مسلم ممالک میں ناکام انقلابات کا قصہ
زیر نظر تحریر ”ہم سب“ میں شائع ہوئے ڈاکٹر سہیل زبیری صاحب کے کالم ”مسلم ممالک میں عوامی انقلاب اور ان کا انجام“ پر ایک تبصرہ ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے کالم میں بیان کردہ اہم واقعات کا مختصر ذکر کرتے ہوئے، واقعات کے تاریخی، سیاسی اور نظریاتی پس منظر پر تبصرہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ڈاکٹر صاحب کامیاب اور ناکام انقلاب کا فرق بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں ”اگر ایک لفظ میں اس فرق کو واضح کر دوں تو وہ لفظ ہے تعلیم، ۔ عوامی انقلاب صرف ان ممالک میں کامیاب ہوتے ہیں، جہاں کے عوام جدید تعلیم سے بہرہ ور ہوں۔ جن ممالک میں تعلیم کی بنیادیں مضبوط تھیں، وہاں عوامی انقلاب کے نتیجے میں آنے والی قیادت ایک شاندار مستقبل کی ضامن ہوتی ہے۔ جہاں تعلیمی نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں اور ان میں بیشتر مسلمان ممالک شامل ہیں، وہاں تقریباً ہمیشہ عوامی انقلاب تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوئے ہیں“ ۔ ان کے نزدیک کامیاب انقلابوں میں انقلاب فرانس اور روسی بالشویک انقلاب سر فہرست ہیں۔ اس میں چینی کمیونسٹ انقلاب کا نام شامل نہیں ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے اسی کی دہائی کے آخر میں مشرقی یورپ کے ممالک پولینڈ، مشرقی جرمنی، ہنگری، چیکوسلواکیہ اور رومانیہ وغیرہ میں کمیونسٹ نظام کے اختتام اور جمہوری نظام کی جانب تبدیلی کے عمل کو کامیاب انقلابات کے زمرے میں شامل کیا ہے۔
مسلم دنیا میں عوامی انقلابات کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحب لکھتے ہیں کی اسلامی دنیا کا پہلا ناکام عوامی انقلاب 1969 میں پاکستان میں فیلڈ مارشل ایوب خان کے خلاف رونما ہوا تھا۔ انہوں نے 1971 میں سابقہ مشرقی پاکستان یعنی بنگلہ دیش میں سول وار اور بھارت سے جنگ کے نتیجہ میں بنگلہ دیش کے قیام کو دوسرا ناکام انقلاب قرار دیا ہے۔ 1977 میں بھٹو حکومت کے خلاف اپوزیشن کی تحریک کو وہ تیسرا ناکام انقلاب کہتے ہیں کیوں کہ فوج ایک بار پھر اقتدار پر قابض ہو گئی تھی۔ وہ لکھتے ہیں کی 1979 میں ایرانی انقلاب ناکام ہو کر مذہبی راہنماؤں کی نذر ہو گیا۔ ڈاکٹر صاحب نے 2011 میں ”عرب بہار“ نام سے منسوب عوامی تحریک کو عرب ممالک میں ناکام انقلاب سے تعبیر کیا ہے۔ ان ناکام انقلابات میں تیونس، مصر، یمن، شام، اور لیبیا کا خصوصی ذکر کیا ہے۔
راقم سمجھتا ہے کہ تاریخ میں انقلاب فرانس، روسی بالشویک کمیونسٹ انقلاب اور چینی کمیونسٹ انقلاب کو ایسے کامیاب انقلابات کہا جاتا ہے، جو عالمی سطح پر سیاسی، سماجی اور قومی آزادی کی تحریکوں کا رخ متعین کرنے کا سبب بنے تھے۔ یہ سماج کے کچلے ہوئے، معاشی محرومیوں اور ریاستی استبداد کا شکار طبقوں کی پر تشدد اور خونی بغاوت کے ذریعے برپا کردہ انقلابات تھے۔ مگر تینوں انقلابات کے زمانہ میں ان ممالک کے عوام رائج الوقت تعلیم کی نعمتوں سے محروم تھے۔ انقلاب فرانس سے قبل نظام تعلیم چرچ کے کنٹرول میں تھا۔ عوام الناس کو حق تعلیم سے محروم رکھا جاتا تھا اور عورتوں کے لئے تعلیم شجر ممنوعہ تھی۔ تعلیم کا حصول مراعات یافتہ اشرافیہ تک محدود تھا۔ انقلاب چین کو پسماندہ دیہی معاشرہ کے ناخواندہ، بے روزگار اور زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم کسانوں کا انقلاب کہا جاتا ہے۔ اس وقت ناخواندہ چینی کسانوں کے لئے تعلیم کا حصول ناممکنات میں شامل تھا۔ مغربی یورپ کے مقابلہ میں روس محدود صنعتی ترقی کا حامل ملک تھا۔ ملک کی اکثریتی آبادی زرعی پیشہ سے منسلک اور تعلیم سے محروم تھی۔ اس تحریر میں تینوں انقلابات سے قبل کے معاشروں کا تفصیلی جائزہ پیش کرنا ممکن نہیں ہے۔ مگر نمایاں حقائق ظاہر کرتے ہیں کی مذکورہ تینوں انقلابات سے قبل فرانس، روس اور چین کے عوام کی وسیع اکثریت تعلیم کی روشنی سے محروم تھی۔ ان تینوں کامیاب انقلابات کی تاریخی، معاشی، سیاسی، تہذیبی اور نظریاتی وجوہات کے مطالعہ کے لئے بیسیوں نہیں سینکڑوں کتب دنیا بھر کی لائبریریوں میں دستیاب ہیں۔
پاکستان میں 69۔ 1968 کی فیلڈ مارشل ایوب حکومت کے خلاف سیاسی تحریک کو عوام کی جمہوری، سیاسی اور معاشی حقوق کی تحریک کہہ سکتے ہیں۔ جس کا کسی صورت مذکورہ تین انقلابات سے موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔ عوامی احتجاجوں کے نتیجہ میں فیلڈ مارشل ایوب خان نے اقتدار ایک دوسرے جنرل یحییٰ خان کے حوالے کیا اور آرام سے گھر چلا گیا۔ 1971 میں سابقہ مشرقی پاکستان یعنی بنگلہ دیش میں سول وار اور بعد ازاں بھارت سے جنگ کے نتیجہ میں پاکستان کے دو لخت ہونے کو کیسے انقلاب کے کھاتے میں ڈالا جا سکتا ہے۔ بنگلہ دیش کے نکتہ نظر سے اسے قومی آزادی کی جنگ ماننے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ 1977 کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف اپوزیشن کے احتجاج کو کس قسم کے انقلابی خانے میں رکھا جا سکتا ہے۔ جس سے نکل کر آرمی چیف جنرل ضیاء نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔
شہنشاہ ایران کے خلاف ایرانی عوام کی تاریخی کامیابی کو ایک کامیاب انقلاب کہنے میں ہرج نہیں ہے۔ اس وقت ایرانی عوام نے آیت اللہ خمینی کی مذہبی قیادت کے سامنے سر تسلیم خم کیا تھا۔ اسی مذہبی قیادت کا تسلسل ایرانی ریاست پر مسلط ہے۔ جیسے روس اور چین کے کامیاب نظریاتی انقلابات کے بعد انقلابی نظریات سے مسلح ایک سیاسی جماعت ریاست کی حکمران بنی، ویسے ہی ایران میں مذہبی نظریات کی حامل قیادت ایرانی ریاست پر حاکم چلی آ رہی ہے۔
مشرق وسطیٰ کے مسلم ممالک کو پہلی عالمی جنگ کے بعد ترکی سلطنت سے علیحدہ کر کے معرض وجود میں لایا گیا تھا۔ انگریزوں اور فرانسیسیوں نے معرض وجود میں لائے گئے نئے ممالک پر اپنے حواری نام نہاد بادشاہ مسلط کر دیے تھے۔ ان ممالک کا وجود کسی قومی آزادی اور جمہوری تحریکوں کا مرہون منت نہیں کہا جا سکتا۔ مصر، عراق، شام، لیبیا، یمن وغیرہ میں فوجی سربراہوں نے بادشاہتوں کا خاتمہ کر کے آمرانہ تسلط قائم کر لیا تھا۔ آمرانہ نظام کا تسلسل کبھی براہ راست فوجی حکومت یا یک جماعتی نام نہاد جمہوری نظام کی شکل میں جاری ہے۔ عرب بہار عوامی تحریک کی وجہ سے مصر، تیونس اور یمن پر طویل عرصہ سے مسلط آمروں کے ادوار کا خاتمہ ہو گیا۔ مگر آمرانہ نظام تسلسل سے جاری رہا۔ تاریخ گواہ ہے کس طرح لیبیا، عراق اور شام پر دہائیوں سے مسلط حکمرانوں کو بیرونی فوجی خونی مداخلت سے ہلاک کر کے یا بھگا کر ان ریاستوں کا تانا بانا بکھیرا گیا تھا۔ عرب بہار ایک جمہوری تحریک تھی جس نے عرب دنیا میں نہ کوئی سیاسی انقلاب برپا کیا اور نہ ہی عوامی انقلاب کے لئے راستہ ہموار کیا۔ عرب بہار کے عوامی ابھار کے بعد ان ممالک میں کسی عوامی جمہوری تحریک کے شواہد بظاہر نظر نہیں آتے ہیں۔ یاد رہے عرب ممالک میں سیاسی اور جمہوری تحریکوں کی تاریخ قابل فخر نہیں رہی ہے۔
اسی کی دہائی کے آخر میں مشرقی یورپی ممالک نے یک جماعتی کمیونسٹ نظام سے نکل کر کثیر الجماعتی جمہوری نظام کی جانب بڑھنا شروع کر دیا تھا۔ پولینڈ، مشرقی جرمنی، ہنگری اور چیکوسلواکیہ میں مسلسل کئی سال جاری رہنے والی جمہوری تحریک نے ریاستی نظام کو بدلنے کے لئے راہ ہموار کی تھی۔ حکمران کمیونسٹ پارٹیوں کے اندر کثیر الجماعتی جمہوریت کے حامی راہنماؤں نے بھی یک جماعتی نظام کے خلاف کھل کر جمہوری تحریک کا ساتھ دیا تھا۔ ان ممالک میں کثیر الجماعتی انتخابات کے ذریعے جمہوریت کا دور دورہ ہوا تھا۔ رومانیہ میں جمہوری تبدیلی کا عمل پر امن نہیں تھا۔ یوگوسلاویہ کا کئی ریاستوں میں بٹوارہ ایک پر تشدد عمل تھا جو اس تحریر کا موضوع نہیں ہے۔ یاد رہے کہ سوویت یونین کے صدر میخائل گورباچوف نے اسی کی دہائی میں سوویت یونین کے یک جماعتی کمیونسٹ طرز حکومت میں نظام کی تعمیر نو اور سیاسی آزادیوں کے لئے اصلاحات کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اس کے علاوہ گورباچوف نے مشرقی یورپ میں کمیونسٹ نظام کے خلاف تحریک کی وجہ سے ان ممالک کے اندر مداخلت نہ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ مشرقی یورپی ممالک میں پرامن کثیر الجماعتی جمہوری تبدیلی میں گورباچوف کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
مشرقی یورپی ممالک میں کثیر الجماعتی جمہوری نظام کی طرف پیش قدمی کا عمل ایک تعلیم یافتہ، پختہ سیاسی شعور اور بالغ نظر معاشرے کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ بھی ظاہر ہوتا کہ ایک طویل عرصہ یک جماعتی نظام کے زیر اثر چلنے والے سماجی اور ریاستی ڈھانچے میں کثیر الجماعتی نظام میں ڈھل جانے کی مادی، شعوری، تہذیبی و ثقافتی صلاحیت موجود تھی۔ یہ کہنا بھی درست ہو گا کہ آمرانہ مزاج سے چلائے جانے والے ریاستی اداروں کو عوامی جدوجہد اور امنگوں کے مطابق ایک جمہوری آئینی و قانونی بندوبست کے تابع کیا جانا ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ مشرقی یورپ میں جمہوری تبدیلی کے تناظر میں ڈاکٹر صاحب کی تعلیم یافتہ معاشرہ کی دلیل وزن رکھتی ہے۔ مشرقی یورپ میں جمہوری تبدیلی کا موازنہ انقلاب فرانس، بالشویک انقلاب اور چینی انقلاب سے کسی صورت نہیں کیا جا سکتا ہے۔
میرے خیال میں ڈاکٹر صاحب کے کامیاب عوامی انقلاب سے مراد جمہوری نظام کا کامیابی سے چلنا ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم کامیاب جمہوری نظام کی بنیاد بنتا ہے۔ وہ اپنی دلیل پر زور دیتے ہوئے مشرقی یورپ کے ممالک میں کامیاب جمہوری تبدیلی کی مثال تفصیل سے پیش کرتے ہیں۔ وہ مسلم ممالک میں جمہوری نظام کی ناکامی کی بڑی وجہ جدید تعلیم سے دوری سمجھتے ہیں۔ اس میں اختلاف کی گنجائش نہیں کہ قوموں کی ترقی کے لئے وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اکثر مسلم ممالک میں جمہوریت کا رائج نہ ہونا یقیناً ایک سنجیدہ سوال ہے۔ ممکن ہے اس میں مذہبی فکر کا بھی کچھ عمل دخل پایا جاتا ہو۔ مگر جواب اتنا سادہ نہیں کہ چند سطروں میں اس کا احاطہ کیا جا سکے۔ ہر ملک اور خطے کے اپنے حالات اور حقائق ہوتے ہیں جن کا اسی پس منظر میں جائزہ لے کر جواب ڈھونڈنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

