ایک ماں کی مشکلات میں تھیراپی کا کردار
میں پچھلے چند ماہ سے اپنے مریضوں کو بتا رہا ہوں کہ میں پچھلے پچاس برس سے بطور ڈاکٹر اور ماہر نفسیات اپنے مریضوں اور ان خاندانوں کی خدمت کر رہا ہوں۔ بقول شاعر
یہ نصف صدی کا قصہ ہے دو چار برس کی بات نہیں
اب میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے سال جون میں میں اپنا کلینک بند کر کے ریٹائرمنٹ لے لوں گا تا کہ دنیا کی سیر کر سکوں، یکسوئی سے پڑھ لکھ سکوں اور اپنے تخلیقی خوابوں کو شرمندہ تعبیر کر سکوں۔
میں نے مریضوں کو یہ بھی بتایا کہ اپنی ریٹائرمنٹ سے پہلے میں ایک ایسی کتاب لکھنا چاہتا ہوں جس کا عنوان ہو گا HOW CREATIVE PSYCHOTHERAPY CHANGED MY LIFE
STORIES OF HEALING AND HOPE
میں نے اپنے مریضوں سے کہا کہ اگر وہ اپنی تھراپی کی کہانی مجھے بھیج دیں تو میں اسے اپنی کتاب میں شامل کر لوں۔ میری خواہش ہے کہ ریٹائرمنٹ سے پہلے انہیں وہ کتاب بطور تحفہ پیش کروں جس میں ان کی کہانی شامل ہو گی۔ میرے مریض بڑے ذوق و شوق سے اپنی اپنی کہانی لکھ کر مجھے بھیج رہے ہیں۔ مجھے اب تک بیس کہانیاں موصول ہو چکی ہیں۔
چند دن پیشتر مجھے فائزہ صاحبہ کی کہانی ملی تو میں نے ان سے کہا کہ کتاب تو انگریزی میں ہے۔ کہنے لگیں میں تو اردو میں لکھتی ہوں۔ میں نے سوچا میں ان کی کہانی کو اپنے کالم کا حصہ بنا لوں۔ میں نے اجازت مانگی تو انہوں نے اپنی دریا دلی کا ثبوت دیتے ہوئے مجھے اجازت دے دی۔ امید ہے ان کی کہانی سے قارئین کو نفسیاتی مسائل اور تھراپی کے بارے میں کچھ جاننے کا موقع ملے گا۔ فائزہ صاحبہ کی کہانی حاضر ہے۔
ایک ذاتی تجربے پر مبنی تحریر، جس سے شاید کسی کا فائدہ ہو جائے۔
جب زندگی کے سارے دروازے بند ہو جائیں، جب دل کی بات کہنے کے لیے کوئی نہ ہو، اور جب اپنی ہی آواز اجنبی لگنے لگے، تب اگر کوئی رستہ دکھائی دے تو وہ کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا۔ میرے لیے تھیراپی کا سفر بھی کچھ ایسا ہی تھا۔ ایک ایسا رستہ، جس سے گزرتے ہوئے مجھے پہلی بار لگا کہ میں بھی اپنی بات کر سکتی ہوں، بغیر شور مچائے بغیر لڑائی کیے۔
اتنے برسوں سے مجھے مکالمہ کا شوق تھا مگر میرے ارد گرد صرف تلخ اور مختصر جملے تھے جن کے جواب میں یا تو واویلا کیا جا سکتا تھا یا خاموشی۔ اس واویلے میں میری ذات گم ہو چکی تھی۔ مجھے قدرت کے سہانے سروں اور موسیقی سے دلچسپی تھی اور اسے۔..
برسوں کے اس ساتھ نے میری شخصیت کو تبدیل کر دیا تھا جو اپنی خواہشات اور جذبات کو ایک ڈبے میں ڈال کر ڈھکن بہت مضبوطی سے بند کر دیتی ہے اور یوں سمجھیے کہ روح اور جسم کو علیحدہ کرنے کی کشمکش۔ نتیجتاً میری ذات اک ویران کھنڈر میں تبدیل ہوتی گئی۔ میں ایک اچھی بیوی اور ماں بننے کے اس گھن چکر میں یہ بھول گئی کہ parenting ایک تنہا عورت تو کر سکتی ہے مگر جذباتی طور پہ بانجھ والدین نہیں۔
سو یہی ہوا۔ کئی برس کی اس تپسیا کے بعد میں نے تھیراپی میں جانے کا فیصلہ کیا یہ ایک طرح کا پیچیدہ نفسیاتی علاج ہوتا ہے جس میں عموماً بات چیت کے ذریعے مریض کو آہستہ آہستہ اس بات پہ آمادہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی ذات کے دیمک زدہ حصوں کو ڈبے سے باہر لائے جو پرسوں سے بند۔ باس چھوڑنے لگتے ہیں۔ تھیراپی کا سفر اس باس کو دھیرے دھیرے خوشبو میں بدلتا ہے ہاں یہ کوئی دنوں کا کھیل نہیں اس میں برسوں کی ریاضت ہوتی ہے جو معالج اور مریض مل کر کرتے ہیں میری خوش قسمتی رہی کہ مجھے جس معالج نے مدد دی ان کا نام ڈاکٹر خالد سہیل ہے ان کے کلینک کا نام clinic creative psychotherapy ہے ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ مریض کو کسی نہ کسی تخلیقی عمل کا حصہ بنائیں اسی عمل کے نتیجے میں میں نے کچھ نہ کچھ لکھنا شروع کر دیا اور آج اس سفر کی داستان اس لیے لکھ رہی ہوں کہ اس سے شاید کسی کو مدد مل سکے میرے نزدیک یہ ایک صدقہ جاریہ ہے۔
آج میں اپنے اس سفر کو الفاظ دینے کی کوشش کر رہی ہوں تو لگتا ہے کہ تھیراپی ہی کی وجہ سے میں اس قابل ہوئی ہوں کہ میں آپ سے اپنے خیالات بغیر کسی خوف اور ہچکچاہٹ کے شیئر کر سکتی ہوں۔
مجھے آج بھی یاد ہے کہ میرے ابتدائی تھیراپی سیشنز کس قدر مشکل ہوتے تھے۔ جب میں اکیلی جاتی تھی تو پرسکون طریقے سے بات کر لیتی تھی، لیکن جب میں اپنے شوہر کے ساتھ جاتی تھی تو میرے لیے بات کرنا بہت مشکل ہو جاتا تھا۔ میرے تھیراپسٹ ہمیں الگ الگ وقت دیتے تھے، سنتے تھے اور مشورہ دیتے تھے کہ ہم ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں۔ میں اکثر کہتی تھی کہ یہ بہت آگے کی بات ہے۔ میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں اپنی زندگی میں اس طرح الگ ہو جاؤں گی۔
ڈاکٹر صاحب مجھے بتاتے تھے کہ وہ کم عمری سے مختلف سوچ رکھتے تھے اور وہ زندگی کو روایتی عینک سے نہیں دیکھتے تھے۔ انھوں نے اپنی خوشیاں ہمیشہ اپنی شخصیت سے وابستہ رکھیں میں ان کی بات تحمل سے سنتی اور بتاتی کہ میں مختلف ہوں میرے خواب بہت بچپن سے ہی خاندان بہن بھائیوں شوہر اور بچوں سے جڑے ہیں۔ میں بہت روایت پرست ہوں مجھے آپ کی عینک سے کچھ دکھائی ہی نہیں دیتا۔
میں اپنے بچوں، ان کے ٹین ایج مسائل، مالی پریشانیوں، اور شوہر کی عدم توجہ کا شکار تھی۔ تھیراپی شاید براہ راست ان مسائل کا حل نہ کر پاتی ہو مگر وہ ہماری سوچ کا دائرہ وسیع کرنے میں بہت مدد دیتی ہے تھیراپی نے مجھے سکھایا کہ سب کچھ ایک دم نہیں بدلتا، جیسے پانی کی بوند آہستہ آہستہ پتھر پر اثر ڈالتی ہے، ویسے ہی مسلسل بات چیت اور خود شناسی انسان کو دھیرے دھیرے اندھیروں سے روشنی کی جانب لے کے چلتی ہے۔ میں نے جانا کہ ہر مسئلے کا حل نہیں ہوتا، مگر ہر مسئلہ اتنا اہم نہیں ہوتا کہ اس کو سلجھانے کی کوشش میں ہم خود ذہنی ابتری کا شکار ہو جائیں۔
تھیراپی نے مجھے تخلیقی طریقوں سے اپنے احساسات کا اظہار کرنا سکھایا۔ ڈاکٹر خالد سہیل نے مجھے لکھنے کی طرف آمادہ کیا۔ آغاز میں میں روز اپنے دن بھر کی مصروفیات ڈائری میں لکھنے لگی جس سے مجھے یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ کون سی باتیں یا رویے مجھے دکھ اور صدمے سے دوچار کرتے جبکہ کن باتوں سے میں اچھا محسوس کرتی ہوں۔ اس کے بعد مجھے ”گرین زون تھیراپی“ سے روشناس کروایا گیا جس میں ہم اپنی جذباتی کیفیت کو مختلف زونز میں تقسیم کرنا سیکھتے ہیں۔ ریڈ غصے اور اشتعال کی کیفیت، ییلو قدر بہتر اور مستحکم جبکہ گرین زون میں خوشگوار لمحات۔ اس تھیوری سے مجھے یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ کب میں ریڈ زون میں ہوں، کب میری توانائی کمزور پڑ جاتی ہے، اور کیسے میں اپنے آپ کو سنبھال سکتی ہوں۔ اور کس وقت میں اچھے موڈ میں اور خود کو توانا محسوس کرتی ہوں۔
یہ عمل ایک تخلیقی سفر تھا۔ جب میں اس تخلیقی عمل کا حصہ بنی تو مجھے لگا جیسے میرے اندر کا ایک بوجھ ہلکا ہونے لگا ہے۔ میں نے اپنی ذات کے سکون کے لیے خود کو ان شخصیات اور عوامل سے محفوظ کیا جو مجھے ریڈ زون میں لے جاتے تھے اور اپنے لیے گرین زون کی تخلیق کا کام شروع کیا جو کہ ہنوز جاری و ساری ہے اس کے ساتھ ساتھ اس بات کا خیال بھی رکھا کہ اپنے گرین زون کی تلاش میں کسی کی دل آزاری یا نقصان کا سبب نہ بنوں۔ میں لکھنے لگی۔ تخلیقی گروپس میں جاتی، لوگوں کو سنتی۔ مگر میں ہمیشہ اپنی فیملی، اپنے بچوں، اپنی زندگی کے دکھ سکھ کے بارے میں ہی لکھتی رہی۔
میری تحریروں نے میرے زخموں کو بھرنا شروع کر دیا۔ میں نے سیکھا کہ ہر خواہش پوری نہیں ہوتی، اور ہر چیز ہمارے قابو میں نہیں۔ میں نے ”قبولیت“ کو جانا۔ acceptance یہ جاننا کہ جو کچھ ہے، وہ ٹھیک ہے، اور اسی کے ساتھ زندگی جینی ہے۔ تھیراپی نے مجھے یہ سکھایا کہ سکون باہر سے نہیں، اپنی ذات کے اندر سے پیدا ہوتا ہے۔
آج جب میں اپنی زندگی کو دیکھتی ہوں تو امن اور سکون محسوس کرتی ہوں۔ میں اب اپنے اخراجات خود پورے کرتی ہوں، اپنا گھر چلاتی ہوں۔ میں محنت کرتی ہوں، اپنی بیٹی کے ساتھ رہتی ہوں، کبھی بات ہوتی ہے، کبھی خاموشی۔ لیکن اب اس خاموشی میں بھی ایک تعلق ہے محبت ہے اور گرین زون یہی میری کامیابی ہے۔ تھیراپی نے مجھے یہاں لا کھڑا کیا ہے جہاں میں بہت آسانی سے بات چیت کر لیتی ہوں اپنی ذات کے اظہار میں کوئی رکاوٹ محسوس نہیں کرتی۔
مجھے سماجی زندگی کے دھارے میں شامل کرنے میں ڈاکٹر خالد سہیل نے بہت مدد کی مجھے تخلیق کاروں تک رسائی دی اور اپنی تنظیم فیملی آف ہارٹ کا حصہ بھی بنایا۔ مجھے سماجی زندگی اور تنہائی دونوں میں اپنی ذات کے موثر اظہار کی تربیت فراہم کی اور سب سے بڑھ کر یہ سکھایا کہ تنہائی، خاموشی اور دانائی کی دوستی بہت انمول ہے انسان کو کئی فکروں سے آزاد کرتی ہے۔
فائزہ
کینیڈا


When I read the word retirement my body felt a shock and sensation changed. I felt sadness. I had a perception or illusion that dr.sohail will never stop seeing his clients. We all are fallible human beings. Dr.Sohail is an institution and movement. This institution and movement will never stop.
Thanks for your kind words…you are an inspiration for many