میرے مطابق

وطن سے دوری، بے چینی، مجبوری

سمندر پار رہتے ہوئے تو وطن سے محبت اور بھی بڑھ جاتی ہے

حبُ الوطنی ایک فطری جذبہ تو ہے ہی، لیکن اسے ایمان کا حصہ تک قرار دیا گیا ہے۔ اس جذبہ کو بھی دوسرے انسانی جذبات کی طرح انفرادی اور معاشرتی تعمیر اور تخریب کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے کیونکہ جس شے یا شخصیت سے آپ کو محبت ہوتی ہے آپ اسے پھلتا پھولتا اور آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں اور اگر اسے کوئی ٹھیس یا تکلیف پہنچے تو آپ تڑپ اٹھتے ہیں، آپ بے چین اور بے قرار ہو جاتے ہیں۔ جس طرح مجنوں کو سلگِ لیلیٰ سے بھی پیار ہو گیا تھا بالکل اسی طرح وطن سے محبت آپ کو اہلِ وطن ہی سے نہیں بلکہ وطن سے نسبت رکھنے والی ہر شے سے پیار کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔
سمندر پار رہتے ہوئے تو وطن سے محبت اور بھی بڑھ جاتی ہے، کوئی افواہ کانوں سے ٹکرا جائے تو تصدیق یا تردید تک آپ کی جان سولی پر لٹکی رہتی ہے۔ اور اگر وطن کے باسیوں کو کھانے پینے کو اچھا مل رہا ہو، پہنے کے لیے ان کے پاس مناسب لباس ہو، سر ڈھانپنے کے لیے ان کے پاس چھت ہو، ان کی بقیہ ضرورتیں بھی عزت و احترام سے پوری ہو رہی ہوں اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کا بندوبست بھی ہو تو دل میں خوشی کے لڈو پھوٹنے لگتے ہیں۔
جب وطنِ عزیز کے چند افراد تو دنیا جہان کی نعمتوں سے مالا مال ہوں، ان کے ایک اشارہ ابرو پر، ان کے ایک میسیج، ان کی ایک کال پر ان کے من و رنجن کا اہتمام ہو جائے، ان کے منہ سے نکلے الفاظ کی، حکمِ الٰہی کی طرح تعمیل ہو اور دوسری طرف عوام دو وقت کی روٹی کو ترسے، بیماری ان کا مقدر بن جائے اور ان کے آئینی و قانونی حقوق کی پامالی ایک معمول بن جائے تو ملک کے اندر رہنے والے اس سے متاثر بھی ہوتے ہیں، پریشان ہوتے ہیں اور بے چین بھی رہتے ہیں۔
سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی سے دنیا سمٹ کر ایک گاؤں کی شکل اختیار کرچکی ہے جس کے نتیجے میں سے باہر رہنے اپنے ملک کے حالات و واقعات سے اکثر زیادہ آگاہ ہوتے ہیں۔ وطن سے دور رہنے والے ملک کے اندر دگرگوں حالات سے براہ راست متاثر تو نہیں ہوتے لیکن ان کی حبُ الوطنی ان کی بے چینی اور بے قراری میں کئی گنا زیادہ اضافہ کر دیتی ہے۔
جب وطن سے دور اہل وطن کسی ایسے ملک میں رہائش پذیر ہوں جہاں پر قانون کی حکمرانی ہو، جہاں ان کی محنت کا صلہ انھیں مناسب اور وقت پر ملتا ہو، جہاں ریاست ان کی ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہو تو ان کی پریشانی اور بے چینی دیدنی ہوتی ہے۔
دن کی ساعتوں اور رات کی خوابوں میں وہ کبھی اپنے وطن میں موجود صحت اور تعلیمی نظام کا مقابلہ و موازنہ اپنے رہائش پذیر ملک کے نظامِ تعلیم سے کر رہے ہوتے ہیں، کبھی وہ دونوں ملکوں کے نظامِ عدل و انصاف کا مقابلہ و موازنہ کر رہے ہوتے ہیں، کبھی ان کا موضوع سخن ہر دو ملکوں میں بچوں اور خواتین کے حقوق ہوتا ہے، کبھی وہ سڑکوں پر گزرتے چلتی ہوئی ٹریفک کا موازنہ اپنے ملک کی ٹریفک کے طور اطوار سے کر رہے ہوتے ہیں۔
تارکینِ وطن جب بھی جسمانی طور پر ایک دوسرے ملتے ہیں یا سوشل میڈیا کے پلیٹ فارموں پر ایک دوسرے سے بات چیت کرتے ہیں تو وہ وطن میں رہنے والے بہن بھائیوں کے حالات پر باتیں کرتے ہیں، ان کے مطلوبہ لائحہ عمل کو زیربحث لاتے ہیں اور ان کے لیے دعائیں مانگتے ہیں کہ ایک دن ایسا بھی آئے کہ اہلِ وطن کی زندگیاں بھی ترقی یافتہ دنیا کے باسیوں کی طرح آسان ہوں۔
تارکینِ وطن اپنی وطن سے دوری کی صورت کئی گنا بڑھی ہوئی بے چینی کو کم کرنے کے لیے دعاؤں کے ساتھ ساتھ کئی اقدامات بھی کرتے ہیں جن کے نتیجے میں ان کے عزیز و اقارب کی حالت میں خصوصی اور پاکستان کے حالات میں عمومی طور پر کمی بھی ہوتی ہے۔
وطن کے باسیوں کی بہتری کے لیے بہت سے منصوبے اور اقدامات ہوسکتے ہیں اور جیسا کہ میں نے عرض کیا کہ تارکینِ وطن اس حوالے سے کچھ نہ کچھ کرتے بھی رہتے ہیں۔ بہرحال سب سے مناسب پیغام جو اہل وطن کو دیا جاسکتا ہے وہ ایک پائیدار سیاسی نظام کی تشکیل اور اسے چلانے کا شعور ہے، انھیں بتایا جائے کہ سیاسی نظام کے اندر سے تعلیم اور صحت کا نظام نکلتا ہے، انہیں بتایا جائے کہ اگر ملک کا سیاسی نظام فعال نہ ہو تو عدل وانصاف کا بندوبست بھی عوام کو انصاف فراہم نہیں کر پاتا۔
دنیا کی تاریخ اور مذاہب کی تعلیم کا نچوڑ بھی یہی بتاتا ہے کہ کوئی سیاسی نظام عوام کی رائے کو کچل کر بن پاتا ہے نہ ہی مستقل چل پاتا ہے۔ اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی حب الوطنی کی طاقت کو بروئے کار لاکر وطن عزیز میں عوام کی رائے پر بننے اور چلنے والے نظام سیاست کی تشکیل کی کوشش میں جت جائیں۔ اس سے وطن سے دوری کی بے قراری و بے چینی میں بھی افاقہ ہو گا اور وطن میں رہنے والوں کی زندگیوں میں بھی بہتری کے آثار نظر آئیں گے۔

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW