آئینی عسکریت: پاکستان میں طاقت کے نئے ماڈل کا عروج اور اس کے چیلنجز
حالیہ دنوں میں پاکستان کے سیاسی نظام کے بارے میں ایک نئی لیکن اہم اصطلاح استعمال کی جا رہی ہے : ”آئینی عسکریت“ (Constitutional Militarism) ۔ جس کے مطابق پاکستان اب روایتی مارشل لا کے تحت نہیں بلکہ ایک ایسے نظام کے تحت چل رہا ہے جس میں بظاہر پارلیمنٹ، آئین اور سول حکومت موجود ہیں، مگر ریاستی طاقت کا حقیقی مرکز عسکری ادارے ہیں۔ یعنی وہی اختیارات جو کبھی مارشل لا ایڈمنسٹریٹروں کے پاس ہوا کرتے تھے، اب آئینی اور پارلیمانی ڈھانچے کے اندر رہتے ہوئے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یوں جمہوریت کی ظاہری شکل برقرار رہتی ہے لیکن فیصلہ سازی کا محور کہیں اور ہوتا ہے۔
یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دور میں اس ماڈل کو دو اہم واقعات نے مزید تقویت دی ہے۔ ایک طرف امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں پاکستان کے سفارتی کردار نے بین الاقوامی سطح پر اسٹیبلشمنٹ کی اہمیت میں اضافہ کیا، جبکہ دوسری جانب بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور ”آپریشن سندور“ کے بعد پیدا ہونے والے قومی بیانیے نے عسکری قیادت کی سیاسی حیثیت کو مزید مستحکم کیا۔ یہ وہ عوامل ہیں جنہوں نے طاقت کے اس نئے ڈھانچے کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنیادیں فراہم کی ہیں۔ عالمی سطح پر یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے ساتھ مل کر ایک نئے جنگی اور دفاعی اتحاد کی بنیاد رکھ رہا ہے جو ایٹمی طاقت، بے شمار تیل کی دولت اور پچاس کروڑ سے زیادہ آبادی کو یکجا کر دے گا۔
تاہم سوال یہ ہے کہ کیا صرف طاقت کا ارتکاز اور آئینی تحفظات کسی بھی سیاسی ماڈل کی طویل المدتی بقا کی ضمانت بن سکتے ہیں؟
پاکستان کی تاریخ شاید اس سوال کا جواب نفی میں دیتی ہے۔ ایوب خان سے لے کر ضیاء الحق، پرویز مشرف اور پھر بعد کے ادوار تک، ہر طاقتور نظام نے ابتدا میں خود کو ناگزیر اور ناقابلِ شکست سمجھا، لیکن بالآخر اس کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ معیشت، عوامی قبولیت اور وفاقی استحکام نے کیا۔ ریاستی طاقت وقتی طور پر سیاسی اختلافات کو دبا سکتی ہے، مگر معاشی مشکلات اور عوامی بے چینی کو مستقل طور پر ختم نہیں کر سکتی۔
آج پاکستان کو جن مسائل کا سامنا ہے، وہ کسی بھی سیاسی یا عسکری ڈاکٹرائن کے لیے ایک بڑا امتحان ہیں۔ معاشی ترقی تقریباً منجمد ہے، مہنگائی نے متوسط اور نچلے طبقے کی کمر توڑ دی ہے، بلوچستان میں بداعتمادی اور مزاحمت کے جذبات موجود ہیں، خیبر پختونخوا مسلسل سیکیورٹی چیلنجز سے دوچار ہے، جبکہ جنوبی اور مغربی پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی ریاست مخالف جذبات پہلے کے مقابلے میں زیادہ شدت سے سنائی دیتے ہیں۔ شمالی علاقہ جات بمعہ آزاد کشمیر کے سیاسی حالات بھی قابلِ رشک نہیں۔ ایسی صورتحال میں کسی بھی طاقتور نظام کی اصل آزمائش میدانِ جنگ یا سفارتی محاذ پر نہیں بلکہ عوام کے روزمرہ مسائل کے حل میں ہوتی ہے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں ”عاصم منیر ڈاکٹرائن“ کا مستقبل طے ہو گا۔ اگر یہ ماڈل معیشت کو بہتر بنانے، صوبوں کے درمیان اعتماد بحال کرنے، سیاسی کشیدگی کم کرنے اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو شاید یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک نسبتاً پائیدار تجربہ ثابت ہو۔ لیکن اگر معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام اور علاقائی بے چینی بدستور برقرار رہتی ہے تو پھر یہ بھی ممکن ہے کہ اس کا انجام ماضی کے دیگر طاقتور نظریات اور ڈاکٹرائنز سے مختلف نہ ہو۔
بعض ناقدین اسی تناظر میں یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا یہ ماڈل واقعی ایک نئے دور کی علامت ہے یا صرف مارشل لا کی ایک ارتقائی اور زیادہ نفیس شکل؟ ان کے نزدیک آرٹیکل 6 اور عالمی سیاسی ماحول نے براہِ راست فوجی قبضے کے امکانات محدود کر دیے ہیں، لہٰذا طاقت نے اپنی بقا کے لیے ایک نئی آئینی صورت اختیار کر لی ہے۔ لیکن تاریخ کا سبق یہ بھی ہے کہ طاقت کے ڈھانچے اپنی قانونی شکل سے زیادہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر زندہ رہتے ہیں۔
اس لیے اصل سوال یہ نہیں کہ ”آئینی عسکریت“ اور علاقائی اتحاد کتنا مضبوط ہے، بلکہ یہ ہے کہ کیا یہ پاکستان کے بنیادی مسائل کا حل پیش کر سکتی ہے؟ کیونکہ ریاستیں صرف طاقت سے نہیں، بلکہ عوامی رضامندی، معاشی استحکام اور سیاسی شمولیت سے چلتی ہیں۔ اگر یہ عناصر کمزور پڑ جائیں تو سب سے مضبوط نظر آنے والے نظام بھی وقت کے دھارے میں بہہ جاتے ہیں۔ اور اگر یہ عناصر مضبوط ہو جائیں تو کمزور سمجھے جانے والے نظام بھی غیر متوقع طور پر طویل عمر پا لیتے ہیں۔
شاید اسی لیے آج پاکستان کے سیاسی منظرنامے کا سب سے دلچسپ سوال یہ نہیں کہ عاصم منیر ڈاکٹرائن کتنی طاقتور ہے، بلکہ یہ ہے کہ کیا یہ ڈاکٹرائن عوام کے لیے نتائج بھی پیدا کر سکتی ہے یا نہیں۔ تاریخ آخرکار طاقت کے دعووں سے نہیں، نتائج سے فیصلے کرتی ہے۔

