وہ دریا جسے پہنچنے نہیں دیا جاتا

بحیرِہ عرب تک پہنچنے والے دریائے سندھ کے پانی کو ”ضیاع“ قرار دینا محض کوئی حسابی اندراج نہیں، بلکہ ایک ایسا سیاسی بیانیہ ہے جس نے گزشتہ ستر برسوں میں ڈیلٹا کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے۔ ہم دریا اور اس کے زیریں خطے کا درد صرف اسی صورت سمجھ سکتے ہیں جب خود کو نچلے بہاؤ کے باسی/ لوؤر ریپرین کی جگہ رکھ کر دیکھیں۔ کھارو چھان میں کبھی چالیس دیہات اور قریباً 26,000 نفوس بستے تھے، مگر اب چند اجڑے ہوئے گاؤں اور بمشکل 11,000 لوگ باقی ہیں۔ یہ لوگ اس لیے نقل مکانی پر مجبور ہوئے کیونکہ سمندر خشکی پر چڑھ آیا، کنویں کھارے ہو گئے، چاول کے کھیت نمک زار بن گئے، اور لہروں کو پسپا رکھنے والا دریا آنا ہی بند ہو گیا۔ یہ اچانک نازل ہوئی کوئی قدرتی آفت نہیں، بلکہ آخری بیراج سے سینکڑوں میل دور بالائی فیصلوں کے نتیجے میں بحیرِہ عرب کے ہاتھوں عمل میں لائی جانے والی ایک سست رفتار بے دخلی ہے۔
پنجاب اور سندھ کے مابین پانی کا تنازع ریاست کے قیام سے بھی پرانا ہے۔ 1901 ء کے انڈین ایریگیشن کمیشن اور 1942 ء کے راؤ کمیشن نے سندھ کے حقوق کو تسلیم کیا، جبکہ 1945 ء کے تاریخی معاہدے نے سندھ کو دریا کے مرکزی بہاؤ کا قریباً تین چوتھائی حصّہ دیتے ہوئے بالائی تعمیرات کو سندھ کی باضابطہ رضامندی سے مشروط کیا۔ 1947 ء کے بعد ون یونٹ کے دور میں اس توازن کو روند کر صوبائی منظوری کے بغیر چشمہ جہلم اور تونسہ پنجند جیسی رابطہ نہریں تعمیر کر دی گئیں، جو اب سندھ کی ابتدائی خریف کے دوران پانی دینادستِی لے جانے کا مستقل ذریعہ بن چکی ہیں۔ مارچ 1991 ء کے آبی معاہدے نے صوبائی حصّے تو لکھ دیے، مگر پیراگراف 7 میں سمندری نفوذ روکنے کے لیے درکار کم از کم پانی کے تعین کا معاملہ کسی حتمی فیصلے کے بغیر ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ ارسا کو ڈیلٹا کے بہاؤ کی کوئی قانونی ذمہ داری نہیں دی گئی، جس کے باعث قلت کے برسوں میں تحریری ضابطوں کے بجائے انتظامی غلبہ ہی فیصلوں کا واحد پیمانہ بن جاتا ہے۔
دریا کے دہانے پر پہنچنے والے پانی کو ”ضیاع“ کہنا نوآبادیاتی دور کی اسی روایتی سوچ کی دین ہے جسے انجینئرنگ کی زبان میں ”ڈیوٹی آف واٹر“ کہا جاتا ہے۔ آسان لفظوں میں اس کا مطلب یہ ہے کہ پانی کا ایک کیوسک بہاؤ کتنے ایکڑ اراضی پر فصل کو کامیابی سے پکا کر تیار کر سکتا ہے۔ نوآبادیاتی دور کے نہری نظام نے دریا کے وجود کو صرف اسی ایک پیمانے سے ناپا؛ چنانچہ جو زمین نہری کمانڈ سے باہر تھی وہ ”بنجر“ کہلائی، اور جو پانی براہِ راست کسی فصل کے کام نہ آیا، اسے بغیر سوچے سمجھے ”ضائع“ قرار دے دیا گیا۔ آج بھی یہ سوچ آبی وسائل پر اجارہ داری قائم کرنے کا ایک باقاعدہ سیاسی ہتھیار ہے۔ جب ماحولیاتی بہاؤ پر ”بربادی“ کا لیبل چسپاں کر دیا جاتا ہے، تو طاقتور حلقوں کے لیے نچلے بہاؤ کے تاریخی حقوق غصب کرنا اور کالا باغ، گریٹر تھل کینال یا چولستان جیسے منصوبوں کے ذریعے پانی کا رخ موڑنا اخلاقی اور قومی ضرورت بنا کر پیش کرنا آسان ہو جاتا ہے، جبکہ زیریں علاقوں کے جائز وجودی خدشات کو ”صوبائی ہٹ دھرمی“ کہہ دیا جاتا ہے۔ جسے ”ضائع شدہ پانی“ کہا جاتا ہے، اس کا بڑا حصّہ وہ بے قابو سیلابی ریلے ہیں جنہیں ذخیرہ کرنے کی موجودہ نظام میں گنجائش ہی نہیں۔ یہی پانی دہانے پر سمندری نمکیات کو روکتا ہے، زرخیز مٹی لاتا ہے، مینگرووز کی افزائش کرتا ہے اور پلا مچھلی کے سفر کو ممکن بناتا ہے۔ نہروں کے رسنے کو محض ایک تکنیکی نقص سمجھنا اور کوٹری سے نیچے گرنے والے پانی کو اسکینڈل بنا دینا ہائیڈرولوجی نہیں، خالص وسائل ہتھیانے کی سیاست ہے۔
اس انجینئرنگ کے پسِ پردہ جغرافیائی فاصلے کی ایک بے حس نفسیات بھی کارفرما ہے۔ ہیڈورکس کا ٹیکنوکریٹ اور اسلام آباد کا منصوبہ ساز سمندری مدوجزر سے سینکڑوں کلومیٹر دور بستے ہیں ؛ ان کے لیے دریا صرف وہی ہے جو نہروں کو بھرتا اور گندم اگاتا ہے۔ انہوں نے کبھی سمندر میں غرق ہوتے قبرستان دیکھے ہیں اور نہ ہی ان کنوؤں کا پانی چکھا ہے جو زہر بن چکے ہیں۔ بالائی کمانڈ خود کو ملک کا اناج گھر قرار دے کر یہ باور کرانے لگتی ہے کہ اس کی زرعی توسیع ہی دراصل کل قومی مفاد ہے، اور ڈیلٹا کے لیے میٹھے پانی کی فراہمی ایک فالتو عیاشی ہے۔
ڈیموں اور بیراجوں کے جال سے قبل سندھ ڈیلٹا کو سالانہ قریباً 150 ملین ایکڑ فٹ پانی اور 40 کروڑ ٹن گاد ملتی تھی۔ سترہ فعال شاخیں / کریکس اور مینگرووز کی آٹھ اقسام لہلہاتی تھیں۔ آج کوٹری سے نیچے سالانہ بہاؤ میں 80 فیصد تک کمی آ چکی ہے اور بیشتر زرخیز گاد بالائی ڈیموں میں قید ہو چکی ہے۔ خشک موسم میں سمندری نمک 75 سے 84 کلومیٹر اندر تک سرایت کر چکا ہے اور 88 فیصد ڈیلٹا نمکین پانی کی زد میں ہے۔ تاریخی ڈیلٹا 13,000 مربع کلومیٹر سے سکڑ کر صرف 1,000 مربع کلومیٹر رہ گیا ہے جہاں بمشکل دو شاخیں فعال ہیں۔ 2005 ء کے بین الاقوامی ماہرین پینل نے کوٹری سے نیچے کم از کم 5,000 کیوسک مستقل روزانہ اخراج اور 5 ملین ایکڑ فٹ کے اوسط سیلابی بہاؤ (مجموعی 8.6 ایم اے ایف) کی سفارش کی تھی، مگر اسے بھی قانونی حق کا درجہ نہ مل سکا۔ نتیجتاً، دنیا کا سب سے بڑا بنجر ساحلی مینگروو جنگل، ماہی گیری کی نرسریاں اور انڈس ڈالفن کا قدرتی مسکن تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
اس بربادی نے ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں لاکھوں ایکڑ زرخیز زمین نگل لی ہے اور مچھلی کا سالانہ شکار 5,000 ٹن سے گر کر محض 300 ٹن رہ گیا ہے۔ ماہی گیر، مال مویشی پالنے والے اور چھوٹے کاشتکار اپنی مٹی سے کٹ کر کراچی اور حیدرآباد کے کچے مضافات میں دربدر ہو چکے ہیں، جہاں گزشتہ دو دہائیوں میں بارہ لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر گئے۔ یہ روایتی معاشی تارکینِ وطن نہیں، بلکہ اپنے دریا سے محروم کیے گئے وجودی پناہ گزین ہیں۔ بین الاقوامی آبی قانون بالائی حصے دار کی خود مختاری کے یک طرفہ حق کو مسترد کرتے ہوئے منصفانہ تقسیم اور زیریں علاقوں کو نقصان نہ پہنچانے کا تقاضا کرتا ہے۔ دنیا بھر میں دریاؤں کو زندہ وجود مان کر سمندر تک ان کے قدرتی حق کو تسلیم کیا جا رہا ہے، جبکہ یہاں دریا کو دہانے سے کاٹ کر اسے ایک مرتی ہوئی ندی میں بدلا جا رہا ہے۔
آبپاشی کے نظام کو ختم کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ دریا کے دہانے کو ”پانچواں حق دار“ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔ جب ہم دریا کو ”پانچواں حق دار“ کہتے ہیں، تو اس سے مراد پاکستان کے چاروں صوبے (پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان) ہیں جن کے درمیان مارچ 1991 ء کے آبی معاہدے کے تحت دریائے سندھ کے پانی کو تقسیم کیا گیا ہے۔
موجودہ نظام کی بنیادی خرابی یہ ہے کہ سرکاری کھاتوں اور واٹر اکاؤنٹنگ میں صرف ان چار صوبوں کو ہی پانی کا قانونی حصہ دار یا صارف مانا گیا ہے۔ دریا کے اپنے وجود، اس کی ماحولیات اور سمندر تک پہنچنے والے قدرتی بہاؤ کو کوئی الگ حق تسلیم ہی نہیں کیا گیا۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ جب بھی پانی کی کمی ہوتی ہے، تو ڈیلٹا کا پانی کاٹ کر صوبوں کے کھاتے پورے کیے جاتے ہیں، اور اگر پانی سمندر میں چلا جائے تو اسے کسی صوبے کا ”ضائع شدہ پانی“ کہہ دیا جاتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ 2005 ء کی سفارشات کو کم ترین حد مقرر کر کے کوٹری سے نیچے لازمی بنیادی بہاؤ دیا جائے ؛ گاد/ سیڈیمنٹ لانے والے سیلابی پانی کو ارسا کے دس روزہ نظام الاوقات میں شامل کیا جائے ؛ ایک مستقل ماحولیاتی واٹر اکاؤنٹ قائم کیا جائے تاکہ قلت کے دنوں میں ڈیلٹا کے بہاؤ کی غیر قانونی کٹوتی نہ ہو سکے ؛ اور رابطہ نہروں کو خشک موسم میں پانی چرانے کے بجائے صرف ہنگامی مقاصد تک محدود رکھا جائے۔ یہ اقدامات 1991 ء کے معاہدے کو منسوخ نہیں کرتے بلکہ 1945 ء کے اس بنیادی اصول کو بحال کرتے ہیں جس میں زیریں حصے دار کی رضامندی کو مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ آبپاشی کا کھاتہ موسمی ہے مگر ڈیلٹا کا زوال مستقل ہے۔ دریا کو اگر زندہ رکھنا ہے تو منصوبہ ساز کو تونسہ کے بجائے ایک بار کیٹی بندر پر کھڑے ہو کر سوچنا ہو گا۔
