میرے مطابق

نئے صوبوں کا قیام: انتظامی ضرورت یا گورننس کا نیا چیلنج؟

Syed Hasib Shah

ملک میں اس وقت 28 ویں آئینی ترمیم لائے جانے کی بحث چل رہی ہے اس میں ملک کے آئین کے بنیادی ڈھانچے کو متاثر کرنے والے وسیع پیمانے پہ تبدیلیاں شامل ہیں یہ تبدیلیاں کرنے کی ضرورت کیوں پڑی اس کی وجہ ملک کی اصل حکمران ایلیٹ کا اس نتیجے پہ پہنچنا کہ موجودہ نظام مکمل طور پہ ناکام ہو چکا ہے اور مزید یہ نظام لوگوں کے مسائل حل کرنے سے رہا اس لئے اس کو کسی متبادل نظام کے ساتھ تبدیل کیا جائے اس نئے نظام کے اندر نئے صوبوں کے قیام کے لئے آئین میں ترمیم کی شق بھی شامل ہے جس پہ ملک کے سیاست دانوں اور عوام الناس میں بحث و مباحثہ جاری ہے لیکن اس بحث کو صرف نئے صوبوں کے قیام تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کو بہتر گورننس کی فراہمی اور سیاسی اور مالی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے مربوط کرنا چاہیے نا کہ صرف مسافت کی کمی اور علاقائی مطالبات کی منظوری تک۔

اصل مسئلہ زیادہ صوبوں کے قیام کا نہیں بلکہ اختیارات، وسائل اور احتساب شہریوں کی دہلیز تک پہنچانا ہے اور بغیر بہتر گورننس کے نئے صوبوں کا قیام اخراجات میں اضافے کے سوا اور کچھ نہیں ہو گا کیونکہ اگر پندرہ یا بیس نئے صوبے بنتے ہیں تو اس کا مطلب ہے پندرہ بیس وزراء اعلیٰ، گورنرز، وزراء اعلیٰ سیکٹریٹس، گورنر ہاؤسسز، صوبائی سیکریٹریٹس، اسمبلیز، ایم پیز، ایم این ایز یہ سب کچھ ملک پہ بھاری بھر کم اخراجات کی صورت میں برآمد ہوں گے اگرچہ ملک کی موجودہ آبادی، علاقائی تنوع، جغرافیائی اور انتظامی تضادات اور خطے کے دیگر ممالک سے اس کا موازنہ کرتے ہوئے موجودہ انتظامی بندوبست ناکافی لگتا ہے امریکہ کی اس وقت 34 کروڑ آبادی پہ 50، انڈونیشیا کی 28 کروڑ 80 لاکھ پہ 38، نائجیریا کی 24 کروڑ 20 لاکھ پہ 36 ریاستیں ہیں، برازیل کی 21 کروڑ 30 لاکھ پہ 26، رشیا کی 14 کروڑ پہ 89 وفاقی سبجیکٹس ہیں۔ میکسیکو کی 13 کروڑ 30 لاکھ پہ 31 فلپائن کی 11 کروڑ 70 لاکھ پہ 82 صوبے مصر کی 12 کروڑ پہ 27 گورنیٹس ترکی کی 8 کروڑ 60 لاکھ پہ 81 صوبے جبکہ ایران کی 9 کروڑ 20 لاکھ پہ 31 صوبے ہیں اس لحاظ سے پاکستان کی 26 کروڑ 20 لاکھ پہ 4 صوبے بالکل ہی ناکافی لگتے ہیں اس لئے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے لیکن اس کے لئے اس حد تک کی عجلت سمجھ سے بالاتر ہے۔

ہماری فوجی اسٹیبلشمنٹ کے نزدیک یہ ایک انتظامی مسئلہ ہے، اس لئے نئے صوبوں کا قیام محض انتظامی بنیادوں پہ ہونا چاہیے نہ کہ لسانی اور نسلی بنیادوں پہ حالانکہ عرصہ دراز سے جتنے صوبوں کے مطالبات ہیں وہ پنجاب میں ساؤتھ پنجاب، پوٹھوار، بلوچستان میں جنوبی پشتونخوا، خیبر پختونخوا میں ہزارہ اور سندھ میں مہاجر صوبے کی جو ڈیمانڈز ہیں وہ نسلی لسانی بنیادوں پہ ہیں نہ کہ انتظامی بنیادوں پہ اور اس کے ساتھ سیاسی نمائندگی، شناخت، وسائل تک رسائی اور غیر ہموار ترقی کی وجوہات بھی شامل ہیں اس لئے نئے صوبوں کے قیام کی بات کو مطلقا رد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ کچھ صوبوں کی موجودہ انتظامی ساخت اتنی بڑی ہے کہ اس کا موثر انتظام چلانا ریاست کے بس کی بات نہیں رہی ملک کا اکیلا پنجاب صوبہ اس وقت دنیا کے 195 میں سے 183 ممالک سے آبادی کے لحاظ سے بڑا ہے اور اگر پنجاب ایک الگ ملک ہوتا تو انڈیا، چائنا، امریکہ، برازیل، نائجیریا، انڈونیشیا، رشیا، بنگلہ دیش، ایتھوپیا اور خود پاکستان کے بعد دنیا کا بارواں بڑا ملک ہوتا۔

چھوٹے صوبے یقیناً انتظامی مسافت میں کمی، اور علاقائی نمائندگی میں بہتری کا باعث بن سکتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ کیا نئے صوبوں کا قیام خود بخود حکومتی انتظام و انصرام کو بہتر بنائے گا؟ اس لئے اصل مسئلہ یہ نہیں ہے کہ پاکستان کے کتنے صوبے ہونے چاہیے بلکہ یہ ہے کہ کس طرح طاقت، وسائل اور احتسابی عمل عوام کی دسترس میں ہو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات کا ارتکاز صوبائی دارالحکومتوں میں نہ ہو جیسے اب ہے۔ جب تک اختیارات نچلی سطح پہ منتقل نہیں ہوتے شہریوں کی زندگیوں پہ کوئی جوہری اثرات مرتب ہونے سے رہے صرف چھوٹے صوبے ہی تمام مسائل کا ممکنہ حل ہوتے تو پھر پنجاب کا حجم کے لحاظ سے سے سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود کئی ترقیاتی اعشارئیے دوسرے صوبوں کی نسبت بہتر نہ ہوتے چھوٹے صوبے چلانا آسان ہوں گے لیکن اگر اس کے ادارے کمزور ہوں گے تو یہ کسی صورت میں بھی موجودہ صوبوں سے کارکردگی کی بنیاد پہ بہتر نہیں ہوں گے۔

اب دو ممکنہ رستے ہو سکتے ہیں پہلا رستہ یہ پے کہ صوبوں کے موجودہ ماڈل کو برقرار رکھ کے نئے صوبے بنائے جائے۔ لیکن یہ مسئلے کا کوئی حل نہیں ہو گا بلکہ یہ گورننس میں بہتری لائے بغیر موجودہ اخراجات میں مزید اضافے کا باعث ہو گا اس طرح اختیارات کے انہی ہاتھوں میں ارتکاز کے ساتھ یہ مزید دارالحکومتوں میں اضافے کے سوا اور کچھ بھی نہیں ہو گا۔ دوسرا رستہ ایسا ہے جس کے تحت نئے صوبوں کا قیام معاشی اور اقتصادی طور پہ قابل جواز ہو سکتا ہے وہ ہے تین سطحی حکومتی نظام جس کے اندر وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتوں کی ذمہ داریاں واضح طور پہ متعین کر دی گئی ہوں آئین کے آرٹیکل۔ 140 A کے تحت سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات کی نچلی سطح پہ منتخب مقامی حکومتوں کو منتقلی کا میکانزم موجود ہو لیکن اصل مسئلہ نفاذ کا ہے۔ اس لئے پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام نہ تو تمام مسائل کا خودکار حل ہے اور نہ اسے کسی قسم کے مسئلے میں رکاوٹ قرار دے کر مسترد کیا جانا چاہیے۔ کچھ مزید صوبوں کا قیام سیاسی، انتظامی اور معاشی اعتبار سے ملک کے کچھ مسائل کا حل ہو سکتا ہے لیکن دیکھنا یہ چاہیے کہ آیا یہ نئے انتظامی یونٹس سرکاری وسائل کے بہتر استعمال، جواب دہی، معاشی مواقع اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام میں بھی بہتری لا سکتے ہیں یا نہیں۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW