وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی کارکردگی
وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی کارکردگی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔ اس وزارت کے زیرانتظام ہر دو یعنی مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے کام سرانجام دیے جاتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر خالصتاً مذہبی نوعیت کے ہیں جن میں ماہانہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاسوں کا انعقاد، جج و عمرے سے متعلق معاملات مثلاً حاجیوں و عمرہ زائرین کے قیام کے انتظام انصرام وغیرہ کی نگرانی کرنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حساس نوعیت کے مذہبی معاملات مثلاً اغلاط سے پاک قرآن کی اشاعت، سیرت کانفرنس وغیرہ کا انعقاد شامل ہے۔ اسی طرح بین المذاہب ہم آہنگی کے سلسلہ میں بھی وزارت کے تحت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں غیرمسلموں کے تہواروں کی مناسبت سے پروگراموں کے علاوہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اقدامات اور مکالماتی نشستوں کا انعقاد شامل ہے۔ وزارت اقلیتوں کے لئے مختلف کاموں کے لئے مختص رقوم بھی ان کو جاری کرتی ہے جن میں ویلفیئر فنڈ، اقلیتی طالب علموں کے لئے وظائف کا اجرا اور مستحقین کے لئے مالی امداد کی فراہمی اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لئے رقوم کی فراہمی شامل ہے۔
پہلے یہ وزارت مذہبی و اقلیتی امور کے نام سے موسوم تھی اور کم و بیش یہی کام کر رہی تھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جب اٹھارہویں ترمیم کا بیڑا اٹھایا گیا تو اختیارات کو صوبوں تک منتقلی کے نام پر اس وزارت کو بھی صوبائی معاملہ قرار دے کر صوبوں کو منتقل کیا جانا تھا۔ اٹھارہویں ترمیم کے لئے جوڑی گئی کمیٹی کے سربراہ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے اس ضمن میں اپنی سفارشات آئینی ترمیم کی شکل میں پیش کیں تھیں۔ لیکن جب اس پر عمل کرنے کا وقت آیا تو وفاق نے دیکھا کہ اگر چند ایک اہم اور کماؤ پوت وزارتیں صوبوں کو منتقل کردی جائیں تو یہ مالی طور پر گھاٹے کا سودا ہو گا۔ اسی بات کے پیش نظر وفاق نے صحت، خوراک، کھیل، سمندر پار پاکستانیوں کے امور، تعلیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے نام بدل کر ان کو وفاق کے زیرانتظام ہی رکھنا مناسب خیال کیا۔ حالاں کہ یہ اٹھارہویں ترمیم کی اصل روح کے منافی فیصلہ تھا لیکن میاں رضا ربانی سمیت اس پر کسی کو ہلکی سی چوں چرا کرنے کی ہمت بھی نہ ہوئی۔ وزارت صحت کو ہیلتھ سروسز ریگولیشن و کوارڈینیشن کا نام دیا گیا جب کہ خوراک کو فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کا نام مل گیا۔ اسی طرح تعلیم کو وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور وزارت مذہبی امور کے نام کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی نتھی کر دیا گیا۔ وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے زیر انتظام ایک بڑے مالیاتی اثاثے رکھنے والے ادارے اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشنز (ای او بی آئی) کی وجہ سے وفاق میں رکھا گیا۔ کھیل جسے مکمل صوبائی محکمہ قراردیا گیا تھا اس میں سونے کے انڈے دینے والی مرغی کے مصداق پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ (پی سی بی) کی وجہ سے اپنے ہاتھ میں رکھا گیا۔ آج بھی باسی کڑی میں ابال کے مترادف جب کبھی اپنے سیاسی مفادات پر ضرب پڑتی دکھائی دیتی ہے تو سیاست داں اٹھارہویں ترمیم کا راگ الاپتے نظر آتے ہیں جب کہ حقیقت اس سے واضح ہوتی ہے کہ وہ اس ترمیم سے کتنے سچے وفادار ہیں۔
اگر بات وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سے متعلق کی جائے تو اس کی کارکردگی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ وزارت اگر ہجری کیلنڈر پر کام کرے اور رویت ہلال کا کام ہی بروقت کر لے تو بڑی بات ہے۔ اسی طرح حج کے موقع پر جو بدانتظامی دیکھنے سننے کو ملتی ہے وہ تو ہر سال کا عمومی قصہ بن کر رہ گیا ہے۔ ماضی قریب کی کئی مثالیں ہیں جن میں اس وزارت کے انچارج وزرا الزامات کی زد میں آئے اور ان کے خلاف مبینہ مالی گھپلوں کی انکوائریاں ہوئیں۔ بعض کے خلاف تو سنگین نوعیت کے الزامات پر نیب نے ان پر مقدمات قائم کیے اور انھوں نے جیلیں کاٹیں۔ ان میں مولانا سعید کاظمی، اعظم سواتی اور طلحہٰ محمود کے نام شامل ہیں۔ آج بھی اس وزارت کے حوالہ سے کئی ایک اسکینڈل سامنے آتے رہتے ہیں۔ اسی طرح غیر مسلم بھی اس بات کے شاکی ہیں کہ وزارت ان کے نام پر جو بھاری رقوم بطور خرچ دکھاتی ہے وہ کہاں جاتے ہیں کسی کو معلوم نہیں۔ طلبہ میں وظائف اور مستحقین میں رقوم کی بندر بانٹ بڑے سوال اٹھاتی ہیں۔ ایسے معاملات میں عدم شفافیت بھی بڑا سوال ہے جو سامنے آتا ہے۔ بالفرض محال اگر وزارت کسی اقلیتی عبادت گاہ پر کچھ خرچ کرتی ہے تو وہ سامنے کیوں نہیں آتا؟ لگتا ہے کہ یہاں بھی معاملہ اندھا بانٹے شیرینی پھر پھر اپنوں کو دے!
پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہی سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی کی ایما پر ملک میں یوم اقلیت منانے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ وزارت اس دن کو با اہتمام منانے کے لئے پروگرام منعقد کرتی ہے جو یقیناً اچھی اور قابل ذکر بات ہے۔ لیکن دوسری جانب اگر زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر جائزہ لیا جائے تو وزارت بین المذاہب ہم آہنگی کو قائم کرنے میں یکسر ناکام نظر آتی ہے۔ ملک کے طول و عرض سے کئی بار خبریں سامنے آتی ہیں کہ معاشرے میں عدم برداشت و رواداری کا شدید فقدان پایا جاتا ہے۔ اقلیتوں کے ساتھ رکھا جانے والا ناروا سلوک بھی اکثر سامنے آتا ہے۔ اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل میں بھی کوئی سنجیدہ کاوشیں ہوتی نظر نہیں آتیں۔ اقلیتوں سے متعلق قانون سازی خصوصاً ایسے نکات کی جو اشد ضروری ہیں ان سے بھی دانستہ چشم پوشی عمومی رویہ ہے۔ اقلیتوں کے تہواروں پر روایتی مبارکباد اور ان میں شریک ہونے سے بڑھ کر کوئی مثبت اقدام نظر نہیں آتے۔ ملک میں سیمنار، سمپوزیم میں لچھے دار تقاریر کا بھی کوئی فائدہ نہیں مل رہا کہ نچلی سطح یعنی گلی محلوں میں اقلیتوں کے ساتھ کیسا برتاؤ کیا جاتا ہے سب کو معلوم ہے۔ اقلیتوں کے حوالہ سے سماجی رویے بھی حقارت آمیز ہیں۔ بین المذاہب ہم آہنگی کو تو ایک طرف رکھ چھوڑیں اقلیتوں کو جس امتیازی سلوک کا سامنا ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔
جس طرح اس وزارت کے دو حصے ہیں تو اس کے دو ہی وزیر ہیں یعنی مکمل وفاقی وزیر سردار یوسف اور ان کے نیچے وزیر مملکت ایک ہندو کیسومل کھیل داس کوہستانی براجمان ہیں۔ معاملات دونوں دیکھ رہے ہیں اور فنڈز وغیرہ کی تقسیم بھی افہام و تفہیم سے مل جل کر ہو رہی ہے۔ لیکن کروڑوں روپے کہاں جا رہے ہیں کسی کو معلوم نہیں۔ مالیاتی شفافیت کا جہاں تک سوال ہے وہ اپنی جگہ موجود ہے جس کا مکمل تدارک ہونا لازمی امر ہے۔ وزارت کے کرتا دھرتا ذرا اس جانب بھی نظر دوڑائیں کہ سنجیدگی کا عالم تو یہ ہے کہ اس وزارت کی ویب سائٹ تک اپ ڈیٹ نہیں کی جاتی۔ اس جو مالیاتی تصرف دکھا گیا ہے اس کو تو ایک طرف رکھ چھوڑیں اس پر اقلیتی کمیشن کے اراکین کے نام دیکھیں تو وہ سابق حکومتی دور کے ہیں۔

