میرے مطابق

ڈاکٹر عامر سہیل کی کتاب، جدید لسانیاتی اور اسلوبیاتی تصورات: ہزارہ کا علمی وقار

Sohail Ahmad Sameem

خطہِ ہزارہ ہمیشہ سے ادبی، ثقافتی اور لسانی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ اس سرزمین نے بلاشبہ ایسے دانشور، شاعر، مترجم اور نقاد پیدا کیے جنہوں نے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ قومی و بین الاقوامی علمی منظرنامے میں بھی اپنے فکری، لسانی اور ادبی کام سے پہچان بنائی۔ اُنہی معتبر اہلِ علم میں ایک نمایاں اور باوقار نام ڈاکٹر عامر سہیل کا ہے، جو لسانیات، تنقید، اسلوبیات اور شعریات جیسے دقیق اور فکری مباحث پر اپنی غیر معمولی گرفت اور فنی اظہار کی وجہ سے ملکی سطح پر شہرت رکھتے ہیں۔

جب کسی خطے سے کوئی علمی و تحقیقی کاوش زبان، تنقید اور بالخصوص ادبی نظریات کے حوالہ سے قومی دھارے میں قبولیت حاصل کرے، تو وہ محض ایک فرد کی کامیابی نہیں رہتی، بلکہ ایک ادبی تہذیب اور فکری خطے کی اجتماعی عزت اور علمی وقار بن جاتی ہے۔ ڈاکٹر عامر سہیل کی حالیہ کتاب ”جدید لسانیاتی اور اسلوبیاتی تصورات: قرۃالعین حیدر کی ناول نگاری پر صوتی، صرفی، نحوی، معنیاتی اطلاق“ اسی سلسلے کی ایک گراں قدر علمی پیشکش ہے۔

کتاب کے ابواب اور تفصیلات کی بات کی جائے تو کتاب میں پانچ ابواب ہیں جن کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

باب اول: لسانیات اور اسلوبیات کا منظر نامہ:

اس باب میں ڈاکٹر عامر سہیل نے لسانیات اور اسلوبیات کی تھیوریاتی بنیادوں کا ایک جامع اور واضح نقشہ پیش کیا ہے۔ انھوں نے مغرب میں پیدا ہونے والے لسانیاتی نظریات اور ان کے اردو تنقید پر ممکنہ اثرات کو اس انداز سے بیان کیا ہے کہ ایک عام فہم قاری بھی اس علمی گفتگو سے جُڑ سکے۔

اسلوبیات کے ضمن میں ادبی متن کے صوتی، صرفی، نحوی اور معنوی پہلوؤں کو محض بیان نہیں کیا گیا بلکہ اس پر ایک سائنسی اور تنقیدی طرزِ نظر اختیار کیا گیا ہے۔ یہ باب اردو تنقید میں سائنس اور ادب کے ملاپ کی ایک فکری زمین ہموار کرتا ہے۔

باب دوم: قرۃ العین حیدر کی ناول نگاری اور صوتیاتی نظام کا اشاریہ:

اس باب میں مصنف نے قرۃ العین حیدر کی نثر میں موجود آوازوں کا بہاؤ، صوتی ساخت، آہنگ اور الفاظ کی صوتیاتی تکرار کا گہرا تجزیہ کیا ہے۔ یہ مطالعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اردو نثر میں بھی ایسی صوتی خوبیاں موجود ہیں جو اسلوب کا حصہ بن کر معنی کی ترسیل میں معاون ہوتی ہیں۔ یہ باب اردو ناول پر صوتیات کی اطلاقی تنقید کا ایک نیا باب کھولتا ہے۔

باب سوم: صرفیات / تشکیلات، فکشن اور تخلیقی متن:

ڈاکٹر عامر سہیل نے اس باب میں الفاظ کی اندرونی ساخت، لاحقے، سابقے، جذر و صیغہ جیسے صرفیاتی عناصر کو قرۃ العین کے تخلیقی اسلوب کے ساتھ جوڑ کر دکھایا ہے۔ وہ صرف ”کیا لکھا گیا“ نہیں دیکھتے، بلکہ ”کیسے لکھا گیا“ کو بھی اتنی ہی اہمیت دیتے ہیں۔

یہاں تشکیلاتِ لفظ کا گہرا مطالعہ کیا گیا ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایک لفظ کس طرح اپنے صرفی قالب کے ذریعے معنی میں وسعت پیدا کرتا ہے۔ یہ باب اردو فکشن کی تنقید میں صرفیات کے اطلاق کی ایک باوقار مثال بن کر سامنے آتا ہے۔

باب چہارم: نحوی تناظرات اور اسلوبیاتی مطالعات:

نحو کے میدان میں ڈاکٹر سہیل کا کام خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔ قرۃ العین کے جملوں کی ترکیب، جملے کی لمبائی، فعل کی پوزیشن، ترکیبی آزادی جیسے تمام پہلوؤں کو سائنسی انداز میں پرکھا گیا ہے۔

اس باب میں نحوی ساخت اور اسلوبی تشکیلات کے درمیان تعلق پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔ قرۃ العین کے اسلوب میں جملہ بندی کو ایک تخلیقی عمل کے طور پر پیش کیا گیا ہے نہ کہ محض زبان کے استعمال کے طور پر۔ یہ باب نحوی اسلوبیات کو اردو تنقید میں باقاعدہ داخل کرتا ہے۔

باب پنجم: معنیات میں لغوی، مجازی اور تعبیراتی تفاعل:

اس آخری باب میں ڈاکٹر عامر سہیل نے قرۃ العین کی نثر میں معنی کی لغوی سطح، مجازی گہرائی، اور تعبیراتی وسعت کو ایک ہم آہنگی کے ساتھ سمجھنے کی کوشش کی ہے۔

یہاں یہ تجزیہ بھی شامل ہے کہ سیاق و سباق، علامتوں کا استعمال، اور متن کی بین السطور معنویت کس طرح ایک قاری کو صرف لفظوں سے نہیں بلکہ خاموش معنوی اشارات سے بھی متاثر کرتی ہے۔

یہ باب اردو فکشن میں تعددِ معنی اور معنوی تہہ داری کے فہم کو گہرا کرتا ہے۔ ڈاکٹر عامر سہیل کی یہ کتاب اس بات کا اعلان ہے کہ اردو تنقید اب صرف تاثراتی اور ادبی ذوق کی قید میں نہیں، بلکہ وہ سائنسی اطلاق، لسانی بنیاد، اور ساختیاتی تجزیے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ان کا علمی انداز نہ صرف ہزارہ بلکہ پاکستان کے علمی تناظر میں بھی ایک فکری رہنمائی کا کام دے رہا ہے۔ یہ کتاب محققین، نقادوں، اور طلبہ کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہے۔ دعا ہے کہ عامر سہیل مزید ایسے کارنامے سرانجام دے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW