سیسیفس سے کافکا تک: آزادی، بے معنویت اور نگرانی کے عہد میں انسان
انسانی تہذیب کی تاریخ محض ترقی، دریافت اور آسودگی کی داستان نہیں، یہ فرد کی آزادی، اختیار اور شناخت پر اثرانداز ہونے والی قوتوں کی تاریخ بھی ہے۔ جدید انسان نے علم، ٹیکنالوجی اور اداروں کے ذریعے زندگی کو سہل بنایا مگر اسی عمل میں ایسے نظام بھی تشکیل دیے جن میں فرد بے مقصد مشقت، نامعلوم ضابطوں، مسلسل نگرانی اور زبان کی تحدید کا سامنا کرتا ہے۔ سیسیفس سے کافکا، کافکا سے آرویل اور آرویل سے ہیلر تک کا ادبی سفر دراصل جدید انسان کی اسی داخلی و خارجی کشمکش کا مطالعہ ہے۔
یونانی اساطیر کا سیسیفس دیوتاؤں کی سزا کے طور پر ایک بھاری پتھر پہاڑ کی چوٹی تک لے جاتا ہے مگر پتھر ہر بار واپس لڑھک جاتا ہے۔ بیسویں صدی کے فرانسیسی فلسفی اور ادیب البرٹ کامیو نے اپنی کتاب The Myth of Sisyphus میں اس داستان کو بے معنویت کے فلسفے سے جوڑا ہے۔ کامیو کے نزدیک المیہ یہ ہے کہ انسان کائنات سے معنی طلب کرتا ہے لیکن کائنات اس طلب کا کوئی قطعی جواب نہیں دیتی۔ تاہم کامیو مایوسی کو آخری منزل نہیں بناتے۔ ان کے ہاں انسان اپنی صورتِ حال کو پہچان کر، زندگی سے وابستہ رہ کر، مزاحمت اور آزادی کا امکان پیدا کرتا ہے۔ سیسیفس کا پتھر اس لئے محض سزا نہیں، انسانی استقامت کی علامت بھی ہے۔
فرانز کافکا اسی انسانی المیہ کو ایک مختلف زاویے سے دیکھتے ہیں۔ ان کے ناول The Trial میں ’یوزف کے‘ کو گرفتار کر لیا جاتا ہے، مگر اسے نہ الزام کی حقیقت معلوم ہوتی ہے، نہ عدالتی نظام کی منطق سمجھ آتی ہے۔ The Castle میں قلعہ انتظامی اختیار کی ایسی علامت ہے جس تک رسائی مسلسل مؤخر ہوتی رہتی ہے۔ کافکا کے کردار کسی واضح دشمن سے نہیں لڑتے، وہ ایسے نظام میں گھرے ہوتے ہیں جس کے قواعد موجود ہیں مگر ان کی منطق فرد پر آشکار نہیں ہوتی۔ اسی کیفیت نے اصطلاح Kafkaesque کو جنم دیا، جو ایسی صورتِ حال کے لئے استعمال ہوتی ہے جہاں اختیار بے چہرہ، ضابطے ناقابلِ فہم اور انصاف ناقابلِ رسائی ہو۔ کافکا کا بنیادی سوال یہ ہے کہ انسان اس طاقت کے سامنے اپنی شناخت کیسے برقرار رکھے جسے نہ مکمل طور پر سمجھا جا سکتا ہے اور نہ آسانی سے چیلنج کیا جا سکتا ہے؟
جارج آرویل کا ناول Nineteen Eighty۔ Four اس بے چہرہ طاقت کو سیاسی نگرانی اور فکری جبر کی صورت میں پیش کرتا ہے۔ اس کا کردار Big Brothers محض ایک حکمران نہیں بلکہ ایسی ریاستی قوت کی علامت ہے جو شہری کے اعمال ہی نہیں، اس کے خیالات پر بھی اختیار چاہتی ہے۔ ناول میں Thoughtcrime کا تصور اس وقت سامنے آتا ہے جب فکری اختلاف جرم بن جاتا ہے۔ آرویل کی تخلیقی بصیرت کے مطابق جبر صرف جسم کو قابو کرنے سے مکمل نہیں ہوتا، اسے ذہن اور زبان پر بھی اقتدار درکار ہوتا ہے۔ اسی مقصد کے لئے آرویل نے Newspeak یعنی محدود اور سرکاری طور پر منضبط زبان کا تصور پیش کیا۔ اگر زبان سے اختلاف، آزادی اور مزاحمت کے تصورات مٹا دیے جائیں تو ان پر غور اور گفتگو مشکل ہو سکتی ہے۔ تاہم انسانی تخیل نئے الفاظ، استعارے اور معنی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ادب اسی صلاحیت کے ذریعے سرکاری بیانیے کے مقابل ایک متبادل شعور تشکیل دیتا ہے۔ یوں زبان اقتدار کا وسیلہ بھی ہے اور مزاحمت کا امکان بھی۔
جوزف ہیلر کے ناول Catch۔ 22 میں فرد اداروں کے ایسے متضاد قواعد میں الجھ جاتا ہے جن سے نکلنے کی ہر کوشش مزید الجھن پیدا کرتی ہے۔ اصطلاح Catch۔ 22 اسی بندش کے لئے رائج ہوئی جس میں کسی مسئلے کا حل خود اس مسئلے کی رکاوٹ بن جاتا ہے۔ ہیلر دکھاتے ہیں کہ ادارہ بظاہر منطقی ہونے کے باوجود عملی طور پر غیر منطقی اور خود غرض ہو سکتا ہے۔ سیسیفس کا پتھر، کافکا کی عدالت اور ہیلر کے متناقض ضابطے یوں ایک مشترک تجربے کی اجتماعی علامت بن جاتے ہیں۔ فرد مسلسل کوشش کرتا ہے مگر نظام اس کی کوشش کو بے اثر بنا دیتا ہے۔
یہ تجربہ جنوبی ایشیا کے ادبی اور سماجی ماحول میں بھی مختلف صورتوں میں موجود ہے۔ یہاں بیوروکریسی، طبقاتی تقسیم، خاندانی روایت، مخصوص شناخت اور ریاستی اختیار فرد کی زندگی کو پیچیدہ بناتے ہیں۔ اردو ادب نے ان مسائل کو اپنی تاریخی اور تہذیبی خصوصیات کے ساتھ پیش کیا ہے۔ سعادت حسن منٹو نے سماجی منافقت اور انسانی رویوں کے تضادات کو بے باکی سے آشکار کیا، انتظار حسین نے ہجرت، یادداشت، تاریخ اور تہذیبی زوال کو تخلیقی موضوع بنایا جبکہ قرۃ العین حیدر نے فرد اور تاریخ کے طویل رشتے کو اپنے ناولوں میں نمایاں کیا۔ عبداللہ حسین کی اداس نسلیں بھی تاریخ، سیاست اور انسانی زندگی کے باہمی تعلق کی اہم مثال ہے۔
جنوبی ایشیا کے ان تخلیق کاروں کی تخلیقات کو کافکا کے فن کی پیروی سمجھنے کی بجائے یہ دیکھنا زیادہ مناسب ہے کہ مختلف تہذیبوں کے ادیب اپنے اپنے معاشروں میں فرد اور طاقت کے تصادم کو کیسے سمجھتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں یہ تصادم اکثر کئی سطحوں پر بیک وقت جاری رہتا ہے۔ اس لئے یہاں بے معنویت اور جبر کا تجربہ محض انتظامی نہیں، تاریخی اور تہذیبی بھی ہے۔
اکیسویں صدی نے نگرانی کے مسئلے کو ایک نئی جہت دی ہے۔ آرویل کے ہاں ریاستی نگرانی کا تصور نمایاں تھا جبکہ آج اسمارٹ فون، سوشل میڈیا سرچ انجن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی انسانی سرگرمیوں سے متعلق وسیع معلومات جمع کرتے ہیں۔ الگورتھم ان معلومات کی بنیاد پر ترجیحات اور رویوں کے بارے میں اندازے قائم کر سکتے ہیں۔ لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب معلومات کے استعمال، فیصلوں کی بنیاد اور جواب دہی کے طریقے غیر شفاف ہوں۔ انسان بظاہر انتخاب کی آزادی رکھتا ہے، لیکن اس کے انتخاب کو متاثر کرنے والے عوامل اکثر اس کی نظروں سے اوجھل رہتے ہیں۔ اگر کسی فرد کے خلاف اس امکان پر فیصلہ کیا جائے کہ وہ مستقبل میں کوئی غلط کام کر سکتا ہے تو انصاف، آزادی اور ذمہ داری کے تصورات متنازعہ ہو جاتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ایسے فیصلوں میں شفافیت، انسانی نگرانی، حقِ اپیل اور جواب دہی کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔
سیسیفس ہمیں بے معنویت کے باوجود زندگی سے وابستہ رہنے، کافکا نامعلوم اختیار کو پہچاننے، آرویل زبان اور نگرانی کے خطرات سمجھنے، اور ہیلر ادارہ جاتی تضادات پر سوال اٹھانے کا شعور دیتے ہیں۔ ان سب کا مشترک موقف یہ ہے کہ آزادی کا آغاز محض نظام سے فرار میں نہیں، بلکہ اس کی ساخت، منطق اور انسانی اثرات کو سمجھنے میں پوشیدہ ہے۔
ہمارے عہد کا المیہ یہ نہیں کہ انسان کے گرد دیواریں کھڑی ہیں بلکہ یہ ہے کہ بعض دیواریں شفاف ہیں۔ راستہ دکھائی دیتا ہے مگر اس کا تعین کرنے والی قوتیں نظر نہیں آتیں۔ انتخاب موجود ہوتا ہے مگر اس کے امکانات پہلے ہی محدود کیے جا چکے ہوتے ہیں۔ ادب مستقبل کی یقینی پیش گوئی نہیں کرتا لیکن حال کے اندر موجود بے معنویت، مضحکہ خیزی اور خطرے کو آشکار ضرور کرتا ہے۔
سیسیفس کا پتھر آج بھی ہمارے ساتھ ہے، کافکا کی عدالت آج بھی ہمارے تخیل میں زندہ ہے اور آرویل کی نگرانی ہمارے عہد کے لئے بھی ایک اہم تنبیہ ہے۔ تاہم شعور انسان کا پہلا امکان ہے۔ جب بھی انسان اپنے پتھر کو پہچانتا ہے، بے چہرہ اختیار پر سوال اٹھاتا ہے، زبان کی آزادی کا دفاع کرتا ہے اور نظام کے تضادات کو عیاں کرتا ہے تو مزاحمت کی بنیاد پڑتی ہے۔ ادب اسی شعور کو بیدار کرنے کا نام ہے اور آزادی کا پہلا امکان بھی شاید وہیں سے جنم لیتا ہے۔

