چلتے ہو تو چین کو چلیے، قسط 7
کانفرنس عشائیہ کے بعد چینی طالب علم نے ٹیکسی منگوائی اور مسافر، پاکستانی طالبہ اور چینی طالب علم دریائے زرد پر پل آہن دیکھنے چل پڑے۔ یہ پل 1909 میں دریائے زرد پر بنا تھا اور اس دریا پر تعمیر کیا جانے والا پہلے پل تھا۔ پل سے پہلے ہی گاڑیوں کا ہجوم تھا اور ٹریفک بہت سست چل رہی تھی سو ہمیں پچھلے دن کے تجربے سے علم ہو گیا کہ آج درست راہ پر ہیں۔ پل سے کچھ قبل ہی ٹیکسی سے اتر گئے۔ دریا کنارے فٹ پاتھ پر پل کی جانب چلنے لگے۔ راہ میں حجاب اوڑھے چینی مسلمان خواتین اپنے خوانچے لگائے اشیاء فروخت کر رہی تھیں۔ موسم خوشگوار تھا اور ایک ہجوم چل رہا تھا۔ سڑک اب ٹریفک کے لیے بند تھی، مگر الیکٹرک سکوٹر اور سائیکلیں بہت تھیں۔ فٹ پاتھ پر چلتے پتہ نہیں چلتا تھا کہ کب یہ الیکٹرک سکوٹر آپ تک دبے پاؤں آن پہنچیں۔ ان کی رفتار کم ہوتی ہے اور سوار عموماً ہیلمٹ نہیں پہنے ہوتے۔ پانی کے لیے انتظام تھا کہ آپ اپنی بوتل بھر لیں۔ جابجا بینچ نصب تھے اور لوگ ان پر بیٹھے موسم اور منظر سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ درختوں پر روشنیاں لگائی گئی تھیں اور ان کے تنوں پر روشنیوں کی رسیاں لپٹی تھیں۔ سڑک پر پاؤں سے چلاتے رکشے تھے جن پر دو سے چار لوگ بیٹھ سکتے تھے۔ راہ میں بچوں کے لیے غبارے، کھلونے اور دوسری اشیاء بیچتے افراد کھڑے تھے مگر وہ کسی کے پیچھے بیچنے کی غرض سے نہیں لگ جاتے تھے۔ اتنے زیادہ لوگ ہونے کے باوجود ایک سکون تھا۔
سڑک کے ایک طرف دریا تھا اور دوسری طرف عمارتیں قمقموں سے مزین تھیں اور ان کے آگے کھڑے فوڈ ٹرکس پر مختلف کھانے بیچے جا رہے تھے۔ صفائی کا خوب انتظام تھا۔ رات تھی مگر ایک خاتون لمبے جھاڑو سے مسلسل صفائی کر رہی تھی۔ چین میں چھوٹے شہروں سے لے کر بڑے شہروں تک تمام کو ہم نے بہت صاف ستھرا پایا۔ سڑک پر بچے، خاندان، نوجوان لڑکے اور لڑکیاں چل رہے تھے۔ سائیکل چلاتے بچے، بچوں کی ہتھ گاڑی دھکیلتے ماں باپ، فراک پہنے بچیاں فٹ پاتھ پر دوڑتی جاتی تھی۔ ایک امن کی فضا تھی، کوئی خوف نہ تھا۔ کسی عورت کو کسی بیہودگی کا خدشہ نہ تھا۔ پاکستانی طالبہ کی آنکھ دو دنیاؤں کا تقابل کر رہی تھی اور مسافر اس دریا کنارے ایک تضاد کو سوچتا تھا دونوں جہاں فرق تھے۔ عورت کی حیثیت فرق تھی۔ خوف سے آزادی اتنی بڑی بات ہے کہ الہامی کتاب میں اس کو نعمت گردانا گیا۔ نعرستان میں حیات بعد از موت کا پرچار کرنے والوں نے حیات قبل از موت کو خوف سے مقید رکھا ہے۔ مسافر نے اپنے دائیں بائیں دیکھا، یہ بے خوفی جہانِ عمل کا نتیجہ تھی جبکہ مسافر کے کانوں میں سالہا سال بشارتوں کی گونج ہی گنبد آراء رہی۔ دریا کے کنارے مقدس ہوتے ہیں کہ یہاں مچھلیاں زندہ ہو کر پانی میں چھلانگ لگا دیتی ہیں اور خضر رہبر ٹھہرتے ہیں۔ لان زو کے دریائے زرد کے کنارے مسافر نے بشارتوں کے زمانے سے آزادی کی دعا مانگی۔
الٰہی، عہدِ بشارت کیوں ختم نہیں ہوتا
الہی، مجھے عہدِ بشارت سے رہائی دے
رات کے جنگل میں دائروں کے سفر میں
چلتے چلتے میرے جوتے ٹوٹ چکے ہیں
عظمت رفتہ کی کتابیں
اپنے الفاظ کی روشنی کھو بیٹھی ہیں
اور بشارتیں بانجھ ہو چکی ہیں
الہی، گرچہ تو ہی تو ہے
مگر کہیں پر
میں بھی تو ہوں
الہی، مجھے عہدِ بشارت سے رہائی دے
کہ اب میں قدم دورِ عمل میں اٹھانا چاہتا ہوں
قدم اٹھاتے ہم اب پل پر جا پہنچے تھے۔ پل پر لوہے کے ستونوں اور شہتیروں پر سرخ رنگ کی چینی لالٹینیں اپنا رنگ پیش کر رہی تھیں۔ دریا پار عمارتیں روشن تھیں۔ پل پر ایک عورت ایک ہاتھ میں روئی بھرے بھالو اور دوسرے کارٹون کردار بیچ رہی تھی جب کہ اس کے دوسرے ہاتھ میں روشن کنگن اور لالٹین تھیں۔ لوگ آرام سے ساتھ سے گزر رہے تھے، نہ وہ کسی کی خریداری کے لیے منت کر رہی تھی، اور نہ ہی گزرتے اس پر غلط نگاہ ڈالے تھے۔ آگے بڑھے تو کئی مرد اور خواتین روشن کنگن اور لالٹین بیچتے ملے، ایک پرسکون ماحول تھا کوئی بچوں کو لالچ نہیں دے رہا تھا کہ وہ روئی بھرے کردار خریدیں۔ مسافر وہاں روئی بھرے کرداروں اور اصل کرداروں کے فرق کو دیکھ رہا تھا۔
پل عبور کیا، رش اتنا تھا کہ ہمراہیوں سے مسافر بچھڑ گیا۔ پل سے آگے سڑک تھی جس پر خوب ٹریفک تھی اور بلند و بالا عمارات روشن کھڑی تھیں۔ سڑک کنارے آڑ لگائی گئی تھی کہ لوگ پیدل سڑک عبور نہ کریں۔ قریب ہی ایک چوک تھا اور اس پر دو ٹریفک پولیس والے (ایک خاتون اور ایک مرد) ٹریفک کے بہاؤ کو ضابطے میں لا رہے تھے۔ گم شدہ مسافر سڑک کے کنارے کھڑا ہو گیا اور آتے جاتے کو تکنے لگا اور روشن عمارتوں اور مطمئن مکینوں کو دیکھتے سوچنے لگا کہ ماضی کے ماتم نے مستقبل کو گم شدہ کر دیا ہے۔ اب دیکھئے کب ماتم ختم ہو گا اور عمل شروع ہو گا۔
غیر ملکی بہت کم تھے، گمان ہے کہ ننانوے فیصد چینی تھے۔ سڑک کو عبور کرنے کے لیے سیڑھیوں کا پل بنا تھا، گم شدہ مسافر اس پل کی جانب جاتے راستے پر کھڑا ہو گیا کہ ہمراہیوں نے وہیں سے گزرنا تھا کہ ہمارے ارادہ لان زو کی مشہور مسلم فوڈ سٹریٹ جانا تھا۔ راستہ ایک ہو تو گم شدہ اور منزل سب مل جاتے ہیں۔ کچھ دیر میں ہمراہیوں نے مسافر کو ڈھونڈ لیا اور ہم پل کے اوپر تھے۔ ہوا خوشگوار تھی، بائیں جانب سے لوگوں کا ہجوم براستہ پل دوسری جانب کو اتر رہا تھا۔ روشن عمارتیں، سڑک پر بسیں اور گاڑیاں اپنی روشنیاں بکھیر رہی تھیں۔ الیکٹرک بسوں اور گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک کا شور بہت کم تھا۔
پل سے اتر کر چلے تو جگہ جگہ خوانچہ فروش اشیاء فروخت کر رہے تھے، حلال گوشت بار بی کیو ہو رہا تھا، مکئی کے سٹے اور شکرقندی پتیلوں میں دھرے رکشوں پر بک رہے تھے، مقامی ڈشیں تیار ہو رہی تھیں، تربوز اور گرمے کاٹ کر لکڑی کی سیخوں میں لگا کر بیچے جا رہے تھے، بچوں کے کھلونے، چابیوں کے چھلے غرض فٹ پاتھ ایک مارکیٹ کی شکل لیے تھی۔ ہم کہیں نہ رکے کہ ہم نے مسلم خوراک گلی پہنچنا تھا۔
راہ میں کئی منظر تھے۔ ایک بینک بند تھا مگر اس کے سامنے فٹ پاتھ پر کرسی پر براجمان ایک چینی مٹھی چاپی کروا رہا تھا، سامنے ایک گتے کے بورڈ پر دس یوان کا ریٹ بڑا بڑا لکھا تھا۔ مالش کروانے والا موٹا تازہ چینی تھا جس کے کندھوں پر تولیہ رکھ کر مالشیا کندھے دبا رہا تھا۔ مالشیے کے سر منڈھے سر پر مشین پھری تھی اور اس نے زرد رنگ کی پتلی واسکٹ قمیص پر پہن رکھی تھی، جس پر چینی زبان میں کچھ لکھا تھا۔ مسافر نے گمان میں وہ تحریر پڑھی، لکھا تھا ”شہر کا سب سے بہترین مالشیا“ ۔ مسافر نے سفرِ حیات میں کئی مالشیے دیکھے تھے، سب اپنے فن کو نکھارے تھے مگر بورڈ نہیں لگائے تھے کہ وہ فٹ پاتھ پر نہیں بلکہ ایر کنڈیشنڈ دفاتر میں مالش کرتے تھے۔ مسافر کو لان زو کے اُس فٹ پاتھ پر وہ اس مالشیے کے ساتھ کھڑے نظر آئے، ٹائی کوٹ پہنے مگر ان کے کاندھوں پر تولیے دھرے تھے اور ان کے سر بھی مشین پھرے تھے۔ مسافر نے غور کیا تو وہ مزدوری سے پیسہ کماتا چینی مالشیا اُن سے کہیں اوپر نظر آیا، وہ محنت کش تھا۔
ایک طرف ایک نان بائی کی دکان تھی، جس میں نان، خطائیاں وغیرہ برائے فروخت تھیں، چینی طالب علم نے بتایا کہ یہ تندور سے بنے نان وغیرہ شین یانگ کی بیکری اور روٹی کے نام سے جانی جاتی ہے۔ چلتے رہے، اونچی بلند و بالا عمارات روشن تھیں، راہ میں کچھ لوگ کارٹون کا بہروپ دھارے بچوں کو لبھا رہے تھے۔ جابجا فٹ پاتھ پر خوانچہ فروش اپنی میزیں لگائے اشیاء فروخت کر رہے تھے، نہ کوئی میونسپل کمیٹی ٹوکرے الٹ رہی تھی، نہ کوئی افراتفری تھی، نہ کوئی گند تھا۔ حجاب اوڑھے مسلمان لڑکیاں بھی اشیاء بیچ رہی تھیں۔ یہ ایک شہر کا اپنا رنگ تھا جو مسافروں کو اپنی طرف متوجہ کرتا تھا۔ نظم اور ضبط ہو تو ایسی معاشی سرگرمیاں عام لوگوں کو روزی کمانے میں مدد دیتی ہیں اور سیاحت کو بھی فروغ ملتا ہے۔ سڑک کے دوسری جانب جانا تھا سو سڑک کے نیچے انڈرپاس کی سیڑھیوں سے اترے اور وہاں چین کا پہلا فقیر نظر آیا۔ زمین پر بیٹھا تھا، مگر دلچسپ بات تھی کہ اس کے آگے گتے پر اس کا کیو آر کوڈ چھپا تھا کہ سخی اپنے موبائل سے ہی صدقہ خیرات کر دیں۔ علم ہوا کہ چین میں فقیر بھی ٹیکس کے ادارے کی نظر میں رہتے ہیں اور سخیوں کی بھی فہرست تیار ہو جاتی ہے۔

