سوشل میڈیا کا غلط استعمال، ہماری ناکامی
جب سے سوشل میڈیا آیا ہے، ایک عجیب ماحول برپا ہے۔ سوشل میڈیا کو کس طرح استعمال کرنا چاہیے، اس پر ہمیں اب بھی شعور اور آگاہی کی ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا اپنی آواز بلند کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے، مگر ہم کیا کر رہے ہیں؟ یہ سمجھنا ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔
سوشل میڈیا کے بے شمار پلیٹ فارم موجود ہیں۔ اگر ہم بہترین پلیٹ فارم کا انتخاب کریں، اپنے مسائل کو اجاگر کریں اور مثبت پہلو پر نظر رکھیں، تو یہ ہمارے لیے انتہائی سودمند ثابت ہو گا۔ لیکن اگر ہم سوشل میڈیا کو صرف پروپیگنڈا کے لیے استعمال کریں، تو یہ نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ آج کل خصوصاً ہمارے معاشرے میں سوشل میڈیا زیادہ تر منفی پہلو پر چل رہا ہے۔ اس کی ایک واضح مثال یہ ہے کہ ہم جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے کسی بھی شخص پر کیچڑ اچھالتے ہیں اور لوگ بھی ایسی چیزوں کو بڑے شوق سے دیکھتے اور آگے پھیلاتے ہیں۔ جب پڑھنے والے کو معلوم ہی نہ ہو کہ یہ کس نے لکھا ہے یا کس نے پوسٹ کیا ہے، تو اس پر اعتماد کرنا اپنے آپ کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔
ماضی میں اگر کوئی شخص کسی کا احوال سناتا، تو لوگ پہلے اس کی سچائی کی تحقیق کرتے۔ اگر وہ قابلِ اعتماد نہ ہوتا، تو لوگ اس کی بات کو بغیر تصدیق کے قبول نہیں کرتے تھے۔ مگر افسوس، آج ہم اندھا اعتماد کرتے ہیں اور کسی کی بھی پوسٹ کو بغیر تحقیق کے ایسے پھیلاتے ہیں جیسے وہ خبر سو فیصد درست ہو۔ یہی سب سے بڑا المیہ ہے جس پر غور و فکر کی ضرورت ہے۔
سوشل میڈیا پر ہم اکثر بغیر تحقیق کے کسی بھی پوسٹ کو شیئر کر دیتے ہیں، یہ سوچے بغیر کہ اس کے اثرات کیا ہوں گے۔ آج کل واٹس ایپ گروپس عام ہو چکے ہیں۔ کوئی بھی شخص گھر بیٹھے ایک گروپ بنا لیتا ہے اور انجانے افراد کو شامل کر دیتا ہے۔ اکثر اوقات خود گروپ ایڈمن کو بھی معلوم نہیں ہوتا کہ گروپ میں کون لوگ شامل ہیں، وہ کہاں سے ہیں اور کیا کرتے ہیں۔ بعض اوقات ایسے گروپس کے ایڈمن خود بھی مشکل میں پھنس جاتے ہیں اور بعد میں بھگتنا پڑتا ہے۔
سوشل میڈیا پر کسی بھی پوسٹ کو شیئر کرنا بہت آسان ہے، مگر اس کے منفی اثرات بھی بہت زیادہ ہیں۔ اکثر لوگ اپنی ذاتی مخالفت یا بغض نکالنے کے لیے کسی کی ذات پر الزام تراشی کرتے ہیں، جو انتہائی غلط عمل ہے اور اس سے ہمیں اجتناب کرنا چاہیے۔
دوسری طرف، بہت سے نوجوان سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔ وہ اپنی معلومات کے مطابق مسائل اجاگر کرتے ہیں، چھوٹی ڈاکیومنٹریز بنا کر فیس بک اور یوٹیوب چینلز چلا رہے ہیں اور انسٹاگرام پر بھی مثبت مواد پوسٹ کرتے ہیں۔ آہستہ آہستہ یہ ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
بدقسمتی سے کچھ لوگ سوشل میڈیا پر خود کو صحافی سمجھتے ہیں۔ وہ بغیر تحقیق کے خبروں کو کاپی پیسٹ کر کے واٹس ایپ گروپس میں شیئر کر دیتے ہیں اور ان کے چند دوست واہ واہ کر کے بات کو آگے بڑھا دیتے ہیں۔ لیکن چند منٹ بعد یہ سب کچھ گروپ سے ختم ہو جاتا ہے اور کوئی ریکارڈ بھی نہیں رہتا۔ اگر واٹس ایپ گروپس بنائے جائیں تو مقصد یہ ہونا چاہیے کہ لوگوں کو مثبت اور درست معلومات فراہم کی جائیں، نہ کہ کسی کی کردار کشی یا بے بنیاد خبروں کی تشہیر کی جائے۔
سوشل میڈیا کے حوالے سے ہمیں شعور اور آگاہی کی سخت ضرورت ہے۔ آج کل ایک غلط پوسٹ یا جھوٹی خبر کی وجہ سے لوگ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف، اگر سوشل میڈیا کو مثبت اور بہتر انداز میں استعمال کیا جائے تو اس سے نہ صرف فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے بلکہ کما بھی سکتے ہیں۔
جب سوشل میڈیا آیا تو ہر سیاسی لیڈر نے اپنا ترجمان مقرر کیا تاکہ وہ تصدیق شدہ خبریں شیئر کرے۔ سمجھ دار اور پڑھے لکھے لیڈرز نے اپنے ترجمان کو پابند کر رکھا ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے کوئی بات شیئر نہ کرے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے لیڈر سوشل میڈیا پر اپنی ساکھ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ عوام بھی ان کی پوسٹس پر اعتماد کرتے ہیں اور ان کے ترجمان بھی پڑھے لکھے ہوتے ہیں اور سوشل میڈیا چلانے والا ترجمان بھی پڑھا لکھا ہونا چاہیے تاکہ اسے الفاظ کے چناؤ کا تدارک ہوں۔
لہٰذا ہمیں سوچنا اور سمجھنا ہو گا کہ سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کریں۔ ورنہ اس کا غلط استعمال کسی کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ آج سوشل میڈیا پر زیادہ تر جعلی خبریں گردش کرتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ کسی بھی خبر کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کی مکمل تحقیق کی جائے کہ یہ سچ ہے یا جھوٹ۔ اگر اس سے کسی کا نقصان نہیں ہوتا تو پھر اسے شیئر کریں۔ ورنہ یہ منفی پروپیگنڈا پھیلانے کے مترادف ہو گا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم مثبت باتوں کو آگے بڑھانے سے کتراتے ہیں اور منفی باتوں کو پھیلاتے ہیں، یہی ہماری سب سے بڑی ناکامی ہے۔

