اک سمجھوتہ جو نہیں ہو پا رہا
مغرب نے خوردبیں سے ان کی کمر دیکھ لی
مشرق کی شاعری کا مزا کرکرا ہو گیا
(اکبر الہ آبادی)
اکبر الہ آبادی انیسویں صدی کے دوسرے ہاف میں سر سید کی تبدیلی کی تحریک کی خلاف قدامت پسندوں کی پڑھی لکھی آواز کی صورت میں نمودار ہوئے اور امت کی رکھوالی کے کارخیر میں تندی سے مصروف ہو گئے۔
تبدیلی کا ایک مسئلہ تو ہے، اچھی بھی ہو تب اس کے نتیجے میں سطحیت اس سے منسلک تو ہوتی ہے جس کے نتیجے میں وہ مزاحیہ شاہکار پیش کرنے لگتی ہے۔ جیسے اکبر کہتے تھے کہ اونٹ پر حضرت تھیٹر پر چل نکلتے ہیں، اور گلشن میں زاغ سپیچ وفا دیا کرتا ہے اور کلرکی پر لوگ پھولے نہیں سماتے اور نماز روزے سے بے ہو کر دل مشتاق مس ڈی سوزا ہو جاتا ہے۔ تبدیلی سے گہرائی کا اک رشتہ قائم کرنا اور برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اور اگر یہ تبدیلی سے خرد کا، سمجھوتے کا، جمہوریت کا یہ رشتہ نہ قائم ہو سکے تو انقلاب آتے ہیں یا فساد برپا ہوتے ہیں۔
لیکن تبدیلی ایک حقیقت بھی ہوتی ہے اور اگر اس کے ساتھ معاشی اور معاشرتی فوائد بھی منسلک ہوتے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی سعی نہ کی جائے تو ساتھ والے جینا بھی حرام کر دیتے ہیں۔ ایک طرز زندگی جو آپ کے خیال میں درست نہیں ہے لیکن اس کے فوائد کے حصول میں آپ کی چابک دستی کچھ اس طرح کی صورتحال بنا دیتی ہے کہ پیتے بھی جاتے ہیں اور شراب بنانے والوں، شراب پینے والوں، شراب بیچنے والوں، شراب خریدنے والوں، پیالہ و ساغر، ساقی و پیر مغاں پر تبرا بھی کرتے جاتے ہیں۔ احساس گناہ میں مبتلا سیکس کی طرح۔ جہنم کے شعلے بھی ڈراتے ہیں مگر رہا بھی نہیں جاتا۔ یا جیسے وہ گانا ہے کہ میں اور مسز جونز سمجھتے تو اسے گناہ ہیں لیکن کیا کریں، یہ تو بہت زبردست ہے۔
تو یہی کچھ اکبر الہ آبادی کے ساتھ بھی ہوا۔ حقیقت ان کے جائز ناجائز کے تصورات سے توانا نکلی۔ منہ دکھائی کی رسم پر مصر ابلیس سے یہ حوا کی بیٹی بھی منہ چھپا نہیں سکی۔ جس تبدیلی کے مخالف تھے، اس تبدیلی کے فوائد سے لطف اٹھاتے رہے، سیشن جج بھی بنے، بیٹے کو بھی برطانیہ عظیم پڑھنے کے لیے بھیجا لیکن سید کی اور اس طرز حیات کی جس کی سید وکالت کرتا تھا، اس کی مخالفت بھی کرتے رہے۔
اب اکیسویں صدی کے بھی دو عشرے گزر چکے ہیں اور ان کی قدامت پرستی بیسویں صدی میں انتہاؤں سے ہم آغوش ہو کر بہت بگڑ چکی ہے اور بہت کچھ بگاڑ بھی چکی ہے لیکن جس رویے سے اکبر دوچار ہوئے وہ رویہ ابھی تک موجود ہے۔
اور اس انتہا پسند قدامت پسندی کے علم بردار بھی اکبر کی طرح جدت کے ہر فائدے سے لطف اندوز بھی ہوتے ہیں اور جدت کو کوستے بھی رہتے ہیں۔
طیاروں میں سفر کرتے ہوئے، محمود غزنوی کی چابک سواری کی مداحی میں وہ انشا پردازی کرتے ہیں، سننے والا تو شدت جذبات میں طیارے سے چھلانگ لگا کر اسپ تازی پر سوار ہو جاتا ہے اور من ہی من میں ان شہروں کو فتح کرنے لگتا ہے، جن کے آثار ہی نہیں بچے۔ اور اکبر کی طرح ان علم برداروں کے بچے بھی جدت کے مراکز میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہوتے ہیں۔
پھر سعودیوں کی کامیابی نے اس ذہنیت کے لیے ماحول اور آسان کر دیا ہے۔ اگر قدامت پرستی دولت، طاقت اور شہرت کا حصول بن جائے اور اس دولت، طاقت اور شہرت کے ذریعے مہنگی سے مہنگی مصنوعات تک رسائی بھی ہو جائے تو پھر جدت کی اتنی ضرورت بھی کیا ہے؟
لیکن یہ عیاشی چند لوگوں کو ہی میسر آتی ہے باقیوں کے لیے تو معاملات مشکل ہو جاتے ہیں۔ سب سے بڑا نقصان تو یہ ہوتا ہے کہ چند لوگوں کی یہ کامیابی استحصال کے ذریعے سے برپا ہوتی ہے اور اس کامیابی کی پیروی میں استحصال جیسے کرنل قذافی اپنے دشمنوں کے لیے کہتے تھے، بیت بیت، شبر شبر، دار دار، زنقہ زنقہ پھیل جاتا ہے۔ اس کے بعد بس نقصانات کی گنتی ہی رہ جاتی ہے، کچھ نیا بن نہیں پاتا، لوگوں کا معیار زندگی بلند نہیں ہوتا، اقوام عالم میں نام بھی اونچا نہیں ہوتا۔ انسانی فلاح کی فہرستوں میں نام ان جگہوں پر ہوتا ہے جن پر ہم جیسے نالائقوں کا کلاس میں ہوتا تھا۔
جدت اور قدامت کے درمیان ایک جمہوری سمجھوتے کی ضرورت ہے۔ اکبر الہ آبادی تو گزر گئے، یہ علم بردار بھی گزر جائیں گے لیکن معاملہ تو سلجھانا پڑے گا۔ نہیں سلجھایا تو بات اٹکی رہے گی اور لاش باس مارتی رہے گی۔
جدت کی کامیابی آزادی کا نتیجہ ہے اور آزادی کے لیے جمہوری نظام، انسانی حقوق اور انسانی فلاح ضروری ہیں۔ جس فارمولے نے موہوم اور معدوم کمر دریافت کر لی پے، اس کی پیروی تو کرنی پڑے گی۔ ایجاد و دریافت کے سلسلے تو انفرادی، شخصی اور جمہوری آزادیوں کی مدد سے ہی ترتیب دیے جا سکتے ہیں۔ زور زبردستی سے موجدوں کی ایک جماعت تیار کی جا سکتی ہے، لیکن ایجاد و دریافت ایک معاشرتی پیکج ہوتے ہیں، چوری چکاری اور زور زبردستی ہے زیادہ سے زیادہ نقالی ہی کی جا سکتی ہے۔ دوسرے کی طرف دیکھنا پڑتا ہے کہ یہ خیالات سوچے اور اشیا بنائے اور ہم بس نقالی کرتے جائیں یا دوسروں کی بنائی ہوئی اشیا خریدتے جائیں، اور اس سستی کے نتیجے میں چاہے آدھی دنیا ہی برباد کیوں نہ ہو جائے۔
اور پھر جمہوری نظام مذہبی آزادیوں کا احترام کرتا ہے۔ مذہب کیا، آپ جنتر منتر بھی کرتے رہیں لیکن اگر آپ اپنی انسانی اور شہری ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں تو جمہوریت کا اس سب سے کیا پرابلم ہے؟
یہ ساری مشینیں، یہ سارے شیطانی چرخے اگر زندگی کے لیے ضروری ہیں تو درآمد کرنے کی بجائے انھیں بنانے میں کیا حرج ہے؟
وہ جیسے صوفی کہتے ہیں جب کن فیکون کہہ رہے تھے تو ہم وہیں تھے۔ اتنے بلند مقامات ہیں تو معیاری مصنوعات کیوں نہیں بنتیں؟ وہاں بھی لگتا ہے موجودی کے باوجود جھومتے ہی رہے ہیں، تخلیق و تعمیر کا درس نہیں سیکھا۔ وہ گاڑی تو گزر گئی، اب دنیا سے ہی کچھ سیکھ لیں۔ اور ایک اچھے نظام تعلیم کے لیے بھی آزادی ضروری ہے۔
اکبر الہ آبادی کے جیسے رویے کا کوئی حل تو سوچنا ہی پڑے گا۔ اگر سیشن ججی اور اعلی تعلیم زندگی کے لیے ضروری ہے تو جو نظام سب سے زیادہ موثر تعلیم کی ضمانت دیتا ہے اسے تو اپنانا پڑے گا۔ اب اس نظام سے نفرت بھی کریں اور چیچو کی ملیاں کی یونیورسٹی کی رینکنگ آکسفورڈ سے بہتر ہو جائے، یہ معجزہ تو سائیں کووں والی سر کار بھی نہیں برپا کر سکتے۔
خرد، جمہوریت اور سائنس کی مدد سے مشرق کی شاعری کا مزا تو کرکرا ہو گا لیکن زندگی کا معیار تو اچھا ہو جائے گا۔

