سرکاری منصوبوں کا سفر، پی سی ون سے پی سی فائیو تک

جون، پاکستان میں صرف گرمی کا موسم نہیں بلکہ بجٹ کا موسم بھی ہوتا ہے۔ انہی دنوں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے سالانہ بجٹ پیش کرتی ہیں، اسمبلیوں میں طویل تقاریر ہوتی ہیں، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جاتا ہے اور عوام کو یقین دلایا جاتا ہے کہ آنے والا سال ترقی، خوشحالی اور بہتر عوامی خدمات کا سال ہو گا۔
عام شہری کے لیے یہ جاننا آسان نہیں ہوتا کہ ان اعلانات میں سے کتنے منصوبے حقیقت کا روپ دھاریں گے، کتنے بروقت مکمل ہوں گے اور کتنے واقعی عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکیں گے۔ تاہم بجٹ اجلاسوں میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کی تقاریر سے کم از کم یہ احساس ضرور ہوتا ہے کہ ریاستی ادارے عوامی مسائل، روزگار، صحت، تعلیم، آبپاشی، پانی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے بارے میں فکر مند ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا صرف بجٹ میں رقم مختص کر دینا ہی ترقی کی ضمانت ہے؟
حقیقت یہ ہے کہ ترقیاتی منصوبے بجٹ تقریروں سے نہیں بلکہ موثر منصوبہ بندی، سائنسی تجزیے، شفاف عملدرآمد، مسلسل نگرانی اور غیر جانبدارانہ جائزے سے کامیاب ہوتے ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں پاکستان کے ترقیاتی نظام کا سب سے اہم مگر کم سمجھا جانے والا آلہ سامنے آتا ہے، یعنی پلاننگ کمیشن کے پی سی پروفارماز (PC Proformas) ۔ پی سی۔ ون سے لے کر پی سی۔ فائیو تک کا یہ پورا نظام کسی بھی سرکاری منصوبے کی زندگی کا مکمل سفر بیان کرتا ہے۔ اگر ان مراحل کو ان کی اصل روح کے مطابق اختیار کیا جائے تو عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والے وسائل زیادہ موثر، شفاف اور دیرپا نتائج دے سکتے ہیں، لیکن اگر انہیں محض ایک رسمی کارروائی سمجھ لیا جائے تو اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود عوام کو مطلوبہ فائدہ نہیں پہنچتا۔
ترقیاتی منصوبے اور ریاست کا اصل امتحان
سرکاری ترقیاتی منصوبے محض سڑکیں، پل، عمارتیں یا نہریں تعمیر کرنے کا نام نہیں۔ یہ دراصل کسی ریاست کی انتظامی صلاحیت، اس کی ترجیحات اور عوامی خدمت کے عزم کا عملی اظہار ہوتے ہیں۔ جب حکومت ایک ہسپتال، اسکول، آبپاشی منصوبہ، ڈیم یا واٹر سپلائی اسکیم شروع کرتی ہے تو وہ دراصل اپنے شہریوں سے ایک وعدہ کرتی ہے کہ عوام کے وسائل دانشمندی سے استعمال ہوں گے اور ان کی زندگی بہتر بنائی جائے گی۔
اسی لیے پبلک سیکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ صرف انجینئرنگ یا مالیات کا معاملہ نہیں بلکہ ایک ادارہ جاتی امتحان ہے۔ اس امتحان میں منصوبہ بندی، تیاری، منظوری، عملدرآمد، نگرانی، تکمیل اور بعد از تکمیل جائزے کے تمام مراحل ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں۔ پاکستان میں ان تمام مراحل کو منظم کرنے کے لیے پلاننگ کمیشن کے پی سی پروفارماز موجود ہیں، جو کسی منصوبے کی پیدائش سے لے کر اس کے اثرات کے جائزے تک مکمل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ مسئلہ نظام کی عدم موجودگی نہیں بلکہ اس نظام پر کمزور عملدرآمد ہے۔
پی سی۔ ٹو اور پی سی۔ ون: منصوبہ حقیقت میں کہاں سے شروع ہوتا ہے؟
عام تاثر یہ ہے کہ ہر ترقیاتی منصوبہ پی سی۔ ون سے شروع ہوتا ہے، حالانکہ حقیقت اس سے مختلف ہے۔ بڑے، مہنگے، پیچیدہ یا تکنیکی نوعیت کے منصوبوں کی ابتدا پی سی۔ ٹو سے ہوتی ہے، جس کا بنیادی مقصد فزیبلٹی اسٹڈی، انجینئرنگ تحقیقات، معاشی و مالی تجزیہ، ماحولیاتی جائزہ، متبادل آپشنز کا تقابل اور زمینی حقائق کی تصدیق کرنا ہوتا ہے۔
اسی مرحلے میں یہ فیصلہ کیا جاتا ہے کہ آیا منصوبہ واقعی ضروری ہے، کیا اس کی موجودہ شکل مناسب ہے، یا کوئی بہتر متبادل موجود ہے۔ جب یہ تمام مطالعات مکمل ہو جائیں تو ان کی بنیاد پر پی سی۔ ون تیار کیا جاتا ہے، جس میں منصوبے کی تفصیلات، لاگت، مالی وسائل، نفاذی حکمت عملی، متوقع نتائج اور ادارہ جاتی ذمہ داریاں بیان کی جاتی ہیں۔
بدقسمتی سے ہمارے ہاں اکثر پی سی۔ ٹو کو محض رسمی کارروائی سمجھ لیا جاتا ہے۔ کہیں اسے سرسری انداز میں مکمل کیا جاتا ہے اور کہیں پی سی۔ ون پہلے بنا لی جاتی ہے جبکہ فزیبلٹی بعد میں اس کے مطابق ڈھالی جاتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں مستقبل کی مشکلات جنم لیتی ہیں۔ ناقص منصوبہ بندی بعد میں لاگت میں اضافے، ڈیزائن میں تبدیلی، تاخیر اور معیار میں کمی کا سبب بنتی ہے۔
پی سی۔ تھری: منصوبے کی نبض
جب منصوبہ عملی مرحلے میں داخل ہوتا ہے اور سرکاری وسائل خرچ ہونا شروع ہوتے ہیں تو اصل امتحان شروع ہوتا ہے۔ یہی وہ مرحلہ ہے جہاں پی سی۔ تھری یا پروگریس مانیٹرنگ کا کردار سامنے آتا ہے۔
مانیٹرنگ دراصل منصوبے کی نبض ہوتی ہے۔ یہ بتاتی ہے کہ کام مقررہ رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے یا نہیں، معیار برقرار ہے یا نہیں، اخراجات تخمینے کے مطابق ہیں یا نہیں، اور کن رکاوٹوں کو بروقت دور کرنے کی ضرورت ہے۔
ایک موثر مانیٹرنگ نظام دراصل ابتدائی وارننگ سسٹم کا کردار ادا کرتا ہے۔ اگر کسی منصوبے میں تاخیر، ناقص تعمیر، مالی بے ضابطگی یا تکنیکی مسئلہ پیدا ہو تو بروقت اصلاح ممکن ہو جاتی ہے۔
لیکن افسوس کہ ہمارے ہاں مانیٹرنگ اکثر اپنی اصل روح کھو دیتی ہے۔ رپورٹس اس انداز میں تیار کی جاتی ہیں کہ سب کچھ درست نظر آئے، چاہے زمینی حقیقت مختلف ہو۔ فیلڈ وزٹس کبھی تصویروں تک محدود رہ جاتے ہیں اور کبھی صرف چیک لسٹ مکمل کرنے کی کارروائی بن جاتے ہیں، جبکہ اصل ضرورت زمینی حقائق کو سمجھنے اور بروقت اصلاحی اقدامات کرنے کی ہوتی ہے۔
پی سی۔ فور: منصوبہ مکمل، مگر کیا ہم نے کچھ سیکھا؟
جب منصوبہ مکمل ہو جاتا ہے تو پی سی۔ فور یا کمپلیشن/تکمیلی رپورٹ تیار کی جاتی ہے۔ یہ وہ مرحلہ ہونا چاہیے جہاں ادارہ رک کر پورے سفر کا جائزہ لے کہ کیا درست ہوا، کہاں مشکلات آئیں، کون سی غلطیاں ہوئیں اور آئندہ انہیں کیسے روکا جا سکتا ہے۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ پی سی۔ فور اکثر ایک رسمی کارروائی بن کر رہ جاتی ہے۔ نئی اسکیموں کی تیاری، فائلوں کا دباؤ اور انتظامی مصروفیات اس مرحلے کو غیر اہم بنا دیتی ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایک منصوبے میں ہونے والی غلطیاں اگلے منصوبے میں دوبارہ دہرائی جاتی ہیں اور ادارہ ہر مرتبہ نئے سرے سے وہی سبق سیکھنے پر مجبور ہوتا ہے۔
پی سی۔ فائیو: ترقی کا اصل پیمانہ
پی سی۔ فائیو پورے نظام کا سب سے اہم لیکن سب سے زیادہ نظرانداز کیا جانے والا مرحلہ ہے۔ اس کا مقصد یہ جاننا ہوتا ہے کہ منصوبہ مکمل ہونے کے کچھ عرصے بعد واقعی عوام کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی۔
ایک اسکول کی عمارت تعمیر ہو جانا صرف ایک سرگرمی ہے، لیکن بچوں کے سیکھنے کے معیار میں بہتری اصل نتیجہ ہے۔ سڑک بن جانا ایک کامیابی ضرور ہے، مگر اگر اس سے مقامی تجارت، روزگار، زرعی پیداوار یا عوامی سہولت میں اضافہ نہ ہو تو منصوبہ اپنے بنیادی مقصد کو مکمل طور پر حاصل نہیں کر سکا۔
پی سی۔ فائیو یہی سوال پوچھتا ہے، لیکن یہی وہ سوال ہے جس سے اکثر ادارے بچنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے بیشتر منصوبوں میں بعد از تکمیل اثرات کا جائزہ کبھی نہیں لیا جاتا۔ نتیجتاً پالیسی سازی اندازوں پر ہوتی ہے، شواہد پر نہیں۔
نمبرز، کہانیاں اور ٹیکنالوجی
آج کل ڈیجیٹل ڈیش بورڈز، موبائل ایپس، جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) ، مصنوعی ذہانت اور آن لائن مانیٹرنگ سسٹمز کو ترقیاتی انتظام کا لازمی حصہ سمجھا جا رہا ہے۔ یہ تمام اوزار یقیناً اہم ہیں، لیکن یہ صرف معلومات اکٹھی کرتے ہیں، سچ پیدا نہیں کرتے۔
اعداد و شمار ہمیں بتاتے ہیں کہ کتنے اسکول بنے، کتنی سڑکیں تعمیر ہوئیں یا کتنے کلومیٹر نہریں کھودی گئیں، مگر یہ نہیں بتاتے کہ عوام کی زندگی کیسے بدلی۔ اس کے لیے زمینی مشاہدہ، آزادانہ جائزہ، مقامی لوگوں کی رائے اور ادارہ جاتی دیانت داری ضروری ہے۔
ٹیکنالوجی انسانی بصیرت، پیشہ ورانہ دیانت اور غیر جانبدارانہ تجزیے کا متبادل نہیں بن سکتی۔
ادارہ جاتی اصلاح: فارم نہیں، رویہ بدلنا ہو گا
ترقیاتی نظام کا اصل مسئلہ نئے فارم بنانے یا مزید قوانین نافذ کرنے میں نہیں بلکہ ادارہ جاتی رویوں کی اصلاح میں ہے۔ پی سی۔ تھری کو سچ بولنے کا محفوظ ذریعہ بنانا ہو گا، پی سی۔ فور کو ادارہ جاتی سیکھنے کا مرحلہ بنانا ہو گا، اور پی سی۔ فائیو کو ہر بڑے منصوبے کے لیے لازمی قرار دینا ہو گا۔
قیادت کو بھی یہ سمجھنا ہو گا کہ مانیٹرنگ کا مقصد کسی کو پکڑنا نہیں بلکہ نظام کو بہتر بنانا ہے۔ جب ادارے غلطیوں کو چھپانے کے بجائے ان سے سیکھنے لگتے ہیں تو ترقیاتی منصوبے زیادہ موثر، کم لاگت اور زیادہ پائیدار بن جاتے ہیں۔
منصوبوں سے آگے، اداروں کی تعمیر
پاکستان کے پاس ترقیاتی منصوبہ بندی کا ایک مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے۔ پلاننگ کمیشن کے پی سی پروفارماز دنیا کے بہت سے ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں ایک جامع نظام فراہم کرتے ہیں۔ اصل سوال یہ نہیں کہ ہر سال کتنے ہزار ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور ہوئے یا کتنے مکمل ہوئے، بلکہ یہ ہے کہ ہر منصوبے نے عوام کی زندگی میں کتنی حقیقی بہتری پیدا کی اور ہر منصوبے سے ریاست نے کیا سیکھا۔
بجٹ تقریروں میں اربوں روپے کے اعداد و شمار یقیناً اہم ہوتے ہیں، لیکن کسی بھی ریاست کی اصل کامیابی ان اعداد و شمار سے نہیں بلکہ ان نتائج سے ناپی جاتی ہے جو عام شہری کی زندگی میں محسوس کیے جا سکیں۔ اگر پی سی۔ ٹو سے پی سی۔ فائیو تک کا نظام اپنی اصل روح کے مطابق نافذ ہو جائے تو ترقیاتی منصوبے صرف اخراجات نہیں رہیں گے بلکہ قومی سرمایہ کاری بن جائیں گے۔ بصورت دیگر ہر سال نیا بجٹ تو آئے گا، نئی تقریریں بھی ہوں گی، لیکن عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی کا سفر ادھورا ہی رہے گا۔
