میرے مطابق

واندو۔ صرف ایک لفظ نہیں بلکہ ایک ذہنی وبا

Abdullah Usman Morai

سندھی زبان میں ”واندو“ ایک عام لفظ ہے جس کا مطلب خالی، فارغ یا بے کار ہونا ہے، لیکن اگر اس لفظ کے سماجی مفہوم پر غور کیا جائے تو محسوس ہوتا ہے کہ ”واندو“ صرف وہ شخص نہیں جو بے روزگار ہو، بلکہ وہ بھی واندو ہے جس کی زندگی کا کوئی مقصد نہ ہو، جس کا دن بے معنی مصروفیات میں گزرے اور جس کے وجود سے نہ خود اسے فائدہ پہنچے اور نہ معاشرے کو۔

ہمارے معاشرے میں ایسے بہت سے لوگ ملتے ہیں جو بظاہر انتہائی مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ صبح سے شام تک کبھی کسی دفتر میں، کبھی کسی ہوٹل میں، کبھی سیاسی بیٹھک میں، کبھی کسی تقریب میں اور کبھی دوستوں کی محفل میں نظر آئیں گے۔ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر کی قطار لگی ہوتی ہے، کبھی کسی افسر کے ساتھ، کبھی کسی کاروباری شخصیت کے ساتھ اور کبھی کسی مشہور فرد کے ساتھ۔ دیکھنے والے کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ شخص بہت با اثر اور معاشرے کا نہایت اہم فرد ہو لیکن اگر اس کی حقیقی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہو گا کہ برسوں گزر گئے مگر اس نے نہ کوئی نئی مہارت سیکھی، نہ معاشرے کی فلاح کے لیے کوئی قابل ذکر کام کیا، نہ کوئی کاروبار قائم کیا، نہ تحقیق کی، نہ کسی طالب علم کی رہنمائی کی اور نہ ایسا کوئی کارنامہ انجام دیا جو وقت کی کسوٹی پر پورا اتر سکے۔

بے روزگار ہونا اور واندو ہونا دو مختلف باتیں ہیں۔ ہزاروں نوجوان ایسے ہیں جنہیں ملازمت نہیں ملتی، لیکن وہ اپنا وقت ضائع نہیں کرتے۔ وہ نئی زبانیں سیکھتے ہیں، کمپیوٹر کی مہارت حاصل کرتے ہیں، کتابیں پڑھتے ہیں، آن لائن کورسز کرتے ہیں، رضاکارانہ خدمات انجام دیتے ہیں یا چھوٹے کاروبار کے خواب دیکھتے ہیں۔ ایسے لوگ بے روزگار ضرور ہوتے ہیں مگر واندے نہیں، کیونکہ ان کا ذہن ہر وقت سیکھنے، سوچنے اور تعمیر میں مصروف رہتا ہے۔

اس کے برعکس کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جن کے پاس روزگار بھی ہے، وسائل بھی ہیں، مگر ان کی پوری زندگی دکھاوے، ملاقاتوں اور اپنی اہمیت ثابت کرنے کی کوشش میں گزر جاتی ہے۔

ہمارے معاشرے میں ایک نئی بیماری نے جنم لیا ہے جسے ”مصروفیت کا ڈرامہ“ کہا جا سکتا ہے۔ کچھ لوگ ہر وقت یہ تاثر دیتے ہیں کہ وہ انتہائی اہم ہیں، ہر جگہ ان کی ضرورت ہے، ہر شخص ان کا منتظر ہے اور ہر مسئلے کا حل انہی کے پاس ہے۔ حقیقت میں یہ سب ایک مصنوعی تاثر ہوتا ہے جو دوسروں کو متاثر کرنے کے لیے پیدا کیا جاتا ہے۔

نفسیات بتاتی ہے کہ بہت سے لوگ اپنے اندر کے خالی پن کو بیرونی نمائش سے چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب کسی شخص کے پاس اپنے کردار، علم یا صلاحیت کی بنیاد پر عزت حاصل کرنے کا ذریعہ نہ ہو تو وہ تعلقات، تصاویر، بڑی بڑی باتوں اور ظاہری مصروفیات کے ذریعے اپنی اہمیت ثابت کرنا چاہتا ہے۔ بعض اوقات ایسے رویوں میں خود پسندی یا نرگسیت کے عناصر بھی شامل ہوتے ہیں، جہاں انسان کو مسلسل دوسروں کی توجہ، تعریف اور قبولیت کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ اگرچہ ہر دکھاوے کے شوقین شخص کو نفسیاتی مریض کہنا درست نہیں، لیکن جب کسی کی پوری شناخت ہی نمائش پر قائم ہو تو یہ رویہ یقیناً سوالات پیدا کرتا ہے۔

سوشل میڈیا نے اس رجحان کو مزید فروغ دیا ہے۔ آج بہت سے لوگوں کی کامیابی ان کے کام سے نہیں بلکہ ان کی تصاویر سے ناپی جاتی ہے۔ جو جتنی زیادہ تصاویر با اثر لوگوں کے ساتھ شیئر کرتا ہے، وہ خود کو اتنا ہی با اثر ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

افسوس کی بات یہ ہے کہ نوجوان بھی ان ظاہری چیزوں سے متاثر ہو جاتے ہیں۔ وہ سمجھنے لگتے ہیں کہ کامیابی کا راستہ تعلیم، محنت اور صلاحیت سے زیادہ بڑے لوگوں کے ساتھ تصاویر بنوانے، محفلوں میں بیٹھنے اور ہر جگہ نظر آنے میں ہے۔

یہ رجحان انتہائی خطرناک ہے کیونکہ ہر نوجوان ایسی بے مقصد زندگی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔ بہت سے نوجوان متوسط یا غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں ان کی محنت کا ہر گھنٹہ ان کے مستقبل سے وابستہ ہوتا ہے۔ اگر وہ بھی صرف دکھاوے کی دنیا میں کھو جائیں تو ان کی تعلیم، ان کا کیریئر اور ان کے خواب سب متاثر ہوں گے۔

واندے پن کا ایک اور نقصان یہ ہے کہ ایسا شخص اکثر دوسروں کی زندگی میں بلاوجہ مداخلت کرنے لگتا ہے۔ وہ افواہیں پھیلاتا ہے، غیبت کرتا ہے، لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکاتا ہے، بے بنیاد تجزیے کرتا ہے اور اپنا فارغ وقت دوسروں کا سکون برباد کرنے میں صرف کرتا ہے۔ بہت سے خاندانی جھگڑے، دوستیوں کی ٹوٹ پھوٹ اور برادریوں کے اختلافات ایسے ہی لوگوں کی پیداوار ہوتے ہیں جن کے پاس کوئی تعمیری مقصد نہیں ہوتا۔

وقت انسان کی سب سے قیمتی دولت ہے۔ جو شخص اپنا وقت ضائع کرتا ہے دراصل اپنی زندگی ضائع کرتا ہے۔ ترقی یافتہ معاشروں میں لوگ اپنے فارغ وقت کو بھی تعلیم، تحقیق، ورزش، خاندان اور سماجی خدمت کے لیے استعمال کرتے ہیں، جبکہ ہمارے ہاں بعض لوگ فخر سے کہتے ہیں کہ ”ہم تو سارا دن دوستوں کے ساتھ بیٹھے رہے۔“ سوال یہ ہے کہ کیا وہ وقت دوبارہ واپس آئے گا؟

ہمیں اپنے بچوں اور نوجوانوں کو سکھانا چاہیے کہ اصل عظمت خاموش محنت میں ہے، نہ کہ ہر تصویر میں نظر آنے میں۔ حقیقی عزت اس استاد کی ہے جو شاگردوں کی زندگی بدل دے، اس ڈاکٹر کی جو جان بچائے، اس مزدور کی جو ایمانداری سے اپنے خاندان کا پیٹ پالے، اس کسان کی جو زمین آباد کرے اور اس نوجوان کی جو اپنے علم اور صلاحیت سے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالے۔

واقعی بڑے لوگ اکثر اپنے کام میں اس قدر مصروف ہوتے ہیں کہ انہیں اپنی عظمت کا اعلان کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی۔ پھل دار درخت جھکا رہتا ہے جبکہ خالی شاخیں زیادہ شور مچاتی ہیں۔ اسی طرح علم، کردار اور صلاحیت رکھنے والے لوگ کم بولتے اور زیادہ کام کرتے ہیں، جبکہ اندر سے خالی لوگ اپنی آواز، تصاویر اور نمائش کے ذریعے اس خلا کو بھرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

زندگی کے اختتام پر کسی سے یہ نہیں پوچھا جائے گا کہ اس نے کتنی دعوتوں میں شرکت کی، کتنی تقریبات میں گیا یا کتنے مشہور لوگوں کو جانتا تھا۔ اصل سوال یہ ہو گا کہ اس نے اپنے وقت کے ساتھ کیا کیا، اپنی صلاحیتوں کو کس طرح استعمال کیا اور اپنی موجودگی سے دوسروں کی زندگی میں کیا فرق پیدا کیا۔

واندو ہونا عیب نہیں اگر انسان اس وقت کو سیکھنے، سوچنے اور اپنی تعمیر کے لیے استعمال کرے، لیکن مقصد سے خالی، بے معنی اور محض دکھاوے پر مبنی زندگی یقیناً ایک ایسا نقصان ہے جس کا احساس اکثر اس وقت ہوتا ہے جب زندگی کا بہترین وقت ہاتھ سے نکل چکا ہوتا ہے۔

اس لیے ہر نوجوان کو روز اپنے آپ سے ایک سوال ضرور کرنا چاہیے کہ کیا میں واقعی مصروف ہوں یا صرف مصروف نظر آنے کی کوشش کر رہا ہوں؟

اسی سوال کا دیانت دارانہ جواب اس کے مستقبل کی سمت متعین کرے گا۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW