میرے مطابق

تنہا۔ سابق مشرقی پاکستان پر لکھا گیا اثر انگیز ناول۔ قسط نمبر 18

گوپال چند رائے کی عظیم الشان حویلی کے پاس کھڑے کھڑے اس نے یاس سے یہ سوچا اور کچھ دیر بعد وہ تیزی سے مخالف راستے پر بڑھ رہا تھا۔ دو کنال کے رقبے میں پھیلی نہایت عالی شان حویلی کے سامنے وہ رکا۔

دربان کو اس نے اپنا مدعا بتایا، اپنے سامنے کھڑے اس لڑکے کو جس کے چہرے پر تھکن کی گرد پڑی تھی۔ جس کے پاؤں ننگے تھے، جس کی دھوتی ملی چکّٹ تھی پر دربان نے گہری نظر ڈالی اور اطمینان سے بیڑی پیتے ہوئے بولا۔

” جاؤ اور اپنا کام کرو۔“
وہ جھلایا اور تلخ لہجے میں بولا۔
” باہر اس چبوترے پر تم ہی حاکم اعلیٰ بنے بیٹھے ہو، مجھے اندر تو جانے دو۔“
”دماغ خراب ہے تمہارا! مجھے نوکری سے کیا ہاتھ دھونے ہیں؟“
اس نے اس کے بے باک لہجے کو سخت ناپسند کیا۔

مزید تکرار اس نے مناسب نہیں سمجھی، وہ عمارت کی پچھلی طرف آیا۔ عقبی دیوار زیادہ اونچی نہ تھی۔ اس نے جائزہ لیا، اُچکا اور پھلانگ کر باغ میں آ گیا۔ یہ ڈی سی کا گھر تھا۔ آہستہ آہستہ چلتا ہوا وہ برآمدے میں پہنچ گیا۔ یہاں اس کی مڈ بھیڑ ایک اور ملازم سے ہوئی۔ وہ صاحب سے ملنے پر مصر تھا اور ملازم باہر نکالنے پر۔ اس نے نرم لہجے میں اس سے کہا۔

”دیکھو! یہ میری ملازمت کا معاملہ ہے۔ تم چاہتے ہو کہ صاحب مجھے ابھی دروازے سے باہر کر دیں؟“

”کیا کہتے ہو تم؟ یہ پاکستان ہے، حاکم ضلع ہمارا اپنا ہے۔ ہمیں حق ہے کہ ہم اپنی شکایات اس کے کانوں تک پہنچائیں۔“ وہ بہت غصے سے بولا۔

”تم فضول میں اتنا اونچا بول رہے ہو؟ حق تو اس وقت ہوتا ہے جب کوئی سمجھے، خدا کے لئے تم یہاں سے نکل جاؤ وگرنہ تمہارے ساتھ میں بھی پِس جاؤں گا۔ صاحب کو تم نہیں جانتے۔“

ڈھائی پسلی کا وہ ملازم منمنایا۔
”ارے بھئی! کیا بزدل آدمی ہو؟ پیچھے ہٹو؟ مجھے کیا وہ نگل جائے گا؟“

اور اس شور و غل کی آواز پر برآمدے میں تیسرے کمرے کا دروازہ کھلا، بھاری جسم کا ایک سرخ و سفید رنگت والا حسین مرد، سفید بے داغ کرتے شلوار میں نمودار ہوا۔ اس کے چہرے پر رعونت محسوس کرتے ہوئے بھی وہ اس کی طرف دوڑا۔

”ٹھہرو!“ اس کی کرخت آواز نے اسے وہیں رکنے پر مجبور کر دیا۔
”کون ہو تم؟“ بے زاری سے پوچھا گیا۔
اس نے ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں اسے اپنا وہاں آنے کا مقصد بتایا۔
”دفع ہو جاؤ یہاں سے! نکمے ذلیل لوگ، مانگنے کے سوا تم لوگوں کو اور بھی کچھ آتا ہے؟“
”میں مانگنے نہیں آیا۔“
اس کڑے وار کو وہ برداشت نہ کر سکا تھا۔ تلملاتے ہوئے اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بولا۔

”تو اور کیا کرنے آئے ہو؟ میں تمہارے لئے کچھ نہیں کر سکتا۔ ناک میں دم کر رکھا ہے اس سست ذلیل قوم نے۔“

اس کا سانس سینے میں کہیں رکا۔ حقارت کی ایک گہری نظر اس نے اپنے سامنے کھڑے اس چھ فٹ سے بھی نکلتے آدمی پر ڈالی جس کی گفتگو بہت گھٹیا تھی۔ مڑا اور مڑتے مڑتے گردن کو خم دے کر ٹوٹی پھوٹی اردو میں بولا۔

” تم کچھ نہیں کر سکتے ہو پر خوش اخلاقی سے بول تو سکتے ہو یا یہ بھی مشکل ہے؟“
”پکڑو اس حرامزادے چھوکرے کو۔“

وہ اسے بھاگتے دیکھ کر ملازموں پر دھاڑا اور وہ پکڑا گیا۔ رات کے اندھیرے میں جب اسے دھکے دے کر باہر نکالا گیا تو اس کے منہ اور ناک سے خون بہہ رہا تھا۔ رخساروں کی ہڈیاں سوجی ہوئی تھیں اور جسم کا جوڑ جوڑ درد کر رہا تھا۔ گرتا پڑتا وہ ساحل پر پہنچا، لنگر انداز کشتیوں میں لالٹینیں جل رہی تھیں۔ ساحل خاموش تھا۔ اس نے زخمی ہاتھوں سے کشتی کا رسہ کھولا اور اسے کھینے لگا۔ رات کے سناٹے کو غڑاپ غڑاپ کی آواز توڑ رہی تھی۔

یہ پاکستان ہے اور اس کے حاکم لوگ ہمارے اپنے ہیں۔ اس نے اپنے ہاتھوں کے زخموں کو دیکھا۔

وہاں سپاری کے درختوں تلے وہ دوائی کے انتظار میں میری راہ تک رہے ہوں گے، اب میں انہیں کیسے بتاؤں گا کہ اسلامی دیش کے ایک حاکم نے خود مجھے دوائی کے قابل بنا دیا ہے۔ ہم لوگ ذلیل ہیں، نکمے اور سست ہیں۔ تم اگر یہ سب باتیں سنو تو تمہارا کیا حال ہو؟ یہ میں اچھی طرح جانتا ہوں پر مجھے ایک بات کا دکھ ہے، تم نے ہمیں جھوٹے خواب دکھائے، ان کی تعبیر اگر تمہیں میرے چہرے، ہاتھوں اور جسم پر نظر آ جائے تو شاید تم زندہ نہ بچو۔

اس نے چپو چھوڑ دیا۔ نوکا کھلے پانی پر بہتا رہا اور موٹے موٹے آنسو اس کی آنکھوں سے ٹپ ٹپ نوکا میں بچھی چٹائی پر گرتے رہے۔

وہ جب صاحب رائے پہنچا تو وہاں چند لوگوں کے درمیان وہ ساکت و صامت پڑے تھے۔ بنگال کے جید عالم نے دوائی کا انتظار نہیں کیا تھا۔ سرہانے ان کی جیون ساتھی تپتے جسم کے ساتھ یوں اپنے اکیلی رہ جانے پر ان سے گلہ کر رہی تھی۔

اس نے یہ سب دیکھا۔ اس کی آنکھوں سے جو آنسو نکلے، اسے یوں محسوس ہوا تھا جیسے اس کا جگر پھٹ گیا ہے اور وہ آنکھوں کے راستے باہر آیا ہے۔ میرے مولا! تمہارا ساغر سارا جیون ایسی ہی بے سر و سامانی میں گزر گیا۔ فرید پور میں تمہارے کھیتوں اور حویلی کو پدما کی بے رحم موجوں نے اتنی بار تاک تاک کر نشانہ بنایا کہ تم اپنی پُرکھوں کی جائیداد کو اونے پونے بیچ کر باریسال آ گئے۔ یہاں بھی حالات کی کٹھنائیوں نے تمہیں ریزہ ریزہ کیے رکھا۔

پھر وہ پھوٹ پھوٹ کر رو دیا۔ اپنے سیاہی مائل موٹے ہونٹوں کو ان کی فراخ پیشانی پر رکھتے ہوئے وہ چیخا۔

”دادو! تو نے کیا اس پاکستان کی تمنا کی تھی!“
(جاری ہے )

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW