میرے مطابق

ہمارے گھر میں دوسری مخلوق

Rafaqat Ali Ranjha

آپ شاید یہ سن کر حیران ہو جائیں کہ ہمارے گھر کا ایک کونہ ایسا بھی ہے جو ہمارا ہونے کے باوجود ہمارا نہیں ہے۔ یہاں ایک اور ہی مخلوق رہتی ہے۔ اس مخلوق کا ذکر کرنے سے پہلے ذرا یہاں کا ماحول دیکھ لیں۔ اس کونے میں چھوٹے بڑے اتنے پیڑ پودے ہیں کہ ان کے سامنے ہمارا ”بڑا گھر“ بھی ”چھوٹا“ پڑ جاتا ہے۔

صحن کے درمیان میں ایک بڑا ”فائیکس“ کا درخت بالکل گول شکل میں پھیلا ہوا ہے۔ یہ صحن کو خالہ جی کا گھر سمجھ کر ہر سال پھیلتا چلا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک طرف کا کونہ امرود کی ملکیت ہے۔ یہ ہمارا ہر دل عزیز ہے۔ بہت کشادہ ظرف ہے۔ سال میں پتہ نہیں چلتا کہ کتنی بار پھل دیتا ہے۔ اگرچہ یہ بھی کافی پھیلا ہوا ہے مگر اس نے اپنا زیادہ تر بھار خود اٹھانے کی بجائے دیوار پہ ڈال رکھا ہے جس پر دونوں مطمئن ہیں۔ اونچائی میں یہ چھت تک پہنچا ہوا ہے۔

امرود کے ساتھ ہی مغربی طرف پر ”ویرگیٹڈ فائیکس“ ہے۔ اس نے اپنے زرد اور گرین پتوں کے ساتھ اچھا خاصہ قد نکال رکھا ہے۔ گردن اٹھائے اور پتوں کو سمیٹے یہ اوپری دنیا میں مگن ہو کر ہوا سے باتیں کرتا ہے۔ اس کا پھیلاؤ کم اور اونچائی زیادہ ہے۔ گرمیوں میں یہ ”بھڑوں“ کا اچھا اور وسیع القلب میزبان ہے۔ اس میزبانی پر اعتراض نہیں ہوتا کہ یہ ان دونوں کا ذاتی اور پرائیویٹ مسئلہ ہے۔ یہ بھلے مانس نہ پانی کی ڈیمانڈ کرتا ہے نہ کٹائی کی۔ صاف ستھرا اور نکھرا رہتا ہے۔ کبھی پتے نہیں گراتا۔ بس گرمیوں کی آندھی میں جھومنے کا شوقین ہے۔ جھوم کر بھی کبھی گرتا یا ٹوٹتا نہیں۔

فائیکس کے پہلو اور سائے میں چند فٹ کے فاصلے پر ُشو فلاور موجود ہے۔ یہ بوڑھا ہو چکا ہے مگر رنگین مزاجی سے اب بھی باز نہیں آتا۔ سرخ رنگ کے پھول ہی پھول کھلتے ہیں۔ کبھی کبھار اس کو اوقات یاد کروانے کے لئے تھوڑا بہت کاٹا بھی جاتا ہے۔ بجائے ناراض ہونے کے وہ اس سیزن میں اور زیادہ ٹہنیاں نکال کر خود کو اور جوان بنا لیتا ہے اور پھر یہ پھولوں کی رنگینی سے بھر جاتا ہے۔ یہ چونکہ دروازے کے بالکل قریب ہے تو اسے اتنی آزادی نہیں دی جاتی کہ گیٹ کھلنے اور بند کرنے میں مسئلہ پیدا کرے۔ اس مسئلہ کا حل اس نے خود نکال لیا ہے۔ یہ دوسری طرف سے ٹیڑھا ہو کر اوپر نکل گیا ہے جس سے اس کی شکل تو خراب ہوئی مگر اس نے مزید پھول نکال کر اسں ٹیڑھ پن کو کور کر لیا ہے۔

شو فلاور کی بانہوں میں سمٹتی اور دروازے کے کونے میں بل کھاتی ناگن کی طرح ”بوگن ویلیا“ موجود ہے۔ یہ دروازے، اس کے جنگلے اور متصل دیوار کے ساتھ پورے فرنٹ پر قابض ہو چکی ہے۔ اس پر ہمیشہ بہار ہی رہتی ہے۔ تتلیاں جھرمٹ بنائے ایک دوسرے کے ساتھ اڑتے ہوئے گیت گاتی رہتی ہیں اور ”بھڑ“ اس کے سائے میں جگہ پاتے ہیں۔ کئی بار چھوٹی شہد کی مکھی نے بھی اس کو مسکن بنایا۔ اس کے سائے میں موجود جنگلے اور دیوار پر بلی اور اس کے بچوں کا قبضہ ہے۔ اس بوگن ویلیا کی خوبصورتی اور نکھار اپنی جگہ مگر آتے جاتے بندے پر گل ریزی کرنا اس کا خاص مشغلہ ہے۔

بظاہر ایسا نہیں پیڑ اس حویلی کا
ہوا چلے تو بہت پھول مارتا ہے مجھے

ہوا اور بارش کی صورت میں اس کی گل ریزی کی عادت پوری ڈرین اور محلے کی نالیوں کو بھی بند کر دیتی ہے۔

اس گل ریزی پر پورے محلے سے احتجاج کی صدائیں بلند ہوتی ہیں۔ پھر ہمارے گھر میں بھی اس پر بحث ہوتی ہے کہ کیوں نہ اسے کاٹ دیا جائے لیکن اس کے لیے دستیاب ووٹوں کی تعداد پوری نہیں ہوتی۔ حزب اختلاف کی سپورٹ کی وجہ سے یہ ہمیشہ بچ نکلتا آیا ہے۔ اس کی موجودگی کو قانونی جواز دینے کے لیے محلے بھر میں اس کی قلمیں اور پودے تقسیم کیے گئے ہیں۔ اب گھر گھر اس کی موجودگی کی وجہ سے بیرونی دباؤ سے نجات ملی ہے۔ اور اسے ہمارا اندرونی معاملہ تسلیم کر لیا گیا ہے۔

دروازے کے باہر سامنے ہی دو جواں سالہ کھجوریں خاص ترتیب سے ایستادہ ہیں۔ یہ دائیں بائیں سے بے نیاز اوپری ہواؤں کی شوقین ہیں۔ اس کا کسی کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہر سال تھوڑی بہت کانٹ چھانٹ کے بعد اوپر کی جانب گامزن ہیں۔ ان کا پھل گاؤں کے شرارتی بچوں کو ہی جاتا ہے۔ شروع میں بچوں کی اس سینہ زوری پر احتجاج کیا گیا، بچوں کے والدین کو نوٹس بھیجے گئے اور اس پر کئی انکوائریاں بھی ہوئیں مگر معاملہ حل نہیں ہوا۔ اب خاموشی سے بچوں کی بدمعاشی کے حق کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔

امرود کے قریب سے انگور کی ایک بیل چپکے سے اوپر چلتی گئی جیسے کسی کو خبر ہی نہ ہو۔ اب اس کا انتظام چھت پر ہی کر دیا ہے تاکہ وہ بے فکری سے پھلے اور پھولے۔ اس کے انگور تو اعلیٰ درجے کے نہیں لیکن پھر بظاہر گھر میں غیر موجود ہونے کی بنا پر اس کو موجود رہنے کا حق دیا گیا ہے۔

اب آتے ہیں اس مخلوق کی طرف۔ مئی جون میں بلبلیں اور Munia یہاں کے فائیکس پر گھونسلا بناتے ہیں۔ ان گھونسلوں پر کوؤں کی خصوص نظر ہوتی ہے مگر وہ زیادہ جھنڈ کی وجہ سے وہ گھونسلے تک پہنچ نہیں پاتے۔ تنگ ضرور کرتے ہیں۔ ایک بلبل ہر وقت شور کر کے الارم دیتی ہے جس کے لیے ہم میں سے کسی کو ہائی الرٹ رہنا پڑتا ہے تاکہ کوا بچوں کو نہ کھا جائے۔

”Munia“ ایک بھلا مانس پرندہ ہے جو ہماری طرف بہت کم پایا جاتا ہے۔ جون جولائی کے موسم میں فائکس کی شاخوں کے اگلے سروں پر گھونسلہ بناتا ہے۔ اس کو اور بلبل دونوں کو بلیوں سے خطرہ رہتا ہے۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لئے بلیوں کو پھینٹا ہماری طرف سے لگایا جاتا ہے۔

شو فلاور پر ثمیرا یا ”سن برڈ“ کا قبضہ ہوتا ہے۔ وہ اس کی اگلی ٹہنیوں پر جھولنے والے گھونسلے بناتے ہیں۔ وہ دونوں گھونسلے کے گرد موجود رہتے ہیں۔ ان کے گھونسلے عام طور پر بھی محفوظ ہوتے ہیں۔ شو فلاور غول در غول تتلیوں میں گھرا رہتا ہے۔ کبھی کبھار ”سفید بگ“ اس کے تنوں اور پتوں پر لد جاتا ہے۔ یہ اس کا سارا رس چوس کر رکھ دیتا ہے۔ فتح ہمیشہ شو فلاور کی ہی ہوتی ہے۔ اس کو نئے سرے سے اپنے آپ کو منوانا پڑتا ہے۔

امرود عام طور پر بلبلوں اور کوؤں کا مسکن بنتا ہے۔ ”میگ پائی“ جیسا خوبصورت پرندہ بھی ہنسی ہنستا آ جاتا ہے اور امرود سے اپنا حصہ وصول کرتا ہے۔ یہ بہت لمبا پرندہ چپ نہیں رہ سکتا۔ اس کی ہنسی نما آواز سے اس کی موجودگی کو فوراً نوٹ کر لیا جاتا ہے۔ کبھی درگزر کیا جاتا ہے اور کبھی سختی سے بھگایا جاتا ہے۔ آج کل ایک کوئل بھی چکر لگاتی ہے اور کو کو کی آواز سے بچوں کو چڑاتی ہے۔ بچوں کے کو کو پر کبھی جوابی کو کرتی ہے اور کبھی چپ رہ کر چڑاتی ہے۔ اترتی شام کے ساتھ ہی مرغیاں ان درختوں پر اپنی اپنی پوزیشن سنبھال لیتی ہیں۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW