میرے مطابق

وہٹبی، لنزی اور تہتر سالہ نوجوان کا جنم دن۔ سفرنامہِ ٹورانٹو ( 2 )

سفر نامہِ اونٹاریو ( 1 )

Naeem Ashraf

12 جولائی 2025 ء بروز ہفتہ سیر کا پروگرام طے تھا مگر سیر کے مقام کا تعین نہیں ہوسکا تھا۔ ڈاکٹر خالد سہیل کی ایک خوُبی یہ بھی ہے کہ وہ دوسروں پر کوئی بات مسلط نہیں کرتے بلکہ رائے لے کر فیصلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے حسبِ عادت ہفتے کے دن سیر کے لیے تین مقامات مسافر کے سامنے رکھے : ایک ہزار جزیرے ( THOUSAND ISLANDS) ، نیاگرا کی آبشاریں (NIAGRA FALLS) یا جھیل سکوگاگ (LAKE SCUGOG) چونکہ یہ تینوں جگہیں میں نے پہلے سے دیکھ رکھی ہیں اس لیے طے پایا کہ ایسی جگہ دیکھی جائے جو نئی ہو مگر اس قدر دور بھی نہ ہو۔ ڈاکٹر صاحب نے لنزی LINDSAY کا نام تجویز کیا۔ ڈاکٹر سہیل نے بتایا کہ جب وہ وہٹبی ہسپتال برائے نفسیاتی علاج میں ڈاکٹر تھے تو ہر ہفتے لنزی جایا کرتے تھے۔ وہاں پر بھی ان کا ایک کلینک تھا اور روث میموریل ہسپتال کے ساتھ ہی ایک مکان کرائے پر لیا ہوا تھا۔ وہ اور ان کی نرس ہر جمعرات کو مریضوں کا معائنہ کرنے کے لیے جاتے۔ یہ ایک پر رونق علاقہ ہے۔

لنزی روانہ ہونے سے قبل ڈاکٹر سہیل ہمیں ناشتے کے لیے اپنے پسندیدہ ریستوران STACKED PANCAKE AND BREAKFAST لے گئے۔ یہاں کا ناشتہ تازہ، وافر اور اسٹاف بہت خوش مزاج ہے۔ ایک معاون نے ناشتہ پیش کرتے ہو میز پر رکھی ’تخلیقی اقلیت‘ کے بارے میں دلچسپی ظاہر کی اور ہم دونوں سے سوالات بھی کیے۔ جس قوم کے ریستورانوں میں کام کرنے والے خدمت گار اس قدر کتاب دوست ہوں اس کی ذہنی بلوغت کا کیا عالم ہو گا۔

ناشتے کے بعد لنزی روانگی ہوئی۔ یہ سفر زیادہ تر سر سبز کھیتوں، پھلوں کے باغات اور گھنے درختوں کے بیچوں بیچ تھا۔ ٹورانٹو کے مرکز سے ایک سو کلومیٹر شمال مغرب کی سمت پر واقع کوارنتھا جھیلوں کے علاقے میں آباد انٹاریو کا ایک پرانا قصبہ نما شہر ہے۔ جس کی گلیاں بہت کشادہ ہیں۔ شہر کے بیچوں بیچ میں ایک واٹروے گزرتا ہے جس کو نہر کہا جا سکتا ہے اور اس میں کشتی رانی کی جاتی ہے۔ چھوٹے سے خوُبصورت شہر کے اطراف میں دُور دُور تک گھنے درخت اور سر سبز و شاداب کھیت ہیں۔ بنیادی طور پر لنزی کا مضافات ایک زرعی علاقہ ہے جو صحت افزا اور پر فضا مقام ہے۔ یہاں پر 1857 سے قائم ایک تھیٹر بھی موجود ہے جہاں پر کلاسیکل ڈرامے دکھائے جاتے ہیں۔ شہر میں اکثر میلے ٹھیلے لگتے ہیں۔ لنزی کی علم دوستی اور ادب پروری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ شہر کے وسط میں ایک آرٹ گیلری اور لائبریری بھی موجود ہے۔

میری دانشور اور ادبی دوست سمیرہ سعدیہ کے بقول : ”اگر کسی قوم کی ذہنی بلوغت کا اندازہ کرنا ہو تو اس کی لائبریریاں دیکھو۔ اگر ان کے شہروں میں لائبریریاں آباد ہیں تو قوم بھی ذہنی طور پر بالغ شاد باد اور آباد ہوگی۔ اگر لائبریریاں ویران اور سنسان ہیں تو قوم بھی ذہنی طور پر نا بالغ اور رُوحانی طور پر مردہ ہو گی۔“ لنزی کی پبلک لائبریری میں اتنی چہل پہل اور رونق تھی جتنی پاکستان کی کسی فوڈ اسٹریٹ میں شام کو ہوتی ہے۔ اسی طرح ہمارے کیلگری جیسے چھوٹے سے شہر میں 22 پبلک لائبریریوں کا ایک نیٹ ورک ہے۔ لائبریری میری ہمیشہ سے ایک پسندیدہ جگہ رہی ہے اس لیے کسی نئے شہر میں جا کر میں سب سے پہلے لائبریری ڈھونڈتا ہوں۔

لنزی پہنچ کر وہاں کا تھیٹر، میوزیم اور لائبریری دیکھنے کے بعد ہم واٹروے پر پہنچے اور ایک گھنے سایہ دار درخت کے نیچے نیم درز ہو کر سستانے لگے۔ بات لنزی کی ہو اور وہاں کے رہائشی ”کلو ڈارون“ کا ذکر نہ ہو ایسا ممکن نہ تھا۔ وہاں پر ڈاکٹر سہیل نے کلو ڈارون کے دادا چچا ’ہاور ڈارون‘ کی کہانی پر مشتمل کتاب : AN UNTOLD STORY OF TITANIC مجھے عنایت کی۔ ”ہاور ڈارون“ بد قسمت ٹائی ٹینک کے ان مسافروں میں شامل تھے جو زندہ بچ گئے تھے۔ وہ کیسے زندہ بچ نکلے؟ یہ ایک دلچسپ و عجیب داستان ہے جو مختصراً ڈاکٹر صاحب نے مجھے سنائی۔ ہاور ڈارون تو 1953 میں وفات پا گئے مگر ان کا بھتیجا پوتا کلو ڈارون، ڈاکٹر سہیل سے ملتا ہے اور اپنے دادا چچا کی ان سنی کہانی ان کو سناتا ہے۔ ڈاکٹر سہیل اور کلو ڈارون کی مشترکہ تصنیف میں یہی داستان بیان کی گئی ہے۔

لنزی میں ہی مقامی میکڈانلڈ سے ٹھنڈے مشروبات سے ہماری تواضع کی گئی اور لنزی سے و ہٹبی کے سفر کے دوران کلو ڈارون کی کہانی جاری رہی۔ وہٹبی پہنچ کر درویش کی کٹیا میں تھوڑی دیر سستانے کے بعد مقامی افغانی ریستوراں کے لیے پیدل روانہ ہوئے اس وقت تک ہلکی ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو چکا تھا۔ ’مائمانہ نان اینڈ کباب‘ اپنی نوعیت کا ایک منفرد ریستوراں ہے جس کے نان، چپلی کباب اور بینگن کا بھرتہ بہت خاص ہے۔ درویش کی کٹیا تک واپسی کا ڈیڑھ دو کلومیٹر کا سفر بھی پیدل طے کیا گیا۔ واپس آ کر بھی ڈاکٹر صاحب کچھ تخلیقی کام کرنے لگے مگر میں سونے کے لیے چلا گیا۔

آخر وہ دن آن پہنچا جس دن تخلیقی اقلیت کے زیرِ انتظام ’تخلیقی اقلیت‘ اور ’مشترکہ محبوبہ‘ کی رونمائی ہونا تھی۔ یہ تقریب اتوار 13 جولائی 2025 ء کو دن بارہ بجے سے سہ پہر چار بجے تک ریکس ڈیل کمیونٹی سنٹر میں منعقد ہو رہی تھی۔ ’دن گنے جاتے تھے جس دن کے لیے‘

پروگرام یہ بنا کہ ناشتہ گھر پر ہو گا جو ڈاکٹر سہیل بذاتِ خود تیار کریں گے تاکہ وقت بچایا جا سکے۔ ڈاکٹر سہیل کے ہاتھوں ایک منفرد طریقے سے بنائے گئے آملیٹ کے ساتھ ایک مزے دار ناشتہ کرنے کے بعد ہم تیار ہونے لگے۔ وہٹبی سے روانہ ہوتے ہی شدید بارش نے ہمارا استقبال کیا مگر وہٹبی کے مضافات تک بارش تھم گئی اگرچہ بادل بدستور چھائے رہے جس سے موسم سہانا ہو گیا۔ اس سفر کو جگجیت سنگھ اور چترا سنگھ کی مدھر آواز میں گائی گئی غزلوں نے بہت خوش گوار بنا دیا تھا۔ میرے ناقص علم کے مطابق جگجیت نے پہلی بار غزل کو نغمے کی صورت ہائی ٹون (اونچی لے ) مگر روانی سے گایا ہے۔ یہی چیز پھر چترا سنگھ نے بھی سیکھی۔ میں نے ڈاکٹر صاحب کو بتایا کہ ان دونوں گلوکاروں کو 30 برس سے سن رہا ہوں۔ اور ”مرزا غالب“ نامی ٹیلی تھون کو جن لیجنڈز نے امر کیا ان میں شاعر اور لکھاری گلزار اور اداکار نصیر الدین شاہ کے علاوہ گلوکار جگجیت سنگھ اور چترا سنگھ بھی شامل ہیں۔ دونوں کی جوڑی خُوب چلی مگر جیسا کہ تخلیقی اقلیت کے ساتھ ہوتا آیا ہے۔ تخلیقی افراد کے ساتھ پیار کیا جاسکتا ہے مگر زندگی نہیں بتائی جا سکتی۔ جگجیت اور چترا کے جواں سال بیٹے کی بے وقت موت کے بعد میاں بیوی میں علیحدگی ہو گئی اور چترا سنگھ نے گانا بھی چھوڑ دیا۔ اب ایک دفعہ تخلیقی اقلیت اور ان کی رُومانوی زندگی پر بات ہوئی اس ضمن میں ہم دونوں اس بات پر متفق تھے کسی بھی تخلیقی شخص کو شادی کر کے کنبہ نہیں بنانا چاہیے۔

ریکس ڈیک کمیونٹی سنٹر پہنچ کر ہم ابھی ہال کی طرف جانے کا ارادہ ہی کر رہے تھے کہ عظمٰی عزیز بھی پہنچ گئیں وہ ایسی تقریبات کا انتظام و انصرام رضا کارانہ طور پر اور فیملی آف دی ہارٹ کی محبت میں کرتی ہیں۔ پرویز صلاح الدین اور رفیق سلطان ان سے بھی پرانے ارکانِ فیملی آف دی ہارٹ ہیں جن کو ڈاکٹر سہیل کی کچن کیبنٹ کے اہم اور مرکزی وزراء کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ رفیق سلطان پر اب کسی قدر عمر رسیدگی کے آثار نظر آنے لگے ہیں مگر پرویز صاحب کو میں بچپن سے ایسا ہی دیکھ رہا ہوں۔ شاید اقبال نے ان کے بارے میں کہا ہو گا :

تو اسے پیمانہ امروز و فردا سے نہ ناپ
جاوداں ’پیہم دواں‘ ہر دم جواں ہے

یہ افراد مل کر دس پندرہ منٹ میں ہال کو تقریب کے لیے تیار کر کے عقب میں میزوں پر چائے اور لوازمات تک بھی سجا دیتے ہیں۔ اس دوران آپس میں ہلکا پھلکا طنز و مزاح جاری رہتا ہے اور چٹکلے رواں رہتے ہیں۔ اتنے میں مہمانانِ گرامی کی آمد شروع ہو گئی۔ ان میں رفیع مصطفیٰ (ناول نگار) ، حامد یزدانی (شاعر، ادیب) ، ڈاکٹر بلند اقبال (افسانہ نگار، ناول نگار، محقق، میڈیا میزبان) ، حبیب شیخ (افسانہ نگار) ، سید مسلم حسنی (شاعر) احمد رضوان (ادیب، مزاح نگار) ، سید حسین حیدر (مزاح نگار) ، شاہد اختر (مترجم) ، مرینہ خان (ادب دوست) ، فائزہ عامر (ادب دوست) ، امیر حسین جعفری (شاعر) ، حفیظ غزنوی ( ادب دوست) ، ابرار حسن (ادب دوست) ، ریتو بھاٹیہ (گلوکارہ) ، ہرپال سنگھ (مصور) شامل تھے۔ جن رفقاء کے نام یہاں شامل نہیں میں ان سے دست بستہ معافی کا خواست گار ہوں۔ بیس پچیس منٹ میں حاضرین کی ایک مناسب تعداد ہال میں پہنچ چکی تھی۔

تقریب کے باقاعدہ آغاز سے قبل امیر حسین جعفری ڈائس پر آئے اور انہوں نے اعلان کیا کہ چند منٹ کے لیے ناظم کی ذمہ داری وہ اس لیے ادا کریں گے کیونکہ ڈاکٹر سہیل کی 73 ویں سالگرہ چند روز قبل ہی گزری تھی اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمارا ایک خوُبصورت دوست جوڑا تہتر سالہ نوجوان کو ایک سرپرائز دینا چاہتا ہے، چنانچہ ہرپال سنگھ نے ہاتھ سے پینٹ شدہ پورٹریٹ ڈاکٹر سہیل کو پیش کی۔ جب کہ ان کی اہلیہ خوش گلو و خوش مزاج ریتو بھاٹیہ نے اس موقع پر پنجابی میں جنم دن کا ایک نہایت خوبصورت گیت اپنی مدھر آواز میں گایا جس کو بہت سراہا گیا۔ اس کے بعد سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب کے مہمانِان خصوصی کو سٹیج پر دعوت دی گئی جن میں محترم حامد یزدانی، محترم جناب حفیظ غزنوی اور یہ مسافر شامل تھے جب کہ نظامت کی ذمہ داری ہمیشہ کی طرح ڈاکٹر سہیل نے سنبھال لی۔
(جاری ہے )

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment
Anwer
Anwer
1 year ago

اعلی۔

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW