بلاگ

محبت یا ذمہ داری؟ جذباتی انحصار کی کہانی

shabnum gul

محبت ایک خوبصورت احساس ہے، جو دل کی گہرائیوں سے جنم لیتا ہے اور کسی بھی شرط، دباؤ یا مفاد کے تحت قائم نہیں رہ سکتا۔ یہ ایک ایسا رشتہ ہے جو آزادی میں زندگی محسوس کرتا ہے، اعتماد ہو تو کھل کر سانس لیتا ہے اور خلوص میں اپنی روشنی بکھیرتا ہے۔ محبت میں جبر نہیں، بلکہ نرمی، برداشت اور سمجھ ہوتی ہے۔ یہ انسان کو نہ صرف دوسرے کے قریب لاتی ہے بلکہ خود اپنے اندر بھی ایک نئی دنیا آباد کر دیتی ہے۔

میں جس موضوع پر بات کرنے لگی ہوں، وہ ممکن ہے ہر دوسرے گھر کی کہانی ہو۔ یہ حقیقت ہے کہ میں نے اکثر محبتوں کو جبر کے بوجھ تلے بکھرتے دیکھا ہے، جہاں احساس کی نرمی کو ضد اور انا کی سختی کچل دیتی ہے۔ اور وہیں، کچھ ایسے رشتے بھی دیکھے ہیں جہاں نہ بڑے دعوے تھے، نہ محبت کے خوبصورت الفاظ مگر تعلق میں ایک خاموش سا توازن موجود تھا، ایک غیر محسوس ہم آہنگی، جو شاید سچی وابستگی کی علامت ہوتی ہے۔ ایسے رشتے وقت کے ساتھ مضبوط ہو جاتے ہیں، کیونکہ وہ زبردستی نہیں بلکہ سمجھوتے، برداشت اور باہمی احترام پر قائم ہوتے ہیں۔

عورت اور مرد کے درمیان تعلق ہمیشہ سے محبت، اعتماد اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم سمجھا جاتا رہا ہے، لیکن جدید دور میں یہ رشتہ کئی نفسیاتی پیچیدگیوں کا شکار ہو چکا ہے۔ خاص طور پر طویل مدتی رشتوں میں ایک اہم مسئلہ ابھر کر سامنے آیا ہے جسے ماہرین نفسیات ”جذباتی والدینیت“ (Emotional Parentification) کا نام دیتے ہیں۔  یونیورسٹی آف میری لینڈ اور جرنل آف سوشل اینڈ پرسنل ریلیشن شپ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق بہت سی خواتین اپنے رشتوں میں خود کو ایک رومانوی ساتھی کے بجائے ایک ماں کے کردار میں محسوس کرنے لگتی ہیں، جو نہ صرف ان کی جذباتی توانائی کو ختم کرتا ہے بلکہ تعلق کی روح کو بھی آہستہ آہستہ زائل کر دیتا ہے۔

یہ کیفیت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب مرد ساتھی جذباتی طور پر غیر پختہ ہو اور اپنی ذمہ داریوں سے گریز کرے۔ ایسی صورت میں عورت کو نہ صرف گھر کے عملی معاملات سنبھالنے پڑتے ہیں بلکہ اسے اپنے شریک حیات کے جذبات، رویوں اور روزمرہ کی ذمہ داریوں کو بھی منظم کرنا پڑتا ہے۔ وہ اسے یاد دہانیاں کراتی ہے، اس کے جذبات کو سنبھالتی ہے، اس کی غلطیوں کو برداشت کرتی ہے اور اکثر اس کے رویے کو جواز بھی فراہم کرتی ہے۔ یوں ایک ایسا عدم توازن پیدا ہو جاتا ہے جس میں عورت ایک ”دیکھ بھال کرنے والے“ کے کردار میں قید ہو جاتی ہے، جبکہ مرد ایک ”انحصار کرنے والے“ فرد کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔

یہ عمل ابتدا میں شاید محبت یا ذمہ داری کے جذبے سے شروع ہوتا ہے، مگر وقت کے ساتھ یہ ایک بوجھ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ عورت کو محسوس ہونے لگتا ہے کہ وہ ایک ایسے رشتے میں بندھی ہے جہاں اس کی اپنی ضروریات، خواہشات اور جذبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ وہ تھکن، مایوسی اور تنہائی کا شکار ہو جاتی ہے۔ بظاہر وہ ایک گھر میں اپنے شریک حیات کے ساتھ رہ رہی ہوتی ہے، لیکن اندر سے وہ شدید تنہائی محسوس کرتی ہے۔ یہ تنہائی صرف جسمانی نہیں بلکہ جذباتی ہوتی ہے، جو انسان کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے۔

نفسیاتی طور پر دیکھا جائے تو یہ صورتحال ”جذباتی بوجھ“ کی ایک شکل ہے، جہاں ایک فرد مسلسل دوسرے کے جذبات کو سنبھالنے میں مصروف رہتا ہے۔ اس عمل میں اس کی اپنی شناخت دھندلا جاتی ہے۔ عورت اپنے آپ کو ایک فرد کے طور پر نہیں بلکہ ایک ذمہ داری کے طور پر دیکھنے لگتی ہے۔ اس کا ”وجود“ کہیں گم ہو جاتا ہے، اور وہ صرف دوسروں کی ضروریات پوری کرنے والی مشین بن کر رہ جاتی ہے۔

لیزا فائرسٹون، جو گلینڈن ایسوسی ایشن سے وابستہ ہیں، اس بات پر زور دیتی ہیں کہ ایک صحت مند تعلق کے لیے ضروری ہے کہ دونوں افراد جذباتی طور پر ذمہ دار ہوں۔ اگر ایک فرد مسلسل دوسرے کا بوجھ اٹھائے گا تو یہ رشتہ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔ محبت اس وقت پروان چڑھتی ہے جب دونوں فریق ایک دوسرے کا سہارا بنتے ہیں، نہ کہ جب ایک سہارا دے اور دوسرا صرف سہارا لے۔

مرد کے جذباتی انحصار کو نفسیاتی ماہرین نے ایک فطری اور قابلِ فہم انسانی رویہ قرار دیا ہے۔ جون بولبی کے مطابق انسان کی ابتدائی زندگی میں قائم ہونے والا جذباتی بندھن اس کی پوری شخصیت اور آئندہ تعلقات کی بنیاد بنتا ہے، اسی لیے اگر یہ بندھن محفوظ نہ ہو تو مرد بڑے ہو کر یا تو شدید انحصار کا شکار ہوتا ہے یا تعلق سے گریز کرتا ہے۔ سگمنڈ فرائڈ اس رجحان کو بچپن کے لاشعوری تجربات سے جوڑتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ بالغ محبت دراصل ابتدائی رشتوں کا تسلسل ہوتی ہے۔ اسی طرح ایرک فروم کے نزدیک محبت انسان کی تنہائی کا جواب ہے، چنانچہ مرد کا جذباتی انحصار اس کی داخلی خلا کو پُر کرنے کی ایک کوشش ہے۔ یہاں ایک اہم سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ مردوں میں جذباتی ناپختگی کیوں پائی جاتی ہے؟ اس کا جواب ہمارے معاشرتی ڈھانچے میں پوشیدہ ہے۔ ہمارے معاشرے میں لڑکوں کو بچپن سے ہی جذبات کو دبانے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ انہیں رونے، کمزوری دکھانے یا اپنے احساسات کا اظہار کرنے سے روکا جاتا ہے۔ نتیجتاً وہ بڑے ہو کر اپنے جذبات کو سمجھنے اور سنبھالنے کی صلاحیت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ دوسری طرف لڑکیوں کو دیکھ بھال، برداشت اور قربانی کا درس دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ ایسے رشتوں میں بھی خود کو ڈھال لیتی ہیں جو ان کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔

یہ عدم توازن رشتے میں کشش کو بھی متاثر کرتا ہے۔ جب عورت اپنے شریک حیات کو ایک بچے کی طرح سنبھالنے لگتی ہے تو اس کے دل میں اس کے لیے رومانوی جذبات کم ہونے لگتے ہیں۔ محبت کی جگہ ذمہ داری لے لیتی ہے، اور کشش کی جگہ تھکن۔ یوں رشتہ ایک رسمی بندھن میں تبدیل ہو جاتا ہے جس میں نہ وہ گرمی باقی رہتی ہے اور نہ وہ قربت۔

ایسی صورتحال میں سب سے اہم چیز خود آگاہی ہے۔ عورت کو یہ سمجھنا ہو گا کہ وہ ایک ایسے چکر میں پھنس چکی ہے جو اس کی ذہنی اور جذباتی صحت کو متاثر کر رہا ہے۔ اسے اپنی حدود قائم کرنی ہوں گی اور اپنے شریک حیات سے واضح طور پر بات کرنی ہوگی۔ اسی طرح مرد کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور جذباتی طور پر خود کو بالغ بنائے۔ یہ عمل آسان نہیں، لیکن ناممکن بھی نہیں۔

علاج یا بہتری کے لیے ماہر نفسیات کی مدد بھی لی جا سکتی ہے۔ کونسلنگ کے ذریعے دونوں فریق اپنے رویوں کو سمجھ سکتے ہیں اور ایک متوازن تعلق کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ لیکن اگر ایک فریق تبدیلی کے لیے تیار نہ ہو تو دوسرے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی ذہنی سکون کو ترجیح دے۔

ادب میں بھی یہ موضوع اسی طرح زیرِ بحث آیا ہے۔ راجہ گدھ میں بھی عورت اور مرد کے تعلق میں ایک غیر متوازن جذباتی ڈائنامکس دکھائی دیتا ہے۔ ایک ایسے مرد کی مثال ہے جو اپنی نفسیاتی الجھنوں میں الجھا ہوا ہے، جبکہ عورت اس کے اثرات کو برداشت کرتی ہے۔ یہاں محبت آہستہ آہستہ ایک ذہنی بوجھ میں تبدیل ہوتی نظر آتی ہے۔

خدا کی بستی میں غربت اور سماجی دباؤ کے ساتھ ساتھ رشتوں کی وہ مجبوری بھی سامنے آتی ہے جہاں عورت اکثر حالات اور مرد کی کمزوریوں کا بوجھ اٹھاتی ہے۔ یہاں محبت کہیں پس منظر میں چلی جاتی ہے اور ذمہ داری ایک کڑی حقیقت بن کر ابھرتی ہے۔

اداس نسلیں میں بھی تعلقات کے اندرونی خلا اور جذباتی فاصلے کو بڑی باریکی سے دکھایا گیا ہے۔ کردار ایک دوسرے کے قریب ہوتے ہوئے بھی ایک غیر مرئی تنہائی میں مبتلا ہیں۔

ایک چادر میلی سی ایک نہایت طاقتور مثال ہے۔ رانو کا کردار ایک ایسے رشتے میں داخل ہوتا ہے جو محبت نہیں بلکہ سماجی ذمہ داری کا نتیجہ ہے۔ وہ ایک بیوی سے زیادہ ایک نگہداشت کرنے والی ہستی بن جاتی ہے، جہاں اس کی اپنی خواہشات اور جذبات پسِ پشت چلے جاتے ہیں۔

اسی طرح The Awakening میں ایڈنا کا کردار اس داخلی بغاوت کی نمائندگی کرتا ہے جو ایک عورت اس وقت محسوس کرتی ہے جب وہ صرف ذمہ داریوں کے بوجھ تلے اپنی ذات کھو بیٹھتی ہے۔

ان تمام مثالوں میں ایک قدر مشترک ہے : جب رشتہ توازن کھو دیتا ہے اور ایک فرد مسلسل ”دینے والا“ جبکہ دوسرا ”لینے والا“ بن جاتا ہے، تو محبت آہستہ آہستہ تحلیل ہو جاتی ہے۔ ادب اس سچ کو نہایت خاموش مگر طاقتور انداز میں ہمارے سامنے رکھتا ہے

محبت کوئی یک طرفہ ذمہ داری نہیں بلکہ ایک باہمی سفر ہے۔ اگر یہ سفر ایک فرد کے لیے بوجھ بن جائے تو اسے رک کر سوچنا چاہیے۔ ایک عورت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایک ایسے شریک حیات کے ساتھ زندگی گزارے جو اس کا ہمسفر ہو، نہ کہ ایک ایسا فرد جسے وہ مسلسل سنبھالتی رہے۔ کیونکہ جب رشتہ ایک ”دوسری نوکری“ بن جائے تو محبت زیادہ دیر زندہ نہیں رہتی۔ عورت کو ایک ساتھی چاہیے، کوئی منصوبہ نہیں جسے وہ مکمل کرے۔

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW