بلاگ

شاہین کے پر نہ کاٹو

dr muhammad abdullah avais

کچھ خبریں صرف خبر نہیں ہوتیں وہ تاریخ کا رخ موڑ دیتی ہیں۔ 28 فروری 2026 کی صبح ایسی ہی ایک خبر آئی۔ امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا۔ ایک کے بعد ایک خبر آتی رہی۔ فوجی اڈے تباہ۔ تیل کے ذخیرے جل رہے ہیں۔ تہران پر زہریلی بلیک رین برس رہی ہے۔ ایران کا 85 فیصد فضائی دفاعی نظام ختم۔ راقم خبریں پڑھتا رہا اور سوچتا رہا، یہ صرف ایران کی کہانی نہیں۔ یہ ہر اس ملک کی کہانی ہے جو طاقتور کی نظر میں آ جائے۔

ایران، لبنان اور اس پوری جنگ میں پاکستان کے لیے ایک بہت واضح پیغام چھپا ہوا ہے، اگر ہم سمجھنا چاہیں تو۔

لبنان کو دیکھیں۔ 850 سے زیادہ افراد ہلاک۔ 8 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر۔ بیروت کے بازاروں میں، گلیوں میں، گھروں پر بمباری۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں سفید فاسفورس استعمال کیا جو بین الاقوامی قانون کے تحت سختی سے ممنوع ہے۔ اور ایران نے اسرائیل پر کلسٹر بم داغے وہ ہتھیار جو ایک ساتھ درجنوں چھوٹے بم پھینکتا ہے اور دس کلومیٹر کے دائرے میں تباہی مچا دیتا ہے۔ یہ جنگ نہیں یہ انسانیت کا قتل عام ہے۔ اور یہ سب دیکھ کر ذہن میں ایک ہی سوال گھومتا ہے کہ اگر کل خدانخواستہ پاکستان کی باری آئی تو ہم کہاں کھڑے ہوں گے؟

اور پھر وہ خبر آئی جس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ علی خامنہ ای جو 1989 سے ایران کے سپریم لیڈر تھے اپنی رہائش گاہ پر امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔ ان کی بیٹی، داماد، پوتی اور بہو بھی اسی حملے میں شہید ہو گئے۔ سی آئی اے نے مہینوں تک خامنہ ای کی لوکیشن ٹریک کی، یہ انٹیلی جنس اسرائیل کو فراہم کی اور پھر ایک صبح حملہ ہوا۔ یہ محض ایک شخص کا قتل نہیں تھا، یہ ایران کے پورے کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کو ایک ہی وار میں ختم کرنے کی کوشش تھی۔ کرمنالوجی میں اسے Decapitation Strategy کہتے ہیں، قیادت کو ختم کرو، نظام خود بکھر جائے گا۔ لیکن یہ حساب غلط نکلا۔ 8 مارچ کو خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ بلب بدلا لیکن روشنی وہی رہی۔ اور تجزیہ کاروں نے خبردار کیا کہ اس طرح کا اقدام ایران میں ایک زیادہ جارحانہ، زیادہ سخت اور زیادہ انتقامی قیادت کو جنم دے سکتا ہے جو پہلے سے کہیں زیادہ خطرناک ہو گی۔

ایران نے 500 سے زیادہ بیلسٹک میزائل اور تقریباً 2000 ڈرون داغے۔ لیکن جب قیادت ختم ہو جائے تو ہتھیار بھی سمت کھو دیتے ہیں۔ اور دس دنوں میں ایران کی میزائل فائرنگ کی صلاحیت نوے فیصد کم ہو گئی کیونکہ لانچر تباہ کر دیے گئے ہیں۔ یہاں پاکستان کے لیے سبق بہت واضح ہے۔ دفاع صرف میزائلوں کا نام نہیں دفاع کا مطلب ہے محفوظ قیادت، مضبوط کمانڈ، اور وہ نظام جو دشمن کی پہلی ضرب کے بعد بھی پوری طاقت کے ساتھ کھڑا رہے۔

اب ذرا پاکستان کی طرف آتے ہیں۔ دسمبر 2022 میں امریکہ نے پاکستان کے نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس پر پابندیاں لگائیں۔ وجہ بتائی گئی کہ طویل فاصلے کے میزائل پروگرام میں کردار۔ امریکی انٹیلی جنس سربراہ نے سینیٹ میں کہا کہ پاکستان کے میزائل ایک دن امریکہ تک پہنچ سکتے ہیں۔ اور اب پھر 2026 میں امریکہ نے کہا کہ پاکستان کا میزائل پروگرام ان کے لیے خطرہ ہے۔ یہ سن کر ہنسی بھی آتی ہے اور غصہ بھی۔ شاہین سوم کی رینج 2850 کلومیٹر ہے جو بھارت تک ہی پہنچتا ہے، امریکہ تک نہیں۔ یاد رہے اصل مسئلہ رینج نہیں ہے اصل مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے جو اپنا دفاع خود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، چین کا قریبی اتحادی ہے۔ اس کے علاوہ پہلا مسلم ایٹمی طاقت رکھنے والا ملک ہے جو روایتی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے مکار بنیے کو صحیح طریقے سے جواب دے سکتا ہے۔

یہ باتیں امریکہ کو پسند نہیں۔ کرمنالوجی میں ہم اسے لیبلنگ تھیوری کہتے ہیں جب ایک طاقتور ریاست کسی کو خطرہ قرار دے دے تو پھر اس کا ہر عمل مشکوک نظر آنے لگتا ہے اور بنا بھی دیا جاتا ہے اب چاہے وہ اپنا دفاع ہی کیوں نہ کر رہا ہو۔ پاکستان کو یہ لیبل لگایا جا رہا ہے اور ہمیں اس کا جواب الفاظ سے نہیں، اپنی صلاحیت سے دینا ہو گا۔ امریکہ عراق کے لیے بھی یہی طریقہ استعمال کرتا ہے۔

لمبی رینج کے میزائل کیا کرتے ہیں؟ وہ دشمن کو اس کی سرحد کے اندر روکتے ہیں۔ وہ فیصلہ سازوں کو سوچنے پر مجبور کرتے ہیں۔ وہ جنگ شروع ہونے سے پہلے دشمن کے حسابات بدل دیتے ہیں۔ جب مخالف جانتا ہو کہ جواب آئے گا، بھاری آئے گا اور درست نشانے پر آئے گا تو وہ پہلا قدم اٹھانے سے پہلے سو بار سوچتا ہے۔ پاکستان کا شاہین، ابابیل اور بابر کروز میزائل یہی کردار ادا کرتے ہیں۔ اور امریکہ انہیں کمزور کرنا چاہتا ہے۔ ریشنل چوائس تھیوری کہتی ہے کہ ہر ملک اپنا فائدہ نقصان سوچ کر فیصلہ کرتا ہے۔ پاکستان کو اپنی صلاحیت اتنی مضبوط رکھنی ہے کہ کوئی بھی یہ حساب کبھی نہ لگا سکے۔

ہمارے دفاعی اداروں، پاک فوج اور دفاعی پیداوار سے جڑے ہر ذمہ دار سے میری گزارش ہے کہ لبنان، عراق، لیبیا، کو دیکھیں، ایران کو دیکھیں اور سیکھیں۔ اگر آپ کے پاس موبائل لانچر نہیں، اگر آپ کے میزائل زیرزمین محفوظ نہیں، اگر آپ کا دفاعی نظام ملٹی لیئر نہیں تو پہلا حملہ آخری حملہ بھی ہو سکتا ہے۔ شاہین سوم کی MIRV صلاحیت کا کام جاری رہنا چاہیے کیونکہ بھارت کا میزائل ڈیفنس سسٹم بڑھ رہا ہے اور ہمارا جواب یہی ہے کہ ایک میزائل سے کئی ہدف نشانہ بنائے جا سکیں۔ کلسٹر میزائل کے جواب کے ساتھ ساتھ اپنی آبادی کو بچانے کے لیے ملٹی لیئر ائر ڈیفنس سسٹم بھی ناگزیر ہیں۔ لبنان میں عام شہری بے بس تھے، پاکستان میں یہ نہیں ہونا چاہیے۔ امریکی پابندیوں کا جواب چین اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ دفاعی تعاون کو مضبوط کرنا ہے۔ اور سب سے اہم بات دفاعی پیداوار کو مقامی بنائیں۔ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس کو مزید مضبوط کریں۔ جو ملک اپنے ہتھیار خود بناتے ہیں وہ کبھی کسی کی پابندی سے نہیں رکتے۔

اسٹرکچرل وائلنس کا نظریہ ہمیں بتاتا ہے کہ جو ممالک کمزور ہیں وہی نشانہ بنتے ہیں۔ ایران کمزور نہیں تھا لیکن اس کا دفاعی نظام ناکافی تھا۔ پاکستان کے لیے سبق صرف یہ ہے کہ طاقت ہی تحفظ ہے اور کمزوری دعوت ہے۔

تقدیر کے قاضی کا یہ فتویٰ ہے ازل سے
ہے جُرمِ ضعیفی کی سزا مرگِ مفاجات

ہم نے 1971 کا زخم سہا۔ ہم نے کارگل کا امتحان دیا۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور جیتی۔ آج ایک نئی دنیا ہمارے سامنے ہے جہاں لمبی رینج کے درست میزائل، کلسٹر ہتھیار، ڈرون اور انٹیلی جنس سے چلنے والی ڈیکیپیٹیشن اسٹریٹیجی جنگ کا نقشہ بدل رہی ہے۔ خامنہ ای کی شہادت نے دنیا کو یہ بتا دیا کہ آج کی جنگ میں کوئی بھی محفوظ نہیں نہ قیادت، نہ فوج، نہ عوام۔ اس لیے تیاری آج کرنی ہے، کل نہیں۔

شاہین کے پر نہ کاٹے جائیں، نہ امریکی پابندیوں سے، نہ سفارتی دباؤ سے، نہ کسی لالچ سے۔ کیونکہ جب شاہین اڑتا ہے تو پاکستان محفوظ ہوتا ہے۔ اور جب شاہین زمین پر ہو تو لامحالہ دشمن آسمان پر ہو گا۔

Subscribe
Notify of
guest
4 Comments
Qaisar Iqbal
Qaisar Iqbal
7 months ago

Dr. Sahib
Excellently written. Great and critical analysis

Shahbaz Gondal
Shahbaz Gondal
7 months ago
Reply to  Qaisar Iqbal

Dr. Sb thank you so very much for so deep and thoughtful writings.

محمد عرفان ایڈووکیٹ
محمد عرفان ایڈووکیٹ
7 months ago

بہت خوب،

Muhammad Mirza
Muhammad Mirza
7 months ago

Zabrdust

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW