ولایت حسین تابانی، دونوں ہاتھوں سے بیک وقت لکھائی کرنے والے خوش نویس
تحصیل گوجر خان میں فنِ خوش نویسی کے حوالے سے مقامی سطح پر سب سے زیادہ اثرات چھوڑنے والے ولایت حسین تابانی 6 اپریل 1936 کو ماسٹر شیر علی تاباں کے گھر گلیانہ میں پیدا ہوئے، ماسٹر شیر علی تاباں اور رمضان ظفر دونوں بھائی، دونوں شاعر اور سکول ٹیچر، دونوں ہی برطانوی دور میں سکول ٹیچر بھرتی ہو گئے تھے۔ مری کے ایک سکول میں تعیناتی کے دوران ماسٹر شیر علی تاباں نے 1919 ء میں علامہ اقبال کی کتاب ”بال جبریل“ اپنے ہاتھوں سے لکھی۔ شیر علی تاباں اردو اور پنجابی کے شاعر اور قیام پاکستان سے قبل تحصیل گوجرخان میں خاکسار تحریک کے سرکردہ رہنما تھے۔
ولایت حسین تابانی نے 60 کی دہائی میں میٹرک کرنے کے بعد راولپنڈی میں کتابت سیکھی اور روزنامہ تعمیر راولپنڈی میں بطور کاتب ٹیسٹ دینے گئے تو وہاں ٹیسٹ لینے والے صاحب نے ان سے ہولڈر سے لکھائی کروائی تو بہت خوش ہوئے اور کہنے لگے تم چل جاؤ گے ”۔ تعمیر میں ہی ملازمت کے دوران ایک دن کسی فلم کا پوسٹر آیا تو انہوں نے دو پنسلوں سے پیسہ لکھا تو استاد کو اچھا لگا وہ کہنے لگے کہ“ کاکا اے کِتھوں سکھیا ای؟ توں فلمی پوسٹر تیار کریا کر تو کر سکناں ایں ”اس دور میں خفی بہت لکھا جاتا تھا، جلی لکھنے والے اخبارات میں کم تھے، اس کے بعد وہ روزنامہ تعمیر میں فلمی پوسٹر لکھنے لگے، چند ماہ ہی روزنامہ تعمیر راولپنڈی میں بطور کاتب کام کیا اور ٹیچنگ کورس کے لئے گجرات چلے گئے، ٹیچنگ کورس کے دوران اپنے اور بھائی کے لئے چارٹ خود تیار کرتے، بعد میں دونوں بھائی ٹیچر لگ گئے۔ جب پہلی دفعہ سکول جوائن کیا تو اس کی دیواروں پر علامہ اقبال کے اشعار اور اخلاقی کلمات لکھے جو سٹاف کے علاوہ بچوں کے لئے بھی باعث حیرت تھا۔
سکول ٹیچر تعیناتی کے بعد 1970 میں ولایت حسین تابانی نے حیات سر روڈ گوجرخان پر قاضی ممتاز حسین (آرمی سے ریٹائر ہونے کے بعد سکول ٹیچر بھرتی ہو گئے تھے ) کی شراکت داری میں ”شمع آرٹ“ کے نام سے اپنی دکان کھول لی۔ قاضی ممتاز حسین پورٹریٹ نہیں بناتے تھے، کمرشل پکچرز بناتے تھے جیسے لوگوز وغیرہ اور ان کا لکھائی کا زیادہ کام انگریزی پر مشتمل تھا۔ 1982 میں جب کیپری سینما کا آغاز ہوا تو اس وقت شمع آرٹس حیات سر روڈ والے ولایت حسین تابانی اور قاضی ممتاز حسین اس کے تشہیری بورڈ بناتے تھے۔
تحصیل گوجر خان میں کتبہ سازی کا باقاعدہ آغاز دسمبر 1984 میں لکڑی کٹڑہ میں جنڈ نجاڑ والے ملک بشیر نے کیا، ملک بشیر کا جواں سال فرزند ملک شبیر انہی دنوں راولپنڈی سے کتبہ سازی کا کام سیکھ کر آیا تھا، وہیں پر ولایت حسین تابانی نے قبروں کا پہلا کتبہ لکھ کر گوجر خان میں کتبہ نویسی کی روایت کا باقاعدہ آغاز کیا، تحصیل گوجر خان اور گوجر خان شہر میں ولایت حسین تابانی کو پہلے کتبہ نویس کا اعزاز حاصل ہے۔
ظہور الاسلام اکیڈمی ریلوے روڈ گوجر خان کے پرنسپل اعجاز احمد اصلاحی کی خواہش پر 1995 سے 2015 تک اکیڈمی میں خوش خطی کی کلاسز لیتے رہے، سکول میں ہر جماعت کے لئے خوش نویسی کا الگ پیریڈ ہوتا تھا۔ ولایت حسین تابانی کے بعد انہی کے ایک شاگرد ابھی تک اکیڈمی میں خوش نویسی سکھاتے ہیں۔
ولایت حسین تابانی کا ایک اختصاص یہ بھی تھا کہ یہ بیک وقت دونوں ہاتھوں سے پینٹنگ کرنے میں ماہر تھے، اس ”فنکاری“ کی وجہ یہ بنی کہ ولایت حسین تابانی چونکہ پیدائشی ”کھبے“ تھے، بائیں ہاتھ سے کام کرتے تو والد شیر علی تاباں اس عمل کو بہت منحوس تصور کرتے اور کام کے دوران ان کا بایاں ہاتھ پیچھے باندھ دیتے تاکہ بائیں ہاتھ سے کام کی عادت ختم ہو جائے، ایک سال تک یہی عمل دہرانے سے بائیں ہاتھ سے کام کی عادت ختم کرتے کرتے بیک وقت دونوں ہاتھوں سے کام کرنے کے فن میں بھی یکتا ہو گئے۔ ولایت حسین تابانی کمرشل اشتہارات کی کتابت کے ساتھ ساتھ شادی کارڈ اور مختلف شعراء کی جانب سے لکھے گئے ”سہروں“ کی کتابت بھی کرتے رہے ہیں۔
عبدالرحمٰن تابانی نے 23 دسمبر 2025 کو راقم سے گفتگو میں روایت کیا کہ ”والد محترم کے شمع آرٹ میں شراکت دار قاضی ممتاز کے ایک عزیز راولپنڈی کے کسی بینک میں ملازمت کرتے تھے، سعودی حکمران شاہ فیصل پاکستان آرہے تھے، اسلام آباد کے ائر پورٹ پر استقبالیہ بینر لگانا تھا جس پر سعودی عرب کا ایک بڑے سائز کا جھنڈا بھی بنانا تھا، ان بینک ملازم کے کہنے پر والد ولایت حسین تابانی نے سبز رنگ کے ریشمی کپڑے پر جھنڈا تیار کیا اور اس کی تلوار 15 میٹر تھی۔ بینک والے بہت خوش ہوئے اور معاوضہ بھی اچھا دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بچپن میں نے والد محترم کو قلموں اور دواتوں کے ساتھ ہی دیکھا، وہ ہولڈر سے بھی لکھتے تھے، بہت خوش خط اور مصدر بنا کر واضح طور تحریر کرتے تھے۔ آپ نے جیب میں ہمیشہ قلم تراش ضرور رکھا، سکول میں بچوں کو قلمیں بنا کر دینا اور تختی پر اُکرے ڈال کر سکھانا شوق تھا ان کے پاس ایک قلم تراش (چاقو) تقریباً 45 سال تک رہا جس کا پھل کاٹنے والا گھس کر باریک ہو گیا تھا، محکمہ تعلیم سے وابستہ ہونے کے باعث خوش نویسی کا یہ فن سکھانے میں کبھی بخل سے کام نہیں لیا، خوش نویسی میں والد محترم کے درجنوں شاگرد موجود ہیں۔“
ماسٹر ولایت حسین تابانی اپنے انتقال سے قبل راولپنڈی میں اپنے بیٹے کے پاس قیام پذیر تھے۔ دس ایام تک ایم ایچ ہاسپٹل راولپنڈی میں داخل رہنے کے بعد 08 مارچ 2026 کو انتقال کر گئے، جنازہ وارڈ نمبر 22 محلہ ماسٹراں بڑکی جدید گوجرخان سے اٹھا یا گیا، اور نماز جنازہ اسی دن 3 بجے سہ پہر طارق شریف بھٹی والے نئے قبرستان بڑکی بدہال میں ادا کی گئی۔

