سوانح ( 11 )
ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم
یہ 1984 ء کے موسمِ خزاں کا ذکر ہے۔ پہلی یونٹ، ایوی ایشن ای ایم ای گروپ دھمیال میں ہمارا نارتھNORTH ابھی تک سیدھا نہیں ہُوا تھا کہ یونٹ کے ایجوٹنٹ کیپٹن عبدالغفور نے ہمیں ای ایم ای کالج راولپنڈی میں رپورٹ کرنے کا عندیہ سناتے ہوئے سی او COMMANDING OFFICER کے ساتھ الوداعی ٹی بریک پر مدعو کر لیا۔ ٹی بریک کے دوران سی او سمیت ہر سینئر نے حسبِ توفیق ہمیں ڈگری کورس اچھا کرنے کا بھاشن دیا۔ کیپٹن عامر نے شاید اپنے تجربات کی روشنی میں فوجی گاڑی اور نرسوں سے دور رہنے کی اور میس بِل وقت پر ادا کرنے کی تاکید کی۔ ای ایم ای کالج پہنچے تو اپنے جیسے تیس چالیس نئے نکور نیم لفٹینوں سے ملاقات ہو گئی۔ 70 لانگ کورس اور 69 لانگ کورس کے ذریعے ای ایم ای میں کمیشن لینے والے سارے لڑکے وہاں پر ایک بار پھر 4 سال کے لیے اکٹھے ہو رہے تھے۔ یار لوگ خوشی سے پھوُلے نہ سماتے تھے اور یونٹوں میں اپنے اپنے مختصر دورانیے کے قصے تھے کہ ختم ہونے کو نہ آتے تھے۔ انہی باتوں کے دوران کچھ فارم بھی پر کروائے جا رہے تھے۔ جن میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے تعلیمی کارناموں کے سر بستہ راز بھی فاش ہو رہے تھے۔
فوج کے سامانِ ضرب و حرب کی دیکھ بھال، مرمت اور جنگ کے لیے تیار رکھنے کی ذمہ داری ای ایم ای، کور کو سونپی گئی ہے۔ پاکستان کے وجود میں آنے کے دس برس بعد ای ایم ای کور کے لیے ایک ای ایم ای اسکول 1957 میں کوئٹہ میں قائم کیا گیا تھا تاکہ ای ایم ای کور کے افسران اور جوانوں کی فنی مہارت کو بڑھایا جا سکے۔ 1969 میں ای ایم ای اسکول کو کالج کا درجہ مل گیا۔ اب کالج میں دو سالہ ڈپلومہ پروگرام چلایا گیا اور میٹرک پاس سول لڑکوں کو بھی ایسوسی ایٹ انجنئیرنگ کے پروگرام میں شامل کر لیا گیا۔ 1981 میں ای ایم ای نے نیول انجنئیرنگ کالج کراچی کے تعاون سے ڈگری پروگرام شروع کیا۔ اپریل 1984 میں ای ایم ای کالج کو کوئٹہ سے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا اور UET LAHORE کے الحاق سے ای ایم ای کالج نے اپنا ڈگری پروگرام دوبارہ شروع کر دیا۔ 1993 میں ای ایم ای کالج، NUST کا حصہ بن گیا۔ NUST کا حصہ بننے کے بعد کالج کے نصابی معیار کو مزید فروغ ملا جس میں 1996 میں COMPUTER ENGINEERING اور 1999 میں MECHATRONICS کے ڈسپلن بھی شامل ہوئے۔ 2020 کی دہائی میں کالج نے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرام بھی آفر کرنے شروع کر دیے۔ کوئٹہ چھاؤنی میں ایک چھوٹے سے اسکول سے لے کر قومی سطح کا ایک اہم انجنئیرنگ کالج بننے تک کا چار دہائیوں پر محیط ای ایم ای کالج کا سفر کامیابی کی ایک قابلِ ذکر اور قابلِ فخر داستان ہے۔
1984 میں کالج کے پاس انجنئیرنگ کے صرف دو ہی ڈسپلن تھے : الیکٹریکل اور مکینیکل۔ میں نے مکینیکل کی سٹریم لے لی۔ شاید اس کی وجہ یہ رہی ہو کہ ایک تو ریاضی میں میرا ہاتھ ذرا تنگ تھا دوسرا مجھے دیکھے بغیر چیزوں کو تصور کر کے ایمان لانا مشکل لگتا تھا۔ مگر آگے چل کر پتہ چلا کہ مکینیکل کے اندر بھی ریاضی اور الجبرے کی کمی نہیں۔ دوسری جانب الیکٹریکل کی ساری عمارت تصورات پر کھڑی ہے مگر اس میں بھی شک نہیں کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں الیکٹریکل کی اہمیت بھی کسی طور کم نہیں ہے۔ یہ الیکٹریکل ہی ہے جس کی کوکھ سے الیکٹرانکس، آپٹرانکس، میکاٹرانکس، کمپیوٹر سائنس اور کمپیوٹر انجنئیرنگ نے جنم لیا ہے۔
ہمارے اساتذہ میں میجر محمد جہانگیر، میجر عظیم الیاس برُنو اور میجر جاوید احمد کے نام یاد رہ گئے ہیں۔ کالج میں چونکہ ملٹری کورسز بھی چل رہے تھے اس لیے ٹیچنگ اسٹاف کی کمی تھی اور کچھ اساتذہ ہمیں UET TAXILA سے بھی پڑھانے کے لیے آتے تھے۔ جو نام مجھے یاد ہیں ان میں علوی صاحب، محمود خان صاحب اور جمال صاحب شامل ہیں۔ ڈگری کورس کا الحاق یوُں تو UET LAHORE سے تھا مگر بیرونی امتحانات کی ذمہ داری UET TAXILA کی تھی۔ یہ مثلثی انتظام اس وقت تک چلا جب تک ہمارا کالج ڈگری پروگرامز کے لیے NUST کا حصہ نہیں بن گیا۔
برگیڈئیر صبیح قمر الزمان کا ذکر کیے بغیر ای ایم ای کالج کی کہانی ادھوری رہے گی۔ اپنے محدود وسائل کے ساتھ بی ایس سی انجنئیرنگ کا ڈگری پروگرام شروع کروانے کا سہرا اس وقت کے کالج کمانڈنٹ برگیڈئیر صبیح قمر الزمان کے سر سجتا ہے۔ انہوں نے اپنی ایک متحرک ٹیم بنا کر دن رات کی کاوش سے سابقہ پولی ٹیکنیکل کالج کی خستہ اور ناگفتہ بہ حالت کا شکار عمارت کی تعمیر و مرمت کر کے اس کی فنی سہولتوں میں اضافہ کیا اور کالج کو اس قابل بنا دیا کیا کہ یونیورسٹی گرانٹ کمیشن نے ای ایم ای کالج کو UET ڈگری پروگرام شروع کرنے کی اجازت دے دی۔ برگیڈئیر صبیح قمر الزمان ہی کے ہاتھوں رکھی گئی بنیادوں پر آگے چل کر کالج میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کیے گئے۔ بلا شبہ برگیڈئیر صبیح قمر الزمان انتہائی مخلص، متحرک، انتھک محنتی اور دیانت دار افسر تھے۔ اپنی محنت، لیاقت اور دیانت داری کی وجہ سے وہ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے تک پہنچے۔ وہ بطور میجر پی ایم اے میں پلاٹون کمانڈر بھی رہ چکے تھے جو ایک ای ایم ای افسر کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ بطور جنرل، صبیح قمر الزمان ای ایم ای کور کے ڈائریکٹر جنرل، پاکستان کی سب سے بڑی اسلحہ ساز فیکٹری کے چیئرمین اور پاکستان اسٹیل ملز کے چیئرمین بھی رہے۔ اتنے بڑے عہدوں پر فائز ہونے کے باوجود ان کو کبھی اختیارات اور وسائل کا ناجائز استعمال کرتے نہیں دیکھا گیا۔ 2006 میں، میں جب بطور لیفٹیننٹ کرنل ای ایم ای کالج میں ٹریننگ کا انچارج تھا تو جنرل صبیح ریٹائر ہو چکے تھے۔ اب وہ ضعیف اور کسی قدر ناتواں بھی تھے۔ مگر ان کی کالج کے ساتھ محبت اسی طرح جوان تھی۔ جب ہم ان کو کالج کے کانووکیشن ( تقریبِ تقسیمِ انعامات) وغیرہ میں شرکت کی دعوت دیتے تو وہ بڑے شوق سے تشریف لاتے۔ تقریب کے بعد وہ ہم سے کالج کی ترقی اور فروغ پر بات چیت کرتے اور اگر ہو سکتا تو کالج کا چکر بھی لگاتے۔ کالج کو ترقی کرتا دیکھ کر خوش ہوتے اور فرماتے : ”تمہیں ترقی کرتا دیکھ کر میری عمر میں اضافہ ہوتا ہے۔ لگتا ہے تم لوگ مجھے مرنے نہیں دو گے۔“
مگر وہ پھر بھی اپنے وقت پر ہم سے رخصت ہو گئے۔ میں اکثر کہتا ہوں کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنا عرصہ زندہ رہے اور اس عرصے میں آپ کے پاس کون سا عہدہ، طاقت یا اقتدار تھا۔ فرق صرف ایک بات سے پڑتا ہے کہ آپ نے اس مختصر سے وقفے کو دوسرے انسانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کیسے برتا۔
”ڈھونڈو گے اگر مُلکوں مُلکوں، ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم“
ڈگری شروع ہوتے ہی ہمیں رہائش کے لیے ای ایم ای میس میں منتقل کر دیا گیا جو کالج سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ ایک بڑا سا HINO TRUCK صبح سویرے کالج سے چلتا، ڈگری کے طلباء کو مختلفMESSES سے اٹھاتا اور ٹھیک 7 : 30 بجے کالج پہنچ جاتا۔ جب کالج کے وسائل بہتر ہوئے تو ٹرک کی جگہ کوسٹرز چلنا شروع ہو گئیں۔ لا اُبالی کا زمانہ تھا۔ کالج آنے جانے کے لیے نیم لفٹین سرکاری سواری استعمال کرتا اور والد صاحب کی عطا کردہ نئی موٹر بائیک شام کی آوارہ گردی کے لیے رکھ چھوڑی تھی۔ اپنا بچپن کا یار نجف احمد لودھی ان دنوں ”راجہ بازار“ میں داخل تھا۔ لودھی نے پاس آؤٹ ہونے پر آزاد کشمیر رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مگر یونٹ میں حاضر ہونے کے لیے اوکاڑہ پہنچا تو ”سر منڈواتے ہی اولے پڑے“ کے مصداق، یونٹ موسم سرما کی مشقوں کے لیے تیار کھڑی تھی۔ فوجی مشقوں کے دوران لودھی ایک کانوائے کی قیادت کر رہا تھا کہ گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ جس سے اس کا بایاں بازو اس قدر بری طرح کچلا گیا کہ کہنی سے کاٹنا پڑ گیا۔ سرجری اور زخم مندمل ہونے تک لودھی کو کچھ عرصہ RAWALPINDI CMH میں داخل رہنا پڑا۔ ہسپتال کے OFFICERS WARD میں نوجوان افسروں کے لیے دو تین بڑے کمرے رکھے گئے تھے۔ جن میں آٹھ آٹھ افسر داخل تھے۔ شاید اس ’ہجومِ دوستاں‘ کی وجہ سے یار لوگوں نے اس وارڈ کا نام ’راجہ بازار‘ رکھ چھوڑا تھا۔ راجہ بازار میں انواع و اقسام کے لفٹین اور نیم لفٹین خوُب شغل میلہ لگائے رکھتے تھے۔ اپنی اپنی یونٹ کے دورانیے کی حماقتیں پہلے تو محظوظ ہونے کے لیے سنائی جاتیں مگر بعد میں تکیہ کلام بن جاتیں۔ فوج میں کیڈٹس کا اپنا الگ ذخیرہ الفاظ ہے، جو زیادہ تر SLANGS پر مشتمل ہے : کسی کو خوش قسمت کہنا ہو تو LUCKY BUGGER، کہا جاتا ہے۔ اکیڈمی میں لائق کیڈٹس کو انتظامات کی معاونت کے لیے عہدے دیے جاتے ہیں۔ جس سے نہ صرف ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ان میں انتظام چلانے کا فن بھی پیدا ہوتا ہے۔ ان کے عہدوں کو APPOINTMENTS کہا جاتا ہے۔ مگر دوسری طرف اگر کوئی نالائقی کی وجہ سے اگلی منزل (ٹرم ) تک نہ پہنچ سکے تو اس کو اسی ٹرم میں رہنے دیا جاتا ہے۔ اس عمل کو RELEGATE ہونا کہتے ہیں۔ دوسری بار RELEGATE ہونے پر اکیڈمی سے نکال دیا جاتا ہے۔ ان دنوں راجہ بازار میں داخل لفٹیننٹ عثمان علی نے اپنا ایک حماقت بھرا عملی لطیفہ بڑے شوق سے سنایا۔ اس کے بعد اس کا نام یار لوگوں نے شرارت سے LUCKY BUGGER رکھ دیا۔
لیفٹیننٹ سلمان علی نے اپنی حماقت کی کہانی یوں سنائی: ”ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک جنرل اپنی پرانی یونٹ کی کسی تقریب میں شرکت کے لیے سیالکوٹ پہنچ گئے۔ سینئر افسران جب کسی دورے پر جاتے ہیں تو ان کے ساتھ کسی نوجوان افسر کو CONDUCTING OFFICER لگایا جاتا ہے جو صبح سے شام تک ان کی معاونت کرتا ہے۔ مجھے جنرل کے ساتھ CONDUCTING OFFICER لگایا گیا۔ یونٹ کے ایجوٹنٹ نے مجھے دیگر ہدایات کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ جنرل صاحب کے ساتھ رہتے ہوئے“ خاموش کُگھو ”نہیں بن جانا، بلکہ ان کے موڈ، مزاج اور ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے ہلکی پھلکی گفتگو بھی کرنی ہے۔ شام کو جنرل صاحب میس کے گیسٹ روم میں پہنچے تو میں بھی ہمراہ تھا۔ لیونگ روم میں بیٹھ کر آرام دہ ماحول میں اکیڈمی کے زمانے کی بات چیت ہونے لگی۔ جنرل صاحب نے ہلکے پھلکے انداز میں مجھ سے پوچھا : ینگ مین اکیڈمی کے دنوں میں تمہاری کوئی اپوائنٹمنٹ وغیرہ بھی تھی؟ میں نے خوشی سے جواب دیا :“ جی سر، میں تیسری ٹرم میں سارجنٹ تھا مگر فائنل ٹرم میں بٹالین کوارٹر ماسٹر سارجنٹ بنا دیا گیا تھا۔ ”جنرل صاحب یہ جان کر خوش ہوئے اور مجھے شاباش دی۔ پھر جنرل صاحب کا موڈ خوُشگوار دیکھ کر اپنا اعتماد بحال کرتے ہوئے میں نے ان سے پوچھ لیا:“ سر! آپ کو تو کوئی بڑی ملی ہو گی، اکیڈمی کے دنوں میں۔ ”جنرل صاحب نے جواب دیا:“ نو مین۔ میں دوسری ٹرم میں RELEGATE ہو گیا تھا۔ ہاں البتہ فائنل ٹرم میں بٹالین جونئیر انڈر افسر بن گیا تھا۔ ”میرے منہ سے بے ساختہ نکلا : LUCKY BUGGER سر۔ جنرل صاحب ٹھٹھک کر رہ گئے۔ مگر میری معصوم حماقت کو بھانپ گئے اور بولے۔ ہاں ینگ مین۔ کچھ ایسا ہی ہوا تھا۔ اگلے دن انہوں نے یہ واقعہ میرے کمانڈنگ افسر کو سنایا اور دیر تک محظوظ ہوا کیے۔ اس دن کے بعد لیفٹیننٹ سلمان علی کا نام راجہ بازار میں ’لکی بگر‘ پڑ گیا۔
(جاری ہے )


Waiting anxiously for next !!!!
Thanks and need to wait please.
Each episode is interesting and enjoyable to read!!
Thank you for your support encouragement.
Lucky bugger! Not bad.
It is another world being in the army.
Yes indeed.