میرے مطابق

جب پہلی فیس خوابوں کے راستے میں دیوار بن جائے

dr yasir nawab

پاکستان میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کا مسئلہ صرف یونیورسٹیوں کی تعداد، داخلہ پالیسیوں یا نشستوں کی دستیابی تک محدود نہیں۔ اس کے اندر ایک خاموش مگر گہرا طبقاتی فرق بھی موجود ہے۔ بڑے شہروں اور نسبتاً آسودہ خاندانوں کے لیے یونیورسٹی میں داخلہ لینا زندگی کا ایک معمول کا مرحلہ ہے، لیکن غریب اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے ذہین طلبہ کے لیے یہی مرحلہ زندگی کی سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتا ہے۔

خاص طور پر داخلہ فیس اور پہلے سمیسٹر کے اخراجات وہ مقام ہیں جہاں بہت سے باصلاحیت طلبہ کا تعلیمی سفر شروع ہونے سے پہلے ہی رک جاتا ہے۔ پاکستان میں امیر خاندانوں کے بچے اپنی پسند کی یونیورسٹی کا انتخاب کر لیتے ہیں۔ مڈل اور اپر مڈل کلاس خاندان بھی اکثر اپنی جمع پونجی، قرض، یا بعض اوقات ماؤں کے زیور بیچ کر بچوں کی پہلی فیس ادا کر دیتے ہیں۔ ایک بار طالب علم یونیورسٹی میں داخل ہو جائے تو بعد میں اسکالرشپس، مالی امداد، پارٹ ٹائم کام یا دیگر ذرائع سے تعلیم جاری رکھنے کے امکانات پیدا ہو جاتے ہیں۔

اصل مسئلہ ان غریب خاندانوں کا ہے جن کے پاس نہ بچت ہوتی ہے، نہ قابلِ فروخت اثاثہ، نہ قرض لینے کی سہولت، اور نہ کوئی ایسا سماجی سہارا جو بچے کو یونیورسٹی کے پہلے دروازے تک پہنچا سکے۔ ایسے طلبہ اچھے نمبر لینے کے باوجود اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ یوں مسئلہ قابلیت کا نہیں، بلکہ پہلے قدم کی استطاعت کا بن جاتا ہے۔

کمالیہ ریجن میں یہی مسئلہ ایک عرصے سے محسوس کیا جا رہا تھا۔ دریائے راوی کے کنارے آباد یہ خطہ تاریخی، زرعی، تجارتی اور سماجی اعتبار سے اہم ہے۔ ہڑپہ جیسے قدیم تہذیبی مرکز کے قریب واقع یہ علاقہ محنت، ہنر اور مقامی کاروباری روایت رکھتا ہے، لیکن اعلیٰ تعلیم کے مواقع تک رسائی ہمیشہ آسان نہیں رہی۔ کمالیہ شہر کے ساتھ اس کے مضافات، قریبی قصبات اور دیہات کے نوجوانوں کے لیے بڑے شہروں کی یونیورسٹیوں تک جانا اضافی اخراجات، رہائش، سفر، خوراک اور تحفظ کے مسائل کے باعث مشکل رہا ہے۔ یہ مشکل طالبات کے لیے مزید بڑھ جاتی ہے، کیونکہ خاندان مالی بوجھ کے ساتھ سماجی اور حفاظتی خدشات بھی محسوس کرتے ہیں۔

اسی پس منظر میں یونیورسٹی آف کمالیہ نے کمالیہ ریجن کے لیے اعلیٰ تعلیم تک مقامی رسائی کا ایک نیا راستہ فراہم کیا ہے۔ اس وقت ادارے میں طالبات کی شرح تقریباً 60 فیصد ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ جب اعلیٰ تعلیم گھر کے قریب دستیاب ہو تو خاص طور پر لڑکیوں کے لیے مواقع نمایاں طور پر بڑھ سکتے ہیں۔

یونیورسٹی آف کمالیہ میں کمیونٹی اسکالرشپ پروگرام کا آغاز بھی اسی ضرورت کے تحت ہوا۔ وائس چانسلر کی ملاقات چند ایسے طلبہ سے ہوئی جنہوں نے غیر معمولی نمبر حاصل کیے تھے، مگر وہ داخلہ فیس ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے تھے۔ ان میں ایک طالب علم پنجاب ٹیکنیکل بورڈ کا ٹاپر بھی تھا۔ یہ صورتحال اس سوال کو سامنے لائی کہ اگر ایک بورڈ ٹاپر بھی صرف فیس نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی میں داخلہ نہ لے سکے تو عام غریب طالب علم کے لیے مواقع کتنے محدود ہوں گے۔

اس کے بعد سنڈیکیٹ کی منظوری سے ایک کمیونٹی ایڈوائزری بورڈ قائم کیا گیا، جس کی قیادت ڈاکٹر ارشد حنیف کے سپرد کی گئی۔ بورڈ نے مقامی کمیونٹی، کاروباری شخصیات، بیرونِ ملک مقیم اہلِ علاقہ، سماجی شخصیات اور صاحبِ استطاعت افراد کو اس مسئلے کی طرف متوجہ کیا۔ بنیادی خیال یہ تھا کہ یہ طلبہ مالی امداد کے نہیں بلکہ موقع کے مستحق ہیں ؛ ان کے پاس قابلیت، محنت اور تعلیمی کارکردگی موجود ہے، مگر یونیورسٹی میں داخل ہونے کے لیے ابتدائی مالی سہارا درکار ہے۔

گزشتہ سال کمیونٹی کے تعاون سے تقریباً 200 مستحق طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی گئیں۔ ان میں تقریباً 65 فیصد طالبات شامل تھیں۔ ان طلبہ کے تعلیمی نمبر عموماً 75 فیصد سے 90 فیصد یا اس سے زائد تک تھے۔ اس وقت یونیورسٹی آف کمالیہ کے تقریباً نصف طلبہ کسی نہ کسی اسکالرشپ سپورٹ کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

یہ اسکالرشپس صرف فیس کی ادائیگی نہیں بلکہ سماجی نقل و حرکت کا ذریعہ بھی بن رہی ہیں۔ پاکستان کی مڈل اور اپر مڈل کلاس میں بہت سے خاندان ایسے ہیں جن کی معاشی ترقی کے پیچھے کسی یونیورسٹی ڈگری کا بنیادی کردار رہا ہے۔ انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، میڈیکل، بزنس یا دیگر پیشہ ورانہ شعبوں کی تعلیم نے افراد کو بہتر روزگار دیا، اور بہتر روزگار نے خاندانوں کی معاشی حیثیت تبدیل کی۔ ماضی میں جب سرکاری یونیورسٹیاں نسبتاً زیادہ قابلِ استطاعت تھیں، تو متوسط خاندان کسی نہ کسی طرح بچوں کو یونیورسٹی تک پہنچا لیتے تھے۔ آج بڑھتے تعلیمی اخراجات نے یہی موقع غریب اور دور دراز علاقوں کے طلبہ کے لیے مشکل بنا دیا ہے۔

کمالیہ ریجن میں کمیونٹی اسکالرشپ پروگرام اس خلا کو کم کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے۔ جب کسی طالب علم کی داخلہ فیس اور پہلے سمیسٹر کا بوجھ کم ہو جاتا ہے تو وہ یونیورسٹی کے اندر داخل ہو کر اپنی صلاحیت دکھانے، مزید اسکالرشپس حاصل کرنے، ہنر سیکھنے اور پیشہ ورانہ زندگی کی طرف بڑھنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر طالبات کے لیے مقامی سطح پر یونیورسٹی اور مالی معاونت کا امتزاج ایک اہم سماجی تبدیلی کا سبب بن رہا ہے۔

اس پروگرام میں کمالیہ ریجن اور بیرونِ ملک مقیم اہلِ علاقہ نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ کئی معروف اور گمنام افراد نے اس خیال کو ایک عملی شکل دینے میں حصہ لیا۔ یہ تعاون صرف فیس کی ادائیگی نہیں بلکہ اس اجتماعی شعور کی علامت ہے کہ اگر ایک خطہ اپنے ذہین مگر مالی طور پر کمزور بچوں کا ہاتھ تھام لے تو اعلیٰ تعلیم کا دروازہ بہت سے خاندانوں کے لیے کھل سکتا ہے۔

یونیورسٹی آف کمالیہ کا تعلیمی ماڈل صرف داخلے تک محدود نہیں۔ ادارہ طلبہ کو skill۔ based education، mentorship، entrepreneurship اور industry linkage سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ طلبہ مختلف اسٹارٹ اَپس پر کام کر رہے ہیں، جبکہ mentorship پروگرام کے ذریعے صنعت اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں۔ اس طرح مقصد صرف ڈگری دینا نہیں بلکہ طلبہ کو عملی زندگی، روزگار، کاروبار اور مقامی مسائل کے حل کے لیے تیار کرنا ہے۔

یونیورسٹی آف کمالیہ کے لیے اگلا بڑا ہدف 500 مستحق طلبہ تک اسکالرشپ سپورٹ پہنچانا ہے۔ ایک طالب علم کے سالانہ تعلیمی اخراجات کا تخمینہ تقریباً ایک لاکھ روپے ہے۔ اس تناظر میں 500 طلبہ کی مدد کے لیے تقریباً پانچ کروڑ روپے درکار ہوں گے۔ تاہم اس پروگرام کی اہمیت صرف مالی حجم میں نہیں، بلکہ اس سوال میں ہے کہ کیا ایک مقامی یونیورسٹی، مقامی کمیونٹی کے تعاون سے، دور دراز علاقے کے ذہین مگر مالی طور پر کمزور طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کا پہلا دروازہ کھول سکتی ہے؟

کمالیہ ریجن کا تجربہ اس لحاظ سے قابلِ توجہ ہے کہ یہ پاکستان کے ان علاقوں کی نمائندگی کرتا ہے جہاں قابلیت موجود ہے، مگر مواقع محدود ہیں۔ اگر مقامی سطح پر یونیورسٹی، کمیونٹی، صنعت اور سماجی قیادت مل کر ایسے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم تک پہنچانے کا راستہ بنائیں تو یہ ماڈل دوسرے علاقوں کے لیے بھی قابلِ مطالعہ ہو سکتا ہے۔

تعلیم کے ذریعے طبقاتی تبدیلی کا خواب پاکستان میں نیا نہیں، لیکن بدلتے معاشی حالات میں اس خواب تک پہنچنے کا راستہ مشکل تر ہو چکا ہے۔ کمالیہ ریجن میں کمیونٹی اسکالرشپ پروگرام اسی مشکل راستے پر ایک مقامی کوشش ہے ؛ ایک ایسی کوشش جو یہ بتاتی ہے کہ کبھی کبھی ایک طالب علم کی پہلی فیس صرف فیس نہیں ہوتی، بلکہ ایک خاندان کے مستقبل، ایک لڑکی کے اعتماد، ایک نوجوان کے روزگار، اور ایک خطے کی سماجی ترقی کا نقطہ آغاز ہوتی ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW