اونٹاریو میں ادبی تعطیلات۔ سفرنامہ ( 14 )
پیر 3 اگست 2026 ء کو مسی ساگا میں مرزا یاسین بیگ سے ملاقات تھی۔ مزاح پڑھنے والے قارئین میری اس بات سے اتفاق کریں گے کہ اردو ادب میں بطور مزاح نگار مرزا یاسین بیگ مقبولیت حاصل کرتے جا رہے ہیں۔ ان کی مزاح کی دو کتب، ”دیسی لائف ان کینیڈا“ اور ”پارچے“ منظر عام پر آ چکی ہیں۔ ’دیسی لائف ان کینیڈا‘ ہر اس پاکستانی کی کہانی ہے جو اپنا وطن چھوڑ کر دیار غیر میں آباد ہو چکا ہے۔ اپنے دوسرے وطن میں تارکین کو کیا کیا تکالیف پیش آتی ہیں؟ مہاجرین نئی زندگی میں اپنے آپ کو کس طرح مربوط کرتے ہیں؟ یہ کہانی ہلکے پھلکے انداز میں طنزو مزاح پر مبنی مضامین کی صورت میں لکھا گیا ہے۔ یاسین بیگ کی دوسری کتاب، ”پارچے“ بہترین فکاہیوں پر مشتمل ہے۔ جس کے موضوعات متنوع اور جملے کاٹ دار اور طنز و مزاح سے بھرپور ہیں۔ اس کتاب کو دن بہ دن پذیرائی ملتی جا رہی ہے۔ حال ہی میں کینیڈا سے پارچے کا تیسرا ایڈیشن شائع ہوا ہے جبکہ طنز و مزاح پر مبنی ان کے مزاح کی تیسری کتاب ”قرضِ ہنسنا“ اشاعت کے مراحل میں ہے۔
مزاح کے علاوہ یاسین بیگ نے فکشن بھی لکھا ہے۔ ”پاپی“ ان کا اور ڈاکٹر خالد سہیل کا مشترکہ ناول ہے۔ یہ ناول دراصل خطوط پر مشتمل ہے جس کو مکتوبی ناول کہا جا سکتا ہے۔ جسے دو ادیبوں نے مل کر لکھا ہے۔ اس کتاب میں یاسین بیگ کا قلم انتہائی سنجیدہ روپ لئے ہوئے ہے۔ انھوں نے عورت بن کر خطوط لکھے ہیں جو ایک پاکستانی معاشرے میں عورت کی جدوجہد اور آج کے عہد کی سچائیوں پر مشتمل ہے۔ جب کہ ڈاکٹر سہیل نے ایک مرد بن کر خطوط لکھے ہیں جو مغرب میں آباد ہے۔ یاسین بیگ پیشے کے اعتبار سے صحافی ہیں۔ وہ روزنامہ جنگ کراچی کے علاوہ روزنامہ ایکسپریس کے پہلے میگزین ایڈیٹر تھے۔ کینیڈا میں وہ مزاحیہ ٹی وی شوز لکھتے اور میزبانی کرتے ہیں، ۔ اس کے علاوہ وہ اردو اخبارات سے بھی منسلک رہے۔ پاکستانی کمیونٹی میں مقبول یاسین آج کل کینیڈا ون ٹی پر ایک ہلکے پھلکے مزاح پر مبنی پروگرام: ”جگہ خالی ہے“ کی میزبانی کر رہے ہیں۔
عظمٰی عزیز کو ہمارا پروگرام معلوم ہوا تو اُنہوں مسی ساگا جانے سے پہلے ہمیں اپنے دفتر چائے پر بلا لیا۔ ڈاکٹر سہیل آج کل فری تھنکرز پر ایک پراجیکٹ کر رہے ہیں۔ عظمٰی نے اس ضمن میں میری ایک ریکارڈنگ رکھ لی اس کے علاوہ انہوں نے میری دو مختصر ریکارڈنگز کیں جن میں انہوں صنفی تشدد سے بچاؤ کے حوالے کچھ سوالات کے جوابات اور مشورے مجھے دینے تھے۔ یہ مرحلہ طے ہوا تو نصف النہار سے اوپر کا وقت رہا ہو گا۔ مسی ساگا پہنچ، مرزا یاسین بیگ کو ساتھ لے کر ظہرانے کے لیے TAMARIND ریستوراں پہنچے۔ یہ ایک بہترین ہندوستانی ریستوراں ہے مگر معلوم نہیں کہ اس کا نام ’املی‘ پر کیوں رکھا گیا ہے۔ مچھلی اور کباب کے ساتھ آبِ جو نے محفل کا مزہ دوبالا کر دیا۔ مرزا یاسین سے ان کی آئندہ آنے والی کتاب: ”قرضِ ہنسنا“ اور ان کے ٹی وی پروگرامز میں مستقبل قریب میں آنے والے مہمانان کے حوالے گفتگو دلچسپ رہی۔ یہ میرے سفر کا ایک اور خوُبصورت دن تھا۔
بروز منگل 4 اگست 2026 ء کی شام ڈاکٹر خالدہ نسیم کے ہاں مجھے OAKVILLE میں ڈنر کی دعوت تھی۔ میرے علاوہ اُنہوں نے ڈاکٹر خالد سہیل اور آصف نیازی صاحب کو بلا رکھا تھا۔ خالدہ نسیم کا معروف ترقی پسند پشتو شاعر غنی خان پر خاصا کام ہے۔ انہوں بڑی جانفشانی سے غنی خان کی منتخب پشتو شاعری کا انگریزی میں ترجمہ کیا ہے۔ ان کی کتاب : ECHOES FROM THE MOUNTAINS کے دو ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ میں نے اس کتاب پر تبصرہ کیا تھا جو اس میں شامل ہے اس کے علاوہ خالدہ افسانہ نگاری میں بھی طبع آزمائی کر رہی ہیں، امید ہے جلد ہی ان کے افسانوں کی کتاب بھی منظرِ عام پر آ جائے گی۔ ان کے خوُبصورت اپارٹمنٹ میں پہنچے تو خالدہ اور ان کے خوبصورت اور مہذب بچوں شیر شاہ اور شاہا نے ہمارا پرجوش استقبال کیا۔ مہمان نوازی کی پختون روایت کے مطابق انہوں نے اپنے ہاتھوں سے بنایا ہوا کابلی پلاؤ، طرح طرح کے سالن، کباب اور سلاد بنا رکھے تھے۔ خالدہ کے ہاں آصف نیازی صاحب بھی مدعو تھے۔ آصف نیازی ایک رائٹر ہیں جو فکشن، روحانیت اور فلسفے پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنی تین کتابیں : : پشتون (تاریخ) ، انٹرنل افئیرز ” (ناول) اور“ اسلام اِن ٹونٹی فرسٹ سینچری ”(تحقیق) ہمیں پیش کیں۔ خالدہ نے اپنا تازہ افسانہ :“ لاڈو ”ہمیں سنایا اور اس پر رائے مانگی۔ دلچسپ گفتگو کا سلسلہ ایسا چلا کہ تین گھنٹے تین منٹ کی طرح گزر گئے۔ خالدہ نسیم نے اپنا ترجمہ: ECHOES FROM THE MOUNTAINS اس مسافر کو پیش کیا جو میری لائبریری کی زینت میں اضافہ کر چکا ہے۔ ڈاکٹر خالدہ نسیم آپ کی نوازشات کا بہت شکریہ۔
بروز بدھ 5 اگست 2026 ء کو ڈاکٹر رفیع مصطفیٰ کی طرف سے یروشلم ریستوراں ناتھ یارک میں ظہرانے کی دعوت تھی۔ جہاں میرے علاوہ حبیب شیخ (افسانہ نگار) ، حسین حیدر (مزاح نگار) ، پرویز صلاح الدین (منتظم فیملی آف دی ہارٹ) اور ڈاکٹر خالد سہیل بھی مدعو تھے۔ یہ ایک بڑا اور نہایت دل کش ریستوراں ہے۔ جہاں پر ایسا بُفے سجتا ہے جس میں ہر طرح کا کھانا میسر ہوتا ہے۔ نہایت مزے دار کھانے پر گفتگو دلچسپ رہی۔ رفیع مصطفیٰ نے اپنے حالیہ ناول کا پس منظر بتاتے ہوئے فرمایا کہ پاکستان میں اقلیتیں تیسرے درجے سے بھی نیچے کے شہری والی زندگی جیتی ہیں۔ اس فکشن کے ذریعے ان کی زندگی اور رہن سہن اور مسائل کو اُجاگر کرنا مقصود تھا۔ ڈاکٹر رفیع مصطفٰی ایک طبیعات داں اور ادیب ہیں۔ ان کے ناول : اک راستہ ہے زندگی، اے تحیرِ عشق اور TALES FROM BIREHRA منظرِ عام پر آچکے ہیں۔ ان کا نیا ناول : صلیبیں اپنی اپنی، حال ہی میں شائع ہوا ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے ناول کی تازہ ترین کاپی بھی مجھے عطا کی۔ فکشن کے علاوہ رفیع مصطفٰی کا سائنسی تحقیق کے حوالے بھی اہم کام ہے۔ ان کی کتاب : ’پوشیدہ کائنات‘ اس ضمن میں اہم پیش رفت ہے۔
ظہرانے کے بعد کا وقت حبیب شیخ کے لیے مختص تھا۔ حبیب شیخ ابھرتے ہوئے ادیب ہیں۔ ان کے افسانوں کی کتاب : ’خاموش دستک‘ منظرِ عام پر آ چکی ہے۔ یہ کتاب حبیب شیخ، ان کی بیٹی اور میں نے مل کر انگریزی میں ترجمہ کی ہے۔ ترجمے کا نام : THE LAST IDOL رکھا گیا ہے۔ انگریزی کتاب منظرِ عام پر آنے والی ہے۔ حبیب شیخ ایک منفرد کتاب : ”بھجتے ہوئے چراغ“ پر بھی کام کر رہے ہیں۔ یہ ان قومی ہیروز کی زندگیوں کی کہانی ہے جنہوں نے پاکستانی معاشرے کی بے لوث خدمت کی مگر ان کو بھُلا دیا گیا۔ میں اور حبیب شیخ مارخم کمیونٹی سنٹر چلے گئے۔ جہاں پہلے لائبریری کے گراؤنڈ فلور کے کونے میں بیٹھ کر دل کی باتیں کیں اس کے بعد مارخم کی لائبریری کی سیر کی۔ اردو سیکشن میں مجھے اردو کے صفِ اول کے ناول و افسانہ نگار محمد الیاس کی کتابیں ؛ ”حبس“ (ناول) ، ’چڑیاں اداس ہیں‘ (افسانے ) اور ’گلیوں اور بازاروں‘ (افسانے ) میں دیکھ کر بہت خُوشی ہوئی۔ وہاں سے حبیب شیخ مجھے اپنے گھر چائے پر لے گئے۔ بھابی صاحبہ نے چائے کے ساتھ سموسے اور دیگر لوازمات سے مدارت کی۔ بھابی صاحبہ سے مل کر خوشی ہوئی۔ شام کو حبیب شیخ مجھے وھٹبی واپس چھوڑ آئے۔
بروز جمعرات 6 اگست 2026 ء کا دن میں نے پاکستان سے کینیڈا کے دورے پر آئے الہیات پر تحقیقی کتاب ”تصورِ خدا“ کے مصنف اور ادیب، ارشد محمود کے لیے وقف کر رکھا تھا۔ مگر بد قسمتی سے کسی ناگزیر وجوہ کی بنا پر وہ وھٹبی نہ آ سکے۔ انتظار کی کوفت کو دور کرنے کے لیے میں اور ڈاکٹر سہیل سیر کرنے کے لیے جھیل انٹاریو کے ساحل پر چلے گئے۔ ہم نے لمبی واک کی اور بر صغیر کی شاعری پر ایک پرمغز اور طویل مکالمہ کیا۔ یہ اونٹاریو میں میری آخری شام تھی۔ جب ہم تھک گئے تو ڈاکٹر سہیل اپنے پسندیدہ تھائی ریستوراں میں مجھے ڈنر پر لے گئے جہاں سے واپس آ کر بھی ہم نے دوبارہ واک کی۔ اس کے بعد دیر گئے جسویندر سنگھ کی غزل سننے کا پروگرام بن گیا جو نصف شب تک چلا۔ غزل کو گیت کی صورت گانے کا فن پاک و ہند کے بہت سے فنکاروں کو آتا ہے۔ ان میں مہدی حسن، غلام علی، فریدہ خانم، منی بیگم، جگجیت سنگھ، پنکج ادھاس، طلعت عزیز، آشا بھوسلے اور لتا منگیشکر اہم نام ہیں۔ مگر میں جگجیت سنگھ کی غزل 35 سال سے سن رہا ہوں۔ ان کے جانے کے بعد یہ جگہ جسویندر سنگھ نے بہت محنت اور لگن سے سنبھالی ہے۔ جسویندر سنگھ، جگجیت سنگھ کے شاگرد ہیں اور کمال کی غزل گاتے ہیں : فیض کی یہ غزل انہوں نے بہت خوبصورتی اور شوق سے گائی ہے :
”مرے دل، مرے مسافر
ہوا پھر سے حکم صادر
کہ وطن بدر ہوں ہم تم
دیں گلی گلی صدائیں
کریں رخ نگر نگر، کا
کہ سراغ کوئی پائیں
کسی یار نامہ بر کا
ہر اک اجنبی سے پوچھیں
جو پتا تھا اپنے گھر کا
سر کوئے ناشنایاں
ہمیں دن سے رات کرنا
کبھی اِس سے بات کرنا
کبھی اُس سے بات کرنا
تمہیں کیا کہوں کہ کیا ہے
شب غم بری بلا ہے
ہمیں یہ بھی تھا غنیمت
جو کوئی شمار ہوتا
ہمیں کیا برا تھا مرنا
اگر ایک بار ہوتا ”
بروز جمعہ 7 اگست 2026 ء کو مسافر نے البرٹا واپسی کا رختِ سفر باندھ لیا۔ ہم دوپہر کو وھٹبی سے ملٹن کے لیے روانہ ہوئے۔ ملٹن میں مقررہ جگہ پر ڈاکٹر خالد سہیل مجھے الوداع کہہ کر واپس چلے گئے۔ میں عرفان کے پاس تین چار گھنٹے بیٹھا۔ ہم 1980 میں ایک ساتھ جونئیر کیڈٹ بٹالین ٹوبہ کیمپ میں گئے تھے۔ جونئیر کیڈٹ بٹالین میں ہمارے ہاؤسز ایک ساتھ تھے۔ 1982 ء میں پی۔ ایم۔ اے کاکول پہنچے تو ایک بار پھر ہماری کمپنیز ایک ساتھ فرسٹ پاکستان بٹالین میں تھیں۔ پی۔ ایم۔ اے سے پاس آؤٹ ہوئے تو لفٹین بن کر سہ بارہ ایک ہی گروپ ای۔ ایم۔ ای کور میں چلے گئے۔ ساتھ ساتھ ای۔ ایم۔ ای کالج میں بی۔ ایس۔ سی، انجنیئرنگ کی ڈگری کی۔ اس کے بعد 1989 ء میں ایک، یک سالہ کورس ہم نے ساتھ کیا مگر اس کے بعد پاکستان میں ہماری کبھی ملاقات نہ ہو سکی۔ گویا 7 اگست 2026 ء کو میں اور عرفان 37 سال بعد مل رہے تھے۔ ہم جونئیر کیڈٹ بٹالین کی معصوم شرارتوں، پی۔ ایم۔ اے کی سنہری یادوں اور ڈگری کورس کے دوران نیم لفٹینی اور اوائلِ جوانی کی رُومانوی حماقتوں کو یاد کر کے دیر تک محظوظ ہوتے رہے۔ شام سات بجے عرفان مجھے اپنی گاڑی میں ٹورانٹو پئیرسن ائرپورٹ پر رخصت کر گئے۔
یار زندہ صحبت باقی۔
(ختم شد)


Interesting. You mentioned all your hosts in Toronto. But I am sure, the others like me, enjoyed your company as well.
آپ کی آمد اور آپ سے گفتگو کی اس شام کا ہمیں بہت لطف آیا۔ آپ کا شکریہ کہ آپ نے ہمیں اپنی میزبانی کا موقع دیا۔ آپ بار بار آئیں اور ہماری محفلوں کو رونق بخشیں۔
Sir Naeem,excellent.
A beautifully written and engaging travelogue
بڑا اچھا وقت گزرا۔ یار زندہ صحبت باقی۔
ارے صاحب آپ پردیس میں ایسے جی رہے ہیں کہ وطن عزیز میں شاید اس طرح رہنا اک خواب ہی ہے ۔ آپ کی روئیداد سن کر ایسے لگا کہ آپ وطن میں ہیں اور ہم مردود حرم
خوش رہیں
نوازش سر آپ بھی خوش رھیں ۔