تجسس کے مارے بھوک پیاس ایک طرف رہ گئی۔ اس کے ڈھانچے کے جا بجا سوراخوں سے فواروں کی طرح پانی بہہ رہا تھا۔ سورج کی کرنیں جب رنگ برنگی سیپیوں اور مونگوں پر پڑتیں، تو ایسا لگتا گویا جہاز سے دھنک پُھوٹ رہی ہو۔ میں نہ جانے کب تک اس نظارے میں محو رہا۔ پھر کسی سحر زدہ شخص کی طرح سے چلتا ہوا اس کے بالکل قریب آن پہنچا۔ جہاز کے تین مستول تھے۔ نزدیک آنے سے ایسا لگتا تھا جیسے یہ سیپیوں اور سمندری نباتات سے ہی بنا ہو۔ جہاز کے آثار بتلاتے تھے کہ کسی وجہ سے غرق ہو کر غالباً وہ صدیوں سے سمندر کی تہہ میں تھا۔ یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت تھی کہ زیرِ آب آنے والے زلزلہ نے اِس جہاز کو اُس کے کائی زدہ سبز مقبرے سے نکل کر میرے سامنے دھوپ میں لا کھڑا کیا۔
پھر بتدریج میں حقیقت کی دنیا میں واپس ہوا۔ میرے پاس جزیرہ سے نکلنے کے لیے کوئی کشتی نہیں تھی۔ موسم کی شدت سے بچاؤ کا کوئی سامان دستے اب نہیں تھا۔ میرا سمندر کا وفادار رفیق ’لائف بوائے‘ بھی سمندر بُرد ہو چکا تھا۔ اب پیاس کی شدت محسوس ہونے لگی جبکہ یہاں دور نزدیک پینے کا پانی ملنا ممکن نہیں تھا۔ یہ خاصی تلخ سچائی تھی کہ پانی کا واحد آسرا بارش ہی کا تھا۔
جہاز کے مقام سے آگے جزیرہ بلند ہوتا نظر آ رہا تھا لہٰذا میں بلندی کی طرف سے جزیرے کا جائزہ لینے چل پڑا۔ اوپر پہنچ کر چاروں جانب مشاہدہ کیا تو کئی ایک مچھلیاں گڑھوں میں پڑی نظر آئیں۔ نیچے آ کر ایک پندرہ پونڈ وزنی مچھلی منتخب کر کے نکالی۔ اللہ مسبب الاسباب ہے۔ میرے لئے اُس وقت وہ مچھلی بھوک اور پیاس دونوں کے لئے کافی تھی۔ شکر کیا کہ وہ پہلے ہی اچھی خاصی بھُنی ہوئی تھی۔ کچھ تو کھا لی اور کچھ کو جہاز کے سائے میں اس کے بہتے آبشاروں کے نیچے رکھ دیا۔
مجھے جلد از جلد اس جزیرہ سے جانا تھا ورنہ ان مچھلیوں کی سڑاند سے اس مختصر سی جگہ زیادہ دن تک رہنا محال ہو جاتا۔ میں اُس قدیم جہاز کے سائے میں بیٹھ کر سمندر کو تکنے لگا۔ جو بھی تھا جیسا بھی تھا اس جزیرہ نما نے مجھے کچھ گھنٹے تو سکون کے بخشے تھے ورنہ لا متناہی سمندر میں لائف بوائے کے سہارے زمین کا سا آرام بھلا کہاں۔ مانا کہ وقتی طور اطراف میں شارکوں کا خطرہ نہیں تھا لیکن اُس وسیع بحرِ اوقیانوس میں تنہائی ہی مار ڈالنے کو بہت تھی۔ ناامید تو میں پہلے بھی کب تھا جو اب ہوتا۔
یہ نام نہاد جزیرہ جہازیوں کی عام گزرگاہ پر واقع تھا لہٰذا یہ بات ناممکن تھی کہ کوئی جہاز اِدھر سے گزرتا اور اس نئے نویلے جزیرہ کو تجسس کی نگاہ سے نہ دیکھتا۔ یوں میرے بھی دیکھے جانے اور بچاؤ کے اسباب بہت زیادہ روشن تھے۔
اب کچھ جان میں جان آنے کے بعد جہاز کے اندر تلاشی لینے کی ہمت پیدا ہو گئی۔ سمندر نے اُس جہاز کی صورت میں اپنی تہہ سے ایک مردہ باہر نکال پھینکا جو آج صدیوں بعد سورج کی کرنوں سے ملاقات کر رہا تھا۔ جہاز پر لگے مونگے اور سیپیاں کافی سخت اور نوکیلی تھیں۔ سونے پہ سہاگہ سمندری نباتات جن کی پھِسلن کی وجہ سے عرشہ پر چڑھنا مشکل ہو رہا تھا۔ ایک تو بنیادی طور پر جہاز راں ہوں دوسرے اللہ کا شکر ہے کہ اسپین کے غاصبوں سے دورانِ جنگ مضبوط قلعوں اور پہاڑوں پر کامیابی سے چڑھنے کا کافی تجربہ تھا اس لئے تھوڑی سی تگ و دو کے بعد میرے قدم عرشے پر تھے۔ یہاں عرشہ پر سمندری نباتات، مونگے اور کئی اقسام کی سیپیاں بکھری پڑی تھیں جن پر سورج کی کرنیں چمک دار رنگوں کے حسین امتزاج پیدا کر رہی تھیں۔ ان میں بعض سمندری پودے وغیرہ میں پہلی مرتبہ دیکھ رہا تھا۔ بعض سیپیاں تو اس قدر سخت تھیں گویا کوئی پتھر ہو۔
بڑے مستول کے ساتھ میرے سرکے جتنی بلندی پر ایک بندھا ہوا انسانی ڈھانچہ نظر آیا۔ اس کو بھی خاصی حد تک آبی نباتات اور سمندری سیپیوں نے ڈَھک رکھا تھا۔ صدیوں قبل یہ جہازی بھی کبھی زندہ اس جہاز میں گھومتا پھرتا ہو گا۔ نہ جانے اس کی قضا اس طرح سے کیوں آئی۔ مجھے عرشہ پر آ نے کے بعد یہ پہلا نظارہ ہی دم بخود کر دینے کو کافی تھا۔ حالات اشارہ دیتے تھے کہ آخری لمحات میں یا تو اِس کو حفاظت کی خاطر باندھ دیا گیا یا غرقابی سے پہلے ہی کسی سزا کی خاطر وہاں باندھا گیا تھا۔ میں ایک جھُرجھُری لے کر وہاں سے چل پڑا۔ میرا اندازہ ہے کہ یہ ہسپانوی یا پُرتگالی جہاز ہو گا۔
جہاز کیا قیمتی سامان لے جا رہا تھا؟ تمام سوالوں پر بھاری یہ سوال تھا۔ اول تو جہاز کھلے سمندر میں تھا۔ دوسرے یہ کہ سمندر نے اپنی تہہ سے نکال کر ایک ایسی زمین پر لا پھینکا تھا جس پر کسی ملک کا دعویٰ ہی نہیں تھا لہٰذا جس کو ملتا اسی کی ملکیت قرار پاتا۔ میری چند گھنٹوں کی محنت ہی تو لگی جس کا ثمر سونے کے گول اور چھوٹے سائز کے ٹکڑے جو شاید کسی ٹکسال میں ڈھلے تھے، اور چاندی سونے کی سلاخوں کی صورت میں سامنے آیا۔ چاندی کی حالت کوئی زیادہ اچھی نہیں تھی۔ البتہ صدیوں پرانے طریقے سے بنائے گئے سمندری سفر کے لئے موزوں لکڑی کے صندوقوں میں بند سونے کی سلاخیں بہتر حالت میں پائی گئیں۔ ایسا لگتا تھا کہ بد قسمت جہاز میں قیمتی دھاتوں کی بھی خاصی بڑی کھیپ جا رہی تھی۔ گھر آئی لکشمی کسے پیاری نہیں ہوتی، میں نے سونے کے گول ٹکسالی ٹکڑوں ( بسکٹ ) کی وہ تعداد جو آرام کے ساتھ میرے کپڑوں وغیرہ میں سما سکیں، منتخب کر لی۔ اس کے بعد اُن کو اپنے ساتھ لے کر چلنے پھرنے کی تھوڑی سی مشق کی۔ رہی سونے کی سلاخیں، تو اس پر سوچنا بھی فضول تھا کیوں کہ تاریخ گواہ ہے کہ جہاں کوئی لمبا چوڑا گُم شدہ خزانہ آیا، وہ خون خرابا لایا۔ جو تھوڑا بہت سونا میرے کپڑوں میں محفوظ تھا وہ بھی میرے لئے بہت تھا۔ مجھے یہ بالکل گوارا نہیں تھا کہ میری ذات کسی کے خون کا باعث بنے۔
اب میں نے اپنی تمام تر توجہ سامنے ممکنہ آنے والے جہازوں پر مرکوز کر لی۔ فی الحال تو ہر طرف سکوت نظر آیا۔ ڈھلتے سورج کی ترچھی کرنوں سے سطح سمندر ایسے محسوس ہوتی تھی کہ جیسے یاقوت بکھر رہے ہوں۔ اس قدر خوبصورت نظارے میں اب ایک دہشت کا عنصر بھی صاف شامل ہوتا دکھائی دیا۔ وہ چھ سات شارکیں تھیں اور جزیرہ سے زیادہ دور نہیں تھیں۔ یہ اس بات کا ثبوت تھا کہ سمندری مخلوقات، ڈر و خوف کے اثرات سے باہر آ چکی ہیں اور اب اپنی خوراک کی تلاش میں مصروف ہیں۔
غروبِ آفتاب کے بعد رات بڑی سج دھج سے جزیرے پر اُتری۔ چاند بہت غور سے مجھے تکنے لگا اور آسمان پر تاروں کی جھِلملاہٹ مجبور کرنے لگی کہ سب مسائل ایک طرف رکھ کر ان کی جانب دھیان کروں۔ تاروں کی دَمک اتنی خوبصورت تھی کہ شاید الفاظ میں بیان بھی نہ ہو سکے۔ روشن چاندنی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے میں دوبارہ جہاز کے مزید اندر چلا گیا۔ یہاں میں سردی اور شبنم سے محفوظ رہ سکتا تھا جو ہلکی ہلکی پھوار کی صورت اتر رہی تھی۔ یہاں ایک لطیف اور روح افزا تنہائی محسوس ہونے لگی۔ دھیرے دھیرے جزیرہ کے کنارے جھاگ بناتے پانیوں کی آواز جہاز سے فواروں کی طرح گرتے پانی کے مَدہَم سُر میں بجتے جلترنگ، بھیگی بھیگی خوابیدہ اور مخمور شبنمی ہوائیں مجھے تو کسی اور جہاں میں لے گئیں۔ ایسا لگا کہ ایک خوشگوار آسیب نے جکڑ لیا ہو۔ جیسے میری روح، سمندر کی تہہ میں کسی جہاز میں پھِر رہی ہے۔ کئی جہازی بھی اپنے اپنے زمانوں کی مختلف وردیوں میں اِدھر اُدھر تیرتے پھر رہے ہوں۔ ٹکسالوں سے تازہ تازہ دمکتے ہوئے سونے کے سکے، مختلف جواہرات، اور ان کے ساتھ تصور سے بھی زیادہ خوبصورت رنگوں کی مچھلیاں جو کسی انسان نے نہیں دیکھیں، میرے ساتھ ساتھ تیر رہی ہیں جیسے موسمِ بہار میں مخمور آسمان میں ہر طرف خوبصورت دھنک رنگ۔ کب اُس سحر سے باہر آیا، کب اپنے رومال کو شیریں شبنم سے تر کیا، کب اِس آبِ حیات کو نچوڑ کر ہونٹوں پر ٹپکایا، کچھ یاد نہیں۔ ایسی دل ربا اور پیاری میٹھی نیند پھر کبھی نہیں آئی۔
وہ پو پھٹے کا وقت ہو گا جب مشرق سے تازگی لئے صبح کی پہلی کرن میری آنکھوں سے مِلی اور میں عالم خواب سے عالم بیداری میں واپس آ گیا۔ نئی صبح نئے ولولہ سے شروع ہوئی۔ پہلی چیز جو بالکل واضح نظر آئی وہ اِس جزیرہ سے آدھ میل کے فاصلہ پر لنگر انداز ایک بحری جہاز تھا۔ اُس کا رُخ شمال کی جانب تھا۔ میں سب سے پہلے اللہ کے حضور جھُک کر شکر کے سجدے بجا لایا، پھِر دوڑ کر یہاں کے بلند ترین مقام پر چڑھ کے دونوں بازووں کو اوپر اُٹھا کر دیر تک سفید رومال دیوانوں کی طرح لہراتا رہا۔
لگتا تھا کہ تجسس کے مارے جہاز کے لوگ پہلے ہی اِس نئے بننے والے جزیرے کا مشاہدہ کر رہے تھے اب میرے اشارے پر وہاں ایک ہِل جُل ہوئی۔ چند ساعتوں بعد میں نے دیکھا کہ آہستہ آہستہ جہاز نے رُخ بدلا اور اور قدرے جزیرہ کی سمت ہو گیا۔ آناً فاناً ایک چپوؤں والی کشتی نیچے اُتاری گئی جو تیزی سے جزیرے کی جانب آنے لگی۔ اُدھر وہ کشتی کنارے لگی اُدھر میں دیوانہ وار دوڑتا ہوا ان کے پاس آ گیا۔ کشتی میں تین آدمی تھے جنہوں نے اشارے سے مجھے کشتی میں آنے کو کہا۔
” دوست تم کون ہو؟ یہ جزیرہ کِس ملک کا حصہ ہے؟“ ۔ ان میں سے ایک نووارد نے اپنا مضبوط ہاتھ میری طرف بڑھاتے ہوئے کہا۔
میں اپنے گلے کی جانب اشارہ کر کے فقط یہ ہی کہہ سکا، ”پانی“ ۔
یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ جہاز ران بہت سخت دل ہوتے ہیں اور صرف اور صرف پانی کی پکار ہی وہ ایسی چیز ہے جس سے ان کا بھی دل پسیج جاتا ہے۔ فوراً ہی وہ تین آدمی ایسی طاقت سے چپو چلانے لگے کہ جیسے کشتی تیر کم اور اُڑ زیادہ رہی ہو۔ کچھ ہی دیر میں ہم جہاز کے اندر تھے۔
” یہ تو پیاس سے مر رہا ہے“ ۔ مجھے کچھ ملی جلی آوازیں سنائی دیں اور مجھ پر کمبل ڈال دیا گیا۔
کپتان نے اپنے ہاتھ سے مجھے گھونٹ گھونٹ کر کے تھوڑا سا پانی پلایا۔
” ابھی اتنا کافی ہے۔ باقی کچھ دیر بعد پینا“ ۔ کپتان نے کہا۔
واقعی اتنے سے پانی نے بھی کمال کر دکھایا۔ میری گُمشدہ آواز واپس آ گئی۔ خوشی سے آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
” کیا وہاں اور بھی افراد موجود ہیں؟“ ۔ کپتان نے سوال کیا۔
” نہیں“ ۔ میں نے جواب دیا۔
” مگر یہ کون سی جگہ ہے؟“ ۔ اُس نے پوچھا۔
” زلزلہ سے اُبھرنے والا جزیرہ“ ۔ میں نے کہا۔
” ہم تو کافی دیر سے اس مقام پر کھڑے صبح کا انتظار کر رہے تھے۔ رات بیچ میں نہ آتی تو تم تک ہم خود پہنچ جاتے“ ۔ کپتان نے مجھ سے کہا۔
” اچھا؟ یہ سامنے پہاڑی پر ڈھیر کی صورت کیا چیز ہے؟“ ۔ دلچسپی لیتے ہوئے کپتان بولا۔
” یہ بحری جہاز ہے جو شاید تین سو سال سمندر کی تہہ میں پڑا رہا تھا“ ۔ میں نے کہا۔
” اچھا تو اس زلزلہ نے اُس کو اُچھال باہر کیا“ ۔ کپتان نے خود کلامی کے سے انداز میں کہا۔
” بالکل اسی طرح ہے“ ۔ میں نے جواب دیا۔
” آؤ میرے ساتھ۔ کچھ دیر آرام کر لو، کچھ کھا لو پھر تمہاری کہانی تفصیل سے سنیں گے“ ۔ کپتان گفتگو کرتے ہوئے مجھے ساتھ لے کر چلا۔ کھانا تو خیر کیا کھانا تھا پانی خوب جی بھر کے پیا اور جسم میں توانائی آتی محسوس ہوئی۔ اب مجھے اپنی بپتا سُنانے کو کہا گیا۔ میری کہانی کے دوران جا بجا کپتان اپنی دانست میں اہم نکات لکھتا جا رہا تھا۔ وہ پوری تیاری کر رہا تھا کہ منظرِ عام پر آنے والی اِس نئی مملکت یا جزیرے کی رپورٹ کس طرح سے تیار کرے۔ میری کہانی ابھی جاری تھی کہ عرشہ سے شور سا اُٹھا۔
” کپتان“ ۔ ایک جہاز راں دوڑتا ہوا آیا۔
” جزیرہ غرق ہو گیا“ ۔ دوسرا بولا۔
” اس کا کیا مطلب ہوا؟ کیا ہم نے اُسے ڈبو دیا؟“ ۔ کپتان نے کہا۔
” ہم نے نہیں خدا نے۔ وہ خود ہی سمندر برد ہو گیا“ ۔
ہم تمام افراد دوڑتے ہوئے عرشے پر پہنچے۔ حیرتناک منظر تھا۔ جہاں ابھی تھوڑی دیر قبل وہ جزیرہ موجود تھا، اب وہاں ٹھاٹھیں مارتا ہوا نیلگوں سمندر موجزن تھا۔ کپتان منہ کھولے اسی جگہ کو تکنے لگا۔
” میرے اِس جہاز سوسن گرے Susan Gray میں کوئی بھی چیز رپورٹ نہیں ہو گی“ ۔ کپتان نے حُکم دیا۔
اس سوسن گرے نامی جہاز اور اِس کے عملہ کا میں بہت شکر گزار ہوں کہ اُس نے میری جان بچائی۔ میرا جہاز ’ابنِ بطوطہ‘ پہلا جہاز تھا جس نے یہ جزیرہ دیکھا او ر ’سوسن گرے‘ دوسرا۔

