جو ممکن ہے وہی جائز ہے
آج عالمی تعلقات کو قابو میں رکھنے والے بنیادی ضابطے تیزی سے ٹوٹتے جا رہے ہیں۔ جو چیزیں ناقابل قبول سمجھی جاتی تھیں وہ اب روا ہیں اور جو بات شرمناک تھی وہ اب مفید ہے۔ ایران کے خلاف جنگ اس ٹوٹ پھوٹ کو مزید تیز کر دے گی۔
بین الاقوامی قانون کی وہ اپیل جو سفارت کاری کی رسمی بنیاد تھی اب اپنی علامتی اہمیت بھی کھو چکی ہے۔ 2002 میں جب امریکہ عراق پر حملے کی تیاری کر رہا تھا تو اس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے قرارداد لینے کی کوشش ضروری سمجھی تھی۔ اس وقت امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے اقوام متحدہ میں ایک شیشی لہرائی جسے عراق کے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا ثبوت قرار دیا گیا۔ دلائل ناکام رہے، مگر یہ کوشش خود اس بات کی عکاس تھی کہ حملے کا کوئی جواز ہونا چاہیے۔
آج ویسی اضطراری کیفیت بھی باقی نہیں رہی۔ امریکہ نے نہ تو گزشتہ سال اور نہ ہی اب ایران پر حملے کے لیے کسی بین الاقوامی ادارے سے منظوری لینے کی کوشش کی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگ چھیڑنے کا آئینی اختیار حاصل نہیں تھا، جبکہ صدر بش نے عراق پر حملے سے قبل باضابطہ منظوری حاصل کی تھی۔ مگر یہ بحث امریکہ کا داخلی معاملہ ہے جبکہ خارجی قانونی جواز اب غیر متعلق سمجھا جا رہا ہے۔
سفارتی عمل بھی الٹ کر رکھ دیا گیا ہے۔
گزشتہ سال جون میں اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ جنگ اور موجودہ حملے سے قبل فریقین میں بھرپور مذاکرات ہوئے۔ یہ محض نمائشی بات چیت نہیں تھی بلکہ ایرانی جوہری مسئلے کے حل سے متعلق ٹھوس تجاویز زیر غور تھیں۔ لیکن دونوں مواقع پر مذاکرات کسی باضابطہ اختتام کے بغیر براہ راست فوجی کارروائی میں بدل گئے۔
اسرائیلی قیادت نے کبھی یہ نہیں چھپایا کہ اس کا مقصد ایرانی نظام کو ختم کرنا ہے اور وہ سفارت کاری کو لاحاصل سمجھتی ہے۔ مگر امریکہ نے مکالمے کو سمجھوتے کے راستے کے طور پر نہیں بلکہ ایران کو غافل رکھنے کے لیے استعمال کیا۔
جو ملک اس وقت امریکہ سے مذاکرات کر رہے ہیں وہ اس سے کیا سبق اخذ کریں گے؟
جواب واضح ہے کہ صرف اپنی طاقت اور صلاحیت پر انحصار کرنا ہی دانشمندی ہے۔ کم از کم کوئی ایسا دباؤ ضروری ہونا چاہیے جسے دوسرا فریق نظرانداز نہ کر سکے۔
کسی ریاست کے سربراہ کو دوسرے ملک کی فوج کی جانب سے دانستہ نشانہ بنانا اور اسے دہشت گرد تنظیموں یا منشیات سمگلروں جیسے انداز میں پیش کرنا عالمی سیاست کے ایک نئے مرحلے کی نشاندہی کرتا ہے۔ صدام حسین کا انجام داخلی عدالتی عمل کے بعد ہوا اور قذافی لیبیا کی اندرونی افراتفری میں مارے گئے۔ خامنہ ای کا معاملہ مختلف نوعیت کا ہے۔
ریاست کی قانونی حیثیت اب رسمی اعتراف یا قانونی درجے پر نہیں بلکہ حالات اور ذاتی ترجیحات پر منحصر ہوتی جا رہی ہے۔ پہلے بھی ضابطے توڑے جاتے تھے مگر ایک فریم ورک موجود تھا اور اب وہ بھی تحلیل ہو رہا ہے۔
چونکہ یہ زوال تدریجی تھا اس لیے کئی حکومتیں اسے محض ایک اور کڑا مگر قابل فہم جغرافیائی سیاسی واقعہ سمجھتی ہیں مگر امریکہ کے مخالفین کے لیے نتائج واضح ہیں :
پہلا یہ کہ، واشنگٹن سے مذاکرات بے معنی ہو سکتے ہیں۔ یا تو اس کے سامنے سر تسلیم خم کیا جائے یا طاقت کے مقابلے کی تیاری کی جائے۔
دوسرا، یہ احساس تقویت پا رہا ہے کہ اب پیچھے ہٹنے کی کوئی جگہ باقی نہیں اور اس صورت میں کسی بھی حد تک جانا قابل قبول سمجھا جا سکتا ہے۔
یہ نتائج ایران کی پیش رفت سے قطع نظر برقرار رہیں گے۔ حکومت کی جبراً تبدیلی کا طریقہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت صورت میں سامنے آ چکا ہے۔
2003 میں عراق پر حملہ مشرقِ وسطیٰ کے بعد از جنگ نظام کو توڑنے والا اہم واقعہ تھا۔ عراقی فوج کی تیزرفتار شکست نے واشنگٹن میں خوش فہمی پیدا کی کہ خطے کو امریکی خطوط پر ڈھالا جا سکتا ہے مگر نتیجہ اس سے برعکس نکلا۔ کنٹرول کمزور ہوا، غیر متوقع قوتیں ابھریں اور عدم استحکام پھیل گیا۔ ستم ظریفی یہ کہ ایران کی علاقائی طاقت میں اضافہ بھی عراق کی تباہی کا نتیجہ تھا۔
اگر اب ایران کو فوجی طاقت سے تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو خطہ دوبارہ ایک غیر متوقع مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔ ٹرمپ کی سوچ سادہ ہے کہ اسرائیل کو غالب عسکری قوت بنایا جائے اور خلیجی بادشاہتوں کے ساتھ معاشی انضمام کو امریکی مفادات کے تحت مضبوط کیا جائے۔ ایران ایک خودمختار علاقائی طاقت کے طور پر اس منصوبے کی راہ میں رکاوٹ ہے جس کے اپنے مفادات اور شراکت دار ہیں۔
علاوہ ازیں، ایران مشرق وسطیٰ کے سیاسی، ثقافتی اور تاریخی ڈھانچے میں اس قدر اہم مقام ضرور رکھتا ہے کہ کوئی بھی منصوبہ آسانی سے کامیاب نہیں ہو گا۔
حتمی نتیجہ نیا نہیں۔
جبر اور طاقت کا استعمال عالمی سیاست کا مرکزی اصول بنتا جا رہا ہے۔ باقی سب ثانوی باتیں ہیں حتیٰ کہ اخلاقی یا نظریاتی جواز کا دکھاوا بھی ضروری نہیں رہا۔ دوسرے ملک اس حقیقت کو کیسے لیتے ہیں یہ ان کا انتخاب ہے، مگر اس کے وجود سے انکار اب ممکن نہیں۔

