بوسنیا کا سفر۔ قسط دوم
مسافر ائرپورٹ پہنچا۔ محمد رسل کو خداحافظ کہا، وہ جوان تھا، جدوجہد نتیجے سے قطع نظر اس کے سامنے کھڑی تھی۔
مسافر نے برٹرینڈ رسل نہیں پڑھا تھا مگر اس کا ایک قول کہیں سامنے آیا تھا کہ ”کچھ خواہشات کو حاصل نہ کر پانا خوشی کا لازمی حصہ ہے“ ۔ زندگی میں بعض انتظار خوش اور بعض ملاقاتیں ناخوش کر جاتی ہیں۔ خواہشات اور خوشی ایک نہیں، یہ پہچان لمبے سفر کے بعد ہی آتی ہے۔
مسافر تھائی ایرلائن کے کاؤنٹر پر تھا۔ سامان کم تھا، سامان کم ہو تو سفر آسان رہتا ہے۔
کاؤنٹر پر موجود خاتون ملنسار اور مددگار تھی۔ مسافر کے سفر کو دیکھا تو کہا کہ یہ لمبا سفر ہے۔ جب اُسے علم ہوا کہ مسافر درس و تدریس کے شعبے سے ہے تو اس کا رویہ مزید مددگار ہو گیا۔ مسافر نے آن لائن چیک ان کیا تھا۔ پہلی فلائیٹ میں تو کئی نشستیں خالی تھیں مگر اگلی بارہ گھنٹے کی فلائیٹ میں صرف دو سیٹیں نظر آ رہی تھیں اور وہ درمیان کی تھیں، ایسے میں باہر نکلنا ہو تو دوسروں کو تکلیف دینا پڑتی ہے۔ مسافر نے مددگار خاتون سے درخواست کی کہ اگر اُسے درمیانی راہ کے ساتھ کی نشست مل جائے تو بہتر ہو گا کہ لمبا سفر ہے اور مسافر کو کسی اور کو اٹھانا نہ پڑے۔ غالب نے کہا تھا کہ بیٹھے ہیں رہ گزر پہ ہم، غیر ہمیں اٹھائے کیوں۔ وہ غالب تھے اور شاید کچھ عرصہ انگریز کی حکمرانی سے پہلے کا دور بھی انہوں نے دیکھا ہو گا۔ اب دورِ مغلوبیت ہے سو ہوائی جہاز میں رہ گزر کے ساتھ بیٹھنے کا فائدہ ہے کہ کسی اور کو اٹھانا نہیں پڑتا، دوسرے آپ کو اٹھائیں تو اٹھائیں۔ خاتون نے فون اٹھایا اور شاید سپروائزر سے بات کی کہ مسافر کی چاہت کی صرف ایک سیٹ خالی تھی۔ چاہت کا معاملہ اتنا آسان نہیں ہوتا مگر یہ کام آسان نکلا۔ اس خاتون نے دو کاغذ ہاتھ میں تھمائے، اپنے قلم سے ایک کاغذ پر کچھ لکھا اور کہا کہ تیری چاہت اس میں ہے۔ مسافر نے بورڈنگ پاس کو دیکھا تو ایک نمبر لکھا تھا۔
کچھ سفرنامے لکھنے والوں نے اپنی حسرت آمیزی کو مبالغہ آمیزی سے ایسے جوڑا ہے کہ سفرنامہ پڑھنے والوں کو گمان ہوتا ہے کہ مغربی دنیا کے سفر میں ہر موڑ پر کوئی خاتون چشم براہ بلکہ جسم براہ ہے۔ مگر اُس موقع پر مسافر کو مددگار خاتون نے اپنا فون نمبر نہیں دیا تھا بلکہ بورڈنگ پاس پر اگلی سیٹ کا نمبر لکھ دیا تھا کہ پرنٹ میں وہ اتنا صاف نہ آیا تھا۔ بارش ہو رہی تھی اور پرواز تاخیر کا شکار تھی۔ مسافر کو اگلی فلائیٹ کا خیال تھا کہ دونوں پروازوں میں صرف ایک گھنٹے کا درمیانی وقت تھا۔ تھائی ایرلائن کو حلال کھانے کا لکھوایا تھا سو شروع میں ہی ایرہوسٹس ایک کاغذ پر نام پڑھتے ڈھونڈتی پہنچ گئی۔ پرواز شروع ہوئی تو مسافر کا کھانا سب سے الگ پہلے آن پہنچا۔ یہ خوشگوار تجربہ تھا، ورنہ مسافر کئی ائرپورٹوں پر الگ کیا جاتا رہا ہے، مگر وہاں کسی کھانے کی بجائے نام، نسب، ملک، مذہب کی گفتگو رہتی تھی بلکہ زیادہ تر یہ گفتگو بھی یک طرفہ ہوتی تھی۔
جہاز کے تھائی عملے میں شامل ایک میزبان کو دیکھا تو مسافر کو تھائی لینڈ میں اپنے ایک سفر کے درمیان نظر آئے کئی لڑکوں کا خیال آیا۔ کسی اور ملک میں اتنی زنانہ مشابہت لڑکوں میں نہیں ہے جتنی تھائی لینڈ میں ہے۔ میک اپ اور دوسرے لوازمات کا بھی پورا استعمال کیا جاتا ہے کہ نازکی لب کی گلاب کی پنکھڑی کو مات دے۔ اگر میر تقی میر تھائی لینڈ کا چکر لگا لیتے تو چکرا جاتے اور ان کے شعروں میں گلاب کی پنکھڑی سے کہیں آگے پورا گلستان شامل ہوتا۔
جہاز کافی حد تک خالی تھا۔ مسافر نے تین سیٹوں کو جوڑا اور سونے کے لیے لیٹ گیا کہ ایک لمبا سفر آگے تھا۔ سوتے جاگتے بنکاک اترے تو اگلی پرواز کا وقت ہوا ہی چاہتا تھا۔ مسافر کو علم تھا کہ یہ ڈیڈ لائن ہے سو بھاگا کہ اگلے ٹرمینل اور گیٹ تک پہنچے۔ کسی زمانے میں جیل قیدیوں کو بتا دیا جاتا تھا کہ قید کی حدود میں یہ لکیرِ آخر ہے، اگر اسے عبور کیا تو مارے جاؤ گے، سو یہ خطِ موت یعنی ڈیڈ لائن کہلایا۔ آج کے دور میں دوڑ اور ڈیڈ لائن ساتھ ہیں۔ جدید زندگی کے قیدی مختلف ڈیڈ لائنز میں محصور ایک جانب سے دوسری جانب بھاگتے پھرتے ہیں۔
مسافر وقت پر اگلے جہاز پر پہنچ گیا۔
بنکاک سے پیرس کی پرواز بارہ گھنٹے کی ہے۔ مسافر کی نشست راہ گزر کے ساتھ تھی اور اس کے ساتھ ایک جوڑا بیٹھا تھا۔ خاتون کھڑکی کے ساتھ کی سیٹ پر اور اس کے ساتھ کا اُول جلول مرد ہم دونوں کے درمیان بیٹھا تھا۔ اس میں کچھ بے ترتیبی محسوس ہوتی تھی۔ مسافر نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھی اور سونے کی کوشش کرنے لگا۔ آنکھوں پر پٹی بندھی ہو تو کوئی روشنی دکھائی نہیں دیتی، مگر احساس کی غیر موجودگی میں بھی نیند کا آنا یا نہ آتا الگ معاملہ ہے۔ سفر کے درمیان ساتھ کا ہمراہی دو تین دفعہ مسافر پر سے جمپ لگا کر نکلا اور واپس آیا۔ پہلی دفعہ جب اُس نے جمپ لگائی تو مسافر کو خوشی ہوئی کہ اس کے بارے میں بے ترتیبی کا احساس درست تھا۔ نیز یہ کہ بے ترتیبی بری چیز بھی نہیں، کسی دوسرے کا خیال نہ کرنا برا ہوتا ہے۔ خاتون تمام سفر خاموش ہی رہی۔
پیرس پہنچ کر اگلی دو پروازیں پہلے بلغراد اور پھر سراجیو کے لیے تھیں۔ پیرس میں تین ائرپورٹ ہیں اور تھائی ایرلائن نے چارلس ڈیگال ائرپورٹ پر اترنا تھا۔ سراجیو کے لیے ڈائریکٹ پرواز دوسرے ائرپورٹ سے تھی، مسافر کو اپنا سامان لے کر دوسرے ائرپورٹ پر جانا پڑتا۔ اس میں وقت اور خرچ زیادہ تھا، سو چارلس ڈیگال سے ہی ایر سربیا کی فلائیٹ لینا تھی جو پہلے سربیا کے دارالحکومت بلغراد جاتی اور پھر وہاں سے اگلی پرواز نے سراجیو جانا تھا۔ مسافر زندگی کے تضادات کے بارے میں سوچتا تھا کہ وہ بوسنیا سربوں کی سفاکی دیکھنے ایر سربیا پر جا رہا تھا۔
سو سراجیو پہنچتے چار پروازیں لینا تھیں کہ ایک اور پرواز کا سامنا تھا مجھ کو، میں ایک پرواز سے اترا تو میں نے دیکھا۔ ان حالات میں مسافر کا زور پہلی دو پروازوں میں سونے پر تھا۔ دوسری فلائیٹ کہ بنکاک سے پیرس کی تقریباً بارہ گھنٹے میں تھی سو اس میں کچھ سویا اور کچھ ایک فلم دیکھی۔ اس کا نام ٹرین ڈریمز بمعنی ریل گاڑی خواب تھے۔ زندگی بھی خوابوں کی ریل گاڑی ہے، گو بقول شاعر
منزل سفر کا بدل تو نہیں
تعبیر خواب کی فصل تو نہیں
ایک ناول پر بنی یہ فلم ٹرین ڈریمز بڑی زبردست فلمائی گئی تھی، مگر بڑی افسردہ کرتی تھی۔ یہ بیسویں صدی کے شروع میں ایک یتیم لڑکے کی کہانی ہے، جو آغاز میں امریکہ میں ٹرین پٹری ڈالنے والے مزدوروں میں شامل ہوتا ہے، جہاں گورے مزدور ایک چینی مزدور کو نسل پرستی کی بنیاد پر ٹرین کے زیر تعمیر پل سے پھینک کر مار دیتے ہیں۔ یہ منظر زندگی بھر اُس لڑکے کے خوابوں میں آتا رہتا ہے۔ وہ یتیم لڑکا ایک لڑکی سے محبت کی شادی کر لیتا ہے اور مل کر ایک لکڑی کے گھرکی تعمیر کرتے ہیں۔ بیروزگاری کا دور ہے اور وہ شخص لکڑہارا بن جاتا ہے اور جنگلوں کی کٹائی کے لیے اس کو اپنے گھر سے دور رہنا پڑتا ہے۔ اس دوران اسے مختلف لوگوں اور واقعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں قتل، درختوں کی کٹائی کے حادثات میں مزدوروں کی اموات اور ان کے ذہنی توازن کے مسائل شامل ہیں۔ ایک دفعہ جب وہ مزدوری کے دورے سے واپس گھر آتا ہے تو دیکھتا ہے کہ آگ اس کے گھر کو جلا چکی ہے۔ وہ اپنی بیوی اور بیٹی کو ڈھونڈتا ہے مگر انہیں نہیں پاتا۔ اب اس کی زندگی انہیں کی یاد میں گزرتی ہے۔ وہ دوبارہ گھر بناتا ہے اور انتظار میں رہتا ہے کہ شاید وہ آگ سے بچ گئی ہوں اور واپس آجائیں۔ اس دوران میں اُس کی زندگی کے واقعات اس کے خوابوں میں آتے رہتے ہیں، وہ کبھی بیوی اور بچی کو اپنے پاس پاتا ہے، کبھی وہ مقتول چینی مزدور اس کے سامنے آ جاتا ہے۔ غرض، وہ اپنی موت تک خواب اور حقیقت میں معلق رہتا ہے۔ ہوا میں اڑتے جہاز میں ایسی فلم دیکھنا فرد کو بکھرے خیالات کی دنیا میں معلق رکھتا ہے۔

