یتیم بچیوں کی اجتماعی شادیاں انسانیت کی روشن مثال

اولیاء کے شہر اوچ شی میں اوچ سول سوسائٹی ایک برانڈ کے طور پر سماجی میدان میں سرگرم عمل ہے بغیر کسی سیاسی یا مذہبی تفریق کے حالیہ سیلاب کے ایام میں بھی بھرپور کام کیا مستحقین سیلاب زدگان کو خیمے فراہم کیے گئے کھانا دیا گیا اور ان کی مالی امداد بھی کی گئی اور آج اسی سلسلے میں زیادہ تر سیلاب زدہ علاقوں کے 51 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا عظیم الشان اہتمام کیا گیا ہمارے معاشرے میں ایسے لوگ اور ادارے ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہیں۔ موجودہ دور میں جہاں مہنگائی اور معاشی مشکلات نے عام آدمی کی زندگی کو متاثر کیا ہے، وہاں غریب اور یتیم بچیوں کی شادی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ ایسے حالات میں اوچ سول سوسائٹی نے جس جذبۂ خدمت، اخلاص اور انسان دوستی کا عملی مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ تحسین اور قابلِ تقلید ہے۔
صدر محمد عمر خورشید سہمن، سرپرست شیخ ناصر سلیم، جنرل سیکرٹری حاجی محمد طارق، نائب صدر شفیق شہزاد خان، سینیئر نائب صدر چوہدری محمد عرفان اور چیئرمین انجمن تاجران ملک بشیر احمد اعوان، عمران ریاض، فاروق احمد کی دن رات محنت، لگن اور انسانیت سے محبت نے 2026 میں ایک عظیم فلاحی کارنامے کو جنم دیا۔ اوچ سول سوسائٹی کے زیر اہتمام امثال 51 مستحق اور یتیم بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا، جنہیں جہیز کا مکمل سامان بھی فراہم کیا گیا تاکہ وہ اپنی نئی زندگی عزت و وقار کے ساتھ شروع کر سکیں۔ جبکہ اجتماعی شادیوں کا سلسلہ 2018 سے شروع ہوا جب اوچ سول سوسائٹی نے 2018 میں، 2019 میں 30، 2020 میں 40، 2023 میں 41، 2025 میں 50 اور 2026 میں 51 یتیم بچیوں کو کی شادی مکمل کروائی۔
یہ صرف ایک تقریب نہیں بلکہ انسانیت، اخوت اور بھائی چارے کا خوبصورت پیغام تھا۔ تقریب کو نہایت پروقار انداز میں منعقد کیا گیا جس میں مختلف سماجی، مذہبی، سیاسی اور عوامی شخصیات نے شرکت کی۔ سابق وفاقی وزیر سید حامد رضا کاظمی، مخدوم مبین عالم انور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر۔ ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی سید جرار شاہ، مخدوم سید شان بخاری، مخدوم سید ناصر بخاری، صاحبزادہ محمد عمر گیلانی، میڈیا کلب رجسٹرڈ کے صدر شیخ عزیز الرحمٰن، اظہر علی دانش، عبدالستار خان، عبدالوہاب خان، ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی، پی ایف یو جے کے ممبر سی ای سی ریاض احمد خان بلوچ، سید آصف بخاری، جنرل سیکرٹری میڈیا کلب اعجاز حسین مغل، حافظ محمد شفیق، سید زمان طارق بخاری، محمد احمد سعیدی سمیت دیگر معزز شخصیات نے تقریب میں شرکت کر کے اوچ سول سوسائٹی کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ آج کے مادہ پرستانہ دور میں ایسے فلاحی کام معاشرے کے لیے امید کی کرن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوچ سول سوسائٹی نے جس شفافیت اور میرٹ کے ساتھ مستحق خاندانوں کا انتخاب کیا وہ قابلِ ستائش عمل ہے۔ ہر جوڑے کو مکمل جانچ پڑتال اور میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا گیا تاکہ حقیقی مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تقریب کے دوران صدر عمر خورشید سہمن نے اس بات پر زور دیا کہ اجتماعی شادیاں صرف مالی مدد نہیں بلکہ معاشرتی استحکام اور بے سہارا خاندانوں کے لیے سہارا فراہم کرنے کا ایک موثر ذریعہ ہیں۔ یتیم بچیوں کی عزت و وقار کے ساتھ رخصتی ایک عظیم نیکی ہے اور اسلام بھی ایسے فلاحی اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
اوچ سول سوسائٹی کی یہ کاوش اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیت خالص ہو اور جذبۂ خدمت موجود ہو تو معاشرے کے بڑے مسائل کو بھی اجتماعی کوششوں سے حل کیا جا سکتا ہے۔ تنظیم کے عہدیداران نے ثابت کیا کہ حقیقی خدمت وہی ہے جو خاموشی، اخلاص اور دکھی انسانیت کی بھلائی کے لیے کی جائے۔
اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ برسوں میں اس فلاحی سلسلے کو مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔ مقررین نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ایسے فلاحی منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ اجتماعی تعاون ہی ایک بہتر اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ چیمبر اف ایگریکلچرل پنجاب کے صدر اور معروف سماجی رہنما شیخ ناصر سلیم نے کہا کہ اوچ سول سوسائٹی کی جانب سے 51 یتیم اور مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا انعقاد یقیناً انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال ہے جو نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ پورے معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ایسے اقدامات معاشرتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور انسان دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہی وہ جذبہ ہے جس سے ایک مضبوط، پرامن اور فلاحی معاشرہ تشکیل پاتا ہے بلا شبہ اوچ سول سوسائٹی کے صدر عمر خورشید سہمن اور ان کے سرپرست شیخ ناصر سلیم جن کے والد بھی عظیم سماجی رہنما رہے ہیں ان کو سول ایوارڈ سے نوازنا ضروری ہے۔



