گُل پلازہ آتشزدگی: جرم، ریاست اور سانحہ
گُل پلازہ کی آتشزدگی کو اگر روایتی طریقہ کار کے مطابق محض ایک حادثہ سمجھا جائے تو یہ حقیقت سے فرار اور حقائق سے منہ چھپانے کے ایک کوشش ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں یہ عام رواج ہے کہ ہم ہر حادثے کے بعد نئے حادثے کا انتظار کرتے ہیں۔ اور دو حادثات کے درمیانی وقفے کے دوران ہم دوسروں پر الزام لگاتے ہیں۔ کیونکہ یہ سانحہ کراچی کے قلب میں واقع ایک پرانے اور گنجان شاپنگ مال میں 17۔ جنوری 2026 کی درمیانی رات پیش آیا، جہاں چند منٹوں میں آگ نے عمارت کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، درجنوں جانیں گئیں، درجنوں زخمی اور لاپتہ ہوئے اور آگ لگنے سے تمام شاپنگ مال کو نقصان پہنچا اور اس کے بیشتر حصے گر گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ کا آغاز غالباً شارٹ سرکٹ یا گیس لیکیج سے جڑے دھماکے سے ہوا، مگر اصل سوال یہ نہیں کہ چنگاری کہاں سے اٹھی، بلکہ یہ ہے کہ وہ چنگاری اتنے بڑے اجتماعی قتل میں کیسے بدلی، جب کہ یہ عمارت برسوں سے آتش گیر سامان، پرانی وائرنگ، تنگ راہداریوں اور ناکافی فائر سیفٹی کے ساتھ چل رہی تھی اور تمام متعلقہ اداروں کو اس طرح کے خطروں کا عمومی ادراک تھا۔
ایک مجرمیات کے طالب علم کے نقطۂ نظر سے گُل پلازہ کی عمارت خود ”ساختی تشدد“ کی مثال تھی، جہاں تقریباً 1200 دکانیں، کارپٹس، کمبل، کپڑا، پلاسٹک اور دیگر آتش گیر اشیا تنگ گلی نما راہداریوں میں سجی تھیں، فائر الارم سسٹم، فعال پانی کے اسپرنکلرز، واضح ایمرجنسی راستے اور دھوئیں کے اخراج کا مناسب نظام یا تو موجود نہیں تھا یا ناکارہ اور بندش کا شکار تھا، جس کے باعث دھواں بہت تیزی سے پھیلا اور لوگ اندھیرے، گھبراہٹ اور بند راستوں میں پھنس گئے۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے ہمیشہ کی طرح پوری رات جدوجہد کی مگر عمارت کی خستہ ساخت، اندرونی گرمی، کمزور ستونوں اور گھنے دھوئیں نے ریسکیو آپریشن کو حد درجہ خطرناک اور سست بنا دیا، یہاں تک کہ ایک فائر فائٹر بھی جان کی بازی ہار گیا، جو اس بات کی علامت ہے کہ متاثرہ افراد کے ساتھ ساتھ بچانے والوں کی جانیں بھی اس مجرمانہ انتظامی ناکامی کی قیمت ادا کر رہی تھیں۔
ذمہ داری کی بات کی جائے تو جرم شناسی (کرمنالوجی) واضح کرتی ہے کہ یہ بوجھ کسی ایک فرد پر نہیں ڈالا جا سکتا کیونکہ اس میں پلازہ کے مالکان، دکانداروں کی انجمن، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، فائر بریگیڈ، متعلقہ صوبائی محکمہ جات اور بجلی فراہم کرنے والے ادارے، سب کسی نہ کسی درجے میں شریکِ جرم ہیں۔ عمارت کے نقشے، فائر سیفٹی سرٹیفکیٹ، سالانہ انسپیکشن، وائرنگ کی اپ گریڈیشن ماضی کا حصہ ہے اور اب الزام تراشی کے لیے استعمال کی جائیں گے نہ کہ سبق سیکھنے کے لیے۔ اور ایمرجنسی ڈرلز تو کاغذی کارروائی تک محدود رہتے ہیں۔ جب ریاستی ادارے برسوں سے جانتے ہوں کہ شہر میں فیکٹریوں، مالز اور پلازوں میں بار بار آگ لگ رہی ہے، انکوائریوں کی رپورٹس الماریوں میں بند پڑی ہوں، اور اس کے باوجود نئے تعمیراتی منصوبوں کو بغیر سخت فائر سیفٹی معیار کے منظور کیا جاتا رہے، تو یہ صرف غفلت نہیں بلکہ مستقبل کے خطرے کو جان بوجھ کر قبول کرنا ہے، جسے قانوناً اجتماعی مجرمانہ غفلت اور مجرمانہ غفلت کے زمرے میں رکھا جانا چاہیے۔
اس سانحے نے طبقاتی نا انصافی کو بھی بے نقاب کیا ہے، کیونکہ مرنے اور جھلسنے والوں کی اکثریت چھوٹے دکانداروں، سیلز مینوں، روزانہ اجرت والے مزدوروں اور دیہاڑی داروں پر مشتمل ہے، جو پہلے ہی قرضوں، کمیٹیوں، مہنگے کرایوں اور غیر یقینی آمدنی کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے اور اب خالی ہاتھ ملبے کے سامنے کھڑے ہیں، جب کہ حقیقی فیصلہ ساز ڈیویلپرز، با اثر مالکان اور افسران بالا نسبتاً محفوظ میں ہیں۔ جرم شناسی میں وکٹمالوجی (Victimology) ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ایسے سانحوں کے ثانوی اثرات جیسا کہ بچوں کا اسکول چھوڑ دینا، جبری مزدوری میں اضافہ، گھریلو تشدد، ذہنی صحت کے مسائل، شہریوں میں بداعتمادی اور ریاست سے بیگانگی بھی مستقبل کے ”جرائم“ کے دائرے ہی میں آئیں گے، لیکن ہماری حکومتی پالیسی انہیں نظر انداز کر کے صرف مرنے والوں کی گنتی پر اکتفا کرتی ہے۔ مزید برآں، پاکستان میں ریسکیو آپریشن کا مطلب لاشوں کو اکٹھا کرنا ہے، نہ کہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنا۔
حکومتی ردِ عمل کے طور پر حسبِ روایت انکوائری کمیٹی، معاوضے کا اعلان، فائر سیفٹی آڈٹ اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی بات کی گئی، مگر پاکستان کے سیاق میں ”انکوائری کلچر“ اکثر علامتی انصاف (Symbolic Justice) تک محدود رہتا ہے، جہاں چند نچلے درجے کے اہلکار معطل ہو جاتے ہیں، کوئی ایس ایچ او یا لوکل افسر عارضی طور پر تبدیل ہوتا ہے، لیکن وہ ساختی عوامل، کرپٹ نظام، فائر بریگیڈ کی کمزور استعداد، کم بجٹ، سیاسی مداخلت، بلڈنگ کوڈز کا ناقص نفاذ جوں کا توں رہتے ہیں جنہوں نے سانحہ ممکن بنایا تھا۔ حقیقی احتساب کے لیے ضروری ہے کہ کم از کم ہائی کورٹ کی نگرانی میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بنایا جائے جو عمارت کے ابتدائی نقشوں سے لے کر تازہ ترین انسپیکشن تک کا ریکارڈ کھولے، بلڈنگ کنٹرول، کے ایم سی، فائر بریگیڈ، کے ای ایس سی، اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کے حلفیہ بیانات لے، ذمہ داری کی چین (Chain of Responsibility) واضح کرے اور جہاں مجرمانہ کوتاہی ثابت ہو وہاں نہ صرف انتظامی بلکہ فوجداری مقدمات بھی قائم ہوں۔
جہاں تک مستقبل میں ایسے واقعات پر قابو پانے اور اصلاح کی بات ہے، وہاں تین سطحوں پر اقدامات کی ضرورت ہے : پہلی سطح قانون اور اداروں کی، جس میں فائر سیفٹی کو بلڈنگ بائی لاز کی بنیادی شرط بنایا جائے، ہر کمرشل پلازہ کے لیے لازمی، سالانہ اور فائر آڈٹ ہو، خلاف ورزی پر جرمانے کے ساتھ کمرشل پلازہ کی بندش اور جیل تک کی سزائیں دی جائیں، اور فائر بریگیڈ و ریسکیو اداروں کو جدید آلات، ہائیڈرولک پلیٹ فارمز، تھرمل کیمرے اور جامع تربیت مہیا کی جائے۔ دوسری سطح کاروباری برادری کی ہے، جہاں تاجروں کی تنظیموں، چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کو خود سیفٹی کو کمرشل مفاد کا حصہ بنانا ہو گا، دکانداروں اور پلازہ مالکان کے لیے سیفٹی ٹریننگ، ایمرجنسی ڈرلز اور مشترکہ انشورنس اسکیمیں وضع کرنی ہوں گی، تاکہ حفاظتی اقدامات کو ”خرچ“ کی بجائے ”سرمایہ“ سمجھا جائے۔ تیسرے درجے پر عام شہری، خریدار اور مزدور بھی ذمہ دار ہیں کہ وہ شاپنگ مالز اور بازاروں میں صرف سیل اور ماحول نہیں دیکھیں بلکہ آگ بجھانے والے آلات، ایمرجنسی راستے اور بنیادی حفاظتی انتظامات پر بھی سوال اٹھائیں، کیونکہ جب عوامی مطالبہ سیفٹی کے حق کی شکل اختیار کرے گا تو سیاسی اور تجارتی قیادت دونوں کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔
اگر ترقی یافتہ ممالک کے تجربات کو دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہاں بڑے سانحات مثلاً لندن کے گرین ٹاور یا جنوبی کوریا کے شاپنگ مال آتشزدگی کیسز کے بعد بڑی اصلاحات کی گئیں، انکوائریاں عوامی سطح پر نشر ہوئیں، متاثرہ خاندانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کیا گیا، اور کئی جگہوں پر میئرز، وزراء اور کارپوریشنز کے خلاف اجتماعی مقدمات چلائے گئے، جس کے نتیجے میں آج ان ممالک میں کسی نئی کمرشل بلڈنگ کا فائر سرٹیفکیٹ بغیر سخت ٹیسٹنگ کے ممکن نہیں رہتا۔ پاکستان میں اگر ہم واقعی کوئی سبق سیکھنا چاہتا ہے تو ہمیں بھی ایسے ہی شفاف، عوامی اور قانوناً مضبوط ماڈل کو اپنانا ہو گا، جہاں ہر سانحہ محض ”غم“ نہیں بلکہ پالیسی، قانون اور ادارہ جاتی ڈھانچے کے تغیر کا نقطۂ آغاز بنے۔
آخر میں سوال یہی ہے کہ گُل پلازہ کی آگ کو ہم شارٹ سرکٹ کا حادثہ سمجھ کر بھول جائیں گے یا اسے ریاست، اور شہری منصوبہ بندی کے مشترکہ جرم کی علامت سمجھ کر اپنی حکمرانی کے پورے نظام کا پوسٹ مارٹم کریں گے، کیونکہ اگر ہم نے یہ سانحہ بھی دیگر واقعات کی طرح وقتی ہمدردی، محدود معاوضے اور کاغذی انکوائری کے سپرد کر دیا تو کراچی اور دیگر شہروں کے ہر اگلے پلازہ، ہر اگلی فیکٹری اور ہر اگلے بازار کو درپردہ ”کرائم سین“ بننے سے کوئی نہیں روک سکے گا، جہاں بس تاریخ، نام اور چہروں کا فرق ہو گا، جرم وہی رہے گا۔


To write very nice 👌