میرے مطابق

سید ماجد شاہ صاحب کے افسانوی مجموعے ’ر ”پر مختصر تبصرہ اور دو افسانوں کا انتخاب

Sohail Ahmad Sameem

جناب ماجد شاہ صاحب کا قلم مانندِ نشتر بھی ہے اور مرہمِ نایاب بھی۔ وہ ایسے قلم کار ہیں جو لفظوں سے عمارتیں بھی تعمیر کرتے اور ر انہی حرفوں سے روح کا جھروکہ کھول دیتے ہیں۔ وہ محض روشنائی نہیں بکھیرتے بلکہ و جودِ انسانی کی بھیگی، اداس اور تحیر زدہ شاموں سے رنگ بھی چراتے ہیں اور انہی رنگوں سے ایسی کہانی بنتے ہیں کہ انسان اور سماج روبرو دکھائی دیتے ہیں۔

جناب ماجد شاہ کے مختصر افسانے ”ر“ کوئی ہنگامی چیخ یا سرسری منظر نگاری نہیں بلکہ معاشرے کی ایک گم شدہ معنویت کو ڈھونڈ نکالنے کی ایک ساحرانہ اور جداگانہ کوشش ہے۔ جہاں عام آنکھ کی رسائی ناممکن ہے۔

ماجد شاہ کے مائیکرو فکشن فقط چند سطروں کا اختصار نہیں بلکہ حیات انسانی کے دباؤ اور تضادات کا عکس ہے۔ جہاں انسان کا دکھایا جانے والا روپ اس کی اندرونی حقیقت سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ وہ اپنے اختصار میں معاشرتی چہروں پر چڑھے نقابوں کو بہت بے باکی سے نوچتے نوچتے وقت، زمان و مکان کی قید سے آزاد ہو کر خوابوں کو بازار میں رول دیتا ہے۔

ان کی کہانیوں کا انسانی وجود جبر کی کٹھن فضاؤں میں سانس لیتے ہوئے بھی اپنی باطنی آزادی کو بچانے کی تمنا رکھتا ہے۔ چاہے وہ کسی کاغذ پر ابھرتا ہوا تلخ معاشی و نفسیاتی استعارہ ہو یا پھر ’کھنڈرات‘ کی مٹی تلے حسد کے پاؤں تلے روندی جاتی تہذیب کے ریزے۔

جناب ماجد شاہ اپنی بے ساختگی، رنگ و آہنگ اور وسعتِ معنی سے قاری کے دل پر ایک ان مٹ نقش چھوڑ جاتے ہیں۔ آخر میں ان کے افسانوی مجموعے ”ر“ سے میرے دو پسندیدہ افسانے۔

”دلہن“

”یہ سر کے بالوں سے لے کر پاؤں کے ناخنوں تک وہ نہیں ہے، جو دلہن بن کر نظر آتی تھی۔ اتنے رنگ، اتنی خوشبوئیں۔ اتنا دھوکہ؟“

بوڑھے دلہے نے کالی کلوٹی معصوم لڑکی کو خوب پیٹنے کے بعد اس کی ماں سے کہا۔
ماں بے وقوف ہوتی تو کہہ سکتی تھی کہ ”آپ کے سامنے پل بڑھ کر جوان ہوئی ہے، پہلے آپ اندھے تھے؟“

ماں سیانی تھی، سمجھ گئی۔ وہ اپنی فتح یوں ہار میں کیسے بدل سکتی تھی۔ وہ اپنی روتی ہوئی بیٹی کو چھوڑ کر، ملک صاحب کے پاؤں میں بیٹھ گئی، اور انھیں نیا تلے والا کھسہ پہناتے ہوئے بولی:

ملک جی سمجھیا کرو نا، نویں جتی کجھ دن تے تنگ کر دی اے۔ تسی پریشان نہ ہو۔ سب ٹھیک ہو جلسی۔
پھر بیٹی کو دو تھپڑ لگا کر آہستہ سے کہا: ”پہلے ہی دن بوڑھے سے مردوں والے تقاضے؟ شرم کر، بے غیرت“ ۔
٭٭٭٭٭
”ڈپریشن“

”سرمئی شام نے چند لمحوں بعد اپنی سلونی فضائیں فنا کی ہتھیلی پر رکھ دینی تھیں، جیسے شبنم کا قطرہ سورج کی کرنوں کو گولی کی طرح آتا دیکھ کر سرینڈر کر دیتا ہے۔

منظر بدل جاتا ہے۔
حسن بدل جاتا ہے۔
علم بدل جاتا ہے۔
زر کی قدر و قیمت بدل جاتی ہے۔
عروج و زوال کی عمر کا تعین قدرت کرتی ہے۔ تو پھر ہم روبوٹ نما لوگ یہاں کیا لینے آتے ہیں؟ ”

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW