بلاگ

یونانی فلاسفروں سے نوبل انعام یافتہ این کارسن، اور بالی وڈ کی ریکھا تک۔ جہاں فلسفی، شاعرہ اور اداکارہ ایک ہو جاتے ہیں

kareem nawaz

ادب کی تاریخ میں کبھی کبھار ایسی شخصیات جنم لیتی ہیں جو محض کتابیں نہیں لکھتیں بلکہ انسانی احساس کے لیے ایک نئی لغت مرتب کرتی ہیں۔ کینیڈا کی نامور شاعرہ، مضمون نگار اور کلاسیکی علوم کی ماہر این کارسن اسی قبیلے سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے ہاں فلسفہ اور شاعری، دانش اور تخیل، روایت اور تجدید اس طرح باہم آمیز ہو جاتے ہیں جیسے روشنی رنگ میں ڈھل جائے اور رنگ روشنی میں تحلیل ہو جائے۔

آٹھ اکتوبر دو ہزار چھبیس کو سویڈش اکیڈمی نے انہیں نوبل انعام برائے ادب سے نوازنے کا اعلان کیا، اس اعتراف کے ساتھ کہ انہوں نے کلاسیکی روایت کے ساتھ تخلیقی اور شگفتہ مکالمے کے ذریعے معاصر ادب کے لیے نئی صورتیں تخلیق کیں۔ ادب کا نوبل انعام سائنس کے انعامات سے اس اعتبار سے مختلف ہے کہ یہاں کائنات کے اسرار نہیں بلکہ انسانی روح کی گہرائیوں کو دریافت کرنے والوں کا اعتراف کیا جاتا ہے۔ این کارسن نے قدیم یونان کے فکری سرمائے کو جدید انسانی تجربے کے ساتھ اس مہارت سے جوڑا کہ صدیوں کے فاصلے سمٹ گئے اور معلوم ہوا کہ انسانی دل کا دکھ، اس کی آرزو اور اس کی تنہائی زمان و مکان کی قید سے آزاد ہیں۔

ان کی معروف کتاب ”عشق کی لذت محرومی۔ ایروس دی بٹر سوئیٹ“ محبت کے فلسفے پر ایک گہرا فکری مکالمہ ہے۔ این کارسن کا بنیادی استدلال یہ ہے کہ عشق کی اصل قوت وصال میں نہیں بلکہ فاصلے میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ محبوب جتنا دور ہوتا ہے، خواہش اتنی ہی شدید ہو جاتی ہے۔ محبت صرف قربت کا نام نہیں، بلکہ اس خلا کا نام بھی ہے جو عاشق اور معشوق کے درمیان حائل رہتا ہے۔ گویا عشق کا چراغ تیل سے نہیں، محرومی سے روشن ہوتا ہے۔ این کارسن کے ہاں عشق کوئی سیدھی لکیر نہیں، بلکہ ایک لطیف ہندسیّت ہے جس میں محب ایک کنارہ، محبوب دوسرا کنارہ، اور درمیان کا فاصلہ۔ وہی فاصلہ جو خواہش کو جنم دیتا ہے، وہی فاصلہ جو دل کو زخمی بھی کرتا ہے اور زندہ بھی رکھتا ہے۔ محبوب اگر مکمل طور پر ہاتھ میں آ جائے تو شوق مر جاتا ہے، اور اگر مکمل طور پر کھو جائے تو دل بجھ جاتا ہے۔ عشق اسی درمیانی مقام میں سانس لیتا ہے۔ جہاں قربت بھی ہے، جدائی بھی؛ جہاں امید بھی ہے، خوف بھی۔ کارسن کے نزدیک خاموشی بھی ایک زبان ہے، اور ٹوٹے ہوئے متن بھی ایک کائنات۔ ان کا فلسفہ یہ اعلان ہے کہ فاصلہ رکاوٹ نہیں۔ معنی کی پیدائش ہے ؛ خاموشی کمی نہیں۔ حقیقت کی صورت ہے اور عدمِ دستیابی شکست نہیں۔ خواہش کا سرچشمہ ہے۔

تاہم این کارسن کی فکر کو سمجھنے کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اسے کسی بالکل نئی دریافت کے بجائے انسانی دل کے ایک پرانے اور مشترک تجربے کی جدید تعبیر سمجھا جائے۔ یہ کہنا درست نہیں کہ ماضی کے مفکرین ان کے براہِ راست ماخذ ہیں، کیونکہ تہذیبی اور تاریخی فاصلے اس بات کی تائید نہیں کرتے۔ البتہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ مختلف زمانوں اور تہذیبوں کے اہلِ فکر اپنی اپنی راہوں سے ایک ہی انسانی حقیقت تک پہنچے ہیں۔ اس لیے یہاں اثر و تاثر کا نہیں بلکہ فکری مماثلت اور روحانی ہم آہنگی کا معاملہ ہے۔ بعض خیالات نہ کتابوں سے جنم لیتے ہیں، نہ درس گاہوں کی عطا ہوتے ہیں اور نہ کسی فلسفی کی ملکیت؛ وہ انسانی روح کی ان گہری دراڑوں میں نمو پاتے ہیں جہاں محبت، محرومی، انتظار اور یاد ایک دوسرے میں تحلیل ہوچکے ہوتے ہیں۔ اسی لیے مختلف زمانوں کے لوگ، ایک دوسرے سے ناواقف ہونے کے باوجود، ایک ہی سچائی تک پہنچ جاتے ہیں ؛ کبھی وہ قدیم یونان کے کسی فلسفی کی زبان سے ظاہر ہوتی ہے، کبھی جدید عہد کی کسی شاعرہ کے لفظوں میں ڈھلتی ہے، اور کبھی بالی وڈ کی کسی اداکارہ کے احساسات میں جلوہ گر ہو کر یہ باور کراتی ہے کہ بعض سچائیاں کتابوں سے نہیں، دل کے زخموں سے پیدا ہوتی ہیں۔

یہ کہنا درست نہ ہو گا کہ ریکھا نے این کارسن کو پڑھا تھا یا این کارسن نے ریکھا کی کہانیوں سے کوئی سبق لیا تھا۔ اصل حقیقت اس سے کہیں زیادہ دلکش ہے۔ جب سوچ ایک خاص بلندی تک پہنچتی ہے تو مختلف راستوں سے چلنے والے مسافر ایک ہی منظر تک جا پہنچتے ہیں۔ سمندر الگ ہوتے ہیں مگر افق ایک ہوتا ہے۔ یونانی فلسفے میں عشق کا آغاز ہی فاصلے سے ہوتا ہے۔ افلاطون کے نزدیک محبت کسی شے کے حصول کا نام نہیں بلکہ اس کمی کے شعور کا نام ہے جو انسان کے وجود میں مسلسل گونجتی رہتی ہے۔ انسان اس چیز سے محبت کرتا ہے جو اس کے پاس مکمل طور پر موجود نہیں ہوتی۔ گویا عشق کی بنیاد وصل پر نہیں، فاصلے پر رکھی گئی ہے۔ دو ہزار برس بعد این کارسن نے اسی راز کو نئے لہجے میں بیان کیا۔

اور پھر اچانک یہ فلسفہ کسی یونیورسٹی کی لائبریری سے نکل کر ممبئی کے ایک ٹیلی ویژن اسٹوڈیو میں پہنچ جاتا ہے۔ برسوں پہلے، ایک ایسا مکالمہ ہوا تھا جو وقت گزرنے کے ساتھ محض ایک ٹیلی ویژن انٹرویو نہ رہا بلکہ بالی ووڈ کی اجتماعی یادداشت اور اس کی نیم افسانوی روایت کا حصہ بن گیا۔ انٹرویو لینے والے کے نرم، متجسس اور تہہ دار سوالوں کے سامنے ریکھا جی بیٹھی تھیں ؛ وہ ریکھا جو صرف ایک اداکارہ نہیں بلکہ ہندوستانی مقبول ثقافت کی ایک سربستہ داستان، ایک معمہ، ایک استعارہ بن چکی ہیں۔ گفتگو محبت سے شروع ہوئی، مگر آہستہ آہستہ اس کے دائرے میں آرزو، فاصلہ، تنہائی، اختیار اور انسانی دل کے وہ پوشیدہ گوشے بھی شامل ہوتے چلے گئے جہاں عام طور پر لفظوں کی رسائی نہیں ہوتی۔ ریکھا کے بارے میں جتنا لکھا گیا، شاید کسی اداکارہ کے بارے میں کم ہی لکھا گیا ہو، لیکن ان کی شخصیت کا اصل سحر ان کی فلموں میں نہیں بلکہ ان چند جملوں میں پوشیدہ ہے جو انہوں نے زندگی، محبت اور تعلق کے بارے میں کہے۔ ایک یادگار انٹرویو میں پوچھے گئے چند سوالات اور ان کے جوابات آج بھی کسی فلسفیانہ متن کی طرح پڑھے جا سکتے ہیں۔

بطور بھانو گنیشن آپ تو بہت معمولی اور خاصی بھاری بھرکم نظر آتی تھیں۔ پھر اتنی دل شکن اور دلکش کیسے ہو گئیں؟

ایک مرد۔ نام نہیں۔ مجھ سے براہِ راست کوئی تعلق نہ سہی، مگر دل کے بہت قریب۔ یہ سب اُس کی الفت کا کمال ہے۔

کیا آپ امیتابھ بچن کے بہت قریب تھیں؟

آپ مرد ہیں، اس لیے سمجھنا مشکل نہیں ہو گا۔ اپنے ذہن میں تکلف کی ایک قدر مقرر کیجیے، پھر اسے اُس آخری حد سے ضرب دے دیجیے جسے آپ بے تکلفی کی انتہا سمجھتے ہیں۔ جو جواب نکلے، جان لیجیے ہم اتنے قریب تھے۔

آپ نے اُس تعلق سے کیا سیکھا؟

میں نے فاصلوں کی اہمیت سیکھی۔

کیا یہ دکھ رہتا ہے کہ وہ آپ کے ساتھ نہیں؟

اصل میں بہت کم مرد جان پاتے ہیں کہ عورت کے پاس کون ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ جو عورت اُن کے بازوؤں میں ہے، وہ اُن کی ہے۔ حالانکہ یہ بھی تو ممکن ہے کہ وہ وہاں موجود ہو، مگر دستیاب نہ ہو۔

یہ محض ایک فلمی ستارے کے اعترافات نہیں تھے۔ یہ وجود، آزادی، فاصلے اور انسانی خودمختاری کے بارے میں کہے گئے وہ جملے تھے جو بظاہر محبت کی بات کرتے ہیں مگر حقیقت میں انسان کی پوری روحانی ساخت کو آشکار کرتے ہیں۔ خاص طور پر وہ ایک جملہ۔ میں نے فاصلوں کی اہمیت سیکھی۔ محض ایک تعلق کا خلاصہ نہیں، بلکہ محبت کے پورے مابعد الطبیعیاتی نظام کا نچوڑ ہے۔ افلاطون شاید اسے پڑھتا تو مسکرا دیتا، این کارسن شاید اسے اپنی کتاب کے کسی باب کا عنوان بنا دیتیں، اور شاہ عبداللطیف بھٹائی، مست توکلی یا خواجہ فرید اسے ایک درد بھری کافی میں ڈھال دیتے اور ہو سکتا انہوں نے ڈھالا بھی ہو۔ کیونکہ فاصلہ صرف جسموں کے درمیان نہیں ہوتا۔ کچھ فاصلے یاد اور فراموشی کے درمیان ہوتے ہیں، کچھ آرزو اور تقدیر کے درمیان، اور کچھ اُن دو انسانوں کے درمیان جو ایک دوسرے کے لیے سب کچھ ہوتے ہیں مگر ایک دوسرے کے نہیں ہو سکتے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں ریکھا جی اور این کارسن غیر متوقع طور پر ایک ہی فکری افق پر کھڑی دکھائی دیتی ہیں۔ این کارسن کے ہاں محبوب کی غیر موجودگی خواہش کو زندگی بخشتی ہے ؛ محبوب پوری طرح مل جائے تو آرزو کی آگ سرد پڑنے لگتی ہے۔ ریکھا بھی دراصل یہی کہتی ہیں کہ تعلق کی سچائی قربت میں نہیں، اُس فاصلے میں پوشیدہ ہے جو دو انسانوں کے احترام کو زندہ رکھتا ہے۔ اور جب وہ کہتی ہیں کہ ایک عورت بازوؤں میں ہونے کے باوجود دستیاب نہ ہو سکتی ہے، تو وہ انسان کی داخلی خودمختاری کا اعلان کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ محبت ملکیت نہیں ؛ رفاقت ہے۔ تصرف نہیں ؛ ادراک ہے۔ قبضہ نہیں ؛ احترام ہے۔ یہاں محبت سیاست سے جا ملتی ہے، کیونکہ سیاست بھی آخرکار اختیار اور آزادی کی بحث ہے۔ وہی بحث جو ایک عورت اپنے وجود کے بارے میں کرتی ہے، وہی بحث جو ایک قوم اپنی شناخت کے بارے میں کرتی ہے، اور وہی بحث جو انسان اپنی روح کے بارے میں کرتا ہے۔

شاید یہی وجہ ہے کہ ریکھا کے چند مختصر جملے، این کارسن کے صفحاتِ در صفحات استدلال سے ایک عجیب مماثلت رکھتے ہیں۔ یہ مماثلت اثر پذیری کی نہیں، انسانی بصیرت کی ہے۔ یہ نقل نہیں، بلکہ اُس مشترک انسانی تجربے کی بازگشت ہے جو مختلف زبانوں اور صدیوں میں ایک ہی سچائی کو جنم دیتا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے افلاطون کے ایتھنز سے ایک صدا اٹھی، وہ صدیوں کے سفر کے بعد این کارسن کی تحریروں میں ڈھلی، اور پھر کسی شام ممبئی کے ایک ٹی وی اسٹوڈیو میں ریکھا کے لبوں سے نکل کر دوبارہ زندہ ہو گئی: بعض محبتیں قربت سے نہیں زندہ رہتیں، بلکہ اُن فاصلے سے سانس لیتی ہیں جنہیں دنیا جدائی سمجھتی ہے اور عاشق تقدیس۔ جب ریکھا سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اُس تعلق سے کیا سیکھا جس کی داستانیں عشروں سے عوامی تخیل کا حصہ بنی ہوئی ہیں، تو وہ خاموش سی مسکرائیں اور صرف اتنا کہا: میں نے فاصلوں کی اہمیت سیکھی۔ یہ محض ایک جواب نہیں تھا؛ یہ محبت کا ایک مکمل مکتبِ فکر تھا۔ کتنے عجیب لوگ ہوتے ہیں جو پوری عمر محبت کے بارے میں کتابیں لکھتے رہتے ہیں اور پھر بھی اس حقیقت تک نہیں پہنچ پاتے جسے ریکھا نے چند لفظوں میں ادا کر دیا۔ فاصلہ صرف میلوں کا نام نہیں ہوتا، نہ دیواروں اور سرحدوں کا۔ کچھ فاصلے جسموں کے درمیان نہیں بلکہ دلوں، یادوں اور تقدیروں کے درمیان ہوتے ہیں۔ بعض لوگ ہزاروں میل دور ہو کر بھی ہماری روح میں آباد رہتے ہیں اور بعض ہمارے پہلو میں بیٹھے ہوتے ہیں مگر ہم تک کبھی نہیں پہنچ پاتے۔

شاید اسی لیے ریکھا کا دوسرا جواب اور بھی زیادہ تہہ دار محسوس ہوتا ہے۔ یہ جملہ اپنی ظاہری سادگی میں ایک پورا فلسفہ چھپائے ہوئے ہے۔ یہاں محبت ملکیت کے تصور سے آزاد ہو جاتی ہے۔ یہاں انسان کسی دوسرے انسان کی جاگیر نہیں رہتا۔ جسم کی موجودگی روح کی دستیابی کی ضمانت نہیں بنتی۔ قربت کا ہر منظر حقیقتاً قربت نہیں ہوتا، اور دوری کا ہر منظر جدائی نہیں ہوتا۔ اسی مقام پر ریکھا اور این کارسن حیرت انگیز طور پر ایک دوسرے کے قریب کھڑی دکھائی دیتی ہیں۔ این کارسن کہتی ہیں کہ محبوب ہمیشہ کسی نہ کسی درجے میں غیر حاضر رہتا ہے جبکہ انسان کبھی دوسرے انسان کو مکمل طور پر نہیں پا سکتا، ہمیشہ ایک گوشہ ایسا باقی رہتا ہے جہاں کسی اور کی رسائی نہیں ہوتی۔ ریکھا بھی دراصل یہی کہتی ہیں کہ کسی کے بازوؤں میں ہونا اس کا ہو جانا نہیں ہے۔ انسان کا باطن ایک ایسی سلطنت ہے جس پر قبضہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں یونان کا فلسفہ، این کارسن کی شاعری اور ریکھا کی زندگی ایک ہی دائرے میں آ کھڑے ہوتے ہیں۔ افلاطون نے عشق کو کمی کا نام دیا، این کارسن نے اسے فاصلے کا نام دیا، اور ریکھا نے اسے وقار کا نام دیا۔ تینوں کی زبان الگ ہے، مگر تینوں ایک ہی حقیقت کا طواف کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

شاید اسی لیے ریکھا کا وہ مختصر جملہ وقت گزرنے کے باوجود زندہ ہے۔ کیونکہ بعض فقرے الفاظ نہیں ہوتے، انسانی تجربے کے نچوڑ ہوتے ہیں۔ وہ صدیوں تک سفر کرتے ہیں اور ہر دور میں نئے معنی پیدا کرتے رہتے ہیں۔ آخرکار محبت کی سب سے بڑی سچائی شاید یہی ہے کہ بعض فاصلے جدائی نہیں ہوتے، تعلق کی آخری اور بلند ترین صورت ہوتے ہیں۔ انسان بعض اوقات کسی کے ساتھ رہ کر اسے کھو دیتا ہے، اور بعض اوقات اسے کھو کر ہمیشہ کے لیے پا لیتا ہے۔ اور شاید اسی راز کی طرف این کارسن نے اپنے فلسفے میں اشارہ کیا تھا، اور ریکھا نے اپنی زندگی میں۔ ایک نے اسے کتاب میں لکھا، دوسری نے اسے ایک مسکراہٹ کے ساتھ کہہ دیا۔ مگر دونوں کے درمیان صدیوں اور تہذیبوں کا فاصلہ سمٹ کر ایک ہی جملے میں آ جاتا ہے کہ محبت کی اصل قوت قربت میں نہیں بلکہ ان فاصلے میں پوشیدہ ہے جو دلوں کو جدا بھی رکھتے ہیں اور وابستہ بھی۔

(ریکھا کے انٹرویو کا یہ حصہ پیر مغاں، جناب اقبال دیوان کی خوش فکر تحریر سے لیا گیا)

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment
abdul latif Malghani
abdul latif Malghani
14 days ago

لاجواب ـ
مجھے راشدالخیری کی کتاب،، ماہ عجم،، میرا جی اور خلیل جبران کا وہ عشق یاد آ گیا جو وہ ایک لڑکی سے خطوط تک محدود رہا اور دونوں کبھی ملاقات نہ کر سکے

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW