ریاستی کریک ڈاؤن اور عمران خان کا سیاسی مستقبل
تحریک انصاف کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن، کارکنوں کی گرفتاریوں، پی ٹی آئی میں تنظیمی بحران، ٹھوس فیصلہ سازی کے فقدان، پارٹی لیڈروں کے باہمی اختلافات، اور عوام کی عدم دلچسپی کی وجہ سے 5۔ اگست کو عمران خان رہائی تحریک حکومت اور ریاستی اداروں پر دباؤ ڈالنے میں بری طرح ناکام رہی۔ اس صورت حال میں یہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کا 14۔ اگست کا احتجاج بھی 5۔ اگست کے ناکام احتجاج سے مختلف نہیں ہو گا۔ پی ٹی آئی کے 108 راہنماؤں کو دس دس سال قید کی سزاؤں اور عمران خان رہائی تحریک کی ناکامی سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی جلد رہائی کے لئے یہ اچھا شگون نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی 9 مئی 2023 کو ریاستی اداروں کے خلاف پرتشدد ہنگامہ آرائی کے بعد ریاستی غصہ ٹھنڈا ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ ریاست 9۔ مئی کے مبینہ جرائم کو معاف کرنے پر آمادہ نظر نہیں آتی۔ گزشتہ دو سالوں سے پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن تسلسل سے جاری ہے۔ ریاستی کریک ڈاؤن کا نشانہ بننے والوں میں پی ٹی آئی کے عام کارکنوں سے لے کر اعلیٰ قیادت جن میں صوبائی و قومی اسمبلی اور سینٹ کے اراکین کے علاوہ پارٹی کے صوبائی اور مرکزی عہدیدار بھی شامل ہیں۔ اسی تسلسل میں گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے 108 کارکنوں اور راہنماؤں کو دہشت گردی عدالت سے دس دس سال کی قید سزا سنا دی۔ سزا پانے والوں میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، سینٹ میں قائد حزب اختلاف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بیسیوں کے تعداد میں پی ٹی آئی کے کارکن جیلوں میں یا جیلوں سے باہر دہشت گردی کے مقدمات کے فیصلوں کے منتظر ہیں قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کی سزاؤں میں قانون و انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ ان سزاؤں کو اعلیٰ عدالتوں میں اپیل کی سطح پر ختم کیے جانے کی وجوہات موجود ہیں۔ 9۔ مئی کے پر تشدد واقعات اپنی جگہ ایک حقیقت، مگر پی ٹی آئی کے متعدد راہنماؤں کے خلاف مقدمات کی سیاسی نوعیت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا۔
پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ریاستی جبر کا پہلا واقع نہیں ہے۔ پاکستان کی تاریخ سیاستدانوں او ر سیاسی جماعتوں کے خلاف جابرانہ ہتھکنڈوں سے بھری پڑی ہے۔ تاریخی پس منظر میں قیام پاکستان سے آج تک ریاست کو مروجہ معنوں میں عوام کی نمائندہ جمہوری ریاست کہنا درست نہیں ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کے معرض وجود میں آتے ہی سیاسی مخالفین کی بیخ کنی کرنے کا آغاز ہو گیا تھا۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے انڈین ایکٹ 1935 کے تحت حاصل گورنر جنرل کے آمرانہ اختیارات استعمال کرنے سے پرہیز نہیں کیا۔ قائد اعظم نے آزادی کے پہلے مہینے اگست میں گورنر جنرل کے آمرانہ اختیارات استعمال کرتے ہوئے صوبہ سندھ اور صوبہ سرحد یعنی خیبر پختون خواہ کی منتخب صوبائی حکومتوں کا خاتمہ کر دیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان نے بھی اسی کالونیل آئینی و قانونی آمرانہ اختیارات کا استعمال جاری رکھا۔ لیاقت علی خان نے پروڈا نام کے بد نام زمانہ کالے قانون کے تحت متعدد سیاسی مخالفین کو سیاست سے نا اہل کرا دیا تھا۔ ملکی تاریخ میں پہلا ریاستی کریک ڈاؤن کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے خلاف 1951 میں کیا گیا۔ کمیونسٹ پارٹی کے متعدد راہنماؤں اور کارکنوں کو کئی سالوں کی قید بامشقت کی سزائیں دی گئیں۔ سزا پانے والوں میں پاکستان کے نامور شاعر فیض احمد فیض بھی شامل تھے۔ بالآخر کمیونسٹ پارٹی کو 1954 میں کالعدم قرار دے دیا گیا۔
کریک ڈاؤن کی ایک اور مثال مشرقی پاکستان یعنی آج کے بنگلہ دیش میں 1954 کو جمہوری متحدہ محاذ کی منتخب مقبول حکومت کا خاتمہ ہے۔ مشرقی پاکستان میں جمہوری متحدہ محاذ نے 1954 کے صوبائی انتخابات میں پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ کو شکست سے دور چار کر دیا تھا۔ ملک کے اقتدار اعلیٰ پر قابض سول افسر شاہی کے کارندے گورنر جنرل غلام محمد نے کالونیل آمرانہ اختیارات کے تحت ایک ماہ کے اندر جمہوری متحدہ محاذ کی منتخب صوبائی حکومت کا خاتمہ کر کے مشرقی پاکستان میں گورنر راج نافذ کر دیا تھا۔
کالونیل آئینی انڈین ایکٹ 1935 کا براہ راست نفاذ 1956 تک جاری رہا۔ مارچ 1956 میں نئے آئین کے تحت سول و خاکی افسر شاہی کے کرتا دھرتا سکندر مرزا نے پاکستان کے پہلے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ یہ آئین فقط تقریباً دو سال اپنا وجود برقرار رکھ سکا۔ آئین کے نافذ ہونے کے بعد ملکی سطح کے پہلے انتخابات کا انعقاد 1959 میں طے پایا تھا۔ مگر ملک کے پہلے پاکستانی آرمی چیف جنرل ایوب خان نے آئینی بندوبست کا بوریا بستر گول کر کے ملک پر مارشل لاء مسلط کر دیا۔ ایوبی مارشل لاء کو کالونیل آمرانہ نظام کا تسلسل سمجھا جا نا چاہے۔ ایوبی مارشل لاء کا کریک ڈاؤن سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کا مقدر ٹھہرا۔ مارشل لاء کے مخالف سیاستدانوں کو ایک جابرانہ قانون ایبڈو کے تحت نا اہل قرار دے کر ان کے لئے جمہوری سیاست کے دروازے بند کر دیے گئے۔ ایوبی آمرانہ نظام 1969 تک ریاست پر مسلط رہا۔ مارچ 1969 کو اس وقت کے آرمی چیف جنرل یحییٰ خان نے فیلڈ مارشل جنرل ایوب خان کی حکومت کا خاتمہ کر کے اقتدار اعلیٰ پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس طرح ملک میں دوسرے مارشل لا ء کا دور دورہ شروع ہو گیا۔ دسمبر 1971 میں ملک دو لخت ہونے کے ساتھ جنرل یحییٰ خان کی فوجی آمریت کا خاتمہ ہوا۔
قیام پاکستان کے بعد کالونیل آئینی و قانونی نظام کے تحت اقتدار کے مزے لوٹنے والی سول و خاکی افسر شاہی کی براہ راست حاکمیت کا آمرانہ دور دسمبر 1971 میں پاکستان کو دو لخت کر کے اختتام پذیر ہوا۔ پاکستانی تاریخ کے ابتدائی چوبیس سالوں میں سول افسر شاہی اور فوجی آمرانہ حکمرانوں کے زیر سایہ ریاستی اداروں میں غیر جمہوری اور عوام دشمن سوچ کی جڑیں گہری ہوتی گئیں۔ جن کے اثرات کو آج تک ختم نہیں کیا جا سکا۔ اس دوران منتخب جمہوری ادارے، آزاد عدلیہ، اظہار رائے کی آزادی اور انسانی حقوق کا حصول ناممکنات میں شامل تھے۔ جبکہ محنت کشوں کے حقوق، روزگار کے حصول، محروم طبقوں کے لئے معیاری تعلیم اور مناسب طبی سہولتوں کا مطالبہ کرنا ریاستی جبر کو دعوت دینے کے مترادف تھا۔
بچے کچھے پاکستان کو پہلا متفقہ آئین ملک کے معرض وجود میں آنے کے چھبیس سال بعد 1973 کو پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی کاوشوں سے میسر آیا۔ 1973 سے 1977 کے چار سال کو آئینی جمہوریت کا دور کہا جا سکتا ہے۔ مگر متفقہ آئینی نظام کے نفاذ کے باوجود ریاستی اداروں میں سرایت کر چکے غیر جمہوری اثرات کو ختم نہیں کیا جا سکا۔ ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری سول حکومت میں بھی حکومت اور ریاستی اداروں کا غیر جمہوری کردار ماند نہ پڑ سکا۔ اس دور میں پاکستان کی ایک مقبول سیاسی جماعت نیشنل عوامی پارٹی، نیپ تھی۔ جس نے 1970 کے انتخابات میں صوبہ سرحد یعنی خیبر پختون خواہ اور صوبہ بلوچستان میں کامیابی حاصل کر کے صوبائی حکومتیں تشکیل دیں تھیں۔ مگر نیشنل عوامی پارٹی بہت جلد ریاستی و حکومتی ریشہ دوانیوں کا شکار ہو گئی۔ نیپ کو پہلے دونوں صوبوں کے اقتدار سے محروم کیا گیا اور پھر اس پر پابندی لگا کر سیاست سے باہر نکال دیا گیا۔ نیشنل عوامی پارٹی کی قیادت اور ملک کے نامور راہنماؤں خان عبدالولی خان، غوث بخش بزنجو، عطا اللہ مینگل، خیر بخش مری کے علاوہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت پر غداری کے مقدمات قائم کر کے جیلوں میں بند کر دیا گیا۔ سیاسی مورخوں کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو کی ایک بڑی سیاسی غلطی نیپ پر پابندی لگا کر اس کے راہنماؤں کو ناجائز پابند سلاسل کرنا تھا۔
ذوالفقار علی بھٹو کو نیپ پر پابندی لگانے کے بعد ریاستی جبر کا شکار بننے کے لئے زیادہ عرصہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔ جولائی 1977 میں ایک بار پھر آرمی چیف جنرل ضیاء الحق نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور پہلی جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر تیسرے مارشل لاء کو ملک پر مسلط کر دیا۔ بھٹو تختہ دار پر جھوم کر شہید جمہوریت کہلائے۔ پی پی پی کے ہزاروں کارکن عقوبت خانوں اور سلاخوں کے پیچھے بند کر دیے گئے۔ متعدد کارکنوں کو ناکردہ گناہوں کی پاداش میں پھانسیوں کا حقدار ٹھہرایا گیا۔ بیسیوں کارکنوں کو کوڑوں کی سزاؤں سے نوازا گیا۔ جنرل ضیاء مارشل لاء کے خلاف سیاسی جماعتوں کے اتحاد ایم آر ڈی کی بحالی جمہوریت کی طویل جدوجہد بھی سیاسی کارکنوں اور راہنماؤں کی قربانیوں سے عبارت ہے۔
جنرل ضیاء مارشل لاء کے خاتمے کے بعد نوے کی دہائی میں بے نظیر بھٹو شہید کی دو اور میاں نواز شریف کی ایک منتخب حکومت کو آئینی عرصہ پورا نہ کرنے دیا گیا۔ تین منتخب حکومتوں اور پارلیمنٹوں کو اسٹیبلشمنٹ کے نمائندہ غیر منتخب صدر اسحاق خان نے آمرانہ صدارتی اختیارات کے تحت ختم کیا تھا۔ یاد رہے 1973 کے آئین میں آمرانہ صدارتی اختیارات جنرل ضیاء کی مارشل لاء حکومت کی آمرانہ سوچ کی پیداوار تھے۔ آمرانہ صدارتی اختیارات کا خاتمہ پیپلز پارٹی کی زرداری، گیلانی حکومت کے دور میں آئین کی اٹھارہویں ترمیم میں کر دیا گیا ہے۔
جنرل ضیا ء الحق نے ایک بار کہا تھا پنجاب میں میاں نواز شریف کا کلہ بہت مضبوط ہے۔ مگر جنرل ضیاء کے مضبوط کلے کو ایک اور آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے اکھاڑ کر ملک سے باہر پھینک دیا۔ اکتوبر 1999 میں ایک بار پھر ایک طالع آزما جنرل پرویز مشرف نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں چوتھے فوجی راج مسلط کر دیا۔ جنرل پرویز مشرف نے میاں نواز شریف اور بے نظیر شہید کو ملک بدر کر دیا۔ میاں نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ پر کریک ڈاؤن کے ذریعے جماعت کو تتر بتر کر دیا اور بیچ میں سے ایک پٹھو جماعت مسلم لیگ ق برآمد کر لی۔ پیپلز پارٹی پر کریک ڈاؤن کے نتیجہ میں مشرف کی ہمنوا پیپلز پارٹی پیٹریاٹ کا جنم ہوا۔ مشرف آمریت میں آمرانہ ہتھکنڈوں کا سلسلہ یہاں نہیں رکا۔ اس دور میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے متعدد راہنماؤں کو کالے نیب قانون کے تحت نا اہل قرار دیا گیا تھا۔
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو 2012 اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کو 2017 میں غیر قانونی عدالتی فیصلوں کے بل بوتے پر اقتدار سے بیدخل کیا گیا۔ جسے خفیہ ہاتھوں کی طاقت کا شاخسانہ کہا جاتا ہے۔ ایم کیو ایم کی آبیاری اور الطاف حسین کے طلسم کے پیچھے بھی کرشمہ سازی کارفرما تھی۔ بعد ازاں ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈاؤن اور الطاف حسین کو مائنس کرنے کی داستان تو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔
عمران خان کا عروج و زوال بھی کرشمہ سازوں کی کرامات کا مرہون منت ہے۔ عمران خان نے مقتدرہ کی پشت پناہی سے مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے خلاف نفرت انگیز پراپیگنڈہ کی مہم برپا کر کے سیاست میں محاذ آرائی کا ماحول پیدا کیا تھا۔ مقتدرہ کی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہو کر عمران خان تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ بالآخر اقتدار سے محروم کر دیے گئے۔
اقتدار سے محرومی کے بعد عمران خان کی عوامی مقبولیت نے عمران مخالف سیاستدانوں اور مقتدرہ کو ایک پیج پر یکجا کرنے کا کام کیا ہے۔ اس وقت عمران مخالف سیاسی جماعتیں نون لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم وغیرہ مقتدرہ کے ساتھ شریک اقتدار ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کی جے یو آئی اپوزیشن کا موثر کردار ادا کرنے سے گریز کی پالیسی پر گامزن ہے۔ عمران خان کے دور کا ہائی برڈ نظام، وزیر اعظم شہباز شریف کی بظاہر سربراہی میں سپر ہائبرڈ کی صورت رواں دواں ہے۔ سول اور منتخب اداروں کی بالادستی پر آنکھیں بند کر لی گی ہیں۔ جبکہ آئین و قانون کی حکمرانی، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی کے لئے ماحول روز بروز تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ جمہوری سیاسی قوتوں کے لئے موجودہ ہائی برڈ سسٹم میں جگہ سکڑتی جا رہی ہے اور مقتدرہ کے لئے میدان میں وسعتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ سیاسی قوتوں کے درمیان محاذ آرائی نے مقتدرہ کے لئے کھل کر کھیل کھیلنے کا سنہری موقع فراہم کر رکھا ہے۔
پاکستان کی مقبول سیاسی جماعتوں عوامی نیشنل پارٹی کی پیشرو نیشنل عوامی پارٹی، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ نواز نے ایک عرصہ ریاستی اداروں کی ریشہ دوانیوں اور کریک ڈاؤن کا جبر برداشت کیا ہے۔ گزشتہ دو سالوں سے پی ٹی آئی ریاستی کریک ڈاؤن کی زد میں ہے۔ مگر پی ٹی آئی کی قیادت کریک ڈاؤن کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹھوس سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ پی ٹی آئی نے ابھی تک سیاسی قوتوں کی طرف ڈائیلاگ کا ہاتھ بڑھانے سے گریز کا راستہ اختیار کر رکھا ہے۔ عمران خان اب تک مخالف سیاسی قوتوں کے ساتھ محاذ آرائی کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ سیاسی قوتوں کے درمیان ڈائیلاگ کا فقدان اور محاذ آرائی کا ماحول مقتدرہ کے لئے سکون اور اطمینان کا باعث ہے۔ عمران خان کی صرف مقتدرہ سے مذاکرات کرنے کی سوچ کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عمران خان کی سیاسی آپشنز محدود ہوتی جا رہی ہیں۔ یہ حقیقت ڈھکی چھپی نہیں کہ عمران خان کی مقبولیت اور ووٹ پاور کو سٹریٹ پاور میں تبدیل کرنے کی صلاحیت سے پی ٹی آئی کی قیادت محروم ہے۔ اس سے کوئی باشعور سیاسی کارکن انکار نہیں کر سکتا کہ پنجاب اور سندھ میں نمایاں سیاسی ابھار پیدا کیے بغیر عمران خان کی رہائی اور مقتدرہ سے ڈیل کرنا مشکل نظر آتا ہے۔
آج کے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے عمران خان کو فرصت کے لمحات میں ماضی کی جمہوری تحریکوں کا مختصر جائزہ لینا چاہیے۔ پاکستان میں چار فوجی ڈکٹیٹروں جنرل ایوب خان، جنرل یحییٰ خان، جنرل ضیاء الحق اور جنرل مشرف کے خلاف سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کی بحالی کے لئے طویل جدوجہد کی ہے۔ یاد رہے ڈکٹیٹروں کے خلاف جمہوریت بحالی کی ساری تحریکیں سیاسی جماعتوں کے وسیع تر متحدہ محاذ کے بینر تلے چلائی گئیں تھیں۔ سیاسی تحریکوں کی تاریخ گواہ ہے کہ کوئی ایک سیاسی پارٹی اپنی تنظیمی قوت کی بنیاد پر عوام کو متحرک کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ چاروں فوجی آمروں کے خلاف سیاسی جماعتوں کے متحدہ محاذ قائم ہونے کے بعد عوام، و کلاء، طلبہ اور معاشرے کے دیگر طبقات نے حکومت مخالف تحریکوں میں پرجوش شرکت اختیار کی۔ یاد رہے پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کے خلاف نو پارٹیوں کا اتحاد عوام کو سڑکوں پر لانے میں کامیاب ہوا تھا۔
محمود خان اچکزئی کی قیادت میں تحریک انصاف اور چند چھوٹی جماعتوں کا اتحاد تحریک تحفظ آئین ایک اچھی سیاسی پیش رفت کہی جا سکتی ہے۔ محمود خان اچکزئی ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاستدان کی شہرت رکھتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ان کی قیادت میں ایک آل پارٹی کانفرنس میں چند قراردادیں منظور کی گئیں۔ قراردادوں میں آئین و قانون کی حکمرانی کی بحالی، آزاد عدلیہ اور اظہار رائے کی آزادی کے علاوہ متعدد مطالبات کیے گئے۔ ایک اہم قرار داد میں تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان سیاسی ڈائیلاگ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ قرارداد میں سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک نئے میثاق جمہوریت پر اتفاق رائے پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ ان قراردادوں کو منظور کرانے میں تحریک انصاف نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ عمران خان نے اب تک ان قراردادوں کو مسترد نہیں کیا۔
امید کرنی چاہے کہ عمران خان کی تائید سے محمود خان اچکزئی سیاسی جماعتوں سے ڈائیلاگ کا آغاز کرنے کی کوشش کریں گے۔ سیاسی ڈائیلاگ سے اپوزیشن اور حکمران جماعتوں کے درمیان محاذ آرائی کی فضا ختم کرنے میں مدد ملے گئی۔ اس سے سیاسی قوتوں کے درمیان ایک نئے میثاق جمہوریت کی طرف بڑھنے کے لئے سنہری موقع میسر آ سکتا ہے۔ سیاسی ڈائیلاگ کے جمہوری عمل سے سیاسی قوتوں کے لئے جمہوری میدان میں پیش رفت کے لئے راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ سیاسی قوتوں کے درمیان وسیع تر اتفاق کی قوت سے مقتدرہ کی غیر آئینی پیش رفت کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ سیاسی ڈائیلاگ کے جمہوری عمل کے ذریعے اتفاق رائے سے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے مزید سپیس حاصل کرنا ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
عمران خان کے لئے مقتدرہ کے خلاف مزاحمت کے ذریعے مفاہمت تک پہنچنے کے راستے کی دیوار کافی اونچی ہو چکی ہے۔ عمران خان کی بار بار درخواستوں کے باوجود مقتدرہ کی موجودہ ٹیم اس دیوار میں کوئی در کھولنے پر آمادہ نہیں ہے۔ ریاستی کریک ڈاؤن کا شکار پی ٹی آئی کی بچی کھچی قیادت کو زمینی حقائق کا ادراک ہوتا جا رہا ہے اور ان میں سیاسی ڈائیلاگ کی طرف بڑھنے کی سوچ تقویت پکڑ رہی ہے۔ آل پارٹی کانفرنس کا اعلامیہ اس بدلتی ہوئی سوچ کا کھلا اظہار ہے۔ بدلتے ہوئے حالات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ کے علاوہ عمران خان کے لئے دیگر آپشنز پر عمل کرنا بہت دشوار ہوتا جائے گا۔

