام یا معنیاتی تعلیق سے حاصل کرتے ہیں۔ حالانکہ جدید شاعری کا ایک بڑا حصہ اسی دوسری نوعیت کے لسانی اور جمالیاتی امکانات سے تشکیل پاتا ہے۔ اس لیے تقریری آہنگ کو نثری نظم کے مثالی نمونے کے طور پر قبول کرنا بعض اہم شعری امکانات کو غیر ارادی طور پر ثانوی بنا دیتا ہے۔
چوتھا اور بنیادی مسئلہ آہنگ کی نوعیت سے متعلق ہے۔ یاسر اقبال نثری نظم کی شناخت کو اس کے داخلی اور غیر عروضی آہنگ سے وابستہ کرتے ہیں، جو ان کے ہاں محض صوتی سطح تک محدود نہیں رہتا بلکہ متن کی مختلف لسانی اور معنوی سطحوں کو محیط ہو جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر آہنگ کو اس قدر وسیع مفہوم میں برتا جائے کہ زبان کی تقریباً تمام تنظیمی سطحیں اس میں شامل ہو جائیں تو پھر یہ اصطلاح اپنی امتیازی حیثیت کس حد تک برقرار رکھ پاتی ہے؟ اس صورت میں آہنگ ایک متعین تجزیاتی اصطلاح کے بجائے ایک ہمہ گیر جمالیاتی استعارہ بننے لگتا ہے، جس کے اندر متن کی تقریباً ہر خصوصیت جذب ہو جاتی ہے۔ نتیجتاً وہ حد واضح نہیں رہتی جہاں آہنگ بطورِ توضیحی تصور کام کرتا ہے اور جہاں وہ محض ایک عمومی وصف میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ چنانچہ آہنگ کو نثری نظم کی ایک اہم جہت تو قرار دیا جا سکتا ہے، لیکن اسے اس کی حتمی یا جامع تعریف میں تبدیل کرنا بعض نئے نظری سوالات کو جنم دیتا ہے۔
یاسر اقبال کے دوسرے مضمون میں نثری نظم کو جس طرح شعریات کے طور پر تشکیل دینے کی کوشش کی گئی ہے، وہ اپنی جگہ ایک پُرجوش منصوبہ تو ہو سکتا ہے، لیکن اسی منصوبے میں کئی ایسے مقامات ہیں جہاں وضاحت کی خواہش خود حد بندی کے ابہام میں بدلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ آہنگ کو محض صوتی سطح سے اٹھا کر ”نامیاتی تموج“ ، ”معنیاتی آہنگ“ اور ”جذباتی لہر“ تک پھیلا دینا بظاہر ایک نظریاتی وسعت ہے، مگر سوال یہ ہے کہ جب آہنگ اتنا جامع ہو جائے کہ اس میں معنی، وقفہ، تمثال اور قرات کی زمانی حرکت سب شامل ہو جائیں تو پھر اس کی تجزیاتی شناخت کہاں باقی رہتی ہے؟ جو اصطلاح فرق قائم کرنے کے لیے لائی گئی تھی، وہ خود فرق مٹانے کا ذریعہ تو نہیں بن جاتی؟
اسی طرح بیانیہ کے ”رد“ کو ایک باقاعدہ شعری اصول کے طور پر پیش کیا گیا ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جب بیانیہ کی تحلیل کو نثری نظم کی تفہیم کا ایک واحد تکنیکی اصول سمجھ لیا جاتا ہے تو نثری نظم کی وہ صورتیں نظر سے اوجھل ہو جاتی ہیں جن میں بیانیہ خاموشی اور التوا کی کیفیت میں اپنی موجودگی برقرار رکھتا ہے اور مکمل طور پر نہیں ٹوٹتا بلکہ صرف اپنی سمت بدلتا ہے، اور یہی تبدیلی بعض اوقات زیادہ پیچیدہ شعری تجربہ پیدا کرتی ہے۔ ردِ بیانیہ کو ایک غالب قانون بنا دینے سے یہ باریک فرق پس منظر میں چلا جاتا ہے۔ انسائیکلوپیڈیا کی تعریف سے نثری نظم کی شعریات اخذ کرنا بھی دراصل متن کو پڑھنا نہیں، اسے پہلے سے طے شدہ تعریف کے تابع کر دینا ہے اور مضمون نگار اسی طریقِ کار پر عمل کرتا دکھائی دیتا ہے۔
تمثالیے کو اکائی میں بدلنے کی کوشش اس مضمون کی سب سے بامعنی جہت ہو سکتی تھی، لیکن یہاں بھی ایک بنیادی سوال ابھرتا ہے کہ اگر ہر نظم تمثالیوں کے جھرمٹ سے بنی ہے اور ہر جھرمٹ خود ایک خود مختار اکائی ہے تو پھر اکائی اور تسلسل کے درمیان فرق کہاں قائم رہتا ہے؟ تمثال کو اگر اتنا خود کفیل بنا دیا جائے کہ وہ معنی کی بنیادی وحدت بن جائے تو زبان کا وہ نحوی اور منطقی رشتہ کہاں جائے گا جو شاعری کو صرف تصویری سلسلہ ہی نہیں رہنے دیتا، ایک تجرباتی ساخت بھی بناتا ہے؟
”آزاد تلازمۂ تمثال“ کا تصور بھی اسی مسئلے کو ایک نئے زاویے سے سامنے لاتا ہے۔ تلازمہ اگر واقعی آزاد ہے تو پھر اس کی منطق کو خواب یا اساطیر کی منطق کے تحت منظم کرنا آزادی کی نفی نہیں تو کم از کم اس کی سمت بندی ضرور ہے۔ یہاں آزادی ایک ایسے نظم میں بدلتی ہے جو بظاہر کھلا ہے مگر اندر سے پہلے سے طے شدہ حرکیات کے تحت چل رہا ہے۔ اس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ آزادی واقعی متنی ہے یا محض تشریحی سطح پر قائم ہے؟
جست اور بازگشت کا ماڈل بلاشبہ معنی کی حرکت کو سمجھنے کی ایک اہم کوشش ہے، لیکن اسے پورے متن کا بنیادی اصول بنا دیا جائے تو پھر ہر وقفہ ایک تخلیقی لمحہ اور ہر تکرار ساخت کا ایک قانون بن جاتا ہے۔ اس طرح متن کی وہ غیر یقینی کیفیت، جو جدید شاعری کی اصل توانائی ہے، کسی حد تک ایک پہلے سے طے شدہ نقشے کے مطابق منظم ہونے لگتی ہے۔ معنیاتی خلا کو اگر ہمیشہ جست اور بازگشت کے ذریعے بھر دیا جائے تو پھر خلا اپنی ”غیر متعین“ حیثیت سے محروم ہو جاتا ہے اور ایک متوقع نظام کا حصہ بن جاتا ہے۔
اسی طرح crescendo اور decrescendo کو پورے نثری نظام کے بنیادی آہنگ کا اصول بنا دیا جائے تو پھر خطرہ یہ ہے کہ ہر متن ایک پہلے سے طے شدہ موسیقیت کے ماڈل میں بند ہونے لگتا ہے۔ جبکہ نثری نظم کا ایک بڑا حصہ ایسی تحریروں پر مشتمل ہے جو کسی واضح اتار چڑھاؤ کے بجائے ایک ہموار حتیٰ کہ منقطع سطح پر بھی اپنی شدت پیدا کرتی ہیں۔ خاموشی، جملے کا ٹوٹنا، یا معنی کا معلق رہ جانا بھی آہنگ کا اتنا ہی اہم عمل ہو سکتا ہے جتنا بلند صوتی تموج۔
اصل اختلاف یہ ہے کہ یہ پورا ماڈل نثری نظم کو ایک مربوط داخلی نظام میں بدل دیتا ہے، جبکہ مسئلہ یہ ہے کہ نثری نظم اپنی تاریخی اور عملی صورت میں اکثر ایسے نظاموں سے باہر رہنے کی ضد پر قائم رہی ہے۔ اسے ایک شعری منطق میں مکمل طور پر سمیٹ لینے کی کوشش اس کی متغیر اور سیال کیفیت کو کمزور کر دیتی ہے، جو اسے روایتی شعری سانچوں سے الگ بھی کرتی ہے اور ان کے خلاف مسلسل فعال بھی رکھتی ہے۔
