میرے مطابق

اونٹاریو میں ادبی تعطیلات۔ سفرنامہ ( 13 )

Naeem Ashraf

اگست 2026 ء کی 2 تاریخ اتوار کے روز ڈاکٹر سارہ علی کے ہاں MARKHAM میں عشائیے پر دعوت تھی۔ اس ضیافت کی دعوت سارہ علی نے ایک ماہ قبل میری آمد کی خبر سن کر کیلگری میں ہی دے ڈالی تھی۔ انہوں نے میرے علاوہ ڈاکٹر خالد سہیل، عظمیٰ عزیز، شاہد اختر اور شیریں صاحبہ کو بھی مدعو کر رکھا تھا۔ مگر شام ہونے میں ابھی کافی وقت تھا۔ گویا پورا دن ہمارے پاس تھا۔ میں صبح تازہ دم ہو کر باہر نکلا تو ڈاکٹر سہیل اپنی پسندیدہ بالکونی میں صبُح کی چائے رکھ کر کچھ سنانے کے لیے بے تاب بیٹھے تھے۔ ڈاکٹر صاحب ان دنوں معروف آئرش، ڈرامہ نگار، ناول نگار اور شاعر آسکر وائلڈ ( 1854۔ 1900 ) کے فن اور شخصیت پر کام کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ ان کی آسکر وائلڈ پر لکھی تحریریں جلد منظرِ عام پر آ جائیں گی۔ خالد سہیل نے بتایا کہ انہوں نے آسکر وائلڈ کا ناول ”دی پکچر آف ڈورین گرے“ THE PICTURE OF DORIAN GRAY بار بار پڑھا ہے اور جس چیز نے ان کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے وہ ناول میں ایک سو سے اوپر اقوالِ زریں ہیں۔ آسکر وائلڈ کے یہ اقوال انسانی زندگی کو ایک نئے رُخ سے دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں۔ میں نے آسکر وائلڈ کا نام تو سن رکھا تھا اور انیسویں صدی کے بڑے ڈرامہ نگار ہونے کے حوالے سے آسکر وائلڈ سے واقف بھی تھا مگر ڈاکٹر صاحب سے ان کی زندگی کا احوال سُن کر مجھے بھی اس عظیم تخلیق کار کے کام میں مزید دلچسپی پیدا ہوئی۔ چنانچہ کیلگری واپس آ کر پہلی فرصت میں سنٹرل لائبریری جا کر آسکر وائلڈ کی کتابیں دیکھنے لگا۔

میں آج کل آسکر وائلڈ کی شارٹ اسٹوریز پر مبنی کتاب : THE COMPLETE SHORT STORIES OF OSCAR WILDE پڑھ رہا ہوں۔ 1880 کی دہائی میں لکھی گئی یہ کہانیاں نہایت دلچسپ اور اثر انگیز ہیں۔ میں یہ کتاب اپنے ادیب دوستوں کو پڑھنے کی دعوت دیتا ہوں۔ ان افسانوں کے پلاٹ مختصر اور کردار فطرت سے بہت قریب ہیں جو انسانی رشتوں، جذبوں اور اقدار کی دلکش ترجمانی کرتے نظر آتے ہیں۔ آسکر وائلڈ جمالیات کو برقرار رکھتے ہوئے استعارات اور کنایات کو بہت مہارت سے استعمال کرتے تھے۔ یہ کہانیاں پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ڈیڑھ سو سال قبل مغربی ادب کی کس معراج پر تھا۔ اور یہ کہ عوام کی تربیت اور کردار سازی میں ادب اور ادیبوں کا کردار کتنا اہم ہوتا ہے۔ آسکر وائلڈ کے اقوال زندگی کے بہت سے پہلؤوں کے بارے میں ایک نیا زاویہِ نظر پیش کرتے ہیں۔ چند ایک اقوال ملاحظہ ہوں :

”آج کل لوگوں کو ہر شے کا بھاؤ تو معلوم ہے مگر وہ کسی شے کی قدر و قیمت سے واقف نہیں ہیں۔ “
”کسی بھی ’ترغیب‘ سے جان چھڑانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ انسان اس کے سامنے ہتھیار ڈال دے۔ “
”بچے عموماً والدین سے پیار کرتے ہیں مگر جوں جُوں بڑے ہوتے ہیں، والدین کا محاسبہ کرتے ہیں پھر اکثر ان کو معاف کر دیتے ہیں۔“

شام سے ذرا پہلے وھٹبی سے مارخم روانہ ہوئے تو موسم بہت خوُشگوار تھا۔ ہلکی ہلکی بوُندا باندی شرُوع ہو چکی تھی جس سے حدت کی شدت میں بھی کمی آ چکی تھی۔ دھیمے دھیمے انسٹرو منٹل میوزک کے درمیان آسکر وائلڈ کی شخصیت پر بات چل نکلی جس نے آگے چل کر ایک سوال کی شکل اختیار کر لی۔ سوال یہ تھا کہ کسی بھی رائٹر کی شخصیت اور اس کی تخلیقات کا آپس میں کیا رشتہ ہے؟ ڈاکٹر سہیل کا موقف تھا کہ ایک ادیب کا ”با ادب“ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ با ادب سے مراد مہذب ہونا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شخصیت، نظریے سے اہم ہے، کسی کا رویہ، اس کے عقیدے سے اہم ہے اور انسان کا مزاج اس کے آدرش سے زیادہ معتبر شے ہے۔ میرا اپنا بھی ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ آپ کی فکر، فلسفہ اور نظریہ کتنا ہی عظیم ہو اگر آپ کا رویہ دیگر انسانوں کے ساتھ غیر مہذب ہے تو آپ اپنا وزن خود کم کر لیتے ہیں۔ آپ کی زبان، آپ کے طور اطوار اور آپ کا کردار اس بات کی گواہی دیں کہ آپ کی تخلیقات درحقیقت آپ کا اپنا ہی کام ہے۔

طے شدہ پروگرام کے مطابق شام سات بجے مارخم کی کارما اسٹریٹ میں سارہ علی کے گھر پہنچے تو عظمیٰ عزیز گھر کے باہر اپنی گاڑی پارک کر کے ہماری منتظر تھیں۔ سارہ اور حماد کی خوُبصورت جوڑی، نے ہمارا والہانہ استقبال کیا۔ کچھ ہی دیر میں شاہد اور شیریں کی جوڑی بھی پہنچ گئی۔ یہ ایک خوبصورت شام تھی۔ حماد بھائی اپنے پاکستان میں گزرے عرصے کے دوران ورلڈ بینک میں اعلٰی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی معیشت اور سیاست کی چند اندرونی اور دلچسپ کہانیاں ہمیں سنائیں جو بہت حیران کن اور کسی حد تک پریشان کن بھی تھیں۔ اس میں ایسے ایسے پردہ نشینوں کے نام آ رہے تھے جو عوام کی نظر میں بہت معتبر اور پارسا ہیں۔ لب لباب یہ تھا کہ ”میرے جتنے بھی یار تھے سب نے، حسب توفیق بے وفائی کی۔“ شاہد اختر صاحب نے حسب معمول اپنے برجستہ چٹکلوں اور ادبی لطیفوں سے سے محفل کو قہقہہ زار بنائے رکھا ہر پانچ منٹ بعد ایک قہقہہ گونجتا تھا۔ بہت خوشگوار ماحول بن گیا۔ یہ ہمیشہ کی طرح ایک پر ُتکلف ضیافت تھی۔ کھانے کے بعد میٹھے اور سبز چائے کا دور چلا۔ حماد بھائی اور سارہ علی کی محبتوں کا شکریہ۔

عظمیٰ عزیز ایک انسان دوست سماجی کارکن ہیں۔ وہ آج کل مالٹن ویمن کونسل کی چیف ایگزیکٹو ہیں۔ خواتین کے حقوق، ان کے ساتھ صنفی امتیاز اور صنفی تشدد کے حوالے سے ان کا بہت کام ہے۔ انسانی خدمات کے علاوہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار تصویر کشی اور مصوری سے کرتی ہیں۔ چائے کے دوران عظمیٰ عزیز نے اپنے و الدِ محترم، مارکسٹ اور وجودی مفکر عزیز الحق کے بارے میں شائع ہونے والی حالیہ تصنیف AZIZ UL HAQ : AN EXISTENTIALIST MARXIT SCHOLAR : میں سے ایک اقتباس پڑھ کر سنایا۔ یہ کتاب انہوں چار سالہ عرصے میں ڈاکٹر خالد سہیل کے ساتھ مل کر مکمل کی ہے۔ عزیز الحق ( 1939۔ 1972 ) نے 19 سال کی عمر میں پنجاب یونیورسٹی سے کیمیکل میں انجنئیرنگ مکمل کر لی جو پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ کا ایک اہم تعلیمی ریکارڈ ہے۔ بعد ازاں کیمیکل انجنئیرنگ کے لیے کینیڈا چلے گئے۔ جہاں 1963 سے 1966 کے دوران انہوں نے اسی شعبے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ برٹش کولمبیا یونیورسٹی سے فراغت کے بعد کینیڈا میں ایک پر آسائش زندگی گزارنے کی بجائے انہوں نے واپس پاکستان جا کر اپنے وطن کی خدمت کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ اپنی ذہانت، مارکسی فکر، فلسفے اور نظریات کی وجہ سے پاکستان کے ادبی اور سیاسی حلقوں میں ایک جانی پہچانی شخصیت بنتے چلے گئے۔ 1966 سے 1972 کے دوران وہ اکثر پاک ٹی ہاؤس لاہور میں حلقہ ارباِبِ ذوق کے اجلاس میں اپنی غیر روایتی اور منفرد تحاریر سنایا کرتے تھے۔ وہ ایک انقلابی سوچ سے لبریز مفکر تھے اور اپنے آپ کو مارکسی وجودیت پسند کہلوانا پسند کرتے تھے۔ عزیز الحق 28 مئی 1972 کو لاہور میں ایک اندوہناک سانحہ کے نتیجے میں وفات پا گئے۔ ان کے یہ مضامین پڑھنے لائق ہیں :

وجودیت اور آزادی
آزاد خیال لوگ کون ہیں؟
جنگ اور پاکستانی لٹریچر
شخصیت، خودی اور لٹریچر

عظمیٰ عزیز نے اپنے و الدِ محترم پر لکھی گئی کتاب سے جو اقتباس پڑھا وہ بہت دلگیر تھا۔ محفل کسی قدر سنجیدہ ہو گئی۔ دراصل یہ ایک خط ہے جو انہوں نے مدر ڈے پر اپنی والدہ جمیلہ عزیز کے حوالے سے ڈاکٹر سہیل کو لکھا۔ خط کے آخر میں انہوں نے لکھا ہے کہ ان کے والد کا انتقال ہوا تو وہ محض پانچ برس کی تھیں۔ 50 سال کے بعد گزشتہ برسوں کے دوران وہ اپنے والد کی مادرِ علمی دیکھنے کے لیے برٹش کولمبیا یونیورسٹی گئیں۔ یہ ایک ایک منفرد تجربہ تھا۔ جو ان کو پانچ دہائی پیچھے اپنے والد کے زمانہِ طالب علمی میں لے گیا۔ انہوں نے جب یونیورسٹی کے پہلو میں موجود راستوں، چمن گردشوں اور درختوں کو دیکھا جن کے حصار میں ان کے والد نے تین برس گزارے تھے تو وہ ُاداس ہو گئیں۔ پھر انہوں نے اس ماحول کی تصویر بنا کر اس احساس کو ایک یک مصرعی نظم میں قلم بند کیا۔ اس نظم نے میرے دل میں بھی اپنے والد کی یاد تازہ کر دی :

”جانے کس موڑ سے تم گزرے ہو گے، جانے کون سی چھاؤں تمہاری ہو گی“

Subscribe
Notify of
guest
4 Comments
ڈاکٹر خالد سہیل
Dr k sohail
2 months ago

It was wonderful.to have you in ontario. You are a popular member of Family of the Heart

Dr. Sarah Ali
Dr. Sarah Ali
2 months ago

It was a short visit but we enjoyed your company so hopefully next time you will consider our request n stay here for longer time

habeeb sheikh
habeeb sheikh
2 months ago

You know the art of describing events in detail. I like the way you did not go into the detail about Dr. Aziz-ul-Haq death.

Iqbal Jan
Iqbal Jan
1 month ago

ہیر آکھیا جوگیا جھوٹ بولیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW