بلاگ

“مینار پاکستان ”بدل دو نظام

nawaz raza

مینار پاکستان اس جگہ تعمیر کیا گیا ہے جہاں 23 مارچ 1940 ء کو قائد اعظم محمد علی جناح کی زیر صدارت آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں ”قرار داد لاہور“ منظور کی 329 ایکٹر مشتمل اس قطعہ اراضی کو ”منٹو پارک“ کہا جاتا تھا جسے بعد ازاں اقبال پارک کا نام دیا گیا مینار پاکستان تعمیر کرنے کا کریڈٹ ایوب خان کو حاصل ہے جس کی تعمیر 23 مارچ 1960 کو شروع ہوئی اور 21 اکتوبر 1968 ء کو اس کی تکمیل ہوئی بعد ازاں قرارداد لاہور کو ”قرارداد پاکستان“ کے نام سے شہرت حاصل ہوئی اسی کی بنیاد پر مسلمانوں کے لئے الگ وطن کا مطالبہ کیا گیا۔

مینار پاکستان نے جلسہ گاہ کی شکل اختیار کر لی سیاسی جماعتوں مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلام سمیت ہر بڑی قابل ذکر جماعت نے مینار پاکستان میں اجتماع کا انعقاد ”سیاسی قوت“ کے مظاہرہ کے لئے استعمال کیا۔ جماعت اسلامی کا قیام کے بعد 21 نومبر سے 23 نومبر 2025 ء تک ہونے والا 16 واں اجتماع ہے جس میں ایک اندازے کے مطابق 3 لاکھ افراد نے شرکت کی ہے قبل ازیں 11 سال قبل 2014 ء میں مینار پاکستان میں ہی اجتماع عام منعقد ہوا تھا جس میں مجھے شرکت کا اعزاز حاصل ہوا تھا یہ بات قابل ذکر ہے جماعت اسلامی پاکستان کا پہلا اجتماع عام 6 سے 8 مئی 1949 ء کو لاہور میں ہی منعقد ہوا تھا اب تک لاہور میں یہ چھٹا اجتماع عام مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی مینار پاکستان کے سائے تلے منعقد ہونے والے اجتماعات کو سب سے بڑے اجتماعات ہونے کے دعوے کرتے رہے ہیں یہ اجتماعات چند گھنٹوں پر مشتمل ہوتے تھی لیکن جماعت اسلامی کا اجتماع عام ان اجتماعات سے نہ صرف بڑا بلکہ غیر معمولی طور پر منظم تھا جس میں کارکنان کے تین ایام کے قیام و طعام کا خوش اسلوبی سے اہتمام کیا گیا جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے شرکاء اجتماع کے لئے معیاری کھانے کا انتظام کیا گیا اگرچہ اس سیاسی میلہ کے دولہا حافظ نعیم الرحمٰن ہیں جن کی امیج بلڈنگ میں اجتماع عام نے بڑا کردار ادا کیا ہے تاہم مینار پاکستان کے سائے تلے خوش اسلوبی سے اجتماع عام کے تین لاکھ سے زائد شرکاء کے قیام و طعام کا خوش اسلوبی سے انتظام کرنے کا کریڈٹ لیاقت بلوچ اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے ماضی میں جماعت اسلامی کے ہونے والے اجتماعات سے بڑے اجتماع کا غیر معمولی طور پر عمدہ انداز میں انتظام کر کے داد و تحسین حاصل کر لی ہے۔

میری لیاقت بلوچ سے زمانہ طالبعلمی سے دوستی ہے میں نے ان کو اسلامی جمعیت طلبہ میں بہت قریب سے دیکھا ہے وہ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں تنظیمی امور کے ماہر ہیں یہی وجہ ہے انہیں اجتماع عام کا ناظم مقرر کیا گیا انہوں نے یہ فریضہ 6 ماہ کی دن رات کی محنت سے ادا کیا غیر معمولی سیاسی اجتماع کے شرکاء میں سے کسی ایک نے بھی بد انتظامی کی شکایت نہیں کی جب شرکاء کی تعداد بڑھ گئی تو منتظمین نے بادشاہی مسجد کے وسیع و عریض صحن کو بھی استعمال کیا۔ بادشاہی مسجد کے صحن کے استعمال کی اجازت حاصل کرنا بھی حکومت پنجاب سے خوشگوار تعلقات اور سیاست کاری کی عکاسی کرتی ہے جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں جہاں پورے ملک سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی وہاں ہزاروں کی تعداد میں خواتین کی موجودگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ جماعت اسلامی کا خواتین میں وسیع حلقہ ہے میں نے کسی جماعت کے اجتماع میں باپردہ خواتین کی اتنی بڑی تعداد کی شرکت نہیں دیکھی اور یہ کہا جائے تو مبالغہ آرائی نہیں ہو گی کہ جماعت اسلامی کے سیاسی قوت کے کسی مظاہرہ میں اس قدر تعداد کی شرکت میرے لئے باعث حیرت تھی بعض سیاسی جماعتیں اپنے اجتماعات میں ڈھول کی تھاپ پر خواتین کے رقص تو کرا کر مجمع تو لگاتے رہے ہیں لیکن اتنی بڑی تعداد میں خواتین اکٹھی کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔ اجتماع کی سب سے اہم بات برطانوی نو مسلم خاتون جو سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر کی خواہر نسبتی ہیں کا خطاب اجتماع عام کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

گریٹر اقبال پارک میں نئی تاریخ لکھی جا رہی تھی جس میں دنیا کے 45 ممالک سے تقریباً 120 سرکردہ رہنماؤں نے اجتماع عام میں شرکت کی جب کہ 35 ممالک سے 230 پاکستانیوں نے اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کی اگر اسے بین الاقوامی نوعیت کا اجتماع کہا جائے تو مبالغہ آرائی نہیں ہو گی دنیا بھر کی اسلامی تحاریک کی نمائندگی اس بات کی غمازی کرتی ہے جماعت اسلامی کو پوری دنیا میں مسلمانان پاکستان کی نمائندہ جماعت تصور کیا جاتا ہے منٹو پارک میں 23 مارچ 1940 ء کو کم و بیش ایک لاکھ افراد کے اجتماع میں منظور کی گئی قرار داد لاہور میں قیام پاکستان کے خدو خال بیان کیے گئے تھے جماعت اسلامی نے دوسری بار مینار پاکستان کے سائے تلے بڑا اجتماع کر کے ان مقاصد کے حصول کے لئے عزم کا اعادہ کیا جن کے حصول کے لئے 85 سال قبل مسلمانان ہند سے وعدہ کیا تھا اب کی بار جماعت اسلامی نے ”نظام کی تبدیلی“ کا نعرہ لگایا ہے اس نعرے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے اجتماع کے شرکاء کی بڑھتی تعداد نے ایک مرحلے پر تو پریشان کر دیا تھا۔

سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے 1940 میں گنتی کے چند ساتھیوں کا قافلہ لے کر جماعت کی بنیاد رکھی تھی وہ آج ایک تناور درخت بن گیا ہے یہ جماعت اسلامی کا ہی حسن ہے اس میں موجودہ اور سابق امیر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ایک سٹیج پر کھڑے ہوں اگر اجتماع عام کو حافظ نعیم الرحمٰن کی تقریب رونمائی کہا جائے تو کوئی مضائقہ نہیں ہو گا جس میں سید مودودی، میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد، سید منور حسن، سراج الحق کی مسند پر حافظ نعیم کو بٹھا کر قوم کو موجودہ نظام کو تبدیل کرنے کا نعرہ دیا گیا ہے معلوم نہیں جماعت اسلامی کو یہ اجتماع کتنے میں پڑا ہو گا یہ تو ناظم اجتماع لیاقت بلوچ اور فنانس سیکریٹری نذیر جنجوعہ ہی بہتر جانتے ہیں حافظ نعیم الرحمٰن کی عینک کی بولی لگی تو ایک صاحب حیثیت شخص نے ایک کروڑ 10 لاکھ میں خرید لی اسی طرح اجتماع کے آخر میں عطیات اکٹھے کرنے کا اعلان ہوا تو چند منٹوں میں 10 کروڑ روپے اکٹھے ہو گئے۔

”بدل دو نظام“ محض ایک سیاسی نعرہ ہی نہیں یہ قوم کے دل کی آواز ہے جسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کا جماعت اسلامی نے پروگرام بنایا ہے یہ اجتماع عام اس پروگرام کی تکمیل کا آغاز ہے اجتماع عام میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کی شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے جماعت اسلامی نے نوجوان نسل کو اپنی طرف راغب کرنے کا پروگرام بنایا ہے اور جماعت اسلامی پر ملاؤں کی جماعت کی چھاپ ختم کرنا چاہتی ہے یہ اجتماع ایک تحریک کی شکل اختیار کرے گا جس کی کوکھ سے ایک بار پھر پورے ملک میں نظام کی تبدیلی کی امید جنم لے گی جماعت اسلامی کے تین روزہ اجتماع عام میں بین الاقوامی اسلامی تحاریک کا لاہور میں ہیڈ کوارٹر بنانے کا فیصلہ سب سے بڑی کامیابی ہے یہ تنظیم پوری دنیا میں اسلامی تحاریک کو منظم کرے گی اور مختلف ممالک میں اسلامی تحاریک کو درپیش رکاوٹیں دور کرے گی۔ اجتماع میں مختلف سیشن ہوئے جن سے حافظ نعیم الرحمٰن کا خطاب جماعت اسلامی کے کارکنوں کے لئے انسپائرنگ تھا ان کا انداز تخاطب جارحانہ ہے جماعت اسلامی کے کارکنوں کو حافظ نعیم الرحمنٰ کی شکل میں نیا قاضی حسین احمد مل گیا ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW