قومیں کردار سے بنتی ہیں
امریکی عوام کے فیصلے نے یہ حقیقت سامنے رکھ دی کہ اقتدار کی اصل طاقت عوام کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کو انتخابی میدان میں ملنے والا دھچکا محض چند نشستوں کی کمی بیشی نہیں، بلکہ اس سیاسی رویے کے خلاف عوامی ردعمل ہے جس میں حکمران خود کو عوام کی مرضی سے زیادہ اہم سمجھنے لگتے ہیں۔ ہمارے وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے کی حمایت کی اور ان کی امن کوششوں کو غیر معمولی اہمیت دی۔ سفارت کاری کے تقاضے اپنی جگہ، عالمی رہنماؤں سے تعلقات بھی ضروری ہیں، لیکن کسی حکمران کی خوشنودی حاصل کرنے اور اس کی شخصیت کو غیر معمولی خوبیوں کا حامل ثابت کرنے میں فرق ہوتا ہے۔ جس شخصیت کے سیاسی طرزِ عمل اور پالیسیوں پر خود اس کے ملک میں شدید اختلاف موجود ہو، اس کے بارے میں ہماری قیادت کا غیر معمولی جوش کئی سوالات پیدا کرتا ہے۔ کیا ہماری خارجہ پالیسی اصولوں کی بنیاد پر تشکیل پاتی ہے یا طاقتور حکمرانوں کی خوشنودی ہماری سفارتی حکمت عملی کا بنیادی حصہ بن چکی ہے؟
امریکی انتخابات کا ایک قابلِ غور پہلو مسلمان امیدواروں کی کامیابی بھی ہے۔ مختلف ریاستوں اور شہروں میں مسلمان امیدواروں نے عوامی حمایت حاصل کی۔ ان امیدواروں کو ووٹ دینے والوں میں مختلف مذاہب، نسلوں اور نظریات سے تعلق رکھنے والے شہری شامل تھے۔ انہوں نے اپنے نمائندوں کو ان کے سیاسی پروگرام، عوامی مسائل پر موقف اور کارکردگی کے وعدوں کی بنیاد پر قبول کیا۔ یہ طرزِ فکر ہمیں بتاتا ہے کہ ایک مہذب معاشرے میں کسی انسان کی مذہبی شناخت اس کی سیاسی اہلیت کا واحد معیار نہیں ہوتی۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم نے مذہب کو بھی سیاسی وابستگیوں کا ہتھیار بنا لیا ہے۔ امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف تعصب بھی موجود ہے، نسلی امتیاز بھی ہے اور اسلام مخالف سیاست بھی۔ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم مختلف مذاہب کے شہریوں کا مسلمان امیدواروں کو قبول کرنا اس بات کی مثال ضرور ہے کہ تعصب کے باوجود جمہوری معاشرے میں برداشت اور سیاسی شمولیت کے لیے جگہ پیدا کی جا سکتی ہے۔
ہم مذہب کے نام پر ایک دوسرے کو جانچنے میں جتنی توانائی صرف کرتے ہیں، اگر اس کا کچھ حصہ اپنے کردار کے احتساب پر لگا دیں تو شاید ہمارا معاشرہ کہیں بہتر ہو جائے۔ ہم یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ عبادت انسان اور خدا کا معاملہ ہے، مگر عوامی امانت میں خیانت براہِ راست انسانوں کے حقوق پر ڈاکا ہے۔ پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا المیہ شخصی وفاداری کا وہ نظام ہے جس نے شہریوں کو سیاسی کارکن تو بنا دیا، باشعور ووٹر نہیں بننے دیا۔ سیاسی وابستگی اپنی جگہ ایک جائز حق ہے، لیکن جب انسان اپنے پسندیدہ رہنما کی غلطی کو بھی درست ثابت کرنے لگے تو اس کی سیاسی سوچ عقیدت کی نذر ہو چکی ہوتی ہے۔ ہم مخالف جماعت کے رہنما کی بدعنوانی پر شور مچاتے ہیں، مگر اپنے رہنما کے خلاف اسی نوعیت کا الزام سامنے آئے تو فوراً سازش، انتقام اور سیاسی انجینئرنگ کی اصطلاحات تلاش کرنے لگتے ہیں۔ اس دوہرے معیار نے ہماری اجتماعی سوچ کو اس قدر کمزور کر دیا ہے کہ اب ہم کردار نہیں، اپنا سیاسی مفاد دیکھ کر فیصلے کرتے ہیں۔
ہمارے ہاں انتخابات کے بعد نتائج پر تنازعات، دھاندلی کے الزامات، سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں اور اقتدار کے لیے جوڑ توڑ کی خبریں معمول بنتی جا رہی ہیں۔ ہر جماعت انتخاب سے پہلے ووٹ کی عزت کا نعرہ لگاتی ہے، مگر اقتدار کے قریب پہنچتے ہی اس نعرے کا مطلب بدل جاتا ہے۔ جو انتخابی نتیجہ اپنے حق میں ہو وہ عوام کا فیصلہ اور جو خلاف ہو وہ سازش قرار پاتا ہے۔ یہ سیاسی منافقت جمہوریت کو اندر سے کھوکھلا کرتی ہے۔ عوام کو صبر، دیانت اور قربانی کا درس دینے والے خود جب مراعات، عہدوں اور اقتدار کی دوڑ میں شامل ہوتے ہیں تو ان کے دعووں اور کردار کے درمیان فاصلہ نمایاں ہو جاتا ہے۔ بھوکے انسان کو روٹی چاہیے، بے روزگار کو روزگار اور بیمار کو علاج۔ یہ بنیادی ضروریات ہیں، کوئی فلسفیانہ بحث نہیں۔ مگر جو معاشرہ اپنے شہریوں کو صرف روٹی کے مسئلے میں الجھائے رکھے اور انہیں اپنے حقوق، وسائل اور حکمرانوں کی ذمہ داریوں سے بے خبر رکھے، وہ کبھی حقیقی ترقی نہیں کر سکتا۔ معاشی پریشانیاں انسان کی سوچ کو محدود کر دیتی ہیں، لیکن حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو معاشی تحفظ بھی دیں اور فیصلہ سازی میں با اختیار بھی بنائیں۔
فلسطین کے معاملے پر امریکی حکومتوں کا کردار، جنگی مداخلتیں اور عالمی سیاست میں دوہرے معیارات شدید تنقید کے مستحق ہیں۔ کسی ملک کے اندر جمہوری عمل کی اچھی مثال اس کی خارجہ پالیسی کی تمام خامیوں کو ختم نہیں کر دیتی۔ لیکن کسی معاشرے کی اچھی روایت سے صرف اس لیے انکار کرنا کہ وہ ہمارے مذہبی یا سیاسی تصور سے مطابقت نہیں رکھتی، دانش مندی نہیں۔ اچھی بات جہاں سے ملے، اسے قبول کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ جمہوریت کی مضبوطی حکمرانوں کی طاقت میں نہیں، عوام کے اختیار اور اداروں کی جواب دہی میں پوشیدہ ہے۔ قومیں مذہبی شناخت سے پہچانی ضرور جا سکتی ہیں، لیکن تاریخ میں ان کا مقام ان کے کردار، انصاف اور اجتماعی رویوں سے متعین ہوتا ہے۔ دوسروں کو مسلمان یا کافر ثابت کرنے کی بحث سے پہلے ہمیں یہ ثابت کرنا ہو گا کہ ہم بحیثیت معاشرہ کتنے منصف، کتنے دیانت دار اور کتنے انسان دوست ہیں۔

