بلاگ

فیصلہ کی گھڑی؟

aslam awan

وفاقی اشرافیہ کی حکمت عملی بظاہر یہ دکھائی دیتی ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو فوری طور پر ختم کرنے کے بجائے اسے اس حد تک سیاسی دباؤ اور انتظامی مشکلات سے دوچار کیا جائے کہ سہیل آفریدی بالآخر کسی ”مفاہمت“ پر آمادہ ہو جائیں لیکن اگر وہ کسی سمجھوتے پر آمادہ ہوتے ہیں تو ممکن ہے انہیں وقتی ریلیف تو مل جائے، مگر ان کی موجودہ سیاسی ساکھ باقی نہیں بچے گی، اس صورت میں انہیں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے شدید ردعمل اور یوٹیوبرز کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس کے بعد یہ امکان بھی موجود ہے کہ وفاقی حکومت پہ متصرف حلقے اور اس کی ابلاغی مشینری سہیل آفریدی کے خلاف کردار کشی کی مہم چلا کر پہلے انہیں سیاسی طور پر تنہا کریں گے اور بالآخر ان کی حکومت کے خاتمے کی راہ ہموار بنا لی جائے گی۔ یوں ممکنہ طور پر سہیل آفریدی کی ابھرتی ہوئی سیاسی شخصیت خوف اور مایوسی کی دھند میں ڈوب جائے گی، جبکہ پی ٹی آئی بھی اپنے آخری سیاسی محاذ پر شکست کھا کر ہمیشہ کے لئے ختم ہو سکتی ہے۔

تاہم، اس صورتِ حال کا دوسرا رخ بھی ہے۔ اگر سہیل آفریدی دباؤ کے سامنے جھکنے کے بجائے مزاحمت کا راستہ اختیار کرتے ہوئے اس جدوجہد میں صوبائی حکومت کی قربانی دینے کے لیے تیار رہتے ہیں تو ملکی سیاسی افق پر وہ مزاحمتی سیاست کی توانا علامت بن کر ابھریں گے۔ اس سے نہ صرف ان کی اپنی سیاسی حیثیت اور پی ٹی آئی کی عوامی حمایت کو تقویت ملے گی بلکہ مملکت کی حاکمیت اعلیٰ پر اسٹیبلشمنٹ کی سیاسی گرفت کو کمزور کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

اصل امتحان یہ ہے کہ سہیل آفریدی وقتی سیاسی بقا کے لیے سمجھوتے کا راستہ اختیار کرتے ہیں یا مزاحمت کے ذریعے اپنی سیاسی ساکھ اور ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ دونوں راستوں کے نتائج مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن ان کا انحصار صرف سہیل آفریدی کے فیصلے پر نہیں بلکہ عوامی ردِعمل، پی ٹی آئی کی داخلی یکجہتی اور ریاستی اداروں کے آئندہ طرز عمل پر بھی ہو گا۔

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment
عارف احمد
عارف احمد
28 days ago

محترم یہ ۔۔۔۔
فیصلہ کی گھڑی
کون سی اردو ہے ؟

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW