بلاگ

روٹی کی جنگ: کسان ہارا یا نظام؟

Shahzad Ahmad Watto

پنجاب پاکستان کی زرعی معیشت کا مرکز ہے، جبکہ گندم اس معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ پنجاب کے کھیت صرف فصل نہیں اگاتے، یہ ملک کے کروڑوں لوگوں کے لیے روٹی اور معیشت دونوں کا سہارا بنتے ہیں۔ رواں برس پنجاب کے تقریباً ایک کروڑ چونسٹھ لاکھ ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی گئی۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ابتدائی اندازوں کے مطابق صوبے میں تقریباً دو کروڑ بیس لاکھ ٹن گندم کی پیداوار متوقع تھی، جو گزشتہ برس کے قریب تھی۔ کھیتوں میں لہلہاتی سنہری بالیاں اچھی پیداوار کی خبر دے رہی تھیں، مگر آج یہی سنہری فصل کسان کے لیے خوشحالی کے بجائے بے یقینی، خسارے اور اضطراب کی علامت بن چکی ہے۔

حکومتِ پنجاب نے اس سال گندم خریداری کے لیے ایک نیا طریقہ کار متعارف کروایا۔ براہِ راست سرکاری خریداری کے بجائے 11 نجی کمپنیوں اور فلور ملز کو گندم خریدنے کا اختیار دیا گیا۔ ان کمپنیوں کے ذریعے 25 لاکھ ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت مزید 5 لاکھ ٹن خریداری کی بات بھی سامنے آئی۔ حکومت نے بینک قرضوں پر سبسڈی، باردانہ، سرکاری گودام اور دیگر سہولتوں کے اعلانات بھی کیے۔ کاغذ پر سب کچھ نہایت منظم دکھائی دیتا تھا، مگر عملی میدان میں یہ نظام ابتدا ہی سے سوالات اور خدشات کی زد میں رہا۔

سب سے بڑا سوال یہی تھا کہ جب مالی ذمہ داری اور انتظامی سہولتوں کا بڑا حصہ حکومت نے خود ہی فراہم کرنا تھا تو پھر براہِ راست خریداری کے آزمودہ نظام کو ختم کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ آج تک اس سوال کا کوئی واضح جواب سامنے نہیں آ سکا۔ نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ جن کمپنیوں کو خریداری کے لیے متعارف کروایا گیا، وہ عملی طور پر کسان سے ایک دانہ گندم بھی نہ خرید سکیں۔ وعدے سرکاری تھے، مگر نقصان کسان کا ہوا۔ ریاست ایک قدم پیچھے ہٹی اور منڈی میں مڈل مین ایک قدم آگے آ گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یہ موقف اختیار کیا کہ گندم کی قیمت کم رکھنے کا مقصد عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔ سوال مگر آج بھی اپنی جگہ موجود ہے : کیا غریب آدمی کو ریلیف دینے کا بوجھ صرف کسان ہی اٹھائے؟ کسان نے مہنگے بیج خریدے، مہنگی کھاد استعمال کی، زرعی ادویات، مزدوری، پانی، بجلی اور ڈیزل کے مسلسل بڑھتے اخراجات برداشت کیے۔ فصل تیار ہونے تک وہ پہلے ہی معاشی دباؤ میں تھا، مگر جب گندم منڈی میں پہنچی تو اسے وہ قیمت بھی نہ مل سکی جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔ چھوٹا اور متوسط کسان بالآخر 2800 سے 3200 روپے فی چالیس کلو گندم فروخت کرنے پر مجبور ہو گیا۔

اس پوری صورتحال کا اصل فائدہ مڈل مین اور ذخیرہ اندوز کے حصے میں آیا۔ کسان سے سستی گندم خرید کر غلہ چند ہاتھوں میں جمع کر لیا گیا، اور اب وہی گندم دوبارہ مہنگے داموں مارکیٹ میں آ رہی ہے۔ قیمت 4000 روپے فی چالیس کلو کی طرف بڑھ رہی ہے۔ سوال یہی ہے : اگر کسان سے سستی خریدی گئی گندم چند ہفتوں بعد مہنگی فروخت ہونی تھی تو فائدہ کس کو ہوا؟ کسان کو نہیں، عوام کو بھی نہیں۔ فائدہ صرف ان ہاتھوں کو ہوا جنہوں نے بحران کو کاروبار بنا لیا۔

یہاں ایک بنیادی حقیقت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارا روایتی سرکاری خریداری کا نظام اپنی خامیوں کے باوجود کسان، منڈی اور عوام کے درمیان ایک متوازن ڈھانچہ قائم رکھتا تھا۔ حکومت براہِ راست خریداری کرتی تھی، کسان کو واضح قیمت ملتی تھی، مارکیٹ قابو میں رہتی تھی اور ذخیرہ اندوزی محدود رہتی تھی۔ بدقسمتی سے اب ہر معاشی فیصلے کو آئی ایم ایف کی شرائط سے جوڑ کر حکومتیں خود کو بری الذمہ سمجھنے لگی ہیں۔ حالانکہ پاکستان کی زرعی معیشت کسی بیرونی ادارے کی فائل سے نہیں بلکہ اپنی زمین، اپنے کسان اور اپنی عوام کی ضرورتوں سے چلتی ہے۔ نیولبرل معاشی پالیسیوں کا ایک ہی اصول ہے : ریاست پیچھے ہٹے، منڈی آگے آئے۔ مگر پاکستان جیسے ملک میں اس کا نتیجہ اکثر یہ نکلتا ہے کہ ریاست کمزور ہوتی ہے، منڈی چند طاقتور ہاتھوں میں سمٹ جاتی ہے، کسان کمزور ہوتا ہے اور عام آدمی کی روٹی مزید مہنگی ہو جاتی ہے۔

گندم کا موجودہ بحران یہی سبق دے رہا ہے کہ زرعی پالیسی صرف فائلوں اور اعلانات سے نہیں چلتی۔ کسان کو اعتماد چاہیے، شفافیت چاہیے اور ریاستی تحفظ چاہیے۔ جب حکومت اپنی ذمہ داری سے پیچھے ہٹتی ہے تو منڈی پر مڈل مین کا قبضہ مضبوط ہوتا ہے، ذخیرہ اندوزی بڑھتی ہے اور بحران بالآخر عوام کے دسترخوان تک پہنچ جاتا ہے۔

گندم صرف ایک فصل نہیں، یہ پاکستان کے غذائی تحفظ اور دیہی معیشت کا بنیادی ستون ہے۔ اگر کسان کو اس کی محنت کا جائز معاوضہ نہ ملا، اگر منڈی چند طاقتور طبقات کے حوالے کر دی گئی، اور اگر زرعی پالیسی زمینی حقیقت کے بجائے وقتی معاشی دباؤ کے تابع رہی، تو اس کے اثرات صرف کھیتوں تک محدود نہیں رہیں گے۔ اس کی قیمت ہر گھر ادا کرے گا، ہر چولہا محسوس کرے گا، اور ہر دسترخوان پر اس کا اثر دکھائی دے گا۔

وقت کا تقاضا واضح ہے، حکومت کو فوری طور پر گندم خریداری اور غذائی تحفظ کے معاملات دوبارہ موثر انداز میں اپنے ہاتھ میں لینا ہوں گے۔ پاکستان ایسا ملک نہیں جہاں روٹی جیسی بنیادی ضرورت کو مکمل طور پر منڈی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے۔ یہاں کسان کا استحکام ہی قومی معیشت کا استحکام ہے اور کسان کی کمزوری پورے معاشرے کی کمزوری بن جاتی ہے۔ اگر زرعی پالیسی کو قومی ضرورت کے بجائے صرف بیرونی مالیاتی دباؤ اور آزاد منڈی کے نظریات کے مطابق چلایا جاتا رہا تو نقصان صرف کسان کا نہیں ہو گا، پورا ملک اس کا بوجھ اٹھائے گا۔

Subscribe
Notify of
guest
3 Comments
ماجد غفور
ماجد غفور
5 months ago

بہت عمدہ تجزیہ۔۔ واقعی اس نیم مردہ ریاستی پالیسی میں کسان پس رہا ھے جس کا خمیازہ صرف کسان نہیں بلکہ پوری منڈی کا بزنس بھگتے گا

وحید احمد
وحید احمد
5 months ago

بہت خوب تحریر

عمر گڈو
Umer Guddu
5 months ago

بہت خوب وٹو صاحب

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW