سندھ کی تقسیم ممکن نہیں
21 فروری 2026 ء کو سندھ اسمبلی نے وہی کام کیا جو وہ 2019 ء، 2024 ء اور پھر رواں سال کر چکی ہے : اس نے صوبے کی تقسیم یا کراچی کو اس سے الگ کرنے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کر دیا۔ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ کراچی سندھ کا ناقابلِ تنسیخ حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت، جس میں کسی صوبائی حد میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو دہائی (دو تہائی) اکثریت کی منظوری ضروری ہے، اسمبلی کا یہ قطعی ارادہ محض دکھاوے کے لیے نہیں ہے، بلکہ یہ حتمی اور فیصلہ کن ہے۔
نظریۂ پاکستان کے ساتھ سندھ کا تعلق اتفاقی نہیں ہے، بلکہ یہ بنیادی اور سنگِ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔ مارچ 1940 ء کی قراردادِ لاہور سے بہت پہلے، جس نے مسلم لیگ کو اس کا قومی منشور دیا تھا، اکتوبر 1938 ء میں کراچی میں جی ایم سید اور سر حاجی عبداللہ ہارون کی زیرِ صدارت سندھ پراونشل مسلم لیگ کے اجلاس میں پہلے ہی ایک قرارداد منظور کی جا چکی تھی، جس میں مسلمانوں اور ہندوؤں کے لیے الگ قومی اکائیوں کے طور پر سیاسی خود مختاری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ قراردادِ لاہور کے تین سال بعد ، 3 مارچ 1943 ء کو جی ایم سید نے سندھ قانون ساز اسمبلی میں قراردادِ پاکستان پیش کی، اور ایوان نے اسے منظور کر لیا۔ اس طرح سندھ غیر تقسیم شدہ برطانوی ہند کی پہلی قانون ساز اسمبلی بن گیا جس نے باضابطہ طور پر قیامِ پاکستان کی توثیق کی۔
اس وقت کے سیاسی نقشے پر غور کریں۔ پنجاب پر یونینسٹ پارٹی کی حکومت تھی، جو ایک جماعتی اتحاد تھا اور تقسیمِ ہند کا شدید مخالف تھا۔ سرحد (موجودہ خیبر پختونخوا) میں کانگریس کی حامی وزارتِ اعلیٰ تھی جو مسلم لیگ کی مخالف تھی۔ بنگال تقسیم اور انتشار کا شکار تھا۔ صرف سندھ میں مسلم لیگ کی ایسی حکومت قائم تھی جو اس قومی مطالبے کو ایک پابند قانون ساز عمل میں ڈھالنے کے لیے تیار تھی۔ 26 جون 1947 ء کو سندھ اسمبلی نے باضابطہ طور پر پاکستان کی آئین ساز اسمبلی میں شامل ہونے کے لیے ووٹ دیا۔ اور یہ جمہوری و قانون ساز عمل کے ذریعے ایسا کرنے والا پہلا مسلم اکثریتی صوبہ بنا۔
یہ سخاوت اور فیاضی یہی ختم نہیں ہوئی۔ آزادی کے وقت کراچی؛ جو صوبے کا سب سے بڑا شہر، دارالحکومت، بندرگاہ اور کثیر الثقافتی مرکز تھا، کو وفاقی دارالحکومت کے طور پر پیش کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی، سندھ نے جدید تاریخ کے سب سے بڑے آبادیاتی تبادلوں میں سے ایک کو اپنے اندر سمویا۔ شمالی ہند سے مہاجرین آئے، جو ایک ایسے لسانی اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھتے تھے جو میزبان معاشرے سے بنیادی طور پر مختلف تھا۔ کراچی کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا؛ اردو، جو اس سے قبل صوبے میں مادری زبان کے طور پر تقریباً ناشناسا تھی، اس کے اپنے دارالحکومت کی اکثریت کی زبان بن گئی۔ سندھ نے دل بڑا کیا اور گنجائش پیدا کی؛ اور وہ اس ریاست کے ساتھ سیاسی طور پر وفادار رہا جس نے اس تبدیلی کی بنیاد رکھی تھی۔
گزشتہ 79 سالوں سے سندھ پاکستان کا مسلسل سب سے زیادہ وفاق دوست صوبہ رہا ہے ؛ اور یہ طرزِ عمل ہر قومی بحران میں واضح طور پر نمایاں نظر آتا ہے۔
1971 ء میں، جب مشرقی پاکستان الگ ہوا اور باقاعدہ وفاق بدحواسی اور شکستگی کا شکار تھا، تو اس وقت ملک کے رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے، جنہوں نے بقایا پاکستان کی باگ ڈور سنبھالی۔ ان کی پاکستان پیپلز پارٹی نے، جس کا سب سے مضبوط گڑھ سندھ تھا، ملک کو 1973 ء کا آئین دیا: ایک متفقہ دستاویز جو آج بھی وفاق کا واحد قبول شدہ ڈھانچہ ہے۔ اس آئین میں آرٹیکل 239 کو شامل کیا گیا ؛ کیونکہ سیاستدان، ’ون یونٹ‘ کا تلخ تجربہ سمیٹنے کے بعد ، اچھی طرح جانتے تھے کہ جب مرکزی حکم نامے کے ذریعے وفاقی اکائیوں کی حدود دوبارہ مرتب کی جاتی ہیں تو اس کا کیا مطلب ہوتا ہے۔
1983 ء میں، جب ضیاء الحق کی آمریت اپنے عروج پر تھی، تو سندھ نے ’تحریکِ بحالیِ جمہوریت‘ (ایم آر ڈی) کا پورا بوجھ اپنے شانوں پر اٹھایا۔ دیہی سندھ میں سینکڑوں افراد شہید ہوئے۔ صوبے نے ایک جمہوری پاکستان کی واپسی کے لیے اپنے خون سے قیمت ادا کی؛ اور اپنے اس غم و غصے کو علحدگی پسندی میں نہیں بدلنے دیا۔
27 دسمبر 2007 ء کو، جب راولپنڈی میں شہید بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا اور ملک انتشار و تباہی کے دہانے پر کھڑا تھا، تو وہ صدر آصف علی زرداری کے الفاظ تھے۔ ”پاکستان کھپے“ (پاکستان کی بقا ضروری ہے ) ، جو ان کی اہلیہ کی شہادت کے چند گھنٹوں بعد سندھی زبان میں ادا کیے گئے اور جنہوں نے صوبے کو تباہی کے دہانے سے واپس موڑ دیا۔ اس کے بعد 2010 ء میں آنے والی اٹھارہویں آئینی ترمیم اور ساتواں این ایف سی ایوارڈ صوبوں کے لئے اسی صبر و ضبط کا دیرینہ ثمر تھے۔
اور 2024۔ 25 ء میں، جب وفاقی حکومت نے ’گرین پاکستان انیشیٹو‘ کے تحت چھ نئی نہروں کی تجویز پیش کی؛ جو دریائے سندھ کی بقا کے لیے ایک وجودی خطرہ تھی، تو پورا صوبہ ایک مسلسل اور منظم عوامی تحرک میں اٹھ کھڑا ہوا۔ سندھ اسمبلی نے 13 مارچ 2025 ء کو چولستان کنال پروجیکٹ کے خلاف باضابطہ قرارداد منظور کی۔ 24 اپریل 2025 ء کو وزیراعظم آفس کو پیچھے ہٹنا پڑا اور یہ بیان جاری کرنا پڑا کہ بین الصوبائی اتفاقِ رائے کے بغیر کوئی نئی نہر تعمیر نہیں کی جائے گی۔ سندھ نے وفاق کو خطرے میں ڈالے بغیر معاملہ حل کیا، بالکل اسی طرح جیسے اس نے 1971 ء، 1983 ء اور 2007 ء میں کیا تھا۔
اب اس بات پر غور کریں کہ سندھ وفاق کو کیا فراہم کرتا ہے، اور بدلے میں اسے کیا ملتا ہے۔
سندھ پاکستان کی قدرتی گیس کا تقریباً 61 سے 62 فیصد اور خام تیل کا تقریباً 40 فیصد پیدا کرتا ہے۔ تیل کی یہ شرح اب خیبر پختونخوا کے تقریباً برابر ہے کیونکہ وہاں نئے تیل کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ تھر کے کوئلے کے ذخائر میں وسیع اور مصدقہ اندازے شامل ہیں جو قومی گرڈ سے منسلک ہیں۔ پیداوار دینے والے صوبے کو دی جانے والی ویل ہیڈ رائلٹی 12۔ 5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ یہ فارمولا اس قدر ناکافی ہے کہ سندھ کابینہ نے اب نقدی کے بجائے گیس کی شکل میں رائلٹی حاصل کرنے کی منظوری دی ہے۔ دہائیوں سے سندھ کی گیس نے پنجاب کے باورچی خانوں کو گرم رکھا، اس کی صنعتیں چلائیں اور اس کے کھاد کے کارخانوں کو توانائی فراہم کی۔ سندھ نے آئینی دائرے میں رہتے ہوئے صرف اپنے جائز اور منصفانہ حق کا مطالبہ کیا ہے۔
اندازوں کے مطابق کراچی قومی آمدنی کا 50 سے 60 فیصد حصہ پیدا کرتا ہے اور یہاں ملک کی دو اہم گہرے پانی کی بندرگاہیں، اس کا مرکزی بینک (اسٹیٹ بینک) اور اسٹاک ایکسچینج واقع ہیں۔ اس کے باوجود سندھ کی صوبائی حکومت کراچی کی زیادہ تر زمین پر کنٹرول نہیں رکھتی۔ صرف چھ کینٹونمنٹس شہر کے تقریباً 40 فیصد رقبے پر محیط ہیں۔ اور رقبے کے لحاظ سے یہ سب سے قیمتی 40 فیصد رقبہ سویلین دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ زمین کے معتبر اور آزادانہ مطالعوں سے معلوم ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے دارالحکومت کے شہری رقبے کے پانچویں حصے سے بھی کم حصے پر براہِ راست کنٹرول رکھتی ہے۔
پانی کے معاملے میں، نچلے حصے (لوئر رپیرین) پر واقع ہونے کی وجہ سے سندھ بالائی بہاؤ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سے آبی اور ماحولیاتی طور پر شدید متاثر ہوتا ہے۔ 1991 ء کے واٹر ایپارشنمنٹ ایکارڈ (پانی کی تقسیم کے معاہدے ) کے تحت سندھ کے لیے 48۔ 76 ملین ایکڑ فٹ پانی مختص کیا گیا تھا اور کوٹری بیراج سے نیچے کم از کم 10 ملین ایکڑ فٹ پانی کا بہاؤ لازمی قرار دیا گیا تھا۔ لیکن کم بہاؤ کے سالوں میں حقیقی بہاؤ 2 ملین ایکڑ فٹ سے بھی نیچے گر گیا ہے، اور شدید قحط کے سالوں میں 1 ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم رہا ہے۔ بحیرہ عرب نے ٹھٹہ، بدین اور سجاول میں کئی میل اندر تک زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔ مینگرووز (ساحلی جنگلات) کا رقبہ، مختلف اندازوں کے مطابق، تقریباً 3، 45، 000 ہیکٹر سے گھٹ کر آج 1، 60، 000 اور 2، 05، 000 ہیکٹر کے درمیان رہ گیا ہے۔ سندھ نے اس تمام نقصان کو برداشت کیا ہے۔
تقسیم کے حق میں جو دلیل دی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ کراچی کا نظامِ حکومت ناکارہ اور مفلوج ہے ؛ ناقص انفراسٹرکچر، خدمات کی ترسیل کی کمزوری، اور بلدیاتی صلاحیت کی کمی۔ یہ حقیقی مسائل ہیں، جو پاکستان کے تمام بڑے شہروں کو درپیش ہیں۔ لیکن ان مسائل کا حل نیا صوبہ بنانے میں نہیں ہے۔
کراچی کے انتظامی مسائل کی دو مخصوص وجوہات ہیں، اور ان میں سے کسی کے لیے بھی صوبائی حدود کو دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اول، مقامی حکومتوں (لوکل گورنمنٹ) کے معاملے میں، سندھ کوئی غافل صوبہ نہیں ہے بلکہ ایک مثال ہے۔ سندھ آج پاکستان کا واحد صوبہ ہے جہاں ایک فعال اور منتخب مقامی حکومت کا نظام موجود ہے : کراچی نے جون 2023 ء میں سندھ لوکل گورنمنٹ فریم ورک کے تحت اپنے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کیا، اور پورے صوبے میں منتخب کونسلیں قائم ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتیں طویل عرصے سے معطل یا ختم ہو چکی ہیں ؛ بلوچستان کا نظام مسلسل عدم استحکام کا شکار رہا ہے۔ اس واحد اصلاح کے معاملے پر جسے تقسیم کے حامی کراچی کی سب سے بڑی ضرورت قرار دیتے ہیں ؛ یعنی منتخب اور غیر مرکزی بلدیاتی نظام، سندھ وہ واحد صوبہ ہے جو اسے عمل میں لایا ہے۔ اس نظام کو تحلیل کرنے کی نہیں بلکہ مضبوط بنانے کی ضرورت ہے : کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور ٹاؤن کونسلوں کو زیادہ مالیاتی خود مختاری دی جائے، آمدنی کے ذرائع کو محفوظ بنایا جائے، اور منتخب میئروں کو وہ اختیارات منتقل کیے جائیں جو اس وقت اعلیٰ بیوروکریسی کے پاس ہیں۔ دوم، شہر کا تقریباً 40 فیصد رقبہ وفاق کے زیرِ انتظام کینٹونمنٹ کی زمین ہے جو سویلین دائرہ اختیار سے باہر ہے ؛ اس کا حل موجود شہری زمین کو سویلین بلدیاتی نظام کے حوالے کرنا ہے، نہ کہ وفاق کو مزید علاقہ سونپنا۔
اس کے علاوہ ایک ایسی نظیر بھی موجود ہے جس پر ہر سنجیدہ وفاق پرست کو غور کرنا چاہیے۔ اگر ایک شہر میں کسی اقلیتی سیاسی جماعت کے مطالبے پر سندھ کو تقسیم کیا جا سکتا ہے، تو پاکستان میں کسی بھی صوبے کی سرحد محفوظ نہیں رہے گی؛ نہ جنوبی پنجاب کی، نہ ہزارہ کی، اور نہ ہی جنوبی بلوچستان کی۔
سندھ کوئی ایسا انتظامی یونٹ نہیں ہے جسے انیسویں صدی میں برطانوی نقشہ نویسوں نے لکیریں کھینچ کر بنایا ہو۔ یہ دنیا کے قدیم ترین خطوں میں سے ایک ہے جو مسلسل اپنے تاریخی نام سے جانا جاتا رہا ہے ؛ یہ نام ویدوں سے بھی قدیم ہے، وادیٔ سندھ کی تہذیب اس کی بنیاد ہے، اور بطور ادبی زبان سندھی کی ہزار سالہ غیر منقطع روایت ہے۔ اس کی علاقائی شناخت گزشتہ دو ہزار سال کے ہر سیاسی انقلاب اور ہلچل میں زندہ رہی ہے۔ اس موقع پر آ کر، اس کے ایک شہر کے بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے اس کو تقسیم کرنا کوئی اصلاحاتی تجویز نہیں ہے، بلکہ یہ ایک فکری و زمرہ جاتی غلطی (Category Error) ہے۔
جس صوبے نے مارچ 1943 ء میں سب سے پہلے پاکستان کے لیے اپنا ہاتھ بلند کیا، جس نے 1973 ء میں ملک کو آئین دیا، جو 1983 ء میں جمہوریت کے لیے ڈٹ کر کھڑا ہوا، جس نے دسمبر 2007 ء کی تاریکی میں ”پاکستان کھپے“ کا نعرہ لگایا، اور جس نے 2025 ء میں آئینی حدود کے اندر رہ کر نہروں کے معاملے پر جنگ لڑی، اس صوبے کے لئے کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ اسے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا جائے۔ اس نے اس کے برعکس حق کمایا ہے ؛ کہ اس کی اپنی سرحدوں پر بھروسا اور اعتماد کیا جائے۔
سندھ نے پاکستان کو اس کی بنیاد، اس کا پہلا دارالحکومت، اس کا آئین، اس کی گیس، اس کا تیل، اس کا کوئلہ، اس کی بندرگاہوں کی آمدنی، پناہ گاہ اور ان سب سے بڑھ کر اپنا صبر و ضبط دیا ہے۔ اس نے بدلے میں صرف یہ مانگا ہے کہ اس کی جغرافیائی سالمیت اور آئینی وقار کو برقرار رکھا جائے ؛ اور یہ کسی بھی بانی وفاقی اکائی کا سب سے چھوٹا مطالبہ ہے۔
سندھ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ سخاوت اور فیاضی کا مظاہرہ کرتا رہے گا لیکن سندھ کی تقسیم ممکن نہیں ہو گی۔

