کیوں نہ پھر اُس دور میں جایا جائے۔ قسط نمبر: 22
بس تو یہی ہے داستان حیات
سچ تو یہ ہے کہ اپنی عمر کے ابتدائی 20 سالوں تک کسی کہانی، کسی افسانے یا ادبی نوعیت کی کسی تخلیق سے متعلق کوئی ایک آدھ صفحہ یا کوئی چھوٹا موٹا پیرا گراف حتیٰ کہ ایک لفظ بھی نہ مجھ سے لکھا گیا اور نہ ہی کہیں کچھ چھپا۔ ہاں البتہ اگر اپنے خاندان میں کسی بات کے لیے بہت مشہور ہوئی تو وہ چھٹپنے ہی سے کہانیاں سُننے اور انہیں گھڑنے کی غیر معمولی صلاحیت تھی۔
وہ پون درجن عورتیں جو کسی نہ کسی ناتے میری ماسیاں، پھوپھیاں اور ممانیاں تھیں۔ جنہیں اجاڑوں نے لاہور کے اس گھر میں اکٹھا کر دیا تھا۔ سبھی میری کم سنی سے ہی یہ فتویٰ دیے بیٹھی تھیں کہ اللہ بچائے اِس کم بخت بالشت بھر کی لونڈی سے، کیسے رائی کے پہاڑ بناتی ہے؟ دو لفظوں کی بات ہو پر پورا افسانہ گھڑ کے کان کھاتی ہے۔
اُن میں فامی ماسی کا نمبر سب سے اونچا اور نمایاں تھا۔ انہوں نے اُس وقت یہ لیبل میرے ماتھے پر چپکایا تھا جب ابھی مجھے اس کا کچھ شعور بھی نہ تھا۔ اللہ جانے انہوں نے کیا گھوٹ کر پی لیا تھا کہ مستقبل کے بارے میں پشین گوئیاں کرنا اور وہ بھی پورے وثوق سے، اس پر کچھ یہ بھی ستم کہ کہی ہوئی باتیں من و عن پوری بھی ہو جائیں۔ تو اب جب انہوں نے اعلان کرنے جیسی بات کر دی۔
”ارے یہ تو پوری ڈرامہ باز ہے۔ ایسی ہی لڑکیاں ہوتی ہیں کہ جن کے ہاں رائی سے پہاڑ بنانے، نقطے سے پوری لفظی تصویر کھینچ لینی، دو لفظوں کی بات ہو تو پورا افسانہ گھڑ لینا۔ دیکھ لینا ایسی ہی ہو گی یہ۔ ناول افسانے لکھے گی بڑی ہو کر۔
اب میری بھی سُنیے۔ میں تو ٹھہری چھوٹی سی بچی اور وہ ڈشکریاں قصّے کہانیوں کی رسیا۔ پچاس کی دہائی کا زمانہ، گرمیوں کی لمبی دوپہریں اور سردیوں کی طویل خنک راتوں میں سب بڑے کمرے میں افسانہ یا کہانی سُننے کی نشست جماتیں۔ ان نشستوں کی روح رواں صفو یعنی صفیہ ماسی اور فامی ماسی ہوتیں۔ وہ اِن دنوں جماعت دہم کی طالبہ تھیں۔ اُس زمانے کی خواتین کے مشہور رسائل زیب النساء، حور، عفت اور بتول ہمارے گھر باقاعدگی سے آتے تھے۔
اب دونوں میں سے کوئی ایک افسانہ پڑھنا شروع کرتی۔ باقی تمام خواتین اور بچیاں ہمہ تن گوش سُنتیں۔ کہانی کا اُتار چڑھاؤ، کرداروں کے منفی و مثبت رویے، واقعات کا بہاؤ، خواتین کا انہماک، کہیں قہقہے، کہیں آنسو، کہیں لعن طعن اور کہیں تحسین آمیز کلمات۔ میں یہ سب دیکھتی تھی کہ کیسے ایک ایک کردار کو زیرِ بحث لایا جاتا تھا۔ اُن کے مکالمے، اُن کے رویے سب کے بخیے اُدھڑتے۔ کس قدر چسکا تھا اُن محفلوں میں بیٹھنے اور یہ سب سُننے کا۔
بہت زیادہ سمجھ نہ آنے کے باوجود لطف اٹھاتی تھی۔ خیال ہے کہ لکھنے کے جراثیم تبھی پھلنے پھولنے لگے تھے۔ اور اگر یہ کہوں کہ کہانی کی بُنت کو کَس کر کیسے رکھنا ہے کہ اس میں جھول نہ آئے تو یہ کچھ اس تربیت اور کچھ مطالعے کے صدقے ملا۔
افسانہ یا کہانی جہاں ذرا پٹڑی سے اترتی وہ فوراً بول اٹھتیں۔ ”یہ کیا؟ انتہائی بے سروپا کہانی ہے یا پھر کمال کی لکھی گئی ہے“ یہ سب ان میٹرک پاس یا انڈرمیٹرک خواتین کے تبصروں نے سکھایا تھا۔
میرے اپنے چسکے بھی اوائل عمری سے ہی شروع ہو گئے تھے۔ بچوں کی طلسماتی کہانیاں، الف لیلیٰ اور کوہ قاف کی کہانیاں۔ کھلونا، بچوں کی دنیا، نونہال جیسے رسائل میں بھی جان اٹکنے لگی تھی۔
کہانیاں پڑھنے کے چسکے اللہ جھوٹ نہ بلوائے تو صدر بازار کی کون سی دکان میری عقابی نگاہ سے بچی تھی جس کے باہر بندھی رسیوں سے لٹکتی طلسمی کہانیوں کو میں نے پیسہ دو پیسے کے کرایہ سے نہ پڑھا ہو۔
یہ ایک ایسا نشہ تھا۔ ایک ایسی چاٹ تھی کہ آٹھ دس صفحے کی کتاب صرف ایک گھنٹے کی مار ہوتی۔ کہانی ختم کرنے کے بعد ایک بار پھر اُسے پڑھتی، اور تاسف سے خود سے کہتی۔
”ہائے کتنی جلدی ختم ہو گئی ہے؟“
اُن وقتوں میں پیسے کی کہاں فراوانی تھی؟ غریبی، ابّا کی معمولی سی تنخواہ۔ اماں مہینہ گویا سوئی کے ناکے جیسے محاورے کے مطابق گزارتیں۔ ایک پیسے کا ملنا بڑی بات تھی۔
ہر دکان دار میرا واقف تھا اور کبھی کبھی تنگی والے دن ادھار پر بھی اعتبار کر لیتا تھا۔
پھر سودا سلف کی ہیراپھیریوں میں پیسہ دو پیسہ بچانے کی صورت کسی نہ کسی طرح نکال لیتی۔ پان سگریٹ کے کھوکھے والے پہا جمیل سے جس کی دکان کے اوپر یہ کہانیاں رسیوں سے لٹکی کیسے دل کو للچاتی تھیں۔ جی چاہا کرتا اِن رسیوں کو توڑ کر اِن کا قلاوا بھروں اور کہیں بھاگ جاؤں۔ کہیں واپسی میں ڈنڈی مارتی۔ اکلوتے کمرے کی واحد الماری کا ایک خانہ امّاں سے لڑ جھگڑ کر اپنے قبضے میں کیا۔ اُسے لائبریری کی صورت دینے کی کوشش کرتی۔ پہا جمیل بھی ایک نمبر کائیاں، اُدھار پر کہانیاں پڑھواتا رہا اور جب بل کوئی بارہ آنے کے قریب ہو گیا تو ایک دن گھر پہنچ گیا۔
اُف امّاں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ، لتر اُتار کر وہ ٹھکائی کی کہ آج جب لکھنے بیٹھی ہوں تو مار سے کہیں زیادہ اس بے عزتی اور تذلیل کا احساس بے طرح یاد آنے لگا ہے جو اُس وقت پہا جمیل کے سامنے ہوا تھا۔ پر سچی بات ہے آپ سے کیا پردہ؟ میں بھی بڑی ڈھیٹ ہڈی تھی۔ چار چوٹ والی اِس مار کا مجھ پر کتنا اثر تھا؟ بس خشخاش کے دانے جتنا بھی یقیناً نہ ہوا ہو گا۔
(جاری ہے )


.pMust appreciate, great job done, Stay blessed