گل حسن خان: ایک درویش صفت جرنیل کی کہانی: سوانح ( 12 )
1984 سے 1988 تک چار سالہ ڈگری کا عرصہ آج ایک سُہانا خواب محسوس ہوتا ہے۔ 70 پی۔ ایم۔ اے لانگ کورس کے 10 لفٹین جو ڈگری کورس کے لیے ای۔ ایم۔ ای کالج پہنچے ان میں قیصر انیس خرم (آگے چل کر میجر جنرل) ، ثنا اللہ (برگیڈئیر) ، قاضی منظور الحسن (کرنل) ، رضا حسین (کرنل) ، شمس الحسن (کرنل) ، وقار احمد (کرنل) ، عرفان اللہ (میجر) ، راجہ الطاف احمد (میجر) ، مشہود اقبال (میجر) اور راقم نعیم اشرف (کرنل) شامل تھے۔ میرے دوست عقیل احمد (کرنل) نے الیکٹریکل کی سٹریم لے لی۔ ہماری ڈگری کی جماعت میں چند ایک سویلین طلباء کے علاوہ 69 پی۔ ایم۔ اے لانگ کورس کے لفٹین بھی ہماری مکینیکل کلاس میں شامل ہو گئے۔ جن کے نام نصرت کمال راجہ، علی عباس، ناصر مجید (مرحوم) مختار احمد، نعیم الزماں حیدر اور چوہدری محمد امین تھے۔
یار لوگ کلاسز کے بعد سیدھا ای۔ ایم۔ ای میس میں آ کر ظہرانہ کرتے اور اپنے اپنے کمروں میں جا کر تھوڑی دیر سستانے کے بعد کوئی اسپورٹس وغیرہ کرتے یا پھر میس میں ہی بلیئرڈ وغیرہ یا تاش سے لُطف اندوز ہوتے رہتے۔ مجھے پیدل چلنے کا شوق ہے۔ میں اکثر صدر جا کر اولڈ بُک شاپس سے کوئی کتاب وغیرہ خریدتا یا پھر آرمی سنٹرل لائبریری میں چلا جاتا۔ لائبریری نئی بنی تھی اور اس کے پہلے لائبریرین نوید صاحب کا چہرہ مہرہ مجھے اچھی طرح یاد ہے۔ وہ موٹے عدسوں والی عینک پہنتے تھے اور میرے ساتھ بہت محبت سے پیش آتے کیونکہ ایک تو میں لائبریری کا باقاعدہ یاتری تھا دوسرے کتابیں وقت سے پہلے واپس کر دیتا تھا۔ کتب بینی کے آغاز میں میرا رجحان سوانح عمریوں کی طرف تھا۔ وہاں پر جو پہلی خود نوشت میرے ہاتھ لگی وہ لیفٹیننٹ جنرل گل حسن خان کی خود نوشت تھی اور اس کا نام:MEMOIRS OF LIEUTENTT GENERAL GUL HASSAN KHAN تھا۔
گل حسن خان کی پیدائش 1921 میں کوئٹہ میں درمیانے طبقے کے ایک کنبے میں ہوئی۔ ان کے ایک بھائی اور چار بہنیں تھیں اور والد پولیس افسر تھے۔ ابتدائی تعلیم سنڈیمن ہائی اسکول کوئٹہ سے حاصل کی۔ والد کی خواہش تھی کہ بیٹا فوج میں جائے۔ چنانچہ نوجوان گل حسن 1930 کی دہائی میں پرنس آف ویلز رائل ملٹری اکیڈمی میں داخل ہو گئے اس کے بعد دیرہ دون ملٹری اکیڈمی سے کمیشن لے کر برٹش انڈین آرمی کی فرنٹئیر فورس رجمنٹ میں شمولیت اختیار کر لی۔ دوسری جنگِ عظیم کے دوران برما میں فیلڈ مارشل ولیم سلِم کے ADC تھے۔ 1947 میں پاکستان کے پہلے گورنر جنرل محمد علی جناح کے ADC تعینات ہوئے۔ جنرل گل حسن 1965 میں DGMO (ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز) اور 1971 میں CGS (چیف آف جنرل اسٹاف) تھے۔ وہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 1965 اور 1971 کی جنگوں کا احوال لکھتے ہوئے رقمطراز ہیں۔ ”دونوں جنگوں میں جوانوں اور جونئیر افسران کی کار کردگی لاجواب تھی۔ مگر ان کو اپنی حکومت، جی۔ ایچ۔ کیو اور سینئر کمانڈروں نے مایوس کیا۔“ سقوط ڈھاکہ کی وجوہات بیان کرتے ہوئے انہوں نے لکھا:
ا۔ مشرقی پاکستان کی علیحٰدگی کی وجوہات ثقافتی، معاشی اور سیاسی محرومیاں تھیں۔ جن کا بیج پاکستان بننے کے ساتھ ہی بو دیا گیا تھا۔
ب۔ 1970 میں پاکستان پر جنرل آغا محمد یحییٰ خان کی حکمرانی تھی جس نے تین ٹوپیاں پہن رکھی تھیں ؛ چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر، کمانڈر ان چیف اور صدر پاکستان مگر ان کے فیصلوں میں خلوص، یکسوئی اور دانشمندی کا فقدان تھا۔
ج۔ فوج کے معاملات عملی طور پر لیفٹیننٹ جنرل عبدالرحیم ( چیف آف اسٹاف ) دیکھتے تھے۔ جنرل عبدالرحیم فیصلہ سازی میں کمزور تھے اور دلیرانہ مشورے دینے سے بھی کتراتے تھے۔ انہوں نے لکھا کہ اگرچہ وہ خود چیف آف جنرل اسٹاف تھے مگر جنرل امیر عبداللہ خان نیازی کی پروموشن اور مشرقی پاکستان میں تقرری سے لا علم تھے ان کو آپریشن سرچ لائٹ کی منصوبہ بندی سے بھی لاتعلق رکھا گیا جو کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی وجہ بنا۔
د۔ 1971 میں حکومت اور جی۔ ایچ۔ کیو کے درمیان رابطے کا فقدان تھا۔ یہ ایک ایسا خلا تھا جس کو پُر کیے بغیر کوئی جنگ جیتی نہیں جا سکتی۔ ’
ر۔ ان کے خیال میں جنرل نیازی کی فوجی قابلیت ایک کمپنی کمانڈر (میجر) سے زیادہ نہیں تھی۔ انہوں نے جنرل نیازی کو ایسٹرن کمانڈ کا کمانڈر لگانے کی سخت مخالفت کی تھی۔ انہوں نے لکھا: ”جنرل نیازی، جیسا کہ مجھے خطرہ تھا، ہتھیار ڈالنے تک، سب اچھا، کی رپورٹ دیتے رہے۔ اور شکست کے بعد سارا ملبہ ہندوستان پر ڈال دیا۔ حالانکہ مشرقی پاکستان میں ہماری شکست کی وجہ ہندوستان کی مداخلت سے زیادہ اپنی کوتاہیاں تھیں۔
ح۔ ذوالفقار علی بھٹو کی اقتدار کی ہوس، ضد بازی اور ہٹ دھرمی نے پاکستان کو توڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 1970 کے عام انتخابات شیخ مجیب الرحمٰن کی عوامی لیگ بھاری اکثریت سے جیت چکی تھی اس کے باوجود ان کو حکومت سازی سے روک دیا گیا۔ جس سے پاکستان ٹوٹ گیا اور بنگلہ دیش وجود میں آ گیا۔
خ۔ لبِ لباب یہ ہے کہ اول ریاست اپنے شہریوں کے ساتھ ماں جیسا برتاؤ کرے تاکہ احتجاج کی نوبت ہی نہ آئے۔ پھر بھی اگر عوام کسی وجہ سے احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں تو طاقت کے ذریعے کچلنے کی بجائے مکالمے سے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔
جنرل گل حسن خان نے جنرل یحییٰ خان، ذوالفقار علی بھٹو اور جنرل نیازی کو مشرقی پاکستان میں فوجی ہزیمت کا ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے مارشل پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ”ہماری فضا اس لیے بگڑ گئی کہ مارشل لاء ہمارے وجود کا لازمی حصہ بن گیا۔ فوج پر ملک چلانے اور دفاع کی دوہری ذمہ داری ڈال دی گئی۔ اور میں صاف کہوں گا۔ ہم دونوں میں ناکام رہے۔ ان کے بقول ذوالفقار علی بھٹو بے پناہ صلاحیتوں کے ساتھ ہوسِ اقتدار میں پاگل ایک پیچیدہ شخصیت کے حامل شخص تھے۔ جنہوں نے آہستہ آہستہ اپنی تباہی کا راستہ خود بنا لیا۔ یہ کتاب ہمیں بتاتی ہے کہ قومیں جھوٹ سے نہیں سچ سے بنتی ہیں۔ اور لوگوں کو ان کے جائز حقوق مانگنے پر گولیاں ماریں گے تو ان کے دلوں میں آپ کے لیے نفرت پیدا ہو گی۔ اگر ہم نے اپنی تاریخ سے سبق نہ سیکھا تو تاریخ ہمیں دوبارہ سبق سکھائے گی۔ جنرل گل حسن کی خود گزشت کافی کچھ سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔
گل حسن نے جنرل یحییٰ خان کو ہٹا کر ملک کا اقتدار سویلین حکومت کے حوالے کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دسمبر 1971 میں جنگ بندی کے بعد ان کو کمانڈر چیف بنایا گیا تو انہوں نے فور سٹار بننے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری فوج حال ہی میں شکست سے دو چار ہوئی ہے، مجھے زیب نہیں دیتا کہ میں فور اسٹار جنرل بن کر اس کے درمیان گھوموں۔ گل حسن نے فقط دو ماہ بعد ہی بطور کمانڈر انچیف اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیا۔ اس طرح وہ پاکستان آرمی کے سب سے کم مدت تک چیف رہنے والے جنرل ہیں۔ و جہِ تنازع یہ تھی: ’گل حسن اور عبد الرحیم خان نے ذوالفقار علی بھٹو کے اس حکم کو ماننے سے انکار کر دیا جس میں پاکستان آرمی اور پاکستان ائر فورس کو پولیس افسران کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے ہونے والی ہڑتال ختم کرانے کے لیے استعمال کرنے کا کہا گیا تھا۔ ان کا موقف تھا کہ فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جانا چاہیے اور اس مسئلے کو سویلین قیادت ہی حل کرے۔ بھٹو نے اس پولیس ہڑتال کو بغاوت قرار دیا اور اپنے احکامات نہ ماننے پر دونوں کو ان کے عہدوں سے مستعفی ہونے پر مجبور کر دیا۔ ‘
26 مئی 1972 کو صدر ذوالفقار علی بھٹو نے گل حسن کو آسٹریا میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا اور اپریل 1975 میں انہیں یونان میں پاکستان کا سفیر بھی نامزد کیا گیا۔ 15 اپریل 1977 کو اپنے استعفیٰ کے خط میں گل حسن نے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت کی مذمت کی اور مشرقی پاکستان کے سقوط میں کردار پر انہیں غدار قرار دیا۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بھٹو نے پاکستانی عوام کو ناکام کیا، ملک میں افراتفری اور تشدد کو جنم دیا، ذاتی مفاد کے لیے قوم کا استحصال کیا، اور 1977 کے عام انتخابات میں دھاندلی کی۔ اس کے بعد حکومتِ پاکستان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے ساتھ مل کر گل حسن کے خلاف ”حکومت کے خلاف نفرت یا تحقیر اور بددلی کو ہوا دینے“ کے الزام میں ایف آئی آر درج کی۔ مگر وہ باعزت بری ہو گئے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد جنرل گل حسن نے ایک سادہ زندگی گزاری، وہ جی ایچ کیو کے آرٹلری میس کے دو کمروں میں رہائش پذیر رہے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ انہوں نے دیگر جرنیلوں کے برعکس فوج سے اپنی جائز پنشن کے علاوہ کوئی مراعات نہیں لیں۔ اپنی زندگی کے آخری برسوں میں وہ راولپنڈی اور ویانا کے درمیان وقت گزارتے رہے، جہاں ان کی اہلیہ اور بیٹا مقیم تھے۔ گل حسن خان 10 اکتوبر 1999 کو انتقال کر گئے اور انہیں اپنے آبائی وطن ضلع نوشہرہ کے علاقے پبی میں دفن کیا گیا۔ اپنی وفات سے قبل ان کے بینک اکاؤنٹ میں معمولی رقم موجود تھی۔ انہوں نے ہدایت کی تھی کہ ان کا کفن اسی رقم سے خریدا جائے۔ انہوں نے اپنی کار اپنے ملازم (ڈرائیور) کو تحفے میں دے دی اور اپنی کثیر تعداد میں موجود کتب آرمی سنٹرل لائبریری کو عطیہ کر دیں۔ جہاں بیٹھ کر میں نے اس درویش صفت جرنیل کی خود نوشت پڑھی تھی۔


جو سر اٹھا، اس سر کو قلم کر دیا گیا۔ یہ پاکستان کی تاریخ ہی نہیں بلکہ ایک روایت بن گئی ہے۔
سوانح عمری میں ایک اور سوانح عمری- دلچسپ
شکریہ سر۔
Well written. Your article offers some important thought provoking perspectives.
Thank you Samia ji.
یہ ایک بہترین کتھارسس ہے لیکن سمجھ والے سمجھ سکیں تو۔۔۔۔دوسری اس کالم کی بہترین یہ بات لگی کہ ماشاء اللہ آپ کا حافظ بہترین ہے جو اتنا سب محفوظ رکھتا ہے اور ان سب یادداشتوں سے ہم جیسے قاری مستفید ہوتے ہیں۔۔
شکریہ ۔ نوازش